Tag: سنگ میل

  • جو روٹ نے تاریخ رقم کردی، ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ کر اہم سنگ میل عبور کر لیا

    جو روٹ نے تاریخ رقم کردی، ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ کر اہم سنگ میل عبور کر لیا

    انگینڈ کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کیلیے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے نیا ریکارڈ بنا دیا۔

    گزشتہ روز زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے دن انگلش بلے باز نے اپنا انفرادی طور پر 28 واں رن مکمل کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں 13 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا۔

    روٹ اس طرح ٹیسٹ کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے انگلینڈ کے پہلے اور دنیا کے پانچویں بلے باز بن گئے۔

    روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 13 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں، انہوں نے 153 ویں ٹیسٹ میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔

    اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 13 ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر جیک کیلس کے پاس تھا جنہوں نے 159 ٹیسٹ میچز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔

    اس کے علاوہ انڈیا کے راہول ڈریوڈ نے 160، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ نے 162 اور بھارت کے سچن ٹنڈولکر نے 163 ٹیسٹ میچز میں 13 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیمیں 22 سال بعد ٹیسٹ میچ میں آمنے سامنے ہیں، یہ میچ دونوں بورڈز کی رضامندی سے پانچ کے بجائے چار روز تک محدود ہوگا۔

    اس سے قبل انگلینڈ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد کا 31 سال پرانا ٹیسٹ ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔

    انگلش بیٹر نے نیوزی لینڈ کے خلاف 84 رنز کی اننگز کھیلی اور کیوی ٹیم نے 423 رنز سے انگلینڈ کو شکست دی لیکن جو روٹ نے کیوی ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ رنز اسکور کرکے جاوید میانداد کا 31 سالہ ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

    کھلاڑیوں کا ٹیم میں انتخاب کس بنیاد پر ہو گا؟ ہیڈ کوچ نے واضح کردیا

    انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 1925 رنز بنائے ہیں جبکہ جاوید میانداد نے کیوی ٹیم کے خلاف 1919 رنز بنائے تھے۔

  • محمد عباس نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    محمد عباس نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    قومی فاسٹ بولر محمد عباس نے اہم سنگ میل عبور کر لیا اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی بولرز کے کلب میں شامل ہوگئے۔

    محمد عباس نے یہ کارنامہ جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران حاصل کیا۔ اس میچ میں انہوں نے پروٹیز کی پہلی اننگ میں تین وکٹیں حاصل کر کے طویل دورانیے کے فارمیٹ میں اپنی وکٹوں کی سنچری مکمل کی۔

    34 سالہ فاسٹ بولر نے 100 وکٹیں اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 27 ویں میچ میں حاصل کیں۔

    محمد عباس کو ساڑھے تین سال تک نظر انداز کیے جانے کے بعد جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے سنچورین ٹیسٹ میں دوسری اننگ میں 6 اور مجموعی طور پر 7 وکٹیں لے کر اپنے کم بیک کو یادگار بنایا تھا۔

    انہوں نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغا زکیا تھا۔ 8 سالہ کیریئر کے دوران محمد عباس نے سری لنکا، آئرلینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ میچز میں شاندار بولنگ پرفارمنس دی ہے۔

    واضح رہے کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی پہلی اننگ میں بنائے گئے 615 رنز کے جواب میں پاکستان کے 6 کھلاڑی 155 رنز پر پویلین لوٹ چکے ہیں اور قومی ٹیم کے فالو آن ہونے کا خطرہ ہے۔

    اس سے قبل محمد عباس گزشتہ سال نومبر میں قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں 13 ویں مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کر کے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کا ریکارڈ برابر کر چکے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/decision-to-immediately-send-saim-ayub-to-london-for-treatment/

  • کنا یاری کی گلوکارہ ایوا بی کے لیے ایک اور اعزاز

    کنا یاری کی گلوکارہ ایوا بی کے لیے ایک اور اعزاز

    کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے مقبول بلوچ زبان کے گانے کنا یاری سے مقبولیت حاصل کرنے والی گلوکارہ ایوا بی کو ایک اور اعزاز مل گیا، ان کی تصویر امریکا کے معروف ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کردی گئی۔

    پاکستان کی پہلی باحجاب ریپر اور بلوچ گلوکارہ ایوا بی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ اسپاٹی فائے نے ان کی تصویر امریکا کے معروف ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کردی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Spotify Pakistan (@spotifypakistan)

    ایوا بی سے قبل اسپاٹی فائے 7 پاکستانی خواتین گلوکاراؤں کی تصاویر بھی ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کر چکی ہے۔

    اسپاٹی فائے نے رواں برس مارچ سے اکوئل پاکستان نامی منصوبے کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت ہر ماہ ایک پاکستانی گلوکارہ کی تصویر کو ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کیا جا رہا ہے۔

    اس منصوبے کے تحت پہلی بار مارچ 2022 میں ٹائمز اسکوائر پر پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کی تصویر آویزاں کی گئی تھی۔

    اسی منصوبے کے تحت گزشتہ ماہ ستمبر میں گلوکارہ مومنہ مستحسن کی تصویر کو ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کیا گیا تھا جبکہ اب ایوا بی کی تصویر کو آویزاں کیا گیا ہے۔

    ایوا بی کی تصویر ٹائمز اسکوائر پر آویزاں ہونے پر گلوکاروں سمیت شوبز شخصیات نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی جب کہ خود انہوں نے اپنی تصویر کو آویزاں کیے جانے کو تاریخی لمحہ قرار دیا۔

    ایوا بی پاکستان کی پہلی باحجاب اور بلوچی گلوکارہ بن گئیں، جن کی تصویر کو ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کیا گیا ہے۔

    ایوا بی کو رواں برس کے آغاز میں ریلیز ہونے والے کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے کنا یاری کو ملک بھر میں بہت پسند کیا گیا تھا اور وہ مذکورہ گانے کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی مشہور ہوئی تھیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Eva B (@iamevaab)

    تاہم ایوا بی نے گلوکاری کا آغاز پہلے ہی کردیا تھا، انہوں نے 3 سال قبل 2018 میں انسٹا گرام پراپنا پہلا ریپ گانا شیئر کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Eva B (@iamevaab)

  • پاکستان میں قائم 465 ماڈل کورٹس نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    پاکستان میں قائم 465 ماڈل کورٹس نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    اسلام آباد: مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے پاکستان میں قائم 465 ماڈل کورٹس نے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، ڈی جی ماڈل کورٹس سہیل ناصر کا کہنا ہے کہ 167 دنوں میں عدالتوں میں 50 ہزار 743 مقدمات کا فیصلہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں قائم تیز ترین ماڈل عدالتوں نے صرف 167 دنوں میں پچاس ہزار سے زائد مقدمات نمٹا کر اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

    چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے ماڈل کورٹس کے ججوں اور مجسٹریٹس کو سنگ میل عبور کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے انھیں جوڈیشل ہیروز کا خطاب دیا۔

    ماڈل کورٹس آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ناصر نے کہا ہے کہ اب تک جتنے مقدمات نمٹائے گئے ہیں ان میں قتل کے 7 ہزار 356، منشیات کے 12 ہزار 168 اور فوجداری 13 ہزار 571 مقدمات شامل ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ مقدمات کی سماعت کے دوران ایک لاکھ 24 ہزار 669 گواہان کے بیان قلم بند کیے گئے، 11 ہزار 330 دیوانی اپیلیں، 5560 فیملی، 785 کرایہ داری اپیلوں کا فیصلہ کیا گیا۔

    ڈی جی کا کہنا تھا ماڈل عدالتوں کی یہ کام یابی ججوں، وکلا، پولیس، پراسیکیوشن، محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ مقدمات ایک سے دوسری نسل تک چلنے کی کہانی اب ختم کر دی جائے گی، اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں ماڈل عدالتیں بنیں گی، اور ان ماڈل کورٹس میں کارروائی روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔

  • حکومت نے سیاحتی و ثقافتی پلان طے کر لیا، خطے کا تین ہزار سالہ تاریخی ورثہ اجاگر کرنے کا فیصلہ

    حکومت نے سیاحتی و ثقافتی پلان طے کر لیا، خطے کا تین ہزار سالہ تاریخی ورثہ اجاگر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے آئندہ سال کا سیاحتی و ثقافتی پلان طے کر لیا، جس کے تحت خطے کے تین ہزار سالہ تاریخی ورثے کو اجاگر  کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی ثقافتی اور سیاحتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے.

    اجلاس میں آئندہ ایک سال کے لئے تقریبات کا پلان طےکیا گیا، ملک بھر میں 15 ثقافتی تقاریب کے انعقاد کا شیڈول وزیراعظم کو پیش کر دیا گیا.

    وزیراعظم نے تقریبات، میلوں، ادبی محافل کے انعقاد کی منظوری دے دی، تقریبات سے پاکستان کے3 ہزار سالہ تاریخی ورثے کو اجاگرکیا جائے گا، گلگت بلتستان فیسٹیول، صوفیائے اکرام کےعرس کی تقریبات کی منظوری دی گئی.

    اجلاس میں قوالی فیسٹیول، پاکستان کلچرل کارنیول، شندور  پولو فیسٹیول، کرتا رپور فیسٹیول، چولستان جیپ ریلی، فوڈ اینڈ میوزک فیسٹیول کی بھی منظوری دی گئی ہے،  ساتھ ہی فلم فیسٹیول، جشن اقبال اور فوک فیسٹیول منعقد ہوں گے، مایہ نازگلوکاروں کوخراجِ تحسین پیش کرنےکے لئے خصوصی تقاریب کی بھی منظوری دی گئی ہے.

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، عوام کو معیاری تفریح کے مواقع میسرہوں گے، نوجوان نسل کوقومی ورثے سے متعارف کراتے ہوئے پاکستانیت کو اجاگر کیا جائے.

    مزید پڑھیں: حکومت کا ہاکی فیڈریشن کا 3 سال کا فرانزک آڈٹ فوری شروع کرنے کا فیصلہ

    وزیر اعظم نے کہا کہ دور افتادہ، ماضی میں عدم توجہ کے شکارعلاقوں کو خصوصی توجہ دی جائے، تقریبات کا انعقاد مرکز، صوبائی حکومتوں اورضلعی سطح پرکیا جائے گا.

    اجلاس میں وزیراطلاعات فواد چوہدری، سیکریٹری اطلاعات شفقت جلیل شریک تھے، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر لوک ورثہ، سابق سیکریٹریز،اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی.