Tag: سنگ بنیاد

  • ’چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران ہوجائیں گے‘

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران و پریشان ہوجائیں گے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، انہوں نے صوبے کے جنوبی حصوں میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

    وزیر اعظم نے چشمہ رائٹ بینک کینال سے متعلق پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا، انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک زام ڈیم، سی پیک کے مغربی روٹ موٹر وے یارک سگو سیکشن اور گومل یونیورسٹی پہاڑ پور کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔

    وزیر اعظم نے عبدالخیل 132 کے وی اور بند کورائی 132 کے وی گرڈ اسٹیشنز اور حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ حال سڑکوں کی بحالی کے کام کا افتتاح بھی کیا۔

    وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیر اعظم کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج ملک میں ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، اس سے پہلے ڈی آئی خان کے لوگوں نے سیلاب کا سامنا کیا، پختونخواہ میں گورننس کی جو غلطیاں تھیں وہ سب نے دیکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تباہی کے اثرات اب بھی پورے پاکستان میں موجود ہیں، پہاڑی علاقوں میں آج بھی لوگ شدید سردی میں ٹھٹھر رہے ہیں، وفاقی حکومت نے 90 ارب روپے خرچ کر کے فی خاندان 25 ہزار امداد دی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے تباہی بہت بڑی ہے، جتنے بھی وسائل جھونک دیں وہ کم ہیں، مخلوط حکومت اور صوبوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سنہ 2018 کے بعد ملک میں ترقی رک گئی تھی، برادر ممالک ہم سے ناراض ہوگئے تھے، چین کے دورے پر گیا تو چینی صدر اور وزیر اعظم نے بہت عزت دی، چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران پریشان ہوجائیں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 11 اپریل کو حلف اٹھایا تھا تو احساس نہیں تھا معیشت اتنی زیادہ تباہ ہوچکی ہے، پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، مخلوط حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، آپ کا خادم، مخلوط حکومت اور ادارے پاکستان کو مشکل سے نکالیں گے۔

  • وزیر اعظم نے پناہ گاہوں کی نئے طرز پر تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعظم نے پناہ گاہوں کی نئے طرز پر تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کی نئے طرز پر تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پناہ گاہ کے مکین معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے والے شہری بن سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کی نئے طرز پر تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سافٹ لانچنگ کی تقریب وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی۔ وزیر اعظم نے نئی تعمیر ہونے والی پناہ گاہوں کے ماڈل کی رونمائی بھی کر دی۔

    وزیر اعظم نے پناہ گاہوں میں معیاری خوراک اور خدمات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور متعلقہ محکموں کو پناہ گاہوں پر احساس خدمات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    انہوں نے پناہ گاہوں میں ہنر مندی کی تربیت فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہ کے مکین معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے والے شہری بن سکیں گے۔

    نئے ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر اور سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا، پناہ گاہوں کے ذریعے مزدوروں کو موسمی سختیوں سے بچایا جائے گا۔

    پناہ گاہوں کی نئی تعمیرات میں ون ونڈو احساس مراکز بھی قائم ہوں گے۔ مزدوروں اور پسماندہ طبقے کو سماجی بہبود کے پروگراموں سے استفادے کے قابل بنایا جائے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب 3 منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب 3 منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان میں 3 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے دورہ ڈیرہ غازی خان کے دوران 3 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    وزیر اعلی ٰ جناح فیملی پارک کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کریں گے، جناح پارک کی بحالی پر 2 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی۔ وزیر اعلی آفیسر کلب میں نئی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔ آفیسر کلب میں سہولیات کی فراہمی پر 4 کروڑ 72 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

    عثمان بزدار ملٹری پولیس سرائے کی بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔

    اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب زچہ و بچہ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے قیام پر 2 ارب سے زائد کی لاگت آئے گی۔ عثمان بزدار وقار کینٹین تاگدائی 2 رویہ سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ سڑک کی تعمیر پر 26 کروڑ 17 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

    عثمان بزدار 371 واٹر فلٹریشن پلانٹ اور 31 ہینڈ پمپس کی تنصیب کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر 46 کروڑ 59 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

  • پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، وزیراعظم

    پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، وزیراعظم

    جہلم: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، 2020 میں عوام کو بہتر تبدیلی نظر آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم میں جلالپورایری گیشن کینال منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج میں اس علاقے کو اپنا علاقہ کہتا ہوں، یہاں سے میانوالی تک میرا علاقہ ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے جہلم ،پنڈدادن خان کی تقدیر بدل جائے گی، منصوبہ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ایسے منصوبے سے لوگوں کی تقدیریں بدلی جاتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میانوالی پہلے ریگستان تھا، نہر آئی اس کے بعد علاقہ بدل گیا، ضلع جہلم میں پینے کے پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، 117 کلو میٹرطویل نہر پونے 2 لاکھ ایکڑ زمین کو زرخیز کرے گی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے ایک سال بڑی مشکل میں گزارا ہے، دونوں حکومت نے 10سال میں باریاں کیں، 4 گنا قرضہ بڑھایا، ہم نے جو پہلے سال ٹیکس اکٹھا کیا اس کا آدھا قرضوں کے سود میں چلا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ پیسہ چوری کرکے باہر بھیجتی رہی، 30 فیصد روپے کی قدر کم ہوئی تو باہر سے آنے والی چیزیں بھی مہنگی ہوگئی، 10 سال میں جو ظلم ہوا قوم کو اس کا خمیازہ مہنگائی کی صورت میں دیکھنا پڑا، اب معیشت سنبھل رہی ہے، باہر سے سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ 2019 میں ہم نے معیشت کو مستحکم کیا، انشا اللہ 2020 ہماری ترقی اور روزگار کی فراہمی کا سال ہوگا، 2020 سال میں ملک ترقی کرے اور خوشحالی آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور اصلاحات کرنا چاہتے ہیں تو راستے میں مافیا کھڑا ہوتا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والا مافیا ہر جگہ ہوتا ہے، مافیا ایف بی آر ، سرکاری محکموں سمیت ہر جگہ پر موجود ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کرپٹ مافیا اخباروں میں بھی بیٹھا ہے، کئی ایسے اخباری صحافی ہیں جو پرانے نظام سے فائدہ اٹھا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے نظام کے تحت ایک کسٹم کلیکٹر ماہانہ 70کروڑ روپے کما رہا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو قوم سے کہا گھبرانا نہیں ہے مشکل وقت سے گزرنا ہوگا، جب اصلاحات کرتے ہیں تو مشکل بھی ہوتی ہے، جب ایک گھر مقروض ہو تو تھوڑی دیر کے لیے مشکل وقت سے گزرنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چین نے ساڑھے400 وزیر کرپشن پر جیلوں میں ڈالے، امریکا میں 30 سال بعد بھی کرپٹ لوگوں کو پکڑا جاتا ہے، جب تک کرپشن ختم نہیں ہوتی معاشرہ آگے نہیں جاسکتا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کرپشن ختم نہیں ہوتی تو ادارے تباہ اور منی لانڈرنگ ہوتی ہے، ہم کرپٹ لوگوں کے پیچھے ہیں کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، ہم اپنے ملک کو آگے بڑھتے دیکھناچاہتے ہیں۔

  • وزیراعظم آج پنڈدادن خان میں جلال پور کینال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیراعظم آج پنڈدادن خان میں جلال پور کینال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    جہلم : وزیراعظم عمران خان آج پنڈدادن خان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ جلال پور کینال منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، منصوبے پر 32 ارب 72 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنڈدادن خان میں جلالپور کینال منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب آج ہوگی۔ وزیراعظم 117 کلو میٹرطویل جلالپور ایری گیشن کینال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    جلال پورایری گیشن کینال منصوبے پر 32ارب72کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت 30 رابطہ نہروں او ر 16 برساتی نالوں کی تعمیر بھی ہوگی، منصوبے سے 1 لاکھ 70 ہزار ایکڑ بارانی رقبے کو نہری پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔ منصوبے سے جہلم، خوشاب کے 80 سے زائد دیہات کے 4 لاکھ کاشتکارمستفید ہوں گے۔

    منصوبہ سنہ 2024 تک مکمل ہوگا جس پر 48 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ 274 ملین ڈالر ایشین ڈیولپمنٹ بینک فراہم کرے گا۔

    مذکورہ منصوبہ سنہ 1898 میں شروع کیا جانا تھا تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کام شروع نہ ہو سکا۔ سابق صدر پرویز مشرف نے سنہ 2007 میں منصوبے پر کام شروع کروایا تاہم 2008 میں منصوبہ پھر رک گیا۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے جلسہ گاہ کا معائنہ اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ پنڈال میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، لوگوں کی آمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے اطراف غیرمتعلقہ گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔

    اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کچھ دیر بعد تقریب میں پہنچیں گے پنڈدادن خان کےعوام آج اپنے لیڈرکا بھرپوراستقبال کریں گے

  • وزیر اعظم 121 سال پرانے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم 121 سال پرانے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قیام پاکستان سے پہلے کا منصوبہ مکمل کرنے جارہی ہے، وزیر اعظم کل جہلم میں 115 کلو میٹر طویل نہری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قیام پاکستان سے پہلے کا منصوبہ مکمل کر کے تاریخ رقم کرنے جارہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے 121 سال قبل شروع کیا گیا نہری منصوبہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    جلال پور کینال منصوبے پر 12 دہائیوں بعد کام کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر اعظم کل جہلم میں 115 کلو میٹر طویل نہری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، جہانگیر ترین، اور وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی شرکت کریں گے۔

    مذکورہ منصوبہ سنہ 1898 میں شروع کیا جانا تھا تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کام شروع نہ ہو سکا۔ سابق صدر پرویز مشرف نے سنہ 2007 میں منصوبے پر کام شروع کروایا تاہم 2008 میں منصوبہ پھر رک گیا۔

    اب پہلی بار کسی حکومت نے منصوبے کے آغاز کے لیے زمین حاصل کی ہے، منصوبے کے تحت نہر رسول پور بیراج سے نکلے گی جس سے ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا۔

    نہر کا پانی جہلم، پنڈ دادن خان اور ضلع خوشاب کو سیراب کرے گا۔ 3 اضلاع میں ایک لاکھ خاندان یا ساڑھے 5 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

    منصوبہ سنہ 2024 تک مکمل ہوگا جس پر 48 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ 274 ملین ڈالر ایشین ڈیولپمنٹ بینک فراہم کرے گا۔

  • یونیورسٹی کے قیام سے سکھوں کو بھی تعلیم کی سہولت ملے گی: وزیراعلیٰ پنجاب

    یونیورسٹی کے قیام سے سکھوں کو بھی تعلیم کی سہولت ملے گی: وزیراعلیٰ پنجاب

    ننکانہ صاحب: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ باباگرونانک یونیورسٹی کی تعمیر میں 6ارب روپے لاگت آئے گی، یونیورسٹی کے قیام سے سکھوں کو بھی تعلیم کی سہولت ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا باباگرونانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کا افتتاح بھی بہت جلد ہونے جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف مقامی بلکہ دنیا بھرسکھوں کو فائدہ ہوگا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ننکانہ صاحب میں ہیلتھ کارڈ تقسیم ہوچکے، 28ہزار خاندانوں کو فائدہ ہوگا، ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ جیل اور پولیس لائن بھی تعمیر کریں گے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف حکومت میں اقلیتوں کو اہمیت حاصل ہے، وزیراعظم عمران خان کو ننکانہ صاحب میں خوش آمدید کہتا ہوں، باباگرونانک یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت پر مشکور ہوں۔

    باباگرونانک یونیورسٹی میں دنیا بھر سے سکھ برادری تعلیم حاصل کرسکے گی: وزیراعظم

    خیال رہے کہ ننکانہ صاحب میں باباگرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ باباگرونانک کی 550ویں سالگرہ پر اس یونیورسٹی کی بنیاد رکھی گئی، باباگرونانک یونیورسٹی میں دنیا بھر کے سکھ برادری کے لوگ پڑھ سکیں گے، کرتارپورسکھ برادری کا مدینہ اور ننکانہ صاحب ان کا مکہ ہے۔

    واضح رہے وزیراعظم عمران خان کرتارپور راہداری کا باضابطہ افتتاح نو نومبر کو کریں گے، گوردوارہ کی تعمیر میں سکھ مذہب اور تاریخی اہمیت کا مکمل خیال رکھا گیا ہے، پاکستان نے منصوبے پر مقامی وسائل خرچ کیے، کوئی بیرونی امداد نہیں لی۔

  • قرضے کی بیماری ختم کرنے کے لیے آپریشن کرنا پڑ رہا ہے: وزیر اعظم

    قرضے کی بیماری ختم کرنے کے لیے آپریشن کرنا پڑ رہا ہے: وزیر اعظم

    راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میں گائنی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی سرکاری اسپتالوں کو بہتر کریں۔ جہاں اسپتال کی ضرورت ہوگی وہاں اسپتال بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میں گائنی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اسپتال اور نرسنگ ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔

    تقریب کے میزبان وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید تھے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسپتال کے لیے جدوجہد کرنے پر شیخ رشید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اسپتال کے لیے پنجاب حکومت اور ہیلتھ ٹاسک فورس مدد کرے گی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورتیں پوری کرنے والے حکومت کی پہچان ہوتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی سرکاری اسپتالوں کو بہتر کریں۔ جہاں اسپتال کی ضرورت ہوگی وہاں اسپتال بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر غریب خاندان کے پاس 7 لاکھ 20 ہزار کا ہیلتھ انشورنس کارڈ ہوگا۔ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریب خاندان کہیں سے بھی اپنا علاج کروا سکے گا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے غریب خاندانوں کی مدد کرنی ہیں، تاکہ وہ کسی کے محتاج نہ ہوں۔

    عمران خان نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم سے ان لوگوں کو گھر دیں گے جو اپنا گھر نہیں خرید سکتے، ہر انسان چاہتا ہے اس کے پاس چھت ہو اپنا گھر ہو، جب ہماری حکومت آئی تو 1300 ارب کے قرضے چڑھ چکے تھے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر غریب خاندان کے پاس 7 لاکھ 20 ہزار کا ہیلتھ انشورنس کارڈ ہوگا۔ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریب خاندان کہیں سے بھی اپنا علاج کروا سکے گا۔ احساس پروگرام کے ذریعے معاشرے میں نئی سوچ لا رہے ہیں۔ عام آدمی کی مشکلات حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں میں اضافہ ہو رہا ہے مجھے خوشی ہے، نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کریں گے۔ غریب خاندانوں کی مدد کرنی ہے، دیہاتوں میں گائیں بھینسیں دیں گے۔ غریب خاندانوں کو بکریاں اور مرغیاں پالنے کے لیے دیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سستے گھروں کے لیے پورا پروگرام بنالیا ہے، مستحق خاندانوں کو گھر سستے داموں میں فراہم کریں گے۔ لوگ مشکل میں ہیں، بجلی اور گیس مہنگی ہے۔ ’مجھے ملک میں مہنگائی کا احساس ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی اس لیے مہنگی ہوتی ہے جب پاور سیکٹر مقروض ہوتا ہے، ہماری حکومت آئی تو 1300 ارب روپے کے قرضے چڑھ چکے تھے۔ بجلی اور گیس کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو قرضے بڑھ جاتے۔ پچھلا نظام ٹھیک نہیں تھا۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں 6 ہزار سے 30 ہزار ارب قرضہ لیا گیا، قرضہ اتارنے اور نظام ٹھیک کرنے میں قوم کو تھوڑی دیر مشکل سے گزرنا پڑے گا، خرچے کم اور آمدنی بڑھانے سے قرضہ اتارا جاتا ہے۔ قرضے کی بیماری کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کرنا پڑ رہا ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی کاموں سے ہی دنیا میں نام باقی رہتا ہے۔ 20 سالہ جدوجہد کے بعد زچہ بچہ اسپتال کا آج افتتاح کیا جا رہا ہے، اسپتال میں 11 جدید ترین آپریشن تھیٹر ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی میں خواتین کی تعلیم کے 60 ادارے بنائے ہیں، نالہ لئی پر 21 کلو میٹر طویل لئی ایکسپریس بنانے جا رہے ہیں۔ 9 ہزار کلو میٹر طویل ریلوے لائن میں سے 2 ہزار کلو میٹر لائن غائب ہوچکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی دیانتداری کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔ مہنگائی شریف برادران اور زرداری کی لوٹ مار کی وجہ سے ہوئی ہے۔ عمران خان 2 سال کے اندر اندر ملک کو مسائل سے نجات دلائےگا۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ملک میں عمران خان جیسا ایماندار وزیر اعظم ہے، سی پیک کے تحت ایم ایل ون اور ٹو منصوبوں سے 2 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ ریلوے بحال ہوگی تو ملک خوشحال ہوگا۔

    راولپنڈی میں بنایا جانے والا یہ اسپتال 200 بیڈز پر مشتمل ہوگا، اسپتال کی تعمیر 2 سال میں مکمل ہوگی۔ منصوبے پر 6 ارب روپے لاگت آئے گی۔ اسپتال 105 کنال اراضی پر تعمیر ہوگا جبکہ اسپتال میں روزانہ 15 سو خواتین کا علاج کیا جاسکے گا۔

    اسپتال میں 25 بیڈ ایمرجنسی کے لیے مختص ہوں گے جبکہ لیبر رومز اور انتہائی نگہداشت یونٹس قائم کیےجائیں گے۔ مذکورہ منصوبہ وفاق کی جانب سے کابینہ ڈویژن کی سرپرستی میں پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔

  • وزیر اعظم  کل راولپنڈی میں گائنی  کے جدید اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم کل راولپنڈی میں گائنی کے جدید اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کل راولپنڈی میں ماوں اور بچوں کے جدید اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اسپتال کی تعمیر دوسال میں مکمل ہوگی، پانچ ارب 94کروڑ سے زائد اخراجات آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کل راولپنڈی میں ماوں اور بچوں کے جدید اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 200 بیڈز کے نئے اسپتال کا سنگ بنیاد کل شام کو راولپنڈی میں رکھا جائے گا۔

    وزیر اعظم تقریب سے خطاب بھی کریں گے ، تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،وفاقی وزراء شیخ رشید ،طارق بشیر چیمہ اور ڈاکٹر ظفرالہ شریک ہوں گے۔

    اسپتال کی تعمیر دوسال میں مکمل ہوگی، پانچ ارب 94کروڑ سے زائد اخراجات آئیں گے، گائنی اسپتال اصغرمال روڑپر 105 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا، روزانہ 1500 خواتین کا علاج ہوگا۔

    اسپتال وفاقی شیخ رشید کے حلقے میں تعمیر ہوگا، شیخ رشید آج شام پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں گے۔

    اسپتال میں 25 بیڈ کی ایمرجنسی، جدید آپریشن تھیٹرز، لیبر رومز، انتہائی نگہداشت یونٹس قائم کئے جائیں گے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کابینہ ڈویژن کی سرپرستی میں اسپتال کا منصوبہ 2020 میں مکمل ہوگا۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    مہمند: وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مہمند ایجنسی پر ساڑھے 4 ارب روپے خرچ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے تاریخ ساز منصوبے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا، جبکہ تقریب میں وفاقی وزرا، چیئرمین واپڈا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ بھی شریک ہیں۔

    مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے، 700 فٹ بلند ڈیم میں 12 لاکھ 9 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔

    آبی ذخائر سے ابتدا میں 16 ہزار 37 ایکڑ رقبہ سیراب کیا جا سکے گا، ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 6 جولائی 2018 کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    ان کے احکامات کے بعد دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اب تک ڈیم فنڈ میں 10 ارب سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا خطاب

    وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کے جو دل میں تھا سب کہہ دیا ہے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مشکور ہوں انہوں نے ڈیم کے لیے جدوجہد کی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ عدالتوں کا کام نہیں کہ ڈیم بنائیں، حکومتوں کا کام ہے لیکن ہماری حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے جوڈیشری کو آگے آنا پڑا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ وادی تیراہ وہ علاقہ ہے جہاں انگریزوں کو شکست ہوئی، پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ جنگ زدہ علاقوں میں لوگ سرمایہ کاری نہیں کرتے۔ آج لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے پاکستان کا وزیر اعظم تیراہ گیا، قبائلی علاقوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ سنہ 1960 کی دہائی میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، کیا وجہ ہے برصغیر کے دیگر ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے۔ چین کی ترقی مثال ہے، وہاں کی قیادت الیکشن کا نہیں سوچتی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پر ترقیاتی فنڈز سے متعلق مثال دیکھ لیں، لاہور میں اوسط فی کس 70 ہزار روپے خرچ ہوتے تھے، دیگر علاقوں کے لوگوں نے بھی لاہور کا رخ کرلیا۔ اس وجہ سے لاہور کی آبادی بڑھی اور پانی جیسے مسائل پیدا ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے ساڑھے 4 ارب روپے مہمند پر خرچ کیے جائیں گے، سوئی کے علاقے سے قدرتی گیس نکلی اور پورے ملک میں چلی گئی، سوئی کے علاقے کو دیکھیں تو موئن جو دڑو کا مقابلہ کر رہا ہے۔ فیصلہ کیا ہے جس علاقے میں قدرتی وسائل ہوں گے انہیں فائدہ ہوگا۔ افغانستان کے ساتھ تجارت کے راستے کھولے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں 2 جی اور 3 جی کی سہولت دی جائے گی، قبائلی علاقوں میں تعلیم اولین ترجیح ہے فوری اقدامات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ چین کا دورہ کر کے آیا ہوں، چین نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ الیکشن کے لیے گفتگو نہیں کروں گا ہم نے کام کر کے دکھانا ہے۔ ہمارے پاس صرف 2 بڑے ڈیم اور باقی چھوٹے چھوٹے ڈیم ہیں۔ چین میں 80 ہزار ڈیم ہیں وہ مستقبل کا سوچ رہے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے، چین کی نئی ٹیکنالوجی ہے ایک ہفتے میں ایک فلور تعمیر کر دیتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی حامل چینی کمپنی پاکستان میں بھی جلد کھلنے والی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھ سے جب جائیداد کے بارے میں پوچھا گیا تو ایک سال میں 60 دستاویزات پیش کیں، کہہ سکتا تھا کہ میں کھلاڑی تھا، قانون مجھ پر لاگو نہیں ہوتا لیکن میں نےتمام ثبوت پیش کیے اور عدالت نے مجھے بری کیا۔ ان سے پوچھو تو جمہوریت کے پیچھے چھپ رہے ہوتے ہیں۔

    وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کا خطاب

    تقریب سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ڈیم نہیں بنائے گئے کیونکہ کمائی پر توجہ تھی، مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں جس پر بہت خوشی ہے، کوشش کی کالا باغ ڈیم بھی بن جائے لیکن کامیاب نہیں ہوسکا۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بیرونی طاقتوں اور دشمن قوتوں نے ملک کو بنجر بنانے کی پوری کوشش کی، میری وزارت میں 128 لوگ ہوتے تھے ہم نے 6 افراد پر وزارت چلائی۔ پروپیگنڈا کیا گیا کہ مجھے سابق چیف جسٹس کی ڈیم فنڈنگ سے مسئلہ ہے، مجھے سابق چیف جسٹس کی ڈیم فنڈنگ سے کوئی مسئلہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس اور جسٹس صاحبان کی تقریب میں شرکت پر مشکور ہوں۔

    فیصل واوڈا نے 10 ویں روزے سے پہلے اپنے حلقے سے نوکریاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے نوکریاں دینے کا آغاز کر رہے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے مفاد کے لیے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا۔ ماضی میں حکمرانوں نے اپنی جیبیں اور تجوریاں بھریں، ملک کو تباہ کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ 3 مرتبہ وزیر اعظم رہے اور آج جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔ سمدھی، بیٹے، داماد، بھائی اور ان کا پورا ٹبر آج ملک سے بھاگا ہوا ہے۔ وزیر اعظم صاحب آپ کو عوام نے ان لوگوں کے احتساب کے لیے منتخب کیا۔

    سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا خطاب

    سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، آج اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس کے لیے سب نے جدوجہد کی، سپریم کورٹ اور ججز نے ڈیم سے متعلق فرض نبھایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے یا سپریم کورٹ نے کسی پر کوئی احسان نہیں کیا۔ ڈیم فنڈز کے لیے اوور سیز پاکستانیوں نے دل کھول کر مدد کی۔ جس طرح کام ہو رہا ہے امید ہے ڈیم وقت مقررہ پر مکمل ہوجائے گا۔