Tag: سوات

  • کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر ارشاد گل زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر ارشاد گل زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر ارشاد گل زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد ارشاد گل عرف کمانڈو کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی فدا حسین جانوری کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم کے سوات گروپ سے ہے، اور وہ تخریب کاری سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے۔

    گرفتار دہشت گرد 10 رکنی گینگ بنا کر شہر میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتیں کر رہا تھا، اس نے ضلع غربی، کورنگی، شرقی اور وسطی میں منظم گینگ بنا کر لوٹ مار کی وارداتیں کیں۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے، اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ حالیہ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی یہ گینگ ملوث ہے۔

    ادھر ایک اور کارروائی میں اتحا دٹاؤن سے مطلوب ڈکیت  سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، مطلوب ملزم کو اسلحہ و چھینی گئی موٹر سائیکل سمیت گرفتار کیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت صفر کے نام سے ہوئی ہے، اور اس کے قبضے سے غیر قانونی  پستول برآمد ہوئی۔

  • آئندہ 36 گھنٹوں میں سوات سے دوسرا سیلابی ریلا دریائے کابل میں پہنچے گا

    آئندہ 36 گھنٹوں میں سوات سے دوسرا سیلابی ریلا دریائے کابل میں پہنچے گا

    پشاور: سوات سے 1 لاکھ 60 ہزار کیوسک کا دوسرا ریلا دریائے کابل میں آنے کا امکان ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے کہا ہے کہ آئندہ 36 گھنٹوں میں سوات سے دوسرا ریلا دریائے کابل میں پہنچے گا، ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ فلڈ سیل کے مطابق یہ ریلا آئندہ 2 روز میں گزرے گا۔

    ڈی سی نوشہرہ کا کہنا ہے کہ نوشہرہ کے مقام پر 2 لاکھ 50 ہزار سے 3 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ہے، جس سے نوشہرہ میں آئندہ 2 سے 3 روز سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔

    انھوں نے کہا محفوظ مقامات پر منتقل افراد واپس گھروں میں جانے کی کوشش نہ کریں، ضلعی انتظامیہ نے ریلیف کیمپس میں سہولتیں فراہم کی ہیں، متاثرہ علاقوں کے لوگ ریلیف کیمپس میں ہی رہیں۔

    سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، تعداد 1033 ہو گئی

    ادھر دریائے سوات کا سیلابی ریلا تختہ بند میں گھروں میں داخل ہو گیا ہے، جس سے مینگورہ کے نواحی علاقے بلوگرام کے 3 گاؤں متاثر ہوئے، اور مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق سیلابی ریلے سے تختہ بند، اوگدے، شیرآباد کے گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ نوشہرہ میں سیلابی پانی کی وجہ سے پہلے ہی ایمرجنسی نافذ کی جا چکی ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب اور بارشوں سے نقصانات کی تازہ ترین اعداد و شمار میں کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزيد 119 افراد زندگى کى بازى ہار گئے ہیں، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 1033 ہو گئی۔

  • وادی کالام میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے

    وادی کالام میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے

    سوات: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں سیلاب کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں جس کے باعث وادی کالام میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے ہیں، سیاحوں کو نکالنے کے لیے ہیلی سروس شروع کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کالام میں اس وقت موجود سیاحوں کی تعداد 1500 ہے جو مختلف ہوٹلوں میں رہائش پذیر ہیں، ہوٹل مالکان پھنسے ہوئے سیاحوں کو مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو نکالنے کے لیے آج ہیلی سروس شروع کی جارہی ہے، مقامی لوگوں کے لیے امدادی سامان بھی پہنچایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز سے وادی سوات میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے، متعدد ہوٹل سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ این 95 اور این 90 پر بحرین سے کالام سیکشن تک صورت حال تشویشناک ہے، سیلاب نے بحرین پل کے ساتھ ساتھ اپروچ روڈ کو بھی متاثر کیا ہے۔

  • موسلا دھار بارشیں اور سیلاب: ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ

    موسلا دھار بارشیں اور سیلاب: ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی ہدایت پر سیلاب کے پیش نظر ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید بارشیں اور سیلاب کے بعد صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، ایمرجنسی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی خصوصی ہدایت پر نافذ کی گئی۔

    صوبائی محکمہ ریلیف نے ایمرجنسی کے نفاذ کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا، اعلامیے کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے 30 اگست تک ایمرجنسی نافذ العمل رہے گی۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیز کی جائیں، کھانے پینے سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ ہر متاثرہ شخص تک رسائی یقینی بنائے، متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو احکامات دیے گئے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

  • سوات کے حلقہ پی کے 7 پر ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا

    سوات کے حلقہ پی کے 7 پر ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا

    سوات: خیبر پختون خوا کے ضلع سوات کے حلقہ پی کے 7 پر ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع سوات کے انتخابی حلقے PK-7 پر ضمنی انتخاب کا میدان سج چکا ہے، پی ٹی آئی کے فضل مولا اور اے این پی کے حسین احمد خان سمیت 4 امیدوار اس نشست پر مد مقابل ہیں۔

    یہ نشست اے این پی کے وقار خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر آج صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا، اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

    اس حلقے میں ایک لاکھ 83 ہزار 308 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، حلقے میں 124 پولنگ اسٹیشنز اور 308 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، حلقے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید نے تحصیل کبل کے پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ووٹ کے لیے آئے ہوئے مراد سعید اچانک پی ڈی ایم کے کیمپ میں گئے اور کارکنوں سے ملاقات کی۔

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، پولنگ شروع

    انھوں نے کہا تمام پارٹیاں مل کر پی ٹی آئی کے خلاف میدان میں ہیں، کیوں کہ یہ عوام میں جانے کے قابل ہی نہیں ہیں، امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

    ادھر سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ جاری ہے، سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ اور میرپورخاص ڈویژنز کے 14 اضلاع میں پولنگ جاری ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کا رش لگا ہے۔

  • مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے سے بھارتی عدالت کا منع کرنا اسلامو فوبیا ہے: وزیر اعظم

    مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے سے بھارتی عدالت کا منع کرنا اسلامو فوبیا ہے: وزیر اعظم

    سوات: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے سے بھارتی عدالت کا منع کرنا اسلامو فوبیا ہے، آر ایس ایس کی بدولت آج بھارت میں تاثر پرست جماعت کی حکومت ہے۔

    خیبر پختون خوا کے شہر سوات میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 3 سال سے ہم کوشش کر رہے تھے کہ اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہو، نائن الیون کے بعد مغرب میں ایسا تاثر پھیلایا گیا کہ اسلام کی وجہ سے دہشت گردی ہو رہی ہے، پاکستان کی قرار داد 57 مسلم ممالک نے مل کر پیش کی، گزشتہ روز اس کی منظوری پر تمام مسلم ممالک کی طرف صبح سے مبارک باد کے پیغام آ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا یو این میں پہلی بار کسی پاکستان کے سربراہ نے اسلامو فوبیا کے خلاف بات کی، بیرون ملک پاکستانی اور مسلمان آج سب سے زیادہ خوش ہیں، کل ہندوستان میں کرناٹکا کی عدالت نے فیصلہ کیا کہ مسلمان لڑکیاں حجاب نہیں کر سکتیں، مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے سے بھارتی عدالت کا منع کرنا اسلامو فوبیا ہے۔

    انھوں نے کہا مولانا دین کے نام پر سیاست کرتے ہیں اور ہر حکومت میں شامل ہوتے ہیں، کیا مولانا نے اسلامو فوبیا کے خلاف کسی سے بات بھی کی؟ مدرسے کے بچوں کو نکالتے ہیں تو کہتے ہیں کہ یہ یہودی لابی ہے، شرم آنی چاہیے یہودی کہتے تھے اس نے وہ کام کیا جو تم 30 سال میں نہ کر سکے، اقوام متحدہ نے تسلیم کیا کہ اب 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف دن منایا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے کہا امریکی صدر ہو یا کوئی بھی عمران خان آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہے، جو پیسے کی پوجا کرتے ہیں اس کی کانپیں ٹانگتی ہیں، اسلاموفوبیا اور ڈرون حملوں پر کسی حکمران نے آواز تک نہیں اٹھائی، میرے بھی لندن میں محلات، اربوں روپے اور آف شور کمپنیاں ہوتیں تو ان کی طرح پرچی لے کر بیٹھا ہوتا۔

    عمران خان نے کہا نواز شریف جب اوباما کے سامنے پرچی پکڑ کر بیٹھتے تھے تو اسلامو فوبیا، کشمیر کی پرچی بھی پکڑ لینی تھی، 100 شیروں کا سردار نواز شریف کی طرح گیدڑ ہو تو قوم ہار جائے گی، لیکن 100 گیدڑوں کا سردار اگر شیر ہو تو وہ قوم جیت جائے گی۔

    انھوں نے کہا تین چوہے میرا شکار کرنے نکلے ہیں، آج سوات کے لوگوں کو کہتا ہوں میں ان تینوں کا شکار کروں گا، کچھ لوگ سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں لے کر بیٹھے ہیں، سندھ کے عوام کا پیسہ لے کر ہمارے ایم این ایز خریدنے آئے ہیں، سیاست دانوں کے ضمیر کی قیمت 20،20 کروڑ لگا دی گئی ہے، ان کو پتا ہے عمران خان تھوڑی دیر اور رہ گیا تو ان سب نے جیلوں میں جانا ہے، الیکشن کمیشن بتائے کیا اس ہارس ٹریڈنگ کی آئین میں اجازت ہے؟

  • سوات : ایک  گھر سے 3 افراد کی لاشیں  برآمد، علاقے میں کہرام مچ گیا

    سوات : ایک گھر سے 3 افراد کی لاشیں برآمد، علاقے میں کہرام مچ گیا

    سوات : تحصیل مٹہ وینئی میں گھر سے 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچی کو تیزدھار آلے سے قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کی تحصیل مٹہ وینئی میں گھر سے 3 افرادکی لاشیں برآمد ہوئیں ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ تینوں افرادکوتیزدھارآلے سے قتل کیا گیا۔

    پولیس نے مقتولہ کےبیٹےکی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ، ابتدائی طور پر جنگلی جانور کے حملے میں تینوں افراد کی موت کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے مینگورہ میں ڈی پی اوسوات زاہدنوازمروت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تحصیل مٹہ میں جنگلی جانورکے حملے کی خبرغلط نکلی، خواتین اوربچی کو تیزدھار آلے سے قتل کیا گیا۔

    ڈی پی اوسوات کا کہنا تھا کہ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش جاری ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

    زاہدنواز نے بتایا کہ چار باغ میں پسند کی شادی کرنے والے کوہستانی جوڑے کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، ملزمان میں مقتولین کے بھائی اور مقتولہ کاچچاشامل ہیں۔

    ڈی پی او سوات نے کہا مجیب اورلاہوری بی بی نے چار ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے جیل بھجوا دیا گیا ہے۔

  • عوامی مقامات پر گالم گلوچ کرنے پر جرمانہ عائد

    عوامی مقامات پر گالم گلوچ کرنے پر جرمانہ عائد

    پشاور: خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اپر سوات ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل 2021 منظور کرلیا گیا، وادی سوات میں تجاوزات کرنے، ماحولیاتی اور صوتی آلودگی پھیلانے پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اپر سوات ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل 2021 منظور کرلیا گیا، بل کے تحت بغیر اجازت وادی میں تعمیرات پر جرمانہ کیا جائے گا۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ تجاوزات کرنے والے کو 3 سال قید اور 50 پچاس لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ اتھارٹی کے قیام کے بعد صفائی اور ترقیاتی منصوبے ڈائریکٹر جنرل کی زیر نگرانی ہوں گے۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ کچرا پھینکنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہوسکتا ہے، ماحولیاتی آلودگی اور گندگی پھیلانے پر 10 سے 20 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ پریشر ہارن اور تیز آواز میں موسیقی سننے پر بھی 3 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

    بل کے مطابق عوامی مقامات پر گالم گلوچ پر 3 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا، پیشہ ور گداگری کرنے پر 2 ہزار روپے جرمانہ اور غیر قانونی اسپیڈ بریکر بنانے پر 20 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

  • سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 226 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    زلزلے کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ‏ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    گزشتہ روز محسوس کیے جانے والے زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان ‏تھا۔

  • جائیداد کی تقسیم، سپریم کورٹ کا مثالی فیصلہ

    جائیداد کی تقسیم، سپریم کورٹ کا مثالی فیصلہ

    سوات: جائیداد کی تقسیم سے متعلق ایک کیس میں سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا ہے کہ جائیداد کی تقسیم شرعی اصولوں کے تحت ہی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج خیبر پختون خوا کے شہر سوات میں جائیداد کی تقسیم کے ایک کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سماعت کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت یا جرگہ وراثتی جائیداد تقسیم کا شرعی قانون بدل نہیں سکتا۔

    جائیداد کی تقسیم سے متعلق نچلی عدالتوں کے تینوں فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے عدالت نے حبیب اللہ مرحوم کی جائیداد شرعی اصول کے تحت تقسیم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا جرگے کا فیصلہ دین الٰہی سے بڑا نہیں ہو سکتا، جرگے کے فیصلے سے دین الٰہی تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

    انھوں نے سماعت کے دوران کہا جائیداد تقسیم کی جو دستاویزات پیش کی گئی ہیں، ان پر 7 سالہ بچے کے انگوٹھے کا نشان لگایا گیا ہے، سات سالہ بچے کو تو قتل کیس میں پھانسی بھی نہیں ہو سکتی، ایسے دستاویزات کے ذریعے قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔

    جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا یہ کیس جس علاقے سے متعلق ہے، وہاں عورت کو انسان نہیں سمجھا جاتا، سعودی عرب میں جائیداد کی تقسیم کا فیصلہ ایک دن میں ہوتا ہے، اور پاکستان میں جائیداد کی تقسیم کا فیصلہ ہوتے 40 سال لگ جاتے ہیں۔

    انھوں نے کہا جائیداد کی تقسیم کا شرعی اصول 1450 سال پہلے طے ہو چکا ہے۔