Tag: سوئی گیس کمپنی

  • سوئی گیس کمپنی کا ظلم بڑھ گیا، 15 سے 23 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، بچے ناشتہ کیے بغیر اسکول جانے لگے

    کراچی: سوئی گیس کمپنی نے کراچی میں خواتین کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا ہے، مختلف علاقوں میں 15 سے 23 گھنٹے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بچے ناشتہ کیے بغیر اسکول جانے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں گیس کا شدید بحران جاری ہے، مختلف علاقوں میں گیس غائب ہو گئی ہے، شیرشاہ کے علاقے میں خواتین نے سڑکوں پر نکل کر ایس ایس جی سی کے خلاف شدید مظاہرہ کیا، اور کہا کہ پورا مہینہ گیس نہیں آئی، لیکن بل ہزاروں روپے کے بھیج دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ایس ایس جی سی نے گیس بلوں اور سلو میٹر کے نام پر گھریلو صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی لگا کر بھیج دیے ہیں، جب کہ سردیاں شروع ہوتے ہی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، اور چوبیس گھنٹوں میں صرف تین چار گھنٹوں ہی کے لیے گیس دی جاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس وقت کراچی کے علاقوں بلدیہ، اتحاد ٹاؤن، قائم خانی کالونی، شیر شاہ، سائٹ میٹروول، فرنٹیئر کالونی، گلبائی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں گیس کی 15 سے 23 گھنٹے کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    خواتین کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی مریض بنتی جا رہی ہیں، کیوں کہ وہ سارا دن چولہے کے پاس گیس کی آس میں بیٹھی رہتی ہیں اور گیس کا کچھ پتا نہیں چلتا۔

    سوئی گیس کمپنی نے بے بس خواتین کو آخر کار سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا ہے، کراچی کے علاقے شیرشاہ میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے تنگ خواتین اور بچے سوئی گیس کے دفتر پہنچ گئے، اور وہاں انھوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے۔

    خواتین سوئی گیس کے دفتر کا گیٹ زبردستی کھول کر اندر داخل ہو گئیں، اور دفتر کے اندر بھی شدید نعرے بازی کی، خواتین کا مؤقف تھا کہ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ دن میں 8 گھنٹے 3 وقت کھانا پکانے کے لیے گیس ملے گی، لیکن گیس ہوتی ہی نہیں توکھانا کیسے پکائیں، بچے ناشتے کیے بغیر بھوکے پیٹ اسکول چلے جاتے ہیں۔

    خواتین کا کہنا ہے کہ گیس آتی بھی ہے تو پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ چائے کا پانی تک گرم نہیں ہو سکتا، اس پر کھانا کیسے پکائیں، بہت سارے گھروں میں گیس پائپ لائنوں میں گیس کی بجائے پانی آ رہا ہے۔

    خواتین کا کہنا تھا کہ سوئی گیس کو متعدد بار گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پائپ لائنوں میں پانی آنے کی شکایات کی گئیں ہیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی، دوسری طرف حکومت کے کانوں پر بھی جوں نہیں رینگ رہی۔

  • کراچی: سوئی گیس کمپنی کی لاکھوں گیلن پانی چوری کی کوشش ناکام

    کراچی: سوئی گیس کمپنی کی لاکھوں گیلن پانی چوری کی کوشش ناکام

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 میں واٹر بورڈ کے انسداد پانی چوری سیل نے ایک کارروائی میں لاکھوں گیلن پانی چوری کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک سیون میں 4 انچ کی پائپ لائن کے ذریعے لاکھوں گیلن پانی چوری کیا جا رہا تھا۔

    انسداد پانی چوری سیل کے انچارج راشد صدیقی نے بتایا کہ گلشن اقبال بلاک 7 میں ایس ایس جی سی کی رہائشی کالونی میں غیر قانونی طریقے سے پانی کی لائنیں بچھائی گئی تھی۔

    انھوں نے کہا سوئی سدرن گیس کمپنی سے پانی کی لائنیں بچھانے سے متعلق اجازت نامہ طلب کیا گیا تو وہ بھی ان کے پاس موجود نہیں تھا۔

    راشد صدیقی کا کہنا تھا کہ 28 فروری کو واٹر بورڈ نے یہاں آپریشن کیا تھا اور غیر قانونی پانی کی لائنوں کے کنکشن منقطع کر دیے تھے، لیکن اس کے بعد پھر 4 انچ کی لائنیں دوبارہ بچھائی گئیں اور پانی چوری کیا جا رہا تھا۔

    انچارج انسداد پانی چوری سیل کے مطابق وزیر بلدیات ناصر شاہ کی ہدایت پر پانی چوری کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

  • ملتان میں سوئی گیس ملازم اہل علاقہ کے ہتھے چڑھ گیا

    ملتان میں سوئی گیس ملازم اہل علاقہ کے ہتھے چڑھ گیا

    ملتان: سوئی گیس کمپنی کا ملازم ملتان کے مکینوں کے ہتھے چڑھ گیا جس کو اہل علا قہ نے گیس کی فراہمی منقطع کرنے پر زدو کوب کیا اور پنجر ے میں بند کردیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر اہلکار کی جان علا قہ مکینوں سے چڑوائی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علا قے میں شاہ رکن عالم ٹی چوک پر سوئی گیس کمپنی کا ملازم اظہر حسین اپنے روز مرہ کے کام میں مشغول تھا کہ اہل علا قہ نے اس کو موقع پر پہنچ کر زد وکوب کیا اور پھر ایک پنجرے میں بند کردیا۔

    اہل علاقہ کے مطابق موصوف گھریلو صارفین کی لائن بند کر کے سی این جی اسٹیشن کی لائن کھو ل رہے تھے۔ جس پر علاقہ مکینوں کی نظر پڑی تو دھر لیا۔ سوئی گیس کا ملازم کنورٹرکے پنجرے کے اندر بند کردیئے گئے اور باہر عوام کا ہجوم اس کو زد وکوب کرتا رہا۔

    اظہر حسین کو رہائی دلانے کے لئے تھانہ شاہ رکن عالم پولیس کو اہل علاقہ سے مزاکرات کرنی پڑی اور اس کے بعد کہیں جاکر اظہر حسین کو رہائی نصیب ہو ئی۔

    اہل علا قہ کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں کئی روز سے صبح سویرے سے ہی گیس بند ہو جاتی ہے جو رات گئے بحال کی جاتی ہے جس کی وجہ سے خواتین کو کھانا بنانے کے لئے گیس ہی دسیتاب نہیں ہو تی ہے اور علاقہ مکنیوں کو شدید مشکلات کا سامان کرنا پڑرہا تھا۔ علا قہ مکینوں کا کہنا تھا کہ آج صبح ان کو اظہر حسین گیس بند کرتا ہوا نظر آیا تو اس کو پکڑ لیا اور بند کردیا۔