Tag: سنگل ڈوز ویکسین

  • بھارت میں سنگل ڈوز امریکی ویکسین کے استعمال کی منظوری

    بھارت میں سنگل ڈوز امریکی ویکسین کے استعمال کی منظوری

    نئی دہلی: بھارت میں جانسن اینڈ جانسن کی سنگل ڈوز ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی کمپنی جانسن اینڈ جانسن کی سنگل ڈوز کرونا ویکسین کو بھارت میں ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری حاصل ہو گئی ہے۔

    مجموعی طور پر اب تک بھارت میں کرونا کی 5 ویکسینز کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری فراہم کی گئی ہے، جن میں سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کی کوی شیلڈ، بھارت بائیوٹیک کی کوویکسین کے علاوہ روس کی ویکسین اسپوتنک V بھی شامل ہیں۔

    وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں کہا بھارت نے اپنی ویکسین باسکٹ کی توسیع کر دی، ہمارے پاس اب کرونا کے 5 ٹیکے ہو گئے ہیں، اس سے ہمارے ملک کو کرونا کے خلاف مشترکہ لڑائی میں مدد حاصل ہوگی۔

    دوا ساز کمپنی کے انڈیا کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ 7 اگست 2021 کو حکومت نے 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو لگائی جانے والی سنگل ڈوز ویکسین کو ایمرجنسی طور پر استعمال کرنے کی منظوری فراہم کر دی ہے۔

  • روس نے اسپوتنک ویکسین کے سنگل ڈوز کی منظوری بھی دے دی

    روس نے اسپوتنک ویکسین کے سنگل ڈوز کی منظوری بھی دے دی

    ماسکو: روسی صحت حکام نے اسپوتنک لائٹ کرونا ویکسین کے سنگل ڈوز ورژن کی منظوری بھی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ویکسین تیار کرنے والے ادارے نے بتایا کہ روس میں صحت حکام نے اسپوتنک V کرونا وائرس ویکسین کے سنگل ڈوز ورژن کی منظوری دے دی ہے۔

    رشین ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ (آر ڈی آئی ایف) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپوتنک لائٹ بیماری سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے 79.4 فی صد مؤثر ہے، جب کہ 2 ڈوز والی اسپونک V ویکسین کی افادیت 91.6 فی صد ہے۔

    سنگل ڈوز لائٹ ویکسین کی افادیت کا یہ نتیجہ 5 دسمبر 2020 سے 15 اپریل 2021 کے دوران روس کے بڑے پیمانے کے ویکسی نیشن پروگرام کے دوران دیے گئے انجیکشن کے بعد 28 دنوں میں حاصل کیا گیا۔

    روسی اسپوتنک ویکسین کو آر ڈی آئی ایف کے زیر تحت جمیلیا سینٹر نے تیار کیا ہے، اگست 2020 میں بڑے پیمانے پر کلینیکل ٹرائلز سے قبل ہی اسے رجسٹرڈ کر لیا گیا تھا، نومبر میں اس ویکسین کے حتمی ٹرائل کے نتائج جاری کیے گئے تھے جو 18 ہزار سے زیادہ رضاکاروں پر مشتمل تھے، ان رضاکاروں کو ویکسین کے 2 ڈوز اور پلیسبو کا استعمال کرایا گیا تھا۔

    روس کی تیار کردہ اس ویکسین کو 60 سے زیادہ ممالک میں استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے، تاہم یورپی میڈیسن ایجنسی یا امریکی ایف ڈی اے کی جانب سے اسے منظوری نہیں مل سکی ہے۔

    آر ڈی آئی ایف کے مطابق ٹرائل کے دوران ویکسین کے کوئی مضر اثرات نہیں دیکھے گئے تاہم کچھ افراد کو فلو جیسی علامات کا سامنا ہوا۔ اب تک دنیا بھر میں 2 کروڑ افراد اسپوتنک V کی ایک ڈوز لے چکے ہیں۔

  • چین سے خریدی گئی سنگل ڈوز ویکسین کی ایک  لاکھ 20 ہزار ڈوز پاکستان پہنچ گئیں

    چین سے خریدی گئی سنگل ڈوز ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار ڈوز پاکستان پہنچ گئیں

    اسلام آباد : چین سے سنگل ڈوز ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار ڈوز پاکستان پہنچ گئیں ، ویکسین کواین آئی ایچ منتقل کردیا گیا ہے، ویکسین کی فارمولیشن، پیکنگ این آئی ایچ میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے کوروناویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ چین سےسنگل ڈوز ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار ڈوز پہنچی ہیں، چین سے آنے والی کورونا ویکسین کین سائینو کمپنی کی تیارکردہ ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ کوروناویکسین چینی ایئرلائن کے ذریعےپاکستان لائی گئی،کورونا ویکسین کی فارمولیشن، پیکنگ این آئی ایچ میں ہوگی، این آئی ایچ کی ٹیم نےاسلام آباد ایئرپورٹ پرویکسین وصول کی، جس کے بعد ویکسین کواین آئی ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے ویکسین کی فراہمی میں تیزی لانے کے لئے حکومت پاکستان اور وزارت صحت نے تین بوئنگ 777 پی آئی اے ہوائی جہاز چین بھیجے تھے، پی آئی اے کے طیاروں کے ذریعے 10 لاکھ کوویڈ 19 ویکیسن کی ڈوزز پاکستان لائی گئیں۔

    خیال رہے پاکستان کو کوویکس کے تحت کورونا ویکسین کی فراہمی رواں ہفتے سے شروع ہو جائے گی، پاکستان کو کوویکس کےتحت آسٹرازنیکا کی12لاکھ ڈوز ملیں گی، پاکستان کورونا سے متعلق عالمی اتحاد کوویکس کا رکن ہے، کوویکس پاکستان کی 20فیصدآبادی کو ‏مفت ویکسین فراہم کرے گا۔