Tag: سوتیلی ماں

  • برطانیہ میں مردہ پائی جانے والی  پاکستانی نژاد بچی سارہ شریف کی سوتیلی ماں کا اہم بیان سامنے آگیا

    برطانیہ میں مردہ پائی جانے والی پاکستانی نژاد بچی سارہ شریف کی سوتیلی ماں کا اہم بیان سامنے آگیا

    جہلم : برطانیہ میں مردہ پائی جانے والی بچی سارہ شریف کی سوتیلی ماں نے دعویٰ کیا کہ سارہ کی موت ایک حادثہ ہے ، وہ سیڑھیوں سے گری۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پاکستانی نژاد بچی سارہ شریف کی پراسرار ہلاکت کے معاملے پر سوتیلی ماں کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

    برطانیہ میں مردہ پائی جانے والی بچی سارہ شریف کی سوتیلی ماں بینش بتول نے بیان میں کہا کہ سارہ سیڑھیوں سے گری، موت ایک حادثہ ہے، جو بھی ہو رہا ہے اس سے ہماری فیملی شدید متاثر ہوئی ہے۔

    بینش بتول کا کہنا تھا کہ میرے شوہرعرفان کے والد نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ،ہمارا خاندان خوف کا شکار ہے ، بچے اسکول نہیں جارہے،برطانوی حکام سے تعاون کرنے کو تیار ہیں، اپنا مقدمہ عدالت میں لڑیں گے۔

    بینش بتول نے خاوند کیساتھ بیٹھ کر نامعلوم مقام پر ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا۔

    یاد رہے برطانیہ میں دس سالہ پاکستانی نژاد لڑکی کی پراسرار موت کے بعد برطانوی پولیس کو فرار ہونے والے مقتولہ بچی کے والد اور سوتیلی والدہ کی تلاش ہے۔

    برطانوی پولیس کی درخواست پر جہلم میں مقتولہ بچی کے باپ ملک عرفان شریف کے بھائیوں کو حراست میں لیا تھا۔

    خیال رہے برطانوی پولیس کو دس سالہ سارہ شریف کی لاش دس اگست کو گھرسے ملی تھی، جس کے بعد سے اس کا باپ ملک عرفان دوسری بیوی اور چار بچوں سمیت غائب تھا، جن کےبارے میں پتہ چلا کہ وہ پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

    برطانوی پولیس نے عرفان شریف کے خاندان کی تلاش کے لیے ایف آئی اے سےرابطہ کیاتھام پولیس کے مطابق ملزم ملک عرفان بیوی بچوں سمیت آزاد کشمیرمیں روپوش ہے جبکہ جاں بحق ہونے والی ساراشریف ملک عرفان کی پہلی بیوی سےتھی۔

  • خاتون نے سوتیلے بچے کو کتے کے پنجرے میں رہنے پر مجبور کر دیا

    خاتون نے سوتیلے بچے کو کتے کے پنجرے میں رہنے پر مجبور کر دیا

    شمالی کیرولائنا: امریکا میں ایک سوتیلی ماں نے 9 سالہ معصوم بچے کو کئی ماہ تک کتے کے پنجرے میں رہنے پر مجبور کر دیا تھا، جس پر عدالت کی جانب سے سے قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست شمالی کیرولائنا کی ڈیوڈسن کاؤنٹی میں لیکسنگٹن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون 30 سالہ سارہ اسٹر کو اپنے نو سالہ سوتیلے بیٹے کو ’ڈاگ لاٹ‘ میں باہر رہنے پر مجبور کرنے پر سزا سنائی گئی ہے۔

    خاتون نے سوتیلے بیٹے کو کتے کے پنجرے میں مہینوں تک رہنے پر مجبور کیا، پولیس نے 19 اکتوبر 2022 کو پڑوسی کی اطلاع پر سوتیلی ماں سمیت لڑکے کے والد جوناتھن اسٹر اور گھر کی مالکہ اور خالہ شیلی لوسیل بارنس کو گرفتار کر لیا تھا، پولیس کو معلوم ہوا کہ بچے کو اپریل سے پنجرے میں بند کیا جا رہا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچے کو گھر سے باہر سخت سردی میں بہت بری حالت میں پنجرے میں قید رکھا جاتا تھا، بچے کو بازیاب کرتے وقت وہ ننگے پاؤں تھا۔

    خاتون نے منگل کو بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے دو سنگین الزامات کا اعتراف کیا، بچے کو شدید جسمانی چوٹ بھی آئی تھی، عدالت نے دونوں الزامات ثابت ہونے پر خاتون کو 9 سے 12 سال تک کی قید کی سزا سنائی۔

    جج نے حکم دیا کہ خاتون کی دماغی صحت کا جائزہ بھی لیا جائے اور اس کا علاج شروع کیا جائے اور غصے سے نمٹنے کے لیے خاتون کونسلنگ کی خدمات بھی حاصل کریں گی۔ جج نے اس کے ڈی این اے سیمپل جمع کروانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ وہ متاثرہ بچے سے رابطہ نہیں کر سکے گی۔

    گھر پر پولیس چھاپے کے وقت خاتون کی گود میں 8 ماہ کا بچہ تھا، جب کہ ایک کمرے میں بستر کے نیچے بھی ایک 4 سالہ بچہ ملا، پولیس کے مطابق خاتون کی سات اور آٹھ سال کی 2 بیٹیاں اسکول میں تھیں۔ پولیس نے پانچوں بچوں کو محکمہ سماجی خدمات کی تحویل میں دے دیا ہے۔ دوسری طرف عدالت نے بچے کے باپ اور ان کی خالہ کے خلاف الزامات خارج کر دیے۔

  • باپ اور سوتیلی ماں نے بچی کو بھوکا پیاسا رکھا اور۔۔ دلخراش داستان

    باپ اور سوتیلی ماں نے بچی کو بھوکا پیاسا رکھا اور۔۔ دلخراش داستان

    امریکا میں باپ اور سوتیلی ماں کے بہیمانہ تشدد اور غیر انسانی سلوک سے 8 سالہ بچی موت کے گھاٹ اتر گئی، پولیس نے والدین کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی ریاست منیسوٹا میں پیش آنے والے اس دلخراش واقعے کے ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 8 سالہ بچی آٹم ہالو کے مسلز نقص نمو کے باعث سکڑ چکے تھے، اس کے سر کے بال جھڑ رہے تھے، سر پر زخموں کے نشانات تھے جبکہ دماغ اور پیٹ میں اندرونی طور پر خون بہہ رہا تھا۔

    بچی کے والد بریٹ جیسن ہالو اور سوتیلی ماں سارہ کیلی کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔

    بچی کی موت اگست 2020 میں ہوئی تھی جب پولیس کو ایک کال موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ بچی بے حس و حرکت باتھ ٹب میں ہے۔

    پولیس وہاں پہنچی تو باتھ روم میں خون کے دھبے تھے جبکہ بچی بستر میں تھی اور اس کی سوتیلی ماں اسے مصنوعی تنفس دینے کی کوشش کر رہی تھی۔

    پولیس کے مطابق بچی کی انگلیاں نیلی پڑ چکی تھیں جبکہ اس کا جسم بھی اکڑ چکا تھا جس سے اندازہ ہوتا تھا کہ اس کی موت کو کچھ وقت گزر چکا ہے۔

    سوتیلی ماں سارہ نے پولیس کو بتایا کہ بچی ٹب میں نہا رہی تھی لیکن جب وہ کافی دیر تک باہر نہیں آئی تو وہ باتھ روم میں گئی جہاں اس نے بچی کو باتھ ٹب میں بے حس و حرکت پانی میں ڈوبا ہوا پایا۔ باپ نے بچی کو بستر پر لٹایا جبکہ ماں نے پولیس کو کال کی۔

    ملزمان کو عدالت میں پیش کیے جانے سے قبل جوڑے کے 2 دیگر بچوں نے اپنے بیانات پولیس کو ریکارڈ کروائے جن میں 6 سال کا بچہ اور 10 سال کی بچی شامل ہیں، بچوں نے اپنے والدین کی سفاکی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    بچوں کے مطابق ان کے والدین آٹم کو بیلٹ سے باندھ کر سیلپنگ بیگ میں ڈال دیتے تھے اور اکثر اسے تشدد کا نشانہ بناتے تھے۔

    دوران تفتیش سوتیلی ماں نے اپنے تمام مظالم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ اس نے ایک بار بچی کو 3 دن تک باتھ روم میں بند کیے رکھا، وہ اکثر و بیشتر اسے کھانے اور پانی سے بھی محروم رکھتی تھی۔

    دوسری جانب بچی کی سگی ماں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کا بہانہ بنا کر اسے جنوری سے بیٹی سے ملنے نہیں دیا گیا۔ آخری بار جب وہ آٹم سے ملی تو وہ بالکل صحت مند اور ٹھیک ٹھاک تھی۔

    پولیس کے مطابق انہیں گزشتہ برس کے دوران اس گھر کے حوالے سے کم از کم 30 کالز موصول ہوئیں جو ان کے پڑوسیوں نے کیں اور شکایت کی کہ مذکورہ خاندان کے گھر سے رونے اور چیخنے چلانے کی آوازیں آرہی ہیں۔

    ایک کال میں پڑوسی نے بتایا کہ وہ واضح طور پر کسی بچی کے رونے کی آواز سن رہا ہے اور بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ کوئی بالغ شخص بچی پر تشدد کر رہا ہے۔

    بچی کی سگی ماں نے بھی پولیس کو کم از کم 5 بار کال کی، ایک بار اس نے اس وقت کال کی جب اس نے بچی کے جسم پر نیل اور نشانات دیکھے۔ علاوہ ازیں وہ کافی عرصے سے بچی سے رابطہ نہیں کر پارہی تھی جس کے باعث اس نے پولیس سے مدد لی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو 40 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

  • سوتیلی ماں کا معصوم بچوں پر ظلم، 5 ماہ سے زنجیروں میں بھوکا پیاسا باندھے رکھا

    سوتیلی ماں کا معصوم بچوں پر ظلم، 5 ماہ سے زنجیروں میں بھوکا پیاسا باندھے رکھا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلبرگ میں سوتیلی ماں نے معصوم بچوں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک روا رکھا، بچوں کو برہنہ حالت میں کئی ماہ سے زنجیروں میں باندھ رکھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گلبرگ کراچی میں سوتیلی ماں نے اپنے ظالمانہ عمل سے مامتا کو شرما دیا، دو معصوم بچوں کو برہنہ حالت میں زنجیروں میں جکڑ کر بھوکا پیاسا رکھا، اپنے ہی گھر میں بچے قیدیوں سے بد تر حالت میں 5 ماہ تک ظلم سہتے رہے۔

    بچوں کی عمر 4 سے 10 سال کے درمیان ہے، انھیں کئی کئی روز تک کھانا بھی نہیں دیا جا رہا تھا، جس سے ان کی جسمانی حالت افریقا کے قحط زدہ بچوں جیسی ہو گئی تھی، والدین میں علیحدگی کے بعد باپ نے دوسری شادی کی تو سوتیلی ماں نے بچوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے، اپنی ماں نے بھی پلٹ کر نہیں پوچھا۔

    پڑوسی خاتون بچوں کو کھانا کھلانے کی کوشش کرتے ہوئے، سوتیلی ماں نے ایسا کرنے سے روکا

    ظلم کے شکار ان بچوں کے بارے میں علاقہ مکینوں کو اطلاع ملی تو وہ گھر میں داخل ہو گئے، انھوں نے دو چھوٹے بچوں کو برہنہ حالت میں زنجیروں سے بندھا پایا، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ انھوں نے کافی کوششوں کے بعد گھر کا دروازہ کھلوایا، اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز پر ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں بچے زنجیروں سے بندھے دکھائی دیے۔

    محلے والوں نے بچوں کی زنجیریں کھولیں، اور جوس پلایا

    بھوکا رہنے کی وجہ سے بچے انتہائی کم زور ہو چکے ہیں، ایک پڑوسی خاتون نے بتایا کہ وہ گھر میں داخل ہوئی تھی اور انھوں نے بچوں کو کھانا کھلانے کی کوشش کی تو سوتیلی ماں نے کھانا کھلانے نہیں دیا، جس پر پڑوسی خاتون نے سوتیلی ماں کے کھانا کھلانے سے منع کرنے کی ویڈیو بنا لی۔

    معصوم بچی نے محلے والوں کو بتایا کہ ان کی ماں عنبر والد بلال سے طلاق لے کر چلی گئی تھی، اور سوتیلی ماں اسما انھیں کپڑے بھی نہیں پہناتی تھی، باپ نے کام بھی چھوڑ دیا تھا۔

    محلے والوں نے بچوں کو بازیاب تو کرالیا لیکن اس دردناک قصے کا ایک سیاہ پہلو یہ بھی ہے کہ پولیس نے ایک بار پھر بچوں کو سوتیلی ماں کے حوالے کر دیا ہے، پولیس نے تو ان بچوں کو دوبارہ سوتیلی ماں کے حوالے کر کے اپنی جان چھڑا لی لیکن سوال یہ ہے کہ ان کی پرورش کون کرے گا، ان کی کفالت اور حفاظت کی ذمہ داری کون اٹھائے گا؟

    سماجی رہنماؤں کا ردِ عمل

    اے آر وائی نیوز پر بچوں کو زنجیروں سے باندھنے کی خبر نشر ہونے کے بعد معروف سماجی رہنما ضیا اعوان ایڈوکیٹ نے کہا کہ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ واقعہ گھریلو تشدد کا ہے جس کے خلاف قانون موجود ہے، بچوں کو بھوکا رکھنا اور زنجیروں سے باندھنا مجرمانہ فعل ہے، بچوں کو سوتیلی ماں کو واپس کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے، اور بچوں کو کسی شیلٹر ہوم میں پہنچانا چاہیے تھا، اس کیس میں پولیس کی کوتاہی واضح نظر آ رہی ہے، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو واقعے کا نوٹس لینا چاہیے۔

    صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کی وائس چیئر پرسن عالیہ برنی نے کہا ہم نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ مل کربہت سے بچوں کو تحفظ فراہم کیا، اس واقعے پر کسی بھی ادارے کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    معروف سماجی کارکن فرزانہ باری نے کہا بچوں کی ذمہ داری صرف ماں باپ کی ہی نہیں ریاست کی بھی ہے، چھوٹے بچوں پر ظلم کرنے والی سوتیلی ماں کو بھی سزا ملنی چاہیے، بچوں کو واپس کرنے پر اب سوتیلی ماں اور بھی انھیں ستائے گی، ہمارے اداروں کو ایسے بچوں کو ریسکیو کرنا چاہیے، سوال تو یہ بھی ہے کہ جب سوتیلی ماں ظلم کر رہی تھی تو ان بچوں کا باپ کہاں تھا۔

    انھوں نے کہا جب بھی ظلم ہوتا ہے آپ تحفظ کے لیے پولیس کے پاس جاتے ہیں، لیکن اکثر دیکھا گیا ہے کہ پولیس ظالم کے ساتھ کھڑی ہو جاتی ہے، ایف آئی آر تک درج کرانے میں بہت مشکلات پیش آتی ہیں، یہاں تک کہ میڈیکل رپورٹ تک پولیس خراب کر دیتی ہے، پولیس کا محکمہ ٹھیک ہو جائے تو لوگوں کے مسائل بہتر طریقے سے حل ہو سکتے ہیں۔

  • ملتان سے سوتیلی ماں جیسا سلوک نہیں ہونے دیں گے: وزیر خارجہ

    ملتان سے سوتیلی ماں جیسا سلوک نہیں ہونے دیں گے: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح ملتان سے سوتیلی ماں جیسا سلوک نہیں ہونے دیں گے، ماضی میں ملتان میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے جو افسوس ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں وزیر خارجہ کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، پارلیمانی سیکرٹری زین قریشی اور وفاقی و صوبائی اراکین اسمبلی بھی شریک ہوئے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ ماضی میں ملتان میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے جو افسوس ناک امر ہے، ماضی میں ملتان کے فنڈ لاہور میں لگے جس کی وجہ سے یہاں احساس محرومی بڑھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی گوادر میں دہشت گرد حملے کی مذمت

    وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت سے ملتان میں انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے فنڈز مانگیں گے۔

    دریں اثنا، ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، واسا، اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، وزیر خارجہ نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں ساڑھے 3 ارب کی کرپشن ہوئی، اس کرپشن کی تحقیقات پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے کرائیں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کمپنی میں ساڑھے 3 ارب کی کرپشن میں سابق سیاسی قیادت ملوث رہی۔ انھوں نے ہدایت کی کہ کمپنی انتظامیہ سینیٹری ورکرز اور مشینری کی کمی پوری کرے اور شہر کو صاف کرے۔

  • سابق ادوارمیں‌ ترقی کے نام پرجنوبی پنجاب کے ساتھ دھوکا دیا گیا، عثمان بزدار

    سابق ادوارمیں‌ ترقی کے نام پرجنوبی پنجاب کے ساتھ دھوکا دیا گیا، عثمان بزدار

    ڈی جی خان : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے  کہ ہماری حکومت عمل پر یقین رکھتی ہے، سابق دور میں خوشحالی اور ترقی کے نام پر دھوکا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب تونسہ شریف میں عوام سے گفتگو کررہے  تھے ، اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ میں آپ سے ہوں اور میرا تعلق آپ سے ہمشہ رہے گا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معذور بیٹی کو لانے والے شہری کا مسئلہ فوری حل کرنے کا حکم دیتے ہوئے بچی کو مصنوعی ٹانگ لگانے کےلیے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہریوں سے اردو، سرائیکی اور بلوچی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے مسائل میرے مسائل ہیں، ہر صورت میں انہیں حل کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے بازیوں کا دور گزرچکا ہے ماضی میں حکومتوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا، سابق دور حکومت میں ترقی اور خوشحالی کے نام پر دھوکا کیا گیا۔

    عثمان بزدار کا شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں پسماندگی دور کرنے کےلیے اقدامات کیے گئے ہیں، جنوبی پنجاب کی عوام کےلیے علیحدہ سیکریٹریٹ بنایا جارہا ہے، جنوبی پنجاب کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : اچھی قوم کے لیے اچھے اساتذہ کی ضرورت ہے‘ عثمان بزدار

    یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نئی تعلیمی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرائمری لیول تک اردومیں تعلیم دی جائے گی، انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائے گا۔

    سردارعثمان بزدار نے کہا کہ مڈل لیول پرسائنس اورآرٹس کی تعلیم کے  رحجانات متعارف کرائیں گے، انصاف آفٹرنون پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے، اسکولوں میں صاف پانی اور اسپورٹس لازمی ہوگی۔

  • لاہور: سوتیلی ماں کے مبینہ تشدد سے تین سالہ بچی جاں بحق، مردان میں پانچ سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

    لاہور: سوتیلی ماں کے مبینہ تشدد سے تین سالہ بچی جاں بحق، مردان میں پانچ سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

    لاہور: سوتیلی ماں نے مبینہ طور پر تشدد کرکے تین سالہ بچی کو قتل کردیا، پولیس نے لاش تحویل میں لے کراسپتال منتقل کردی گئی ۔ مردان میں پانچ سالہ بچی کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے بادامی باغ کے ایک گھر سے تین سالہ بچی کی لاش ملی ہے، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ بچی کا نام مریم ہے اور اس کے والد عرفان نے تین شادیاں کی تھیں، مریم دوسری بیوی سے تھی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق عرفان کی تیسری شادی فائقہ نامی خاتون سے ہوئی۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بچی کی موت کی ذمہ دار سوتیلی ماں ہے، لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے ، پوسٹ مارٹم کے بعد ساری صورتحال واضح ہوگی تاہم گھرمیں موجود دیگر افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب مردان میں مردہ حالت میں ملنے والی پانچ سال کی بچی حسینہ گُل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کی موت گلہ دبانے کی وجہ سے ہوئی اور بچی سےزیادتی بھی کی گئی، اس حوالے سے ڈی پی او مردان واحد محمود کا کہنا ہے کہ20مشتبہ افراد سے تحقیقات کی جاری رہی ہیں، جلد ملزم قانون کے شکنجے میں ہوگا۔

  • لاہور: سوتیلی ماں نے چارسال کے بچے کو قتل کردیا، ملزمہ گرفتار

    لاہور: سوتیلی ماں نے چارسال کے بچے کو قتل کردیا، ملزمہ گرفتار

    لاہور: سوتیلی ماں نے چار سالہ معصوم کو قتل کرکے لاش پڑوسی کی چھت پر پھینک دی، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصئیلات کے مطابق سوتیلی ماں نے سوتیلے پن کی انتہاکردی، باپ عمرے پرگیا تو بچہ سوتیلی ماں کے ہتھےچڑھ گیا، لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں سفاک سوتیلی ماں نے 4 سال کے بچے کو گلاگھونٹ کرمار ڈالا۔

    تعفن پھیلنے پر لاش پڑوسیوں کی چھت پرپھینک دی، شعیب کی لاش ایک چھت سے ملنے پر محلے میں کہرام مچ گیا، پولیس کے مطابق شبانہ نے شوہر کے عمرے پر جانے کے بعد چار سال کے شعیب کو گلا گھونٹ کر قتل کیا اور کمسن شعیب کی لاش کمرے میں چھپا دی۔

    بعد ازاں لاش سے تعفن اٹھنے پراسے پڑوسیوں کی چھت پر پھینک دیا، شعیب کے والد شہباز چاندی اور ایم این اے شہباز چوہدری نے میڈیا کے سامنے معاملے کو چھپانے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شبانہ کے ہاں اولاد نہیں تھی جس کے باعث اس نے یہ قدم اٹھایا ۔پولیس نے ملزمہ شبانہ کو گرفتار کرلیا۔ بعد ازاں بچے کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • سوتیلی ماں کے کہنے پر باپ نے تین بچوں کو قتل کردیا

    سوتیلی ماں کے کہنے پر باپ نے تین بچوں کو قتل کردیا

    بہاولپور: دوسری بیوی نے سوتیلے بچوں کے ساتھ رہنے سے منع کیا تو باپ نے سگے بچوں کا گلا گھونٹ دیا۔ ملزم نے تین بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوسری بیوی کی محبت باپ کی شفقت پر غالب آگئی، بہاولپور کے رہائشی فاروق نے اپنے ہی ہاتھوں سے اپنی دُنیا اجاڑدی۔

    قائد اعظم کالونی کے رہائشی فاروق نے کچھ عرصہ قبل پہلی بیوی کے انتقال پر دوسری شادی کی تھی ۔دوسری بیوی کسی بات پر ناراض ہو کرمیکے چلی گئی فاروق منانے گیا تو بیوی نے بچوں کے ساتھ رہنے سے انکار کردیا۔

    فاروق گھر ناکام لوٹا اورطیش میں آکر دس سالہ عمیرآٹھ سالہ زہرہ اور چھ سالہ زنیرہ کو موبائل چارجر کے تار سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا، ملزم نے خود بھی زہر پینے کا ڈرامہ کیا۔

    فاروق کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بعد ازاں ملزم نے اعتراف جُرم کرلیا۔ پولیس نے بچوں کے ماموں کے بیان پر ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے بچوں کی لاش پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کردی.