Tag: سنگجانی جلسہ

  • پرامن اجتماع اور امن عامہ ایکٹ کے تحت پہلے مقدمے کی تیاری، کون سے پی ٹی آئی رہنما نامزد؟

    پرامن اجتماع اور امن عامہ ایکٹ کے تحت پہلے مقدمے کی تیاری، کون سے پی ٹی آئی رہنما نامزد؟

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو درجن سے زائد رہنماؤں کے خلاف پرامن اجتماع اور امن عامہ ایکٹ کے تحت پہلے مقدمے کی تیاری کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی جلسے میں شرکت کے لیے جانے والے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے واقعے پر اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کی جانب سے خلاف ورزی پر استغاثہ تیار کر لیا ہے۔

    استغاثے میں زرتاج گل، عامر مغل، شیرین شاہین، عمر ایوب، سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28 رہنما نامزد کیے گئے ہیں۔

    استغاثہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو روکا تو کارکنوں کی جانب سے پتھروں اور ڈنڈوں سے پولیس پر حملہ کر دیا گیا، جس پر پولیس نے شیلنگ کی، اور موقع سے 17 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔

    بالا افسران کی منظوری کے بعد اس استغاثے کے رو سے تھانہ نون میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود گرفتار

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر حسن محمود کو اسلام آباد میں داخلے کے وقت حراست میں لے لیا گیا ہے، انھیں تھانہ سنگجانی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر حسن محمود اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلام آباد سنگجانی جلسہ گاہ جا رہے تھے، جس پر پولیس نے انھیں حراست میں لیا۔

    واضح رہے کہ سنگجانی اسلام آباد میں جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں، جلسے کے لیے اسٹیج تیار کر لیا گیا اور کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں، تحریک انصاف کے کارکنان قافلوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔

    جلسے کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کو ملانے والی تمام مرکزی شاہراہیں اور چھوٹے بڑے راستوں کو کنٹینرز لگا کر، اور بڑی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے جڑواں شہروں کے رہائشی محصور ہو گئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے جلسے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوابی میں 819 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزرا کے ساتھ اپنے اپنے سیکیورٹی اسکواڈ ہوں گے، تمام اضلاع میں قافلوں کی روانگی کے لیے پولیس نے سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے۔

    اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے پاور شو کے لیے سوات سے کارکنان کی بڑی تعداد روانہ ہو گئی ہے، جس کی قیادت صوبائی وزیر فضل حکیم اور ڈیڈک چیئرمین اختر خان کر رہے ہیں۔