Tag: سنیل گواسکر

  • رحمان اللہ گرباز بھارتی کپتان دھونی کی کاپی ہیں، سنیل گواسکر

    رحمان اللہ گرباز بھارتی کپتان دھونی کی کاپی ہیں، سنیل گواسکر

    بھارت کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ رحمان اللہ گرباز کی بیٹنگ کا انداز مہندرا سنگھ دھونی سے مشابہ ہے۔

    سنیل گواسکر چاہتے ہیں کہ رحمان اللہ گرباز کو آئی پی ایل 2024 سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ گرباز ممکنہ طور پر جیسن رائے کے ساتھ فائنل اوورسیز سلاٹ کے لیے منتخب ہوسکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ مچل اسٹارک، آندرے رسل، اور سنیل نارائن کو متوقع طور پر ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے افغان بلے باز کی اسپورٹس مین شپ کی بھی تعریف کی اور ٹیم میں ان کے ممکنہ کردار کو اجاگر کیا۔

    گواسکر کا کہنا تھا کہ میں نے جو کچھ دیکھا ہے اس کی بنیاد پر گرباز کی بیٹنگ مجھے بہت پسند آئی ہے۔ وہ انتہائی جارحانہ بلے بازی کرتے ہیں جبکہ ان کی بیٹنگ میں ایم ایس دھونی کی ہلکی سی جھلک نظر آتی ہے۔

    سابق بھاتی کپتان نے کہا کہ اسی لیے شاید مجھے وہ پسند ہیں۔ ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد انھوں نے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں کو پیسے بانٹے۔ ایسا کرنے کے بعد میرے خیال مں انھیں یقینی طور پر ٹیم میں شامل ہوناچاہیے۔

    واضح رہے کہ آئی پی ایل 2023 میں گرباز کی کارکردگی معمولی رہی تھی انھوں نے صرف دو نصف سنچریوں کے ساتھ 20.64 کی اوسط سے 227 رنز بنائے تھے۔

  • انگلش ’باز بال‘ کرکٹ کے مقابلے کیلئے ہمارے پاس ’ویرات بال‘ ہے، گواسکر

    انگلش ’باز بال‘ کرکٹ کے مقابلے کیلئے ہمارے پاس ’ویرات بال‘ ہے، گواسکر

    بھارت کے لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر نے انگلینڈ کی ’باز بال‘ کرکٹ کا توڑ کرنے کے لیے ’ویرات بال‘ کا حل پیش کردیا ہے۔

    سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ آئندہ ٹیسٹ سیریز میں انگش ٹیم کی ’باز بال‘ کرکٹ کا مقابلہ کرنے کے بھارت کے پاس ’ویرات بال‘ موجود ہے۔ کوہلی کی نصف سنچریوں اور سنچریوں کی تعداد تقریباً یکساں ہے، وہ ففٹی کو سنچری میں بدلنے کا ہنر جانتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت کوہلی جس طرح بیٹنگ کررہے ہیں وہ کافی اچھی فارم میں لگ رہے ہیں۔ اس فارمیٹ میں ہمارے پاس ویرات کوہلی ہے جو انگلینڈ کی ’باز بال‘ کرکٹ کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

    گواسکر کا کہنا تھا کہ پچھلے ایک دو سالوں سے انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی طرز کا اپنایا ہے۔ وہ جارحانہ طرز عمل اپناتے ہیں اور ان کے بیٹرز اٹیک کرتے ہیں۔ وہ صورتحال سے قطع نظر اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی اسٹار بیٹر اس وقت کافی عمدہ فارم میں موجود ہیں، انھوں نے آی سی سی ورلڈکپ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنائے تھے اور مین آفی دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

    اس کے علاوہ 35 سالہ ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی خطرناک پچز پر اچھی بیٹنگ کی تھی جبکہ اکثر بھارتی بیٹر وہاں ناکام رہے تھے۔

  • گواسکر شامی کے بجائے کس کرکٹر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سمجتھے ہیں؟

    گواسکر شامی کے بجائے کس کرکٹر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سمجتھے ہیں؟

    سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر محمد شامی کے بجائے کسے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سمجھتے ہیں، کرکٹ لیجنڈ نے بتادیا۔

    اس ایونٹ میں چند پلیئرز نے نہایت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جن میں سب سے ٹاپ پر بھارتی پیسر محمد شامی موجود ہیں۔ انھوں نے اپنی تباہ کن بولنگ سے ہر ٹیم کو مشکل میں ڈالے رکھا۔ سیمی فائنل میں تو فاسٹ بولر نے 7 کیوی بیٹرز کو چلتا کیا۔

    تاہم بھارتی لیجنڈ سنیل گواسکر شامی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ نہیں سمجھتے۔ اس کے بجائے وہ جن دو کرکٹرز کو اس کا حقدار سمجھتے ہیں وہ دنوں بھی بھارتی ہی ہیں، ان میں سے ایک ویرات کوہلی اور دوسرے کپتان روہت شرما ہیں۔

    اپنے دور کے ماسٹر بیٹر سنیل گواسکر نے کہا کہ میں اس ایوارڈ کے لیے دو پلیئرز کو منتخب کروں گا ان میں سے ایک کوہلی ہیں۔ جس طرح انھوں نے ٹورنامنٹ میں بیٹنگ کی وہ شاندار ہے، ساتھ ہیں کوہلی نے ون ڈے میں 50 سنچریاں بھی مکمل کی جو اب ت کوئی نہیں کرپایا۔

    سنیل نے کہا کہ ویرات نے تسلسل سے کارکردگی دکھائی ہے تقریباً ہر میچ میں انھوں نے نصف سنچری یا اس سے زیادہ رنز اسکور کیے ہیں۔

    دوسرا نام گواسکر نے روہت شرما کا لیا، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کپتان نے ورلڈکپ میچز میں ان کے بعد آنے والے بیٹرز کے لیے جس طرح راستہ بنایا وہ قابل تعریف ہے۔ روہت نے ٹیم کے لیے بے لوث پرفارمنس دی ہے۔

    گواسکر نے کہا کہ بطو اوپنر روہت شرما بھارتی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کرتے ہیں اور سنگلز لینے کے بجائے بولرز پر اٹیک کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارت نے ورلڈکپ میں اب تک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنے تمام 10 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تاہم آسٹریلین ٹیم بھارت کے خوابوں کے اس سفر کو خراب کرنے کا پورا ارادہ رکھتی ہے۔

  • بھارتی بورڈ کے خلاف سنیل گواسکر سے منسوب ریمارکس جعلی ہیں، بیٹا روہن

    بھارتی بورڈ کے خلاف سنیل گواسکر سے منسوب ریمارکس جعلی ہیں، بیٹا روہن

    سنیل گواسکر کے بیٹے روہن گواسکر والد کے دفاع میں سامنے آگئے، بھارتی لیجنڈ کرکٹر سے منسوب ٹوئٹ کو جعلی قرار دے دیا۔

    بی سی سی آئی کے حوالے سے سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر کی ایک ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں بھارتی بورڈ کو تنقید کانشانہ بنایا گیا تھا۔ اس میں کہا گیا تھا کہ بحیثیت انڈین یہ ہمارے لیے شرم کی بات ہے کہ کرکٹ جیسے خوبصورت کھیل کو سیاست زدہ کرتے ہوئے اسے ہائی جیک کرلیا گیا ہے۔

    ٹوئٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ بی سی سی آئی کی وجہ سے بھارت کو شرمندگی کا سامنا ہے۔ روہن نے کہا کہ یہ کافی مضحکہ خیز ہے کہ لوگ توجہ حاصل کرنے کے لیے سنیل گواسکر کا نام استعمال کررہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ یہ مکمل طور پر جعلی بیان ہے جو والد سے منسوب کیا گیا ہے۔ انھوں نے اس طرح کا کوئی بیان نہیں دیا۔

    واضح رہے کہ مذکورہ بیان پاکستان اور بھارت کے بے نتیجہ ختم ہونے والے میچ کے بعد سامنے آیا تھا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا، جس کے بعد سنیل گواسکر تنازع کا شکار ہو گئے تھے تاہم ان کے بیٹے روہن نے اب حقیقت سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

  • سرفراز خان کو سلیکٹ نہ کرنے پر سنیل گواسکر بھارتی بورڈ پر برس پڑے

    سرفراز خان کو سلیکٹ نہ کرنے پر سنیل گواسکر بھارتی بورڈ پر برس پڑے

    نئی دہلی: ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے لیے بھارت کے کھلاڑی سرفراز خان کو ٹیم انڈیا سے باہر رکھنے پر سنیل گواسکر سلیکشن کمیٹی پر  برس پڑے۔

     ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان کر دیا گیا،  ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں شکست کے بعد تنقید کا سامنا کرنے والے روہت شرما کو دوبارہ کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

    جبکہ تجربہ کار بلے باز چیتشور پجارا اور فاسٹ بولر امیش یادو کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے اس کے علاوہ یشسوی جیسوال اور رتوراج گائیکواڑ کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

     تاہم ڈومسٹک کرکٹ(رنجی ٹرافی)  میں رنز کے انبار لگانے والے بھارت کے کھلاڑی سرفراز خان کو پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    سرفراز خان کو ٹیم میں جگہ نہ ملنے پر بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے برہمی کا اظہار کیا اور بی سی سی آئی سلیکشن کمیٹی پر تنقید کی ہے۔

    سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ اگر ٹیسٹ ٹیم کا انتخاب آئی پی ایل کی بنیاد پر کرنا ہے تو رنجی ٹرافی کھیلنا بند کر دینا چاہیے۔

    بھارت ’’ایشیا کپ‘‘ سے ملنے والی رقم کا کیا کرتا ہے؟ سابق کرکٹر کا حیران کن انکشاف

    سابق بھارتی کھلاڑی نے کہا کہ ’’سرفراز خان نے پچھلے تین سیزن میں 100 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں،  ٹیم میں منتخب ہونے کے لیے اسے اور کیا کرنا ہوگا؟ ہو سکتا ہے وہ پلیئنگ الیون میں شامل نہ ہو پائے لیکن آپ اسے ٹیم میں تو سلیکٹ کریں‘‘۔

    گواسکر کا کہنا تھا کہ سرفراز کو بتایا جائے کہ ان کی کارکردگی پر توجہ دی جا رہی ہے، ورنہ رنجی ٹرافی کھیلنا بند کر دیں اور صاف کہہ دیں کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ آپ صرف آئی پی ایل کھیلتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ آپ ریڈ بال کرکٹ کے لیے بھی کافی اچھے ہیں۔

    خیال رہے کہ 25 سالہ سرفراز خان اب تک 37 فرسٹ کلاس میچوں میں 13 سنچریوں اور 9 نصف سنچریوں کی مدد سے 3505 رنز بنا چکے ہیں، سرفراز خان کا سب سے زیادہ اسکور 301 ناٹ آؤٹ ہے۔

  • سنیل گواسکر نے بھارتی بلے بازوں کو اہم مشورہ دیدیا

    سنیل گواسکر نے بھارتی بلے بازوں کو اہم مشورہ دیدیا

    نئی دہلی: سابق بھارتی بلے باز اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023 کے فائنل سے قبل بھارتی بلے بازوں کو اہم مشورہ دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سابق بھارتی بلے باز اور کمنٹیٹر سنیل نے بھارتی بلے بازوں کو کہا کہ ٹیسٹ میچ میں بھارتی بیٹرز کو اپنی بیٹنگ پر قابو پانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بیٹرز کو کھیلنے کی رفتار کو بندلنا ہوگا، کیوں کہ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کے فارمیٹ میں بڑ ا فرق ہے، کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میچز بہت کھیل چکے ہیں اس لیے انہیں اپنی بیٹنگ کی رفتار کو کم کرنا ہوگا۔

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کیلیے میچ آفیشلز کا اعلان

    سابق بھارتی کھلاڑی نے اوول کے گراؤنڈ میں بیٹرز کو زیادہ سے زیادہ دیر تک کھیلنے پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ میں بال سوئنگ زیادہ ہوگی لیکن آپ کو وہاں زیادہ دیر تک کھیلنے کی ضرورت ہوگی۔

    سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز چیلنجنگ ہوگی، کیوں کہ عام طور پر کھلاڑی سورج کی روشنی میں کھیلنے کے عادی ہیں لیکن انگلینڈ میں آپ اس جگہ کھیل رہے ہونگے جہاں سورج کی روشنی نہیں پڑے گی اور ابر آلودہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 7 جون سے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان اوول میں ہو گا۔

  • کپل دیو اور سنیل گواسکر بھارتی ٹیم پر برس پڑے

    کپل دیو اور سنیل گواسکر بھارتی ٹیم پر برس پڑے

    نئی دہلی: سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور سنیل گواسکر ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر برس پڑے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کپتان کپل دیو نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی ہار سے کرکٹ ختم نہیں ہوگئی، آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کے درمیان فاصلہ رکھنا ہوگا تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔

    انہوں نے کہا کہ جب کھلاڑی آئی پی ایل کو ورلڈ کپ پر ترجیح دیں گے تو پھر ہم کیا کہہ سکتے ہیں، ہر کھلاڑی کو پہلے ملک سے کھیلنے کو ترجیح دینی چاہیے۔

    کپل دیو نے کہا کہ بی سی سی آئی کو بھی مستقبل میں آئی سی سی ایونٹ سے قبل پلاننگ کرنی ہوگی، ہمیں ہار سے سیکھنا ہوگا کہ جو غلطیاں ہوئی ہیں انہیں دوبارہ نہ دہرایا جائے۔

    کپل دیو نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کے مالی معاملات نہیں جانتا اس لیے اس پر زیادہ بات نہیں کروں گا۔

    دوسری جانب سنیل گواسکر نے کہا کہ موجودہ بھارتی ٹیم کسی بھی اچھی ٹیم کے خلاف اسکور نہیں کرسکتی۔

    سنیل گواسکر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں کرنا درست نہیں ہے کیونکہ ایسا نہیں ہے کہ بھارت اپنے تمام میچ ہار گیا بلکہ دو میچوں میں بلے باز وہ نہیں کرسکے جس کی ان سے توقع کی جارہی تھی اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ایسی حالت میں ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس ایسے کھلاڑی ہونے چاہئیں جو فیلڈنگ میں غیرمعمولی ہوں، نیوزی لینڈ نے جس طرح فیلڈنگ کی، رنز بچائے، کیچز لیے، وہ سب سے اچھا تھا۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ بھارتی ٹیم کو دیکھیں، سوائے 3 سے 4 شاندار فیلڈرز کے کوئی ایسا فیلڈر نہیں جو رنز اور باؤنڈریز روکے۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے گروپ میچ میں افغانستان کو شکست دے کر اس کے ساتھ ساتھ بھارت کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کردیا، اپنی جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

  • ویرات کی ناقص فیلڈنگ پر تنقید، انوشکا آگ بگولہ

    ویرات کی ناقص فیلڈنگ پر تنقید، انوشکا آگ بگولہ

    دبئی: انڈین پریمیئر لیگ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی ناقص کارکردگی پر تنقید ہوئی تو انوشکا شرما برا مان گئیں اور انہوں نے اپنے شوہر کا دفاع کیا۔

    آئی پی ایل کے میچ میں ویرات کوہلی کی ناقص فیلڈنگ پر سابق کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے تبصرہ کیا جو انوشکا شرما کو بالکل پسند نہیں آیا۔

    کوہلی کے کیچ چھوڑنے پر گواسکر نے کہا کہ ’لگتا ہے کوہلی لاک ڈاؤن کے دوران صرف انوشکا کی باؤلنگ پریکٹس کررہے تھے‘۔

    گواسکر کی اس بات پر بالی ووڈ اداکارہ غصہ ہوئیں اور انہوں نے سابق کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’مسٹر گواسکر آپ کا تبصرہ نامناسب تھا، کرکٹ میں شوہرکی ناکامی یا خراب کارکردگی کا الزام بیوی کو دینا غلط اور سراسر زیادتی ہے‘۔

    دوسری جانب سنیل گواسکر نے اپنی بات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے انوشکا پر کوئی الزام عائد نہیں کیا اور نہ ہی کوئی نازیبا لفظ بولا، ۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل رائل چیلنجرز بنگلور اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان میچ کھیلا جارہا تھا، جس میں ویرات کوہلی نے کے ایل راہول کے دو کیچ ڈراپ کیے جس کی وجہ سے اُن کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

  • دنیا میں دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا

    دنیا میں دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا ہے، اس راز کا تعلق سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میاں داد اسٹوریز میں سابق مایہ ناز پاکستانی کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے مشہور واقعے ‘تیرا روم نمبر کیا ہے؟’ سے متعلق وضاحت کی ہے۔

    میاں داد نے بتایا کہ سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی میرے اچھے دوست تھے، ہم فیملی فرینڈ رہے، ہم نے ساتھ کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، انھوں نے ناٹنگھم سے نہایت شائستگی سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، ہمارا ملنا جلنا بہت تھا، اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ دلیپ دوشی سے میچ کے دوران کیوں بار بار پوچھتے تھے کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟

    میاں داد نے کہا کہ جب بنگلور میں میچ ہو رہا تھا تو ایک تو وہ سنیل گواسکر کی ہدایت پر لیگ سائیڈ پر گیند کرے جا رہے تھے، اور میں پیڈ مارے جا رہا تھا، وکٹ بہت ٹرننگ تھی، اس وقت میں نے سنیل گواسکر سے کہا کہ دنیا میں میں نے دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، ایک تو کتا ٹانگ پکڑتا ہے اور ایک دلیپ نے میری ٹانگ پکڑی ہوئی ہے، جس پر وہ بہت ہنسے تھے۔

    جاوید میاں داد نے تاریخی ورلڈ کپ میں بھارتی کھلاڑی کی نقل کیوں‌ اتاری؟

    میاں داد نے کہا کہ میں دلیپ دوشی سے پوچھا کرتا تھا کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟ دلیپ اور سنیل اس پر پوچھنے لگے کہ یہ روم نمبر کیوں پوچھ رہے ہیں بار بار۔ جب دلیپ نے روم نمبر بتایا تو میں نے کہا دو چار فیلڈر وہاں بھی کھڑے کر لیں، میں اب وہاں ماروں گا گیند۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے درمیان اس طرح کے مذاق چلتے رہتے تھے، انھیں غلط نہیں لینا چاہیے، کیوں کہ پاکستان اور انڈیا کے کھلاڑی ایک وقت میں اتنے قریب آ گئے تھے کہ فیملی جیسے تعلقات بن گئے تھے، بھارت سے میچ دیکھنے آنے والے کہتے تھے کہ ہم اس طرح کی مہمان نوازی نہیں کر سکتے جس طرح پاکستان میں ہمارا خیال رکھا گیا۔ لاہور میں میچ کے دوران لوگوں نے مہمانوں کو اپنے گھروں میں ٹھہرایا تھا کیوں کہ ہوٹل سارے بک تھے، وہ وقت واپس آنا چاہیے۔ بھارتی ٹی وی پر میرا پروگرام چلتا تھا ‘میاں داد آپ کے گھر میں’ کے نام سے۔ میں نے انڈیا میں لوگوں کو بیٹ سائن کر کے دیے، لوگ ہمیں چائے پلاتے تھے، بڑی تعداد میں لوگ ملنے آ جاتے تھے۔ ہم نے بہت اچھا وقت گزارا۔

    خیال رہے کہ راجکوٹ گجرات میں پیدا ہونے والے دلیپ دوشی نے بھارت کی طرف سے صرف 33 ٹیسٹ میچ کھیل کر 114 وکٹیں حاصل کی تھیں، سلو لفٹ آرم لیگ اسپنر دوشی ابھی اور کھیل سکتے تھے مگر اس وقت کے کپتان سنیل گواسکر کے ساتھ ان کے اختلافات جو دورہ پاکستان کے دوران شدت اختیار کر گئے تھے، کی وجہ سے انھیں وقت سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنا پڑی۔

  • عمران خان چیلنج پسند کرتے ہیں، انہیں مشکل سے لڑنا آتا ہے،سنیل گواسکر

    عمران خان چیلنج پسند کرتے ہیں، انہیں مشکل سے لڑنا آتا ہے،سنیل گواسکر

    نئی دہلی : سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ عمران خان چیلنج پسند کرتے ہیں، انہیں مشکل سے لڑنا آتا ہے، انھوں نے کہا تھا وہ بھارت کو میری موجودگی میں ہرانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے عمران خان کووزیر اعظم بننے پرمبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا عمران خان چیلنج پسند کرتے ہیں انہیں مشکل سے لڑنا آتا ہے۔

    سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے1986 میں ریٹائر نہ ہونے کا کہا تھا اور کہا تھا وہ بھارت کو میری موجودگی میں ہرانا چاہتے ہیں۔

    یاد رہے بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا عمران خان کا وزیراعظم بننا بڑا موقع ہے، توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    مزید پڑھیں : عمران خان کا وزیراعظم بننا بڑا موقع ہے، سنیل گواسکر

    سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ عمران خان بھارتی عوام کو بہترجانتے ہیں، انھوں نے بھارت میں کافی وقت گزارا ہے، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔

    بھارتی کے سابق کرکٹ کا مزید کہنا تھا کہ ان کو کئی سال سے جانتا ہوں، عمران خان کا وزیراعظم بننا پاک بھارت تعلقات کیلئے اچھا موقع ہے۔

    واضح رہے ایوان صدر میں عمران خان نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا، صدرممنون حسین نے وزیراعظم عمران خان سے حلف لیا، اس موقع پر عمران خان نے سیاہ شیروانی زیب تن کی تھی۔

    قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو ملک کا بائیسویں وزیراعظم منتخب کیا تھا، کپتان کوایک سو چھہتر اور ان کے مدمقابل نون لیگ کے صدر کو چھیانوے ووٹ ملے تھے۔