Tag: سوات

  • سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: سوات اور اس کے گرد و نواح میں 5.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلے کی گہرائی 120 کلو میٹر جبکہ مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات اور اس کے گرد و نواح میں 5.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 120 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز شہر سے 40 کلو میٹر شمال میں واقع گڈاپ تھا۔

    ایک ماہ قبل پشاور اور سوات سمیت متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی۔

    شانگلہ، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، بالا کوٹ اور بٹگرام میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی تھی، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 223 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

  • 10 روز میں 6 لاکھ سے زائد سیاحوں کی شمالی علاقہ جات آمد

    10 روز میں 6 لاکھ سے زائد سیاحوں کی شمالی علاقہ جات آمد

    پشاور: خیبر پختونخواہ کے محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ 13 سے 21 اگست تک 6 لاکھ سیاحوں نے سیاحتی علاقوں کا رخ کیا، سیاحتی مقامات پر ایس او پیز پر عملدر آمد یقینی بنایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں محکمہ سیاحت نے مرتب کردہ اعداد و شمار جاری کردیے، لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد پختونخواہ کے بالائی 6 اضلاع میں سیاح غیر معمولی تعداد میں پہنچے۔

    محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ 13 اگست سے 21 اگست تک 6 لاکھ 27 ہزار 995 سیاحوں کی آمد ہوئی۔

    اعداد و شمار کے مطابق سوات میں سب سے زیادہ 3 لاکھ 56 ہزار 400 سیاح آئے جبکہ 65 ہزار 350 سیاحوں نے مانسہرہ کا رخ کیا۔

    محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ لوئر چترال میں 9 ہزار 800 اور لوئر دیر میں 3 ہزار 460 سیاح پہنچے، اپر دیر میں 3 ہزار 389 سیاحوں کی آمد ہوئی۔

    خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول ہونے کے بعد 8 اگست سے سیاحتی مقامات کھول دیے گئے تھے، سیاحتی مقامات پر ایس او پیز پر عملدر آمد یقینی بنایا جارہا ہے۔

    کرونا وائرس نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی سیاحت کو متاثر کو متاثر کیا ہے، اقوام متحدہ کے مطابق رواں سال سیاحت میں 80 فیصد تک کمی سے کم از کم 10 کروڑ ملازمتوں کو خطرہ لاحق ہے۔

  • سوات میں 5 ماہ سے بند نجی تعلیمی ادارے کھل گئے،  انتظامیہ کی کارروائی 4 پرنسپلز گرفتار

    سوات میں 5 ماہ سے بند نجی تعلیمی ادارے کھل گئے، انتظامیہ کی کارروائی 4 پرنسپلز گرفتار

    سوات : خیبر پختونخواہ میں حکومتی احکامات کے باوجود کورونا وائرس کے باعث 5 ماہ سے بند نجی تعلیمی ادارے کھل گئے، انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے اسکول بند کرادیے اور 4 پرنسپلز کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں حکومتی احکامات کو اسکول مالکان نے ہوا میں اڑادیا، نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے کورونا کے باعث 5ماہ سے بند تعلیمی ادارے کھول دیئے تاہم حاضری انتہائی کم ہے اور والدین اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ رہے ہیں۔

    مینگورہ میں اسکولوں کو بند کرنے کیلئے انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد اسکولوں کو بند کرادیا گیا اور 4 پرنسپلز کو گرفتار کرلیا۔

    گذشتہ ہفتے کے پی کی صوبائی کابینہ نے 15 ستمبر سے اسکول کھولنے سے متعلق این سی او سی کے فیصلوں کی تائید کی تھی۔

    یاد رےہے آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کو نہیں مانتے، 15 اگست سے ہر صورت تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے، حکومت اگر گرفتاریاں کرنا چاہتی ہے تو کر لے، لیکن نجی تعلیمی ادارے کھول کر رہیں گے

    خیال رہے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا تھا کہ صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔

  • ملالہ کی سالگرہ، دنیا ملالہ کا دن منا رہی ہے

    ملالہ کی سالگرہ، دنیا ملالہ کا دن منا رہی ہے

    قوم کی بیٹی، پاکستان کی پہچان اور دنیا کی سب سے کمسن نوبل انعام یافتہ شخصیت ملالہ یوسفزئی آج اپنی 23 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ آج کے دن ملالہ نے اقوام متحدہ میں صنفی تفریق کے خلاف اثر انگیز تقریر کی تھی جس کے بعد اقوام متحدہ نے اس دن کو ملالہ ڈے قرار دے دیا۔

    گل مکئی کے نام سے ڈائری لکھ کر شہرت پانے والی ملالہ 12 جولائی 1997 کو پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات کے علاقے مینگورہ میں پیدا ہوئیں جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔

    ملالہ کا نام ملال سے نکلا ہے، اور وجہ تسمیہ میوند کی ملالہ تھی جو جنوبی افغانستان کی ایک مشہور پشتون شاعرہ اور جنگجو خاتون تھی۔

    سنہ 2010 میں 9 اکتوبر کو جب ملالہ گھر سے اسکول امتحان کو جانے کے لیے بس میں سوار ہوئی تو مسلح طالبان نے اس پر حملہ کر دیا۔ نقاب پوش حملہ آور نے پہلے پوچھا کہ تم میں سے ملالہ کون ہے؟ جلدی بتاؤ ورنہ میں تم سب کو گولی مار دوں گا۔ جب ملالہ نے اپنا تعارف کروایا تو اس شخص نے گولی چلا دی۔ ملالہ کو لگنے والی گولی کھوپڑی کی ہڈی سے ٹکرا کر گردن سے ہوتی ہوئی کندھے میں جا گھسی۔

    دیگر دو لڑکیاں بھی اس حملے میں زخمی ہوئیں جن کے نام کائنات ریاض اور شازیہ رمضان ہیں، تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر تھی اور انہوں نے بعد ازاں حملے کے بارے میں تفصیلات دیں۔

    ملالہ پر قاتلانہ حملے سے متعلق تفصیلات دنیا بھر کے اخبارات اور میڈیا پر ظاہر ہوئیں اور ساری دنیا کی ہمدردیاں ملالہ کے ساتھ ہو گئیں۔ پاکستان بھر میں ملالہ پر حملے کی مذمت میں مظاہرے ہوئے۔ تعلیم کے حق کی قرارداد پر 20 لاکھ افراد نے دستخط کیے جس کے بعد پاکستان میں تعلیم کے حق کا پہلا بل منظور ہوا۔

    ملالہ کے والد نے بیان دیا، چاہے ملالہ بچے یا نہ، ہم اپنا ملک نہیں چھوڑیں گے۔ ہمارا نظریہ امن کا ہے۔ طالبان ہر آواز کو گولی سے نہیں دبا سکتے۔

    چھ روز بعد 15 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے عالمی خواندگی اور سابقہ برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے اسپتال میں ملالہ کی عیادت کی اور ملالہ کے حق میں ایک قرارداد شروع کی جس کا عنوان تھا میں ملالہ ہوں۔ اہم مطالبہ یہ تھا کہ 2015 تک تمام بچوں کو اسکول کی سہولیات تک رسائی دی جائے۔

    اگلے برس 12 جولائی کو جب ملالہ کی 16 ویں سالگرہ تھی تب ملالہ نے اقوام متحدہ سے عالمی خواندگی کے حوالے سے خطاب کیا۔ اقوام متحدہ نے اس دن کو ملالہ ڈے یعنی یوم ملالہ قرار دے دیا۔ حملے کے بعد یہ ملالہ کی پہلی تقریر تھی۔

    10 اکتوبر 2014 کو ملالہ کو بچوں اور نوجوانوں کے حق تعلیم کے لیے جدوجہد پر نوبل انعام برائے امن دیا گیا، 17 سال کی عمر میں ملالہ یہ اعزاز پانے والی دنیا کی سب سے کم عمر شخصیت ہے۔

    اس اعزاز میں ان کے شریک بھارت سے کیلاش ستیارتھی تھے جو بھارت میں بچوں اور خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالسلام کے بعد ملالہ نوبل انعام پانے والی دوسری جبکہ نوبل انعام برائے امن پانے والی پہلی پاکستانی بن گئی ہیں۔

    ملالہ یوسفزئی کو اب تک دنیا بھر سے 40 عالمی اعزازات مل چکے ہیں جو ان کی جرات و بہادری کا اعتراف ہیں۔ اقوام متحدہ انہیں اپنا خیر سگالی سفیر برائے امن بھی مقرر کرچکی ہے۔

    اپنی اٹھارویں سالگرہ پر انہوں نے شامی بچیوں کی تعلیم کے لیے پہلا اسکول قائم کیا تھا اور اب ملالہ فاؤنڈیشن کئی اسکول چلا رہی ہے۔ سنہ 2015 میں ایک خلائی سیارچے کا نام بھی ملالہ کے نام پر رکھا گیا تھا۔

    ملالہ نے کچھ دن قبل آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات میں گریجویشن مکمل کرلیا ہے۔

  • سوات میں کرونا وائرس سے مزید 8 افراد جاں بحق

    سوات میں کرونا وائرس سے مزید 8 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر سوات میں کرونا وائرس سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات میں کرونا وائرس سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد سوات میں مہلک وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 72 ہوگئی۔

    ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ سوات میں مزید 74 افراد میں کروناوائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    کرونا سے پاکستان میں مزید 111 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 111 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4,443 نئے کیسز سامنے آئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 148,921 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 2,839 ہو گئی ہے۔

    پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کرونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 12 سے بھی بڑھ کر 13 فیصد ہو گئی ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 89 ہزار 692 ہے، جب کہ اب تک 56,390 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • سوات اور گردونواح میں 5.2 شدت کا زلزلہ

    سوات اور گردونواح میں 5.2 شدت کا زلزلہ

    پشاور:صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر مالاکنڈ، شانگلہ، سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختوانخوا کے شہر شانگلہ، مالاکنڈ، مردان، سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہرنکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزے کی گہرائی 186 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ افغانستان کے قریب ہندوکش ریجن میں تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 11 مارچ کو سوات اور گردو نواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زیر زمین گہرائی 110 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز پاک افغان تاجسکتان کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

  • سوات میں کرونا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا

    سوات میں کرونا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا

    سوات: خیبر پختون خوا کے ضلع سوات میں سیدو اسپتال میں کرونا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلع سوات میں کرونا وائرس سے ایک اور مریض انتقال کر گیا، جس کے بعد ضلعے میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

    ترجمان سیدو اسپتال نے کرونا وائرس سے 75 سالہ مریض فضل ربی کی موت کی تصدیق کر دی، یاد رہے کہ 3 اپریل کو بھی سیدو شریف اسپتال میں کرونا وائرس کا ایک مریض انتقال کر گیا تھا۔

    آج سیدو شریف اسپتال میں انتقال کرنے والے مریض کا تعلق ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے یونین کونسل سے تھا۔ میت کو کرونا پروٹوکول کے مطابق غسل دے کر حفاظتی اقدامات کے ساتھ آبائی گاؤں بھیجا جائے گا۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 372 ہو چکی ہے، 15 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ 30 مریض صحت یاب ہوئے۔

    دریں اثنا، کے پی حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ غریب خاندانوں کے لیے پیکج کا اعلان کر دیا ہے، اس پروگرام کے تحت مزدور طبقہ 3 ہزار روپے آیندہ 4 ماہ تک وصول کرے گا۔ پروگرام کے لیے چیف سیکریٹری گریڈ 20 کا افسر فوکل پرسن تعینات کرے گا، ہر ڈویژن کا کمشنر گریڈ 18 کا افسر پروگرام کے لیے بہ طور فوکل پرسن تعینات کرے گا۔

    کیش وصولی کے لیے احساس پروگرام کے مقامات کے چناؤ پر بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، یو سی سطح پر اسکول، کالج، ٹاؤن ہال اور دیگر عوامی مقامات پر مراکز قائم کیے جائیں گے، جن کے قیام کے لیے متعلقہ عملے کو دفعہ 144 میں رعایت دی جائے گی، کیش وصولی کے موقع پر سماجی دوری پر مبنی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

  • حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی: عثمان ڈار

    حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی: عثمان ڈار

    سوات: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ اسکی گالا میں مقامی نوجوانوں کو اسکیئنگ کی مفت تربیت فراہم کی گئی، حکومت ایسے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کی برفیلی وادی مالم جبہ میں اسکی اسپورٹس گالہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے شرکت کی۔

    معاون خصوصی نے قومی پرچم تھام کر زپ لائن کے مزے لیے اور اسکیئنگ بھی کی۔ انہوں نے تقریب میں حصہ لینے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جنت نظیر وادی مالم جبہ میں پہلی بار آنے کا اتفاق ہوا، ایسے حسین اور دلفریب نظارے لندن، پیرس اور سوئٹزر لینڈ میں نہیں دیکھے۔ پختونخواہ حکومت نے کھیل و سیاحت کے فروغ کا زبردست انتظام کیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے سیاحتی وژن کو بڑھانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسکی گالا میں مقامی نوجوانوں کو اسکیئنگ کی مفت تربیت بھی فراہم کی گئی۔ امید ہے یہ نوجوان ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی، سیاحت کے شوقین افراد سے گزارش ہے مالم جبہ ضرور آئیں، سیاحت کے شوقین افراد کو ایسے خوبصورت مناظر کہیں نہیں ملیں گے۔

  • پشاور ایئرپورٹ پر تربیتی طیارے کو حادثہ، سیدو شریف ایئرپورٹ کی آرائش جاری

    پشاور ایئرپورٹ پر تربیتی طیارے کو حادثہ، سیدو شریف ایئرپورٹ کی آرائش جاری

    پشاور: خیبر پختون خوا کے پشاور ایئر پورٹ پر تربیتی طیارہ کچے میں اترنے سے بال بال بچ گیا، سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کی تزئین آرائش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے پشاور پہنچنے والا نجی فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے بعد ٹیکسی وے پر تھا کہ اچانک الٹے سائیڈ کا ٹائر پنکچر ہونے سے بیٹھ گیا، تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریک لگا دیے اور طیارے کو کچے میں اترنے سے بچا لیا۔

    ایئر پورٹ ذرایع کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا، اور اس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا، حادثے کے باعث پشاور ائیر پورٹ کا ٹیکسی وے 2 گھنٹے تک بند رہا، تاہم حادثے کے باعث فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ہنگامی بنیادوں پر طیارے کو ٹگ ماسٹر کے ذریعے ٹیکسی وے سے ہٹا کر سائیڈ پر کھڑا کر دیا، بعد ازاں نجی فلائنگ کمپنی نے فوری طور پر اسلام آباد سے نیا ٹائر منگوا کر تبدیل کر دیا۔

    نجی فلائنگ کمپنی کے تربیتی طیارے کا ٹائر تبدیل کیا جا رہا ہے

    ادھر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ سوات کے سیدو شریف ائیر پورٹ کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، سیاحت کے مقصد کے لیے اسے جلد فعال بنا دیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی نے سیدو شریف ائیر پورٹ سے متعلق وزیر اعلیٰ کے پی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ائیر پورٹ کا انفرا اسٹرکچر، رن وے اور ٹیکسی وے مکمل کیا جا چکا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ائیر پورٹ کو طیاروں کی آمد و روانگی کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    وزیراعظم کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، محمود خان

    وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کے سلسلے میں وزیر اعظم کی سیاحت کے وژن کے عین مطابق اقدامات کیے گئے ہیں، سیدو شریف، سوات اور دیگر سیاحتی مراکز ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے توجہ کا مرکز ہیں، سوات ائیر پورٹ کو بیرون ملک پروازوں کے لیے بھی کھولا جائے گا تاکہ سیاحت کو فروغ ملے، سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ زر مبادلہ میں بھی اضافہ ہو۔

    انھوں نے کہا تھا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ائیر لائنز بھی اپنا آپریشن فوری طور پر شروع کر دیں، ہم وزیر اعظم سے بھی درخواست کریں گے کہ سوات ائیرپورٹ پر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے ساتھ انٹرنیشنل پروازیں بھی جلد شروع کی جائیں۔

    دریں اثنا، وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا ہے کہ حکومت مقامی روٹس کے لیے ہوائی جہاز کے ٹکٹس کو کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔

  • سعودی عرب میں گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان پہنچ گئی

    سعودی عرب میں گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان پہنچ گئی

    پشاور: سعودی عرب سے گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان کے شہر پشاور پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایمان پاکستان پہنچ گئی، بچی کی والدہ رانی بی بی کو مئی 2019 میں منشیات اسمگلنگ کیس میں جدہ میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد قونصل خانے کے فلاحی ونگ نے 4 سالہ ایمن کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایمان 10 ماہ سے جدہ میں محکمہ سوشل پروٹیکشن میں مقیم تھی، ایمان کی جدہ کی جیل میں ماں سے الوداعی ملاقات کرائی گئی جس کے بعد اسے پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا جہاں سے آج بچی کو جدہ سے پشاور کے لیے روانہ کیا گیا۔

    ننھی ایمان جدہ سے پشاور پی آئی اے کی پرواز PK 0736 کے ذریعے پشاور ائیر پورٹ پہنچی، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اور ایمان کے چچا بھی ہمراہ تھے۔

    سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    خیال رہے کہ بچی کی والدہ رانی بی بی کا تعلق سوات سے ہے، جسے ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سعودی عرب میں گرفتار کیا گیا تھا، خاتون کو عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔ رانی بی بی مئی 2019 میں 4 سالہ بچی کے ہمراہ جدہ روانہ گئی تھیں، سعودی حکام نے جدہ ائیرپورٹ پر ہیروئن سے بھرے کیپسول برآمد ہونے پر انھیں گرفتار کیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزارت اوورسیز نے سعودی حکام سے رابطے کیے تھے جس کے بعد 4 سالہ ایمان کو سعودی عرب سے پاکستان لانے کی اجازت ملی تھی، زلفی بخاری نے حکام کو بچی کی مکمل دیکھ بھال، تعلیمی ضروریات کی تکمیل اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔