Tag: سوات

  • سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    اسلام آباد: ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سعودی عرب میں گرفتار سوات کی خاتون کی 4 سالہ بچی آج پاکستان پہنچا دی جائے گی، خاتون کو عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کی رہائشی خاتون رانی بی بی کو ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش میں سعودی عرب میں گرفتار کرلیا گیا تھا اور انہیں جدہ میں عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔

    رانی بی بی مئی 2019 میں 4 سالہ بچی کے ہمراہ جدہ روانہ ہوئی تھیں، سعودی حکام نے جدہ ائیرپورٹ پر ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہونے پر انہیں گرفتار کیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزارت اوور سیز نے سعودی حکام سے رابطے کیے جس کے بعد 4 سالہ ایمان کو سعودی عرب سے پاکستان لانے کی اجازت مل گئی۔

    ماں کو جیل بھیجے جانے کے بعد ایمان کو سوشل پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ منتقل کردیا گیا تھا۔ اب ننھی ایمان کی جدہ کی جیل میں ماں سے الوداعی ملاقات کروا دی گئی اور اسے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    ایمان آج رات 9 بجے جدہ سے پاکستان پہنچے گی۔ ایمان کو پشاور ائیرپورٹ پر اس کے انکل کے حوالے کیا جائے گا۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے حکام کو بچی کی مکمل دیکھ بھال، تعلیمی ضروریات کی تکمیل اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • سوات مینگورہ میں مکان گر کر تباہ، 3 جاں بحق، بچے معجزانہ طور پر بچ گئے

    سوات مینگورہ میں مکان گر کر تباہ، 3 جاں بحق، بچے معجزانہ طور پر بچ گئے

    سوات: خیبر پختون خوا کے تجارتی شہر مینگورہ میں رات کو ایک مکان گر کر تباہ ہو گیا، جس کے ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کے مشہور علاقے مینگورہ میں خونہ گل محلہ گرین چوک میں مکان کی چھت گرنے سے ماں باپ اور ایک بیٹا جاں بحق ہو گئے، جب 2 بچے بچ گئے جنھیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کی لاشیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا، جاں بحق افراد میں میاں بیوی بھی شامل ہیں، دو بچے زخمی ہوئے۔

    ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ایمبولینسز اور دیگر گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی تھیں، 6 افراد منہدم مکان کے ملبے تلے دبے ہوئے تھے، جنھیں نکالا گیا، تین افراد موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں 35 سالہ عنایت اللہ، ان کی 30 سالہ زوجہ اور بیٹا شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مکان کی دوسری چھت پر تعمیراتی کام جاری تھا، چھت پر میٹریل پڑا ہوا تھا جو جمعے کی شب تعمیراتی میٹریل کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اور مہندم ہو گئی۔

    ادھر کراچی کے علاقے ڈی ٹائپ کالونی میں بھی ایک مکان کی چھت گر گئی ہے جس کے نیچے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ آج صبح فیصل آباد میں بھی ایک حادثہ پیش آیا، سہیل آباد میں گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ بلوچستان کے شہر کوئٹہ طوغی روڈ کے قریب ایک گھر میں گیس لیکج سے دھماکا ہوا جس کے باعث نوجوان جھلس گیا جسے بی ایم سی برن یونٹ منتقل کیا گیا۔

    خیال رہے کہ ان دنوں تواتر کے ساتھ ملک کے مختلف شہروں میں مکانات گرنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، کراچی اور سکھر میں بھی افسوس ناک واقعات پیش آئے، اس کے بعد بارشوں اور شدید برف باری کی وجہ سے کئی شہروں میں متعدد مکانات تباہ ہوئے اور ملبے تلے دب کر درجنوں افراد جاں بحق ہوئے۔

  • انسانی خون سے پیاس بجھانے والا چیتا سوات کے شہریوں کے سامنے بے بس

    انسانی خون سے پیاس بجھانے والا چیتا سوات کے شہریوں کے سامنے بے بس

    سوات: انسانی خون منہ کو لگنے کے بعد پیاس بجھانے کے لیے گاؤں میں گھسنے والے چیتے کو شہریوں نے مار ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے سربانڈہ مٹہ میں چیتے نے گاؤں پر حملہ کر دیا، حملے سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں نے چیتے کو فائر کر کے ہلاک کر دیا۔

    چیتے کو مارنے کے الزام میں تھانہ مٹہ میں 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ گزشتہ روز مارے گئے چیتے کو محکمہ وائلڈ لائف نے مینگورہ منتقل کر دیا، مینگورہ میں لائیو اسٹاک اسپتال میں چیتے کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔

    واقعے کے بعد چیتے کو مارنے کی مخالفت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے حلقے میں لوگوں نے نایاب چیتے کو گولی ماری۔

    دوسری طرف لوگوں کا کہنا ہے کہ چیتے نے قریبی جنگل میں کئی جانوروں کو کھایا تھا، آبادی میں آنے کے بعد کئی لوگوں کو بھی زخمی کیا، پولیس کے مطابق حملے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو چکے ہیں، یہ بھی اطلاعات ہیں کہ چیتے دو تھے، مقامی لوگوں نے فائرنگ کر کے ایک کو مار دیا جب کہ دوسرا چیتا اپر دیر کے نہاگ درہ جنگل کی طرف بھاگ گیا۔

    خیال رہے کہ سنو لیپرڈ دنیا بھر میں ایک نایاب جانور ہے، اسنو لیپرڈ ٹرسٹ کے مطابق پاکستان میں یہ برفانی چیتا پختون خوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے صرف ہندوکش اور قراقرم کے پہاڑی سلسلوں میں پایا جاتا ہے، اور اندازاً اس کی آبادی 200 سے ڈھائی سو کے درمیان ہے۔

  • سوات سمیت بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات سمیت بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں 4.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں دیر بالا، سوات، وادی نیلم اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.7 تھی، زلزلے کا مرکز چلاس سے 58 کلو میٹر دور اور گہرائی 15 کلو میٹر تھی۔

    زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں کیا گیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ سال گزشتہ کے آخری دن گلگت بلتستان کے قصبے چلاس میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی اور شاہراہ بند ہوگئی۔

    چلاس کے علاوہ خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز مینگورہ سے 260 کلو میٹر شمال مشرق اور گہرائی 42 کلو میٹر تھی۔

  • دریائے سوات کے کنارے زمرد کا ’نشہ‘ مقبول ہو گیا

    دریائے سوات کے کنارے زمرد کا ’نشہ‘ مقبول ہو گیا

    سوات: وادیٔ سوات کے علاقے مینگورہ میں فضا گٹ میں موجود زمرد کے پہاڑ سے نکلنے والے ملبے کا ’کاروبار‘ ایک نشہ بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں سوات کے علاقے فضا گٹ میں خیٹہ غر کے نام سے جانے جانے والے زمرد کے پہاڑ سے نکلنے والے ملبے سے متعلق دل چسپ معلومات سامنے آ گئی ہیں، یہ ملبہ مقامی بے روزگار افراد بہت کم قیمت کے عوض حاصل کر کے زمرد کی تلاش میں دریائے سوات کے کنارے صاف کرتے ہیں۔

    حکومت پاکستان کی جانب سے مینگورہ کے زمرد کے پہاڑ ٹھیکے پر دیے گئے ہیں، ٹھیکے دار ڈرلنگ کر کے قیمتی پتھر نکال لیتے ہیں تاہم اس عمل کے دوران پہاڑ کی کھدائی سے نکلنے والا ملبہ مقامی لوگوں کو بیچ دیا جاتا ہے۔ بے روزگار لوگ اسے 100 روپے بوری کے حساب سے خریدتے ہیں اور پھر دریائے سوات کے کنارے بیٹھ کر اس ملبے کو صاف کرتے ہیں، اور اس میں سے زمرد کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے جمع کر کے بیچ دیتے ہیں۔

    پہاڑ کا ملبہ خریدنے والے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ملبے سے کبھی زمرد کے ٹکڑے نکلتے ہیں اور کبھی نہیں۔ یہ ایک چھپا ہوا خزانہ ہے، نکل آئے تو فائدہ ہوتا ہے اور نہ نکلے تو نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ’کاروبار‘ ان کے لیے نشہ بن چکا ہے، اس لیے وہ اسے چھوڑ نہیں سکتے۔

    خیال رہے کہ سخت سردی کے موسم میں بھی بچے دریائے سوات کے یخ پانی میں زمرد کے پہاڑ کا ملبہ صاف کرتے ہیں، ملبہ خریدنے والوں کا کہنا ہے کہ انھیں صبح 7 بجے زمرد کے کان پر جا کر کان سے نکلنے والا ملبہ بھاؤ تاؤ کر کے خریدنا پڑتا ہے۔

    واضح رہے کہ مینگورہ شہرمیں دریائے سوات کے کنارے زمرد کے پہاڑوں کا رقبہ ڈیڑھ سو ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے، تاہم صرف بیس ایکڑ رقبے پر کھدائی کا کام کیا جاتا ہے۔ حکومت پاکستان نے اسے کبھی توجہ نہیں دی، جس کی وجہ سے سوات کا یہ سبز قیمتی پتھر یہاں کٹنگ سینٹر نہ ہونے کے باعث دنیا میں ہندوستانی زمرد کے نام سے جانا جاتا تھا۔

    تاہم صوبائی وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی خان کا کہنا ہے کہ اب اس سلسلے میں قانون سازی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، نومبر 2019 میں قانون میں ترمیم منظور ہو کر دسمبر میں اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے. اب ملائیشیا کی ایک اور چین کی دو کمپنیاں زمرد کی کٹنگ اور پالشنگ کے لیے اپنا سیٹ اپ لگانے کی خوہش مند ہیں، جن کے ساتھ دو تین مہینے میں ایم او یوز سائن کر لیے جائیں گے۔

  • خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ، صوابی اور سوات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ کوہاٹ، صوابی اور سوات میں 4.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زلزلے کی زمین میں گہرائی 38 کلومیٹر تھی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہاٹ سے3 کلو میٹرجنوب میں تھا، زلزلے کے باعث کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے گھروں سے باہر آگئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔

    سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سوات اور گردونواح میں 4.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ زلزلے کی زمین میں گہرائی 31 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا۔

    اس سے قبل رواں سال ستمبر میں میرپور آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے سے تباہی کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق جبکہ 600 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ سوات اور گردونواح میں 4.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زلزلے کی زمین میں گہرائی 31 کلومیٹر تھی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا، زلزلے کے باعث کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے گھروں سے باہر آگئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔

    سوات اور گردونواح میں 4.4 شدت کا زلزلہ

    اس سے قبل رواں سال 29 اکتوبر کو صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر سوات اور اس کے گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی تھی، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

  • خیبر پختونخوا کو سی پیک کا حصہ بنایا جائے گا: مراد سعید

    خیبر پختونخوا کو سی پیک کا حصہ بنایا جائے گا: مراد سعید

    سوات: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سوات میں اسپتال کا افتتاح کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو بھی سی پیک کا حصہ بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سوات میں اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوات میں اربوں کے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے، کبل سمیت ضلع بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ چکدرہ ٹو مدین موٹر وے 52 ارب روپے سے تعمیر ہوگا، چکدرہ سے چترال تک روڈ سی پیک میں بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو بھی سی پیک کا حصہ بنایا جائے گا، سوات کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

    چند روز قبل مراد سعید نے قومی اسمبلی میں بتایا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں ہزارہ موٹر وے کو تیار بتا کر غلط بیانی کی گئی، ڈیزائن میں تبدیلی سے منصوبے کے وقت اور لاگت میں اضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ریکارڈ درست کرلیں ہزارہ موٹر وے کا ڈیزائن تبدیل کیا گیا، ہزارہ موٹر وے میں 45 فٹ کا پل شامل کیا گیا، اس پل کا مقصد کسی کو نوازنا تھا۔ منصوبے کے 2 ارب 70 کروڑ روپے ریکور کرلیے ہیں۔

  • ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے: وزیر اعلیٰ پختونخوا

    ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے: وزیر اعلیٰ پختونخوا

    سوات: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے، 5 سال میں سوات کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ پختونخوا کے عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں گے، اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ مولانا اسلام کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلام کا نام لے کر ان کی سیاست کا خاتمہ کیا۔ ہم اپنے ایجنڈے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ آئندہ دور بھی تحریک انصاف کا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے، 35 کروڑ سے کبل اسپتال کو اپ گریڈ کریں گے۔ 5 سال میں سوات کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کھلاڑی ڈرنے والے نہیں۔ کبل میں خواتین کے لیے یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی اور بچوں کا اسپتال بنائیں گے۔ سیدو ایئرپورٹ پر پروازیں بھی شروع کریں گے۔

  • بارشوں سے بالائی علاقوں میں جانی و مالی نقصان، لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    بارشوں سے بالائی علاقوں میں جانی و مالی نقصان، لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    پشاور: حالیہ بارشوں اور برف باری سے شانگلہ، کوہستان اور سوات سمیت متعدد علاقوں میں شدید نقصانات ہوئے ہیں، کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور برف باری سے شاہراہیں بھی بند ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکام نے شانگلہ اور کوہستان میں بارش کے متاثرین سے نقصانات کی تفصیل طلب کر لی ہے، عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جانی اور مالی نقصان سے متعلق انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

    محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ سوات اور اپر دیر میں بارشوں سے 4 گھروں کو نقصان پہنچا، ہری پور میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، اپر دیر میں متاثرین میں ٹینٹ، کمبل اور غذائی اشیا تقسیم کردی گئیں، دیر بالا میں بارشوں سے 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مختلف شہروں میں بارشیں اور برفباری، معمولات زندگی معطل

    کولئی پالس کوہستان میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس سے متعدد مقامات پر شاہراہ بند ہو گئی ہے، تیمرگرہ کے مقام پر بھی بارش کی وجہ سے لینڈ سلائینڈگ ہوئی ہے، ادھر شدید برف باری کی وجہ سے کاغان اور بالائی علاقوں تک شاہراہ بند ہو گئی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے مالاکنڈ اور ہزارہ میں بند شاہراہوں کو جلد بحال کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، ہیوی مشینری کے ذریعے شاہراہوں سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔