Tag: سن بلاک

  • سورج کی تپش سے بچنے کیلئے سن بلاک بنانے کا آسان نسخہ

    سورج کی تپش سے بچنے کیلئے سن بلاک بنانے کا آسان نسخہ

    زمین کا درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے اور سورج بھی اپنی گرمی خوب برسا رہا ہے، گرمی کی وجہ سے نہ صرف ہماری طبیعت بے چین ہوجاتی ہے بلکہ جلد بھی بری طرح جھلس جاتی ہے۔

    اپنی جلد کو سورج کی تپش سے جھلسنے  سے بچانے کا واحد حل سن بلاک ہے جس کا مشورہ دنیا بھر کے ڈرماٹولوجسٹ دیتے ہیں، لیکن آج ہم آپ کو ایک آسان نسخہ بتائیں گے جو آپ روز کسی بھی وقت اس کا استعمال کرسکتے ہیں۔

     کھیرا اور میٹھا سوڈا

    کھیرا ایک ایسی سبزی ہے جسے کھانے کے بے شمار فوائد ہیں، کھیرے کے رس کو جلد پر استعمال کرنے کے بے شمار فوائد ہیں جس سے آپ آج تک ناواقف ہوں گے۔

    کھیرا دھوپ سے جھلسنے والی جلد کے رنگ کو ٹھیک کرتا ہے، اگر آپ بھی زیادہ دیر دھوپ میں رہتے ہیں اور اس وجہ سے آپ کی جلد متاثر ہوگئی ہے تو آپ بھی یہ ٹوٹکا کیجیے۔

    سب سے پہلے آپ نے شیشے کے برتن میں عرقِ گلاب یا پانی بھی استعمال کرسکتے ہیں لیکن عرِق گلاب زیادہ بہتر ہے، اس کے بعد ایک کھیرے کو کاٹ کر برتن میں ڈال دیں اور اوپر سے میٹھا سوڈا لیں گے۔

    اس کے بعد آپ اسے فریج میں رکھ دیں، پھر جب آپ باہر سے آتے ہیں تو اس میں سے ایک کھیرے کا سلائس نکال کر اس وقت استعمال کریں جب آپ کا پسینہ خشک ہوجائے، پھر 10منٹ تک اس ایک سلائس سے اپنے پورے چہرے کا مساج کرنا ہے۔

    ایسا کرنے سے جھلسنے والی جلد ٹھیک ہو جائے گی، کھیرا آپ کی جلد کو چمکدار اور شاداب بنا دیتا ہے اگر آپ بھی خوبوصورت اور چمکدار جلد چاہتے ہیں تو اس نسخے کا ضرور استعمال کریں۔

    نوٹ: اگر آپ کا چہرہ سورج کی وجہ سے زیادہ متاثرہ ہوتا ہے تو آپ اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

  • سن اسکرین سمندری حیات کے لیے نقصان دہ

    سن اسکرین سمندری حیات کے لیے نقصان دہ

    موسم گرما میں دھوپ سے بچاؤ کے لیے سن اسکرین یا سن بلاک کا استعمال ایک عام سی بات ہے اور یہ ہمارے لیے تو بے ضرر ہے تاہم سمندری حیات کے لیے یہ نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

    اگر آپ ساحل سمندر پر پکنک منانے جارہے ہیں اور جانے سے قبل آپ نے بہت سا سن اسکرین استعمال کیا ہے، تو یاد رکھیں پانی میں جانے کے صرف 20 منٹ کے اندر آپ کی جلد پر لگا آدھے سے زیادہ سن اسکرین پانی میں گھل جائے گا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی میں جانے کے بعد یہ سن اسکرین سمندری حیات کے لیے زہر قاتل ثابت ہوسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سن اسکرین کا سب سے پہلا شکار مونگے کی چٹانیں بنتی ہیں۔

    ان چٹانوں کا رنگ اور مخصوص ماحول یہاں رہنے والی آبی حیات کے لیے نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ ان آبی حیات کو رنگ، آکسیجن اور غذا فراہم کرتے ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق ہر سال 14 ہزار میٹرک ٹن سن اسکرین ان چٹانوں پر جم جاتا ہے۔ چٹانوں پر جم جانے والے اس سن اسکرین کا وزن 3 ہزار ہاتھیوں کے جتنا ہوتا ہے۔

    سن اسکرین میں موجود دھوپ سے بچانے والے کیمیکل یو وی پروٹیکشن میں شامل ایک جز بینزو فنون ان نباتاتی چٹانوں کو سخت کردیتا ہے جس کے باعث یہ مزید افزائش نہیں پاسکتے۔

    علاوہ ازیں یہ ایک خوردبینی کائی کو بھی متاثر کرتے ہیں جو ان چٹانوں کی افزائش کے لیے ضروری ہے۔ نتیجتاً یہ چٹانیں اپنا رنگ کھونے لگتی ہیں جس کے بعد ان کے مردہ ہونے کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔

    سن اسکرین کا اگلا شکارفائٹو پلنکٹن نامی کائی بنتی ہے۔ یہ کائی سمندر کی فوڈ چین کا بنیادی جز ہے۔ اس کائی کے متاثر ہونے سے سمندر میں موجود تمام جانداروں کی غذا متاثر ہوتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دھوپ کی تابکار شعاعیں جلدی کینسر میں بھی مبتلا کرسکتی ہیں چنانچہ سن اسکرین کا استعمال ازحد ضروری ہے تاہم سمندری حیات پر اس کے نقصانات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔

  • دھوپ سے بچانے کے لیے سن اسکرین کی مخصوص مقدار ضروری

    دھوپ سے بچانے کے لیے سن اسکرین کی مخصوص مقدار ضروری

    کیا آپ دھوپ میں نکلنے سے قبل سن اسکرین یا سن بلاک استعمال کرتے ہیں؟ اگر آپ اس عادت پر کاربند نہیں تو جان جائیں کہ آپ اپنے آپ کو شدید قسم کے خطرات کے حوالے کر رہے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج کی بنفشی یا الٹرا وائلٹ شعاعیں ہمیں جلد کے کینسر میں مبتلا کر سکتی ہیں اور ڈاکٹرز سختی سے ہدایت کرتے ہیں کہ دھوپ میں نکلنے سے قبل سن اسکرین کا استعمال ضرور کریں۔

    یہی نہیں بغیر سن اسکرین کے مستقل دھوپ میں وقت گزارنا جلد کو قبل از وقت بوڑھا کرسکتا ہے اور چہرے پر جھریاں نمودار ہوسکتی ہیں۔

    sun-screen-2

    لیکن ماہرین کا ماننا ہے کہ لوگ سن اسکرین استعمال کرنے کی ہدایت کو اس سنجیدگی سے نہیں لے رہے جس سے انہیں لینا چاہیئے۔ زیادہ تر لوگ سن اسکرین استعمال تو کرتے ہیں مگر اس کی اتنی مقدار نہیں لگاتے جو انہیں دھوپ سے تحفظ فراہم کرسکے۔

    بہت سے لوگ اس کا استعمال ہی نہیں کرتے کیونکہ وہ اپنی جلد کے مطابق سن اسکرین نہیں ڈھونڈ پاتے یا پھر وہ ان کی خرید استطاعت سے باہر ہوتا ہے۔

    امریکا میں اس حوالے سے کیے جانے والے ایک سروے کے مطابق 156 ڈرماٹولوجسٹ (ماہر جلدی امراض) نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایک اچھا سن اسکرین چہرے کی جھریوں اور قبل از وقت جلد کو بوڑھا ہونے سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں: دھوپ سے جھلسی ہوئی جلد سے نجات حاصل کرنے کا طریقہ

    ان میں سے 97 فیصد نے اس بات کی بھی تصدیق کی یہ جلدی کینسر کے خطرے میں بھی کمی کرتا ہے۔

    البتہ ان میں سے 99 فیصد نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ لوگ سن اسکرین کی مطلوبہ مقدار استعمال نہیں کرتے جس کے باعث وہ اس کے فوائد سے محروم رہتے ہیں۔

    امریکی ماہرین نے بتایا کہ جلدی کینسر کے علاوہ، دھوپ میں زیادہ وقت گزارنے سے یا دھوپ کے براہ راست جلد پر پڑنے سے جلد کے اندرونی خلیات تباہ ہونے لگتے ہیں اور یوں جلد بوسیدہ ہوجاتی ہے۔

    ایک سروے میں دیکھا گیا کہ وہ خواتین جو دھوپ میں کم وقت گزارتی تھیں یا دھوپ میں نکلتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرتی تھیں ان کی جلد پر نہ صرف جھریاں کم تھیں بلکہ ان کی جلد خوبصورت اور جوان بھی تھی۔

    ڈاکٹرز کے مطابق اپنی جلد کے مطابق سن اسکرین کا انتخاب کرنے کے لیے ڈاکٹرز سے مشورہ ضرور کریں تاکہ آپ سن اسکرین کے فوائد اٹھا سکیں۔

    یہی نہیں دھوپ میں نکلنے سے قبل سن اسکرین کے ساتھ ساتھ دیگر احتیاطی تدابیر بھی اختیار کریں جیسے سن گلاسز، سر پر اسکارف یا چھتری اور دھوپ سے بچاؤ دینے والے کپڑے، تاکہ آپ دھوپ کے نقصانات سے محفوظ رہ سکیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔