Tag: سوئی

  • سوئی میں دیہاتیوں نے نایاب نسل کے تیندوے کو مار ڈالا

    سوئی میں دیہاتیوں نے نایاب نسل کے تیندوے کو مار ڈالا

    ڈیرہ بگٹی: بلوچستان کی تحصیل سوئی میں دیہاتیوں نے نایاب نسل کے ایک تیندوے کو مار ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے ایک نواحی علاقے میں دیہاتیوں نے ایک تیندوے کو دیکھنے کے بعد گھیر لیا، دیہاتیوں نے تیندوے کا اس کے غار تک پیچھا کیا اور آخرکار اسے ہلاک کر دیا۔

    مسلح افراد نے غار میں جانے والے تیندوے کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا اور اس کے بعد ویڈیو بھی بنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تیندوا ان کی بکریوں پر حملے کر رہا تھا۔

    ابتدائی طور پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نایاب جانور کے مارے جانے پر کوئی ایکشن لینے کی خبر سامنے نہیں آئی، تاہم مقامی لوگ سوشل میڈیا پر دیہاتیوں کی جانب سے نایاب جانور کو ہلاک کیے جانے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • انجکشن سے خوف زدہ افراد کے لیے ویکسین اسٹیکر

    انجکشن سے خوف زدہ افراد کے لیے ویکسین اسٹیکر

    نارتھ کیرولائنا: امریکی سائنس دانوں نے مائیکرو اسکوپک نیڈلز والا ایسا اسٹیکر تیار کیا ہے جسے ویکسین دینے کے لیے جلد پر لگایا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دو امریکی جامعات نے سوئی لگوانے سے خوف زدہ افراد کے لیے ویکسین سے بھرا ہوا پیوند نما اسٹیکر تیار کر لیا ہے، محققین کے مطابق یہ اسٹیکر ابتدائی آزمائش میں سوئی والی ویکسین سے بہتر اور مؤثر ثابت ہوا ہے۔

    اسٹینفرڈ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا چیپل ہِل کے تیار کردہ اسٹیکر میں بہت ساری باریک سوئیاں لگی ہوئی ہیں، جب انھیں جلد پر چپکایا جاتا ہے تو سوئیوں میں موجود ویکسین کی ڈوز جلد کے اندر سرایت کر جاتی ہے اور یوں ویکسین دینے کا عمل مکمل ہو جاتا ہے۔

    اس کا ایک فائدہ یہ ہے کہ جلد میں مدافعتی خلیات ہوتے ہیں جو عام طور پر ویکسین کا ہدف ہوتے ہیں، اس لیے یہ طریقہ روایتی طور پر ویکسین دینے سے کئی گنا بہتر ہے، اس کی تفصیلات پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع کی گئی۔

    یہ اسٹیکر مکمل طور پر تھری ڈی پرنٹر سے بنایا گیا ہے، ڈاک ٹکٹ جتنے پولیمر ٹکڑے پر باریک سوئیاں لگائی گئی ہیں، اس سے سوئی کی تکلیف کم ہوتی ہے اور ویکسین دینے کا عمل بھی تیز تر ہو جاتا ہے۔

    تحقیق کے سربراہ پروفیسر جوزف ڈی سائمن نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کی بدولت پوری دنیا میں لوگوں کو ویکسین کی کم، درمیانی یا زیادہ ڈوز لگائی جا سکتی ہے، اس کے لیے خاص مہارت کی ضرورت بھی نہیں اور سوئی کے خوف کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑتا، خود مریض بھی اسے استعمال کر سکتا ہے۔

  • کبوتر کی کھوپڑی میں سوئی آر پار پھنس گئی، جان بچانے کے لیے پیچیدہ آپریشن

    کبوتر کی کھوپڑی میں سوئی آر پار پھنس گئی، جان بچانے کے لیے پیچیدہ آپریشن

    لمبارڈی: اٹلی کے علاقے لمبارڈی کے شہر مونزا میں ایک کبوتر کی کھوپڑی میں سرنج کی سوئی آر پار پھنس گئی تھی، جس کا آپریشن کر کے کبوتر کو بچا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈارڈو نامی نر کبوتر کے بارے میں یہ اندازا لگایا گیا ہے کہ وہ کسی ظالم شخص کے ظلم کا تختہ مشق بنا تھا، جس نے اس کے سر میں سرنج کی 3 انچ لمبی سوئی چھبو دی تھی جو آر پار ہو گئی تاہم کبوتر کی خوش قسمتی تھی کہ ایک نازک آپریشن کے بعد سوئی نکال کر اسے بچا لیا گیا۔

    یہ کبوتر لمبارڈی کے شہر مونزا کے ویلا ریئل پارک میں دیکھا گیا تھا، لیکن دس دنوں تک پکڑے جانے سے بچا رہا، آخر کار بڑی کوششوں کے بعد مراکش سے تعلق رکھنے والے کتوں کے ایک ٹرینر سعید بائد نے اسے دو اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر پکڑ لیا۔

    کبوتر کو آکسیجن ماسک لگایا جا رہا ہے، سر میں آر پار گھسی ہوئی سوئی بھی واضح نظر آ رہی ہے

    سعید بائد نے مقامی اخبار کو بتایا کہ وہ روزانہ صبح 7 بجے پارک کھلنے پر وہاں پہنچ جاتے ہیں، انھوں نے کئی دنوں تک کبوتروں کے دو گروپس کی حرکات و سکنات نوٹ کیں، جس کبوتر کی کھوپڑی میں سوئی پھنسی تھی وہ دن میں تین مرتبہ خوراک کے لیے درخت سے نیچے اترتا تھا، اور دوسرے گروپ سے دور رہتا تھا، ہو سکتا ہے اس خوف کی وجہ سے کہ کوئی اس کے سر کو چھو نہ لے۔

    پیچیدہ آپریشن کے بعد کبوتر کی کھوپڑی سے نکالی گئی سرنج کی سوئی

    سعید کا کہنا تھا کہ انھوں نے بہت احتیاط کے ساتھ کئی دن تک کبوتر کو پکڑنے کی کوشش کی، آس پاس دوسرے لوگ بھی یہ مشن سمجھ گئے تھے، آخر کار پکڑے جانے کے بعد کبوتر کو جانوروں کے کلینک سرجری کے لیے لے جایا گیا۔

    اٹلی کے شہر میں رہائش پذیر، مراکش سے تعلق رکھنے والے کتوں کے ٹرینر سعید بائد

    انھوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے سوئی نے کبوتر کی آنکھ کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا تھا، یقیناً یہ سوئی کسی ظالم شخص نے اس کے سر میں قصداً چھبوئی ہوگی۔ کبوتر کا آپریشن کر کے سوئی نکالنے والے ویٹرنری ڈاکٹر ولیریا پیلیگرینو کا کہنا تھا کہ جب کبوتر ان کے پاس لایا گیا تو سوئی اس کی کھوپڑی کی سامنے والی ہڈی میں گھس کر پچھلی ہڈی سے باہر نکلی ہوئی تھی تاہم دماغ محفوظ رہا تھا۔

    ڈاکٹر نے کبوتر کے سر کے ایکسرے کے بعد پیچیدہ سرجری کی اور کامیابی کے ساتھ سوئی کو نکال لیا۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ دکھ کی بات یہ ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، ایسے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔

  • بلوچستان سرچ آپریشن، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

    بلوچستان سرچ آپریشن، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے نتیجے میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری اور حساس ادارے نے بلوچستان کے شہر سوئی کے علاقے درینجن اور غازی نالا میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔

    سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا ہے جو کہ شہر میں کسی بڑی دہشت گردی کی واردات میں استعمال ہونا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے برآمد شدہ اسلحہ و بارود میں 4 ٹن امونیم نائٹریٹ، 5 آئی ای ڈیز اور 4 ڈیٹو نیٹرز شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ کئی برس سے دہشت گردی کے واقعات عروج پر تھے تاہم آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال بہت بہتر ہے جب کہ ایف سی اور حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ تحویل میں لیے جانے کا عمل بھی جا ری ہے۔