Tag: سوئمنگ پول

  • دبئی میں سیاحوں کے لیے ایک اور تفریحی سہولت بحال

    دبئی میں سیاحوں کے لیے ایک اور تفریحی سہولت بحال

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہروں میں کرونا وائرس کا لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد تفریحی سرگرمیاں بحال کی جارہی ہیں، ابو ظہبی میں سوئمنگ پولز اور دبئی میں شیشہ کیفیز کھول دیے گئے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق ابو ظہبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت نے ہوٹلوں کو 18 شرائط کے ساتھ سوئمنگ پول عام افراد کے لیے کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

    محکمہ ثقافت و سیاحت نے جو شرائط مقرر کی ہیں ان کا تعلق احتیاطی تدابیر سے ہے جن کے مطابق تمام ملازمین اور سوئمنگ گائیڈز کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرنا ہوگا، اور ہر 15 دن میں کرونا وائرس ٹیسٹ ضروری ہوگا۔

    شرائط کے مطابق سوئمنگ پول گنجائش سے 50 فیصد تک ہی استعمال کیا جا سکے گا، اس حوالے سے تفصیلات بورڈ پر تحریر کرنا ہوں گی۔

    سوئمنگ پول کے استعمال سے قبل سیاحوں، عملے اور ٹھیکیداروں کا بھی درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔ ایسے کسی بھی شخص کو جس میں انفلوائنزا کی علامتیں نظر آرہی ہوں، سوئمنگ پول استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    آفتابی بستروں کے درمیان 2 میٹر کا فاصلہ ضروری ہوگا، فرش پر سماجی فاصلے کی علامتیں لگانا ہوں گی، سیاحوں کو 2 میٹر سے کم کے فاصلے پر ملنے جلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    دوسری جانب دبئی میں بھی بلدیہ نے شیشے اور تمباکو کے لیے مخصوص مقامات کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے, بلدیہ نے شیشہ اور تمباکو کی بحالی کے لیے حفاظتی تدابیر کی پابندی کو لازمی کیا ہے۔

    دبئی بلدیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی گاہک کو شیشہ پیش کرنے سے قبل صفائی اور سینی ٹائزنگ ضروری ہوگی، شیشے کے پائپ ایسے ہوں جو ایک ہی بار استعمال ہوتے ہوں۔

    حکام کے مطابق ہر گاہک کے بعد شیشے کا پانی بدلنا ہوگا، شیشہ پیش کرنے سے قبل ملازم کو اجازت نہیں ہوگی کہ وہ شیشہ چیک کرے۔

  • وہ مقامات جو کرونا وائرس کے حوالے سے خطرناک ترین ہوسکتے ہیں

    وہ مقامات جو کرونا وائرس کے حوالے سے خطرناک ترین ہوسکتے ہیں

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور کئی مہینوں تک کاروبار زندگی معطل رہنے کے بعد اب آہستہ آہستہ معمولات زندگی بحال ہورہے ہیں۔

    ایسے میں گھر سے باہر نکلتے ہوئے احتیاطی اقدامات اپنانے جیسے ماسک پہننے اور 6 فٹ کا فاصلہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ان مقامات سے گریز کرنے کی بھی ضرورت ہے جو جراثیم اور وائرسز کا گڑھ ہوسکتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں رسکی اور خطرناک جگہیں وہ ہیں جو بند ہوں اور جہاں تازہ ہوا کا گزر نہ ہو۔ ایسے مقامات بند ہونے ساتھ ساتھ وہاں بیک وقت بہت سے افراد موجود ہوتے ہیں جس سے وہاں کی ہوا آلودہ ہوجاتی ہے۔

    یہ ہوا مختلف جراثیم کی افزائش کے لیے موزوں ترین ہے اور یہاں چند منٹ گزارنا بھی کسی شخص کو وائرل انفیکشنز کا شکار بنا سکتا ہے۔

    اب جب کہ زندگی کی مصروفیات پھر سے بحال ہورہی ہیں تو ماہرین کے مطابق کچھ مقامات سے گریز کرنے کی ضرورت ہے۔

    سینما / تھیٹرز

    کرونا وائرس کے آغاز پر سب سے پہلے تھیٹرز کو بند کیا گیا تھا۔ تھیٹرز ویسے بھی بند ہوتے ہیں اور ان میں تازہ ہوا کا گزر نہیں ہوتا چنانچہ انہیں کھولے جانے کے بعد بھی یہ ایک عرصے تک مختلف جراثیم اور وائرسز کا گھر بنے رہیں گے۔

    علاوہ ازیں تھیٹرز میں 6 فٹ کا سماجی فاصلہ اور کم افراد کو جمع کرنے کا اصول بھی نہیں اپنایا جاسکتا لہٰذا اگر یہ کھل بھی جائیں تب بھی کچھ عرصے یہاں سے دور رہنا ہی بہتر ہوگا۔

    سیلونز / بیوٹی پارلرز / نائی کی دکانیں

    مذکورہ بالا مقامات کئی مہینوں سے بند ہیں لہٰذا لوگوں کو ان کی سخت ضرورت محسوس ہورہی ہوگی۔ تاہم دھیان رہے کہ سیلونز، بیوٹی پارلرز اور نائی کی دکانوں میں بھی چھوٹی سی جگہ میں کئی افراد جمع ہوتے ہیں لہٰذا یہاں کی ہوا سخت آلودہ ہوگی۔

    علاوہ ازیں یہاں استعمال کیے جانے والے اوزار اور آلات بھی بیک وقت کئی لوگوں پر استعمال کیے جاتے ہیں جس کے باعث یہ وائرس کی منتقلی کا بہترین ذریعہ بن جاتے ہیں۔

    پبلک ٹرانسپورٹ

    پبلک ٹرانسپورٹ کسی ملک کی بڑی آبادی کا ذریعہ سفر ہوتا ہے اور اسی وجہ سے یہ موجود حالات میں خطرناک ترین مقام کی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔

    ماہرین متنبہ کرچکے ہیں کہ کرونا وائرس کسی سطح پر 9 دن تک زندہ رہ سکتا ہے، ایسے میں بسوں یا ٹرین کے پولز، سیٹیں، دروازے اور دروازوں کے ہینڈل اس وائرس کا گڑھ ہوسکتے ہیں۔

    سوئمنگ پولز

    تفریحی مقامات، ہوٹلز یا ریزورٹس اور ان کے سوئمنگ پولز بھی کافی عرصے سے بند ہیں اور ان کی باقاعدگی سے صفائی کا خیال، صرف گمان ہی ہوسکتا ہے۔

    سوئمنگ پولز عام حالات بھی سخت صفائی کے متقاضی ہوتے ہیں اور صفائی نہ ہونے کی صورت میں یہ تیراکی کرنے والوں کو بیمار کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں سوئمنگ پول میں اگر کوئی ایک شخص کوویڈ 19 کی معمولی ترین علامات بھی رکھتا ہو، تو پانی کے قطروں کے ذریعے یہ پول میں موجود تمام افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔

  • امریکی خاتون نے 3 سالہ بچے کو سوئمنگ پول میں پھینک دیا

    امریکی خاتون نے 3 سالہ بچے کو سوئمنگ پول میں پھینک دیا

    امریکا میں ایک خاتون نے نشے کی حالت میں 3 سالہ بچے کو گردن سے پکڑ کر سوئمنگ پول میں پھینک دیا، خوش قسمتی سے بچہ محفوظ رہا۔

    یہ واقعہ امریکی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں پیش آیا جہاں پولیس نے خاتون کو چائلڈ ابیوز کے الزام میں گرفتار کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 33 سالہ ایشٹن ہیڈنز اس وقت نشے کی حالت میں تھیں جب وہ اپنی حوالگی میں موجود ایک 3 سالہ بچے کو سوئمنگ پول کے قریب لے گئیں۔

    پولیس کے مطابق بچے نے ان سے کہا کہ مجھے تیرنا نہیں آتا جس کے بعد خاتون نے بچے کو گردن سے پکڑا اور سوئمنگ پول میں پھینک دیا۔

    میڈیکس کی جانچ کے دوران بچے کی گردن پر ناخنوں کے نشانات بھی پائے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون کا تعلق امریکی ریاست پنسلوینیا سے ہے جو کام کے سلسلے میں سینٹ پیٹرز برگ آئیں۔ دوران حراست انہوں نے پولیس سے تعاون بھی نہیں کیا۔

    واقعے میں بچہ خوش قسمتی سے محفوظ رہا جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے۔

  • گھر کے سوئمنگ پول میں تیرتے مگرمچھ نے سب کو خوف زدہ کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    گھر کے سوئمنگ پول میں تیرتے مگرمچھ نے سب کو خوف زدہ کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک گھر کے سوئمنگ پول میں تیرتے مگرمچھ نے گھر والوں کو خوف زدہ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا کی کاؤنٹی ہلزبورف میں ایک مگرمچھ گھر میں گھس کر عقبی صحن میں بنے سوئمنگ پول میں تیراکی کے مزے لینے لگا، تاہم گھر والے اسے دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے۔

    گھر کے مالک کارلوس ریورا کا کہنا تھا کہ اس نے دیکھا کہ عقبی صحن کے پول میں ایک مگرمچھ مزے سے تیر رہا ہے، اس نے فوراً گھر کے دیگر افراد کو خبردار کر دیا کہ سوئمنگ پول میں مگرمچھ ہے، تاہم سب یہ سمجھے کہ وہ مزاق کر رہا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کارلوس ریورا نے کہا فیملی کے دوسرے افراد کو یقین نہیں آیا، تاہم جب انھوں نے دیکھا تو سب خوف زدہ ہو گئے، پھر میں نے اپنی بیٹی ویرونیکا اور اس کے دوست کی مدد سے مگرمچھ کو نکالنے کا فیصلہ کیا۔

    ریورا کے مطابق انھوں نے وائلڈ لائف حکام کو اطلاع نہیں دی، اور خود ہی مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی۔ بیٹی ویرونیکا نے بتایا کہ شروع میں ہم مگرمچھ کو دیکھ کر پریشان ہو گئے کہ کس سے مدد طلب کریں لیکن پھر اسے ایک بے بی مگرمچھ پا کر ہم نے اسے خود نکالنے کا فیصلہ کیا۔

    رپورٹ کے مطابق گھر والوں نے بے بی مگرمچھ کو پکڑ کر کچرے کے ایک بڑے ڈبے میں ڈالا اور پھر قریب میں موجود تالاب میں چھوڑ دیا، جہاں مگرمچھ رہتے آ رہے ہیں۔

  • والدین کی غفلت گھریلو پارٹی میں قیامت ڈھا گئی

    والدین کی غفلت گھریلو پارٹی میں قیامت ڈھا گئی

    ایریزونا: امریکی ریاست ایریزونا کے ایک شہر گلینڈل میں والدین کی غفلت نے 3 سالہ معصوم بچے کی جان لے لی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایریزونا امریکا کے علاقے گلینڈل میں ایک تین سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈوب کر مر گئی، جب کہ اس کے والدین ایک دوسرے بچے کے ساتھ مصروف رہے۔

    یہ افسوس ناک واقعہ اتوار کو پیش آیا، گلینڈل فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق انھیں ایک بچی کے ڈوبنے کی اطلاع ملی، جب وہ جائے وقوع پر پہنچے تو بچی بے ہوش اور اس کے دل کی دھڑکن خاموش تھی، گھر میں ایک پارٹی چل رہی تھی جس میں بارہ افراد شریک ہوئے تھے، لیکن لڑکی جب پول میں گری تو بدقسمتی سے کسی کو بھی اس کی خبر نہ ہو سکی۔

    بتایا گیا کہ جس وقت تین سالہ بچی پھسل کر سوئمنگ پول میں گری تھی اس وقت اس کی فیملی کی توجہ ایک اور بچے نے اپنی طرف مبذول کرا رکھی تھی، جس کی وجہ سے بچی کے پانی میں گرنے کا کوئی نوٹس نہ لے سکا۔

    ماں کی غفلت، ہولناک حادثے میں جڑواں بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں

    حکام کے مطابق گھر کے پائیں باغ میں سوئمنگ پول کے گرد کوئی حفاظتی جنگلہ نہیں تھا، جب کافی دیر بعد بچی کو پانی سے نکالا گیا تو ایک پڑوسی نرس نے موقع پر آ کر طبی عملہ پہنچنے تک بچی کا سی پی آر (سانس بحال کرنے کا طریقہ کار) کیا، تاہم جب طبی عملہ پہنچا تو بچی بے حس و حرکت تھی۔ جس پر اسے فوراً اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ چند گھنٹے بعد مر گئی۔

    حکام نے واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو یہ یاد دلانے کا مناسب موقع ہے کہ ایسی پارٹیوں میں پانی پر کسی ایک شخص کی ذمہ داری لگانی چاہیے، تاکہ وہ مسلسل اس پر نگاہ رکھ سکے، کیوں کہ کسی بچے کو پانی میں گر کر غائب ہونے میں محض چند سیکنڈز ہی لگتے ہیں۔

    حکام نے تحقیقات کے بعد کہا کہ والدین کے خلاف کوئی کریمنل چارجز نہیں لگائے جا رہے ہیں۔

  • گھر کے سوئمنگ پول میں 9 فٹ لمبے مگر مچھ کی آمد

    گھر کے سوئمنگ پول میں 9 فٹ لمبے مگر مچھ کی آمد

    نیویارک: امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک گھر میں موجود سوئمنگ پول میں مگرمچھ داخل ہوا جسے دیکھ کر مکین خوف زدہ ہوگئے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع گھر کے سوئمنگ پول میں 9 فٹ لمبا مگر مچھ داخل ہوا اور پانی میں تیرنے لگا۔ رپورٹ کے مطابق اہل خانہ اُس وقت خوفزدہ ہوئے جب انہوں نے مگر مچھ کو ڈبکیاں لگاتے دیکھا۔

    اہل خانہ نے مگر مچھ کو دیکھنے کے بعد کمرے میں بیٹھنے کو ہی عافیت جانا اور ریسکیو ادارے کو بن بلائے مہمان کی آمد کی اطلاع دی۔

    محکمہ جنگلی حیات کے افسران اور ریسکیو ادارے کے اہلکار اہل خانہ کی پریشانی سُن کر فوری طور پر پہنچے اور اُن میں سے ایک نوجوان نے مگرمچھ کو دیکھتے ہی سوئمنگ پول میں چھلانگ لگادی۔

    حیران کن طور پر ریسکیو اہلکار مگر مچھ کے ساتھ کھیلتا رہا اور اُس نے موقع غنیمت جان کر بن بلائے مہمان کو قابو کیا، بعد ازاں اُسے کاندھے پر اٹھا کر باہر نکالا اور ٹرک میں ڈال دیا۔

    اہلکار کی جواں مردی کو دیکھ کر  گھر کے مکین بھی حیران رہ گئے۔

  • اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوبنے والے بچے کی نماز جنازہ، والدہ کو غشی کے دورے

    اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوبنے والے بچے کی نماز جنازہ، والدہ کو غشی کے دورے

    کراچی : نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے گیارہ سالہ عثمان کو سپرد خاک کردیا گیا، متوفی کے والد نے بچے کی موت کا ذمہ دار حبیب پبلک اسکول کو ٹھہرایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے حبیب پبلک اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق بچے کی نماز جنازہ گلستان جوہر میں ادا کی گئی۔

    گیارہ سال کے عثمان کی موت پر والدہ کو غشی کے دورے پڑ رہے ہیں دادی کا بھی رو رو کر بُرا حال ہے۔ عثمان کے والد ذیشان درانی کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا اسکول انتظامیہ کی غفلت کے باعث سوئمنگ پول میں ڈوبا۔

    دوسری جانب پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسکول کے دو سوئمنگ انسٹرکٹر گرفتار کرلیے، رجسٹرار سندھ پرائیویٹ اسکولز رفیعہ ملاح کا کہنا ہے کہ اسکول کی رجسٹریشن کینسل کرنا پڑی تو کریں گے۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق جس وقت عثمان ڈوبا اس وقت کوئی انسٹرکٹر وہاں موجود نہیں تھا۔ عثمان کو چار سے پانچ منٹ بعد پول سے نکالا گیا۔

    دوسری جانب اس حوالے سے اسکول انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ افسوس ناک واقعہ پر ہم ذیشان کے اہل خانہ کے دکھ میں ان کے ساتھ ہیں اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ انتظامیہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ اسکول میں زیر تعلیم ہر بچے کی حفاظت ان کی ذمہ داری ہے۔

    مزید پڑھیں: اسکول کے پول میں بچے کی ہلاکت: وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • عجمان، اماراتی نوجوان سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    عجمان، اماراتی نوجوان سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    عجمان: متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں اماراتی نوجوان سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں جم کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر اماراتی نوجوان جاں بحق ہوگیا، واقعے کا ذمہ دار جم کے کوچ کو قرار دیا جارہا ہے۔

    عجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اماراتی نوجوان کے جاں بحق ہونے کا کیس سرکاری وکیل کے سپرد کردیا گیا ہے۔

    پولیس نے تیراکی کے کوچ کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیا جبکہ اماراتی نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    عجمان پولیس چیف بریگیڈیئر عبداللہ احمد الحمرانی کا کہنا ہے کہ جمنازیم کا کوچ کسی دوسرے کام میں مصروف تھا جس کی وجہ سے اماراتی نوجوان کی موت واقع ہوئی۔

    مزید پڑھیں: تیراکی سیکھتے ہوئے 11 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر ہلاک

    رپورٹ کے مطابق مقتول تیراکی نہیں جانتا تھا اور کوچ کو جب واقعے کا علم ہوا تو نوجوان جاں بحق ہوچکا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شارجہ کے علاقے النہدا میں 11 سالہ بچہ تیراکی سیکھتے ہوئے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ شارجہ کے نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں چار سالہ طالب علم 14 نومبر کو ڈوب گیا تھا، اسکول انتظامیہ کو جب واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے بچے کو ایمبولینس کے ذریعے القاسمی اسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس جون میں دو بچے اُس وقت سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے جب والدین افطاری کرنے میں مصروف تھے۔

  • نیگلریا کا خطرناک جراثیم آپ کے گھر میں بھی ہوسکتا ہے

    نیگلریا کا خطرناک جراثیم آپ کے گھر میں بھی ہوسکتا ہے

    معروف ثنا خواں ذوالفقار علی حسینی دماغ کی سوزش کے مرض نیگلریا کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے، ماہرین نے اس موسم کے لیے نیگلیریا الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں جنرل فزیشن ڈاکٹر وجاہت نے گفتگو کرتے ہوئے اس مرض کے بارے میں بتایا۔ ڈاکٹر وجاہت کا کہنا تھا کہ یہ ایسا مرض ہے جو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیتا اور 2 سے 4 دن میں انسان کو موت کے منہ میں پہنچا دیتا ہے۔

    یہ مرض کس طرح اپنا شکار کرتا ہے؟

    ڈاکٹر وجاہت نے بتایا کہ نیگلیریا کا جراثیم بظاہر صاف دکھنے والے پانی میں موجود ہوتا ہے۔ وہ پانی جو میٹھا ہو، اور اس کا درجہ حرارت گرم ہو اس میں نیگلیریا کی موجودگی کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ یہ جراثیم سوئمنگ پولز اور جھیلوں سمیت دیگر کھڑے ہوئے پانیوں میں ہوسکتا ہے۔

    اگر اس پانی میں نہایا جائے تو یہ ناک کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے اور دماغ کو سوزش کے مرض میں مبتلا کردیتا ہے۔ 4 سے 5 دن میں دماغ آہستہ آہستہ ختم ہوجاتا ہے جس کے بعد مریض کی موت واقع ہوجاتی ہے۔

    علامات

    اس جراثیم کے حملہ آور ہونے کا فوری طور پر علم نہیں ہوتا، تاہم یاد رکھیں اس مرض کی علامات میں:

    جھیل یا سوئمنگ پول میں نہانے کے 2، 4 دن کے اندر سونگھنے کی صلاحیت میں تبدیلی آنا

    گردن توڑ بخار ہونا

    گردن میں اکڑ محسوس ہونا

    چڑچڑا پن محسوس ہونا

    اور الٹیاں ہونا شامل ہے۔

    یاد رکھیں

    مندرجہ بالا علامات اگر اس وقت محسوس ہوں جب 2 یا 3 دن قبل آپ کسی جھیل یا سوئمنگ پول میں نہائے ہوں تو فوری طور پر الرٹ ہوجائیں اور ڈاکٹر کے پاس پہنچیں۔

    ان علامات کے لیے گھریلو ٹوٹکے اپنانے سے گریز کریں۔

    اگر 2 سے 3 دن کے اندر اس مرض کی تشخیص ہوجائے اور علاج شروع کردیا جائے تو اس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

    احتیاطی تدابیر

    ماہرین کے مطابق گرم اور مرطوب موسم نیگلیریا جراثیم کی افزائش کے لیے موزوں ترین ہے چنانچہ اس موسم میں کھڑے پانی میں نہانے سے گریز کریں۔

    سوئمنگ کرتے ہوئے ناک کے لیے نوز پیڈز کا استعمال کریں۔

    پکنک پر جاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ جس پول میں نہا رہے ہیں اس میں کلورین کی مناسب مقدار موجود ہے۔ غیر محفوظ پولز کے قریب بھی نہ پھٹکیں۔

    کیا گھر میں بھی یہ جراثیم موجود ہوسکتا ہے؟

    ماہرین کے مطابق ہمارے گھروں میں آنے والا پانی بھی نہایت غیر محفوظ ذرائع سے ہم تک پہنچتا ہے چنانچہ اس میں بھی نیگلیریا کی موجودگی کا خطرہ ہوسکتا ہے۔

    اس سے بچنے کے لیے مرطوب موسم میں وضو کرتے ہوئے ناک میں ڈالنے کے لیے منرل واٹر یا ابلا ہوا پانی استعمال کریں۔

    گھر میں موجود پانی کے ذخائر میں مناسب مقدار میں کلورین شامل کریں۔

    کسی بھی قسم کے بخار کو معمولی مت سمجھیں اور فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

  • ابوظبی میں 2 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    ابوظبی میں 2 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 2 سالہ بچہ گھر کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی کے علاقے العین میں 2 سالہ بچہ کھیل کے دوران اچانک سوئمنگ پول میں ڈوب گیا، بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    ابوظبی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ والدین بچوں پر کڑی نگاہ رکھیں، اس طرح کے واقعات کا ہونا والدین کی لاپرواہی ظاہر کرتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ والدین سوئمنگ پول کی طرف جانے والے دروازوں کو بند رکھیں تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جاسکے۔

    مزید پڑھیں: دبئی میں تین سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی

    واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں دبئی کی رہائشی عمارت کے سوئمنگ پول میں تین سالہ جرمن بچی جاں بحق ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ شارجہ کے نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں چار سالہ طالب علم 14 نومبر کو ڈوب گیا تھا، اسکول انتظامیہ کو جب واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے بچے کو ایمبولینس کے ذریعے القاسمی اسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس جون میں دو بچے اس وقت سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے جب والدین افطاری کرنے میں مصروف تھے۔