Tag: سنی تحریک

  • سلیم قادری کا قتل کیسے ہوا ؟ ملزم کے سنسنی خیز انکشافات

    سلیم قادری کا قتل کیسے ہوا ؟ ملزم کے سنسنی خیز انکشافات

    کراچی : سنی تحریک کے بانی سلیم قادری کے قتل کے الزام میں گرفتار ہونے والے ملزم نے بتایا ہے کہ آصف رمزی نے سعید آباد میں سلیم قادری کو 4 ساتھیوں سمیت قتل کیا، ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں، ملزمان کی تفتیشی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سلیم قادری کو کس نے قتل کیا؟ اسلحہ کس نے پہنچایا؟ گرفتارملزم نے دوران تفتیش سب کچھ بتا دیا، تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزم فرخ جمال عرف گھوڑا،سلمان عرف یونس تعلق لشکرجھنگوی آصف رمزی ہلاک گروپ سے ہے۔

    ملزم نے بتایا کہ 17 مئی 2001 کو آصف رمزی نے گاڑی اور اسلحہ مجھے دیئے، آصف رمزی نے کہا کہ سٹی کورٹ کےقریب دودھ کی دکان پر12 بجے پہنچ جانا، 18 مئی کو میں سٹی کورٹ پہنچا تو آصف رمزی موٹرسائیکل پر میرا انتظار کر رہا تھا۔

    آصف رمزی کے پیچھے سعیدآباد بلدیہ ٹاؤن اسلحے کےبیگ سمیت پہنچا، بعد میں آصف رمزی بیگ لے کرنامعلوم مقام پرچلاگیا،مجھے انتظار کرنے کا کہا، ملزم نے بتایا کہ آصف رمزی نے سعیدآباد میں سلیم قادری کو 4 ساتھیوں سمیت قتل کیا، جس کے بعد آصف رمزی نےمجھےاسلحہ واپس کیا اور میں فیڈرل بی ایریا میں واپس لے آیا۔

    ملزم کا مزید کہنا تھا کہ سلیم قادری کے گارڈ کی فائرنگ سے رمزی کاساتھی ارشد پولکا ہلاک ہوا، آصف رمزی اور اس کے ساتھی لاش کو چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

    لشکرجھنگوی کے ٹارگٹ کلر ملک تصدق، راشد اندھا، فیصل موٹا گرفتارہوئے تو عدالت نے شواہد نہ ہونے پرگرفتار ملزمان کو بری کردیا۔

    تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کے 34 ساتھیوں میں7 مختلف واقعات میں مارے گئے جبکہ ملزم کے10ساتھیوں کوگرفتار کیا گیا۔

  • سنی تحریک کے ٹارگٹ کلر کی تفتیشی رپورٹ آگئی، سنسنی خیز انکشافات

    سنی تحریک کے ٹارگٹ کلر کی تفتیشی رپورٹ آگئی، سنسنی خیز انکشافات

    کراچی : سنی تحریک کے گرفتار ملزم توفیق مداری کی تفتیشی رپورٹ سامنے آگئی جس میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کا گیارہ رکنی گروہ ہے جو پولیس پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، ملزمان فیکٹریوں سے بھتہ بھی وصول کرتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرآباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے سنی تحریک کے ٹارگٹ کلر توفیق عرف مداری نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ میں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پاور ہاؤس چورنگی پر پولیس موبائل پر حملہ کیا، پولیس اہلکاروں پر حملے کے بدلے تمام ساتھیوں کو پانچ، پانچ ہزار روپے دیئے۔

    تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم توفیق عرف مداری پولیس اہلکاروں پر حملے، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر فیکٹریوں سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کرتا تھا۔

    ملزم کا 11 رکنی گروپ ہے جو وارداتیں کرتا تھا، ملزم کے ساتھیوں میں فیضان، وقاص، شعیب، فرخ، حیضم، شہاب، حامد غوری، علی بنگالی، عبداللہ، اسلم اور مسلم شامل تھے، ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نیو کراچی گودھرا کے قریب کالعدم سپاہ صحابہ کے کارکن کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔

    تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم سپاہ صحابہ کے کارکنان سنی تحریک کے کارکنان پر حملے کرتے تھے جس کے باعث ملزم ان کو نشانہ بناتا تھا۔

    ملزم اور اس کے ساتھی فیصل اور حامد غوری نامی اشخاص کے کہنے پر متعدد فیکٹریوں سے بھتہ وصول کرکے انہیں دیا کرتے تھے، تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم کے 4 ساتھی فیصل عرف گنڈیری، عقیل عرف ٹیلہ، وقاص عرف جبا اور فیضان عرف غنڈہ گرفتار ہیں۔

  • ممتاز قادری کے حق میں مظاہرہ . سنی تحریک کے 55 کارکنان گرفتار

    ممتاز قادری کے حق میں مظاہرہ . سنی تحریک کے 55 کارکنان گرفتار

    اسلام آباد : سنی تحریک کے پچپن کارکنان کو مظاہرے کے دوران اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر سنی تحریک کے پچپن کارکنان سلمان تاثیر کے قتل کے ملزم ممتاز قادری کے حق میں احتجاج کرنے پر گرفتار کر لئے گئے۔

    سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس کی سپریم کو رٹ میں سماعت ہوئی ۔دوران سماعت ملزم ممتاز قادری کے حق میں سنی تحریک کے کارکنا ن نے احتجاج کیا ،جس پر پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے پچپن کارکنان کو گرفتارکرلیا.

    کارکنان کی گرفتاری ریڈ زون میں دفعہ 144 نفاذ پر عمل میں لائی گئی۔ گرفتار افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ اور تھانہ آبپارہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سپریم کورٹ نے سلمان تاثیر قتل کیس میں موت کی سزا پانے والے ملزم ممتاز قادری کی جانب سے سزا کیخلاف اپیل کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل میاں نذیر اختر کو کل تک دلائل مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

    اپیل کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی۔ بعد ازاں اپیل کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کوئی مشکل نہیں، بس آپ کو سن کر فیصلہ کرنا چاہتے ہیں۔ اخباری خبروں کے مطابق سلمان تاثیر نے توہین رسالت کے قانون کو غلط کہا تھا، سوال یہ ہے کہ قتل کرنے کی وجہ قانون کے زمرے میں آتی ہے یا نہیں؟

  • کراچی : سنی تحریک کے گرفتار کارکن کے سنسنی خیز انکشافات

    کراچی : سنی تحریک کے گرفتار کارکن کے سنسنی خیز انکشافات

    کراچی: سنی تحریک کے مرکز سے گرفتار ملزمان نے قتل ،بھتہ خوری اورجلاؤ گھیراؤ کا اعتراف کرلیا ، رینجرز نے نوے روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا۔

    رینجرزنے رواں سال اٹھارہ جولائی کو سنی تحریک کے دفترسے گرفتارکیے گئے ملزمان کو نوے روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔

    گرفتار ملزمان قتل، اقدام قتل، کاروباری شخصیات سے جبری فطرانہ وصولی،چندہ اورکھالیں چھیننے جیسی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

    ملزم جواد عرف واجہ قتل کی چودہ وارداتوں میں ملوث رہا ہے،ملزم زبیرعلی منصوری تیرہ قتل، سات ڈکیتی اوربھتہ خوری سمیت دیگرسنگین جرائم میں ملوث رہاہے۔

    سلیمان عرف موچی قتل کی نو، جلاؤ گھیراؤ، بھتہ خوری سمیت دیگروارداتوں میں ملوث ہے،محمد عالم عرف بابا ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا انچارج اور تیرہ وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

  • ملکی سلامتی داؤ پرلگی ہوئی ہے، ثروت اعجاز قادری

    ملکی سلامتی داؤ پرلگی ہوئی ہے، ثروت اعجاز قادری

    سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے ملکی سلامتی داؤ پرلگی ہوئی ہے دہشتگردوں کے خلاف غیر معمولی اقدامات کرنا ہونگے۔

    کراچی سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھاحکومت دہشتگردوں سے مذاکرات کی سیج سجانے کے بجائے ان کے خلاف اعلان جہاد کرے۔

    ان کا کہنا تھا حکومت ملک کے مفاد میں آگے بڑھ کر سخت فیصلے کرے پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ساتھ دے گی۔ دہشتگردوں سے مذاکرات کی بات اسلام کی تعلیمات اورملک کے آئین سے روگردانی ہے۔
       

  • صرف دو مکتبِ فکر ہیں ایک میلادی ،ایک فسادی ، ثروت اعجاز قادری

    صرف دو مکتبِ فکر ہیں ایک میلادی ،ایک فسادی ، ثروت اعجاز قادری

    دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں عید میلاد النبی کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں اور عاشقان ِ محمد صلی علیہ وآلہ وسلم مذہبی جو ش و خروش سے اس دن کو منانے کی تیاری کررہے ہیں، اسی حوالے سے اے آروائی نیوز (ویب ڈیسک ) نے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری سے انکی رہائشگاہ ''قادری ہاوٗس" پر خصوصی ملاقات کی۔

    ثروت اعجاز قادری نے اےآر وائی نیوز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے سب سے پہلے تو عالمِ اسلام کو ربیع الاول کی مبارک باد دی اس کے بعد اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ تم میں سے کوئی بھی اس وقت تک کامل مومن نہیں ہوسکتا جب تک سرکارِختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ صلی علیہ وآلہ وسلم کی ذات تمھیں اپنے جان و مال ، اولاد اور ہر چیز سے بڑھ کر عزیز نہ ہوجائے، انکا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل دور ہے اور اس دور میں رسول اکرم صلی علیہ وآلہ وسلم کا ذکر عام کیا جائے تا کہ امن کا پیغام عام ہو۔

      اس موقع پر انھوں نے قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیا کہ اے ایمان والوں!اللہ اور اسکے فرشتے نبی اکرم  صلی علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجتے ہیں اس لئے تم بھی آپ صلی علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجا کرو۔

    سیکیورٹی سے متعلق سوال پر انھوں نے گہرے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہ تمام متعلقہ اداروں ، حکومت اور گورنر سندھ نے سیکیورٹی دینے کا وعدہ تو کیا تھا لیکن جب وہ گزشتہ رات مختلف ریلیوں اور محافل میلاد میں شریک ہوئے تو ان کو سیکیورٹی کے انتظامات کہیں نظر نہیں آئے اور عوام فقط اللہ  پر توکل کرکے محافل اور ریلیوں میں شریک ہورہے ہیں۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کی سالگرہ پر تو  تین تین دن تک سی این جی بند نہیں کی جاتی لیکن 12 ربیع الاول کے موقع پر متعلقہ اداروں نے وعدے کے باجود سی این جی کھلی نہیں رکھی۔

    جب ان سے نعت خوانی کے بدلتے ہوئے رحجانات کے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں جواب دیا کہ بالکل !یہ تو اللہ اور رسول کا ذکر ہے اور اس میں شریعت کے تقاضوں کو اور ادب واحترام کے پہلو کو بالخصوص مد نظر رکھنا چاہیئے۔

    طالبان سےمذاکرات کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دہشت گرد ہیں اور پاکستان کے آئین ، قانون اور حکومتی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں اور ان سے کسی بھی قسم کا کوئی معاہدہ کرنے سے پہلے لازمی ہے کہ وہ ہتھیار رکھ کر بات کریں، لیکن چوہدری اسلم کی شہادت کے واقعے سے ان کے عزائم واضح ہورہے ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے طالبان کے حامیوں پر مشتمل اے پی سی تو بلا لی لیکن جن کے لوگ شہید ہوئے ہیں جو دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں ان کی بات کون کرے گا، ان سے بھی تو کوئی بات کرے، حکومت کو خیال کرنا چاہیئے کہ وزیر اعظم تو سارے ملک کی عوام کے ہیں۔

    انکا کہنا تھا کہ قرآن پاک میں سورہ مائدہ میں آیت نمبر 33 میں اللہ نے صاف صاف فرمادیا ہے کہ ''جو لوگ فساد فی الارض میں ملوث ہیں ان کا ایک ہاتھ اور ایک پاوٗں قطع کردیا جائے" تو یہ اللہ کی جانب سےحتمی فیصلہ ہے اور حکومت کو چاہئے کہ اس پر عمل کرکے ملک بھر میں حکومتی رٹ قائم کی جائے۔

    ربیع الاول کے موقع پر عالم اسلام کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ دن تو امن، محبت اور پیار کا دن ہے نبی کریم صلی علیہ وآلہ وسلم صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ تمام انسانیت کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں، اس کی تاریخی مثال آپ کا اپنا دور ہے کہ غزوہ بدر سے لے کر غزوہ تبوک تک کل 300 کافر قتل ہوئے،  مدینے میں کافر بھی تھے یہودی بھی تھے، مسلمان بھی لیکن سب امن کے ساتھ رہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام ان مشکل حالات میں بھی اپنے بچوں اور عورتوں کے ساتھ محافل اور جلوس میں شرکت کرکے دہشت گردوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ وہ خوفزدہ نہیں ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سب کو سمجھنا ہوگا کہ بین المسالک انتشار کا باعث یہود و ہنود کے ایجنٹ ہیں حکومت کو چاہئے کہ ان کی فنڈنگ روکے، ان کے راستے بند کرے، ان کا کہنا تھا کہ مسالک کے درمیان کوئی واضح اختلاف نہیں ہے، صرف دو گروہ ہیں ایک میلادی اور دوسرا فسادی، اب حکومت کا کام ہے کہ وہ میلادیوں کو تحفظ دے اور فسادیوں کو مزید انتشار پھیلانے سے روکے۔ 
            

  • آئین، ملک و قوم کو گالیاں د ینے والوں سے بات ہوتی ہے، ثروت اعجاز قادری

    آئین، ملک و قوم کو گالیاں د ینے والوں سے بات ہوتی ہے، ثروت اعجاز قادری

    سنی تحریک کے رہنما ثروت اعجاز قادری کا کہنا ہے کہ پاکستان، آئین، پارلیمنٹ اور عوام کو گالیاں دینے والوں سے بات چیت ہوتی ہے کیونکہ سب ان سے ڈرتے ہیں ۔۔ لگتا ہے قانون صرف طاقتور لوگوں کی حفاظت کے لیے ہے، وہ نشتر پارک میں جانثاران مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔

    نشتر پارک کراچی میں منعقدہ ”پاکستان بچاؤ جانثاران مصطفیﷺ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امریکا، سعودیہ اور دیگر ممالک کے ادارے بناتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ربیع الاول کے بعد سنی تحریک مہنگائی اور دہشتگرد تنظیموں کے خلاف اپنے حتمی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔اور 12 ربیع الاول تک ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

    ہم عوامی تحریک کی 6 جنوری کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال تک ممتاز قادری کا فیصلہ نہ ہوا تو اس کا فیصلہ اب سنی خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے زبان، مذہب، لسان، مسلک کی بنیاد پر ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں ان کا احتساب ہونا چاہیئے۔

    آج تک عدالتوں نے نشتر پارک اور سنی تحریک کے قائد کے قتل کا سوموٹو نہیں لیا لیکن اب نئے چیف جسٹس آف پاکستان سے امید ہے کہ وہ سانحہ نشتر پارک پر سوموٹو ایکشن ضرور لیں گےکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ پاکستان کو 65 سال قبل ہمارے علماء کرام اور مشائخ عظام نے حاصل کیا اور اس کا نام بھی اکابرین نے رکھا ہے۔

     

  • پاکستان عالمی طاقتوں کی سازشوں کا مرکز بن گیاہے، ثروت اعجاز قادری

    پاکستان عالمی طاقتوں کی سازشوں کا مرکز بن گیاہے، ثروت اعجاز قادری

    پاکستان سُنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی طاقتوں کی سازشوں کا مرکز بن گیاہے،ملک کی پالیسیاں بیرونی طاقتیں بنارہی ہیں۔

    کراچی میں فکر رضاریلی سے خطاب کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات پاکستان اور اسلام کو بدنام کرنے کی ناپاک کوشش ہے،،ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ 5جنوری کو نشترپارک میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اورملک میں حقیقی اسلامی نظام کے قیام عدل وانصاف کی بالادستی امن کا گہوارہ بنانے کیلئے عوام بھرپور شرکت کریں۔

    انہوں نے کہاکہ پاکستان سنی تحریک اپنے اسلاف کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک کی ترقی،خوشحالی اور امن کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ۔عید میلا دالنبی ﷺ کے تمام جلوس اپنے طے شدہ راستوں سے ہی گزریں گے۔عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

    کالعدم مذہبی جماعتیں دہشت گردوں کیساتھ مل کر ملک میں خانہ جنگی کے حالات پیدا کر رہی ہیں۔ربیع الاول میں تحریری،تقریری اشتعال انگیز مواد پر پابندی لگائی جائے۔ پا کستان میں فرقہ وارانہ ،لسانی اور سیاسی کشیدگیاں بڑھانے کی ہر سازش کو مل کر ناکام بنا نا ہو گا۔