Tag: سنگسار

  • 11 سالہ بچی سنگسار: ایسی سیاست سے بہتر ہے بلاول گھر بیٹھے

    11 سالہ بچی سنگسار: ایسی سیاست سے بہتر ہے بلاول گھر بیٹھے

    کراچی: رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی کا کہنا ہے کہ کاری سندھ کی رسم نہیں بلکہ قتل ہے، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔ بلاول کو چاہیئے دوسرے صوبوں میں چیخ کر بات کرنے سے پہلے اپنے صوبے کی بات کریں۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے 11 سالہ بچی کو کاروکاری کیے جانے کے معاملے پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا۔

    نصرت سحر کا کہنا تھا کہ والدین کا بیان با اثر شخصیت کی وجہ سے تبدیل ہوا ہوگا۔ سندھ میں 6 ماہ میں 78 اس نوعیت کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ کاری سندھ کی رسم نہیں بلکہ یہ قتل ہے، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ جرگے وہی لوگ کرتے ہیں جو ایوانوں میں بیٹھے ہیں، اسمبلی میں مسئلہ اٹھانے پر کہا جاتا ہے میڈیا غلط رپورٹ کر رہا ہے۔ سندھ میں ایسے جرائم کے واقعات بہت زیادہ ہیں جو سامنے نہیں آتے۔

    نصرت سحر نے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کتے بچوں کو کاٹ رہے ہیں، لوگ ایڈز سے مر رہے ہیں، ڈینگی اور ہیپاٹائٹس نے صوبے کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اور وزیر صحت کہتی ہیں بچے کتوں کو نہ چھیڑیں۔ کون سی جگہ کا وزیر صحت ایسے بیانات دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب اپنے صوبے کی فکر کریں، دوسرے صوبوں میں جا کر بڑی بڑی باتیں نہ کیا کریں، دوسرے صوبوں میں چیخ کر بات کرنے سے پہلے اپنے صوبے کی بات کرو۔ سندھ حکومت کو عوام کی پرواہ نہیں، ایسی سیاست سے اچھا ہے بلاول گھر بیٹھ جائیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے شہر دادو میں 11 سالہ بچی کو کاری قرار دے کر، سنگسار کر کے قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ دادو کے علاقے جوہی میں 21 نومبر کی شام کو پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے والدین اور 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، لڑکی کی نمازِ جنازہ پڑھانے والے پیش امام کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    بچی کی والدہ کا دعویٰ ہے کہ ان کی بیٹی کی موت حادثاتی طور پر پتھریلا تودہ گرنے سے ہوئی۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی دادو سے واقعے سے متعلق تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں، مقتولہ کی قبر کشائی کے لیے متعلقہ عدالت سے بھی جلد رجوع کیا جائے گا۔

  • سری لنکا: بدھ راہب نے مسلمانوں کو سنگسار کرنے کا حکم جاری کر دیا

    سری لنکا: بدھ راہب نے مسلمانوں کو سنگسار کرنے کا حکم جاری کر دیا

    کولمبو: سری لنکا میں ایک بدھ راہب نے مسلمانوں کو سنگسار کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جس کے بعد مسلمانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں مسلم اقلیت کو تب سے نئے حملوں کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے جب ایک بڑے بدھ راہب نے حکم جاری کیا کہ مسلمانوں کو سنگسار کیا جانا چاہیے۔

    یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایک مسلمان ڈاکٹر نے ہزاروں بدھ خواتین کو بانجھ بنا دیا ہے، اس غیر مصدقہ اطلاع پر بدھ راہب نے مسلم اقلیت کے خلاف ایک نئی نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

    بدھ راہب واراکاگودا سری نے کہا کہ مسلمانوں کے کاروبار کا بھی بائیکاٹ کیا جائے، اور ان کی دکانوں کو جلایا جائے، مسلمانوں کے ریسٹورنٹس ایک سازش کے تحت سنہالا بدھ کمیونٹی کی آبادی کو بانجھ بنا رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایتھوپیا میں بغاوت، آرمی چیف فائرنگ سے ہلاک، بغاوت ناکام

    راہب نے اپنے پیروکاروں کو مسلمانوں کے ہوٹلوں سے کھانا کھانے سے بھی منع کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ان ریسٹورنٹس سے کھائے گا ان کے ہاں بچے پیدا نہیں ہوں گے، اور دس سے پندرہ سال بعد اس کے نتایج نکلیں گے۔

    بدھ راہب کا یہ بھی کہنا ہے کہ قوانین اور ضوابط ضروری نہیں ہیں، اگر ہمارا بھی کوئی آدمی کسی دوسری کمیونٹی کے ساتھ یہ کرتا ہے تو ہم اسے کاٹ کر رکھ دیں گے۔

    خیال رہے کہ سری لنکا میں چرچز پر حملوں کے بعد مسلمانوں اور ان کے املاک پر حملے شروع ہو گئے تھے، بدھ راہب کی نفرت انگیز تقریر کے بعد نئے حملوں کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔