Tag: سوزوکی

  • ویڈیو: واردات کا نیا طریقہ، لٹیروں نے آن لائن سامان بک کروایا اور بھری سوزوکی چھین لی

    ویڈیو: واردات کا نیا طریقہ، لٹیروں نے آن لائن سامان بک کروایا اور بھری سوزوکی چھین لی

    کراچی: شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر نے واردات کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا، لاکھوں روپے مالیت کا آن لائن سامان بک کروایا اور سوزوکی چھین لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لٹیروں نے آن لائن سامان بک کروانے کے بعد ڈرائیور سے بھری سوزوکی چھین لی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    معلوم ہوا کہ چھینی گئی سوزوکی میں ایئرکنڈیشنڈ، گیزر اور واشنگ مشین بھی رکھی ہوئی تھی، لٹیروں نے ڈرائیور اور کلینر سے موبائل فون اور بٹوے بھی چھینے۔

    متاثرہ ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ ڈکیتی کی واردات نارتھ ناظم آباد بلاک آئی میں کی گئی، ایک خاتون نے دکان دار سے فون پر ڈیڑھ ٹن کا اے سی، ایک واشنگ مشین اور ایک گیزر بک کروایا، خاتون نے فون پر میگا سینڑ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی لوکیشن بتائی تھی۔

    ڈرائیور کے مطابق جب وہ مذکورہ پتے پر پہنچا تو خاتون نے کہا 5 منٹ میں آ رہی ہوں، تاہم خاتون کے ہمراہ کئی ڈاکو بھی موٹر سائیکلوں پر پہنچ گئے، اور انھیں زور دار تھپڑ مارے اور سڑک پر بٹھا دیا، اور ڈاکو سامان سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہو گئے۔

    ڈرائیور نے بتایا ’’ڈاکو میرا موبائل فون اور پرس بھی چھین کر لے گئے، جب واردات کے چند منٹ بعد سوزکی ٹریکر کمپنی سے بند کروائی تو ڈاکو سامان رکشے میں لوڈ کر کے لے جانے لگے، میرا بھائی آگے گیا تو ملزمان نے اسلحہ دکھایا اور رکشہ لے کر بھاگ گئے۔‘‘

    ڈرائیور کے بیان کے مطابق ٹریکر والے جب نیپا پر پہنچے تو ڈاکو فرار ہو رہے تھے۔ شاہراہ نور جہاں تھانے کی پولیس نے واقعے سے متعلق درخواست وصول کر لی ہے۔

  • سمندروں کی صفائی کرنے والا منفرد آلہ تیار

    سمندروں کی صفائی کرنے والا منفرد آلہ تیار

    آٹو موبائل کمپنی سوزوکی نے سمندری آلودگی میں کمی کے لیے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جو سمندر سے پلاسٹک کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے صاف کرسکے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جاپان کی سوزوکی موٹرز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک آلہ تیار کیا ہے جو کشتیوں کے باہر نصب موٹر کو مائیکرو پلاسٹک جمع کرنے کے قابل بناتا ہے۔

    مائیکرو پلاسٹک، پلاسٹک کے ننھے ننھے ٹکڑے ہوتے ہیں، چونکہ یہ بہت چھوٹے ہوتے ہیں لہٰذا یہ ہر قسم کے فلٹر پلانٹ سے باآسانی گزر جاتے ہیں اور جھیلوں اور دریاؤں میں شامل ہو جاتے ہیں جہاں سے یہ سمندری حیات کے لیے خطرہ بن جاتے ہیں۔

    سوزوکی کمپنی پلاسٹک کے کوڑے سے ہونے والی آبی آلودگی کے مسئلے کے حل کے لیے کئی سال سے تحقیق کر رہی تھی۔

    موٹر گاڑیاں بنانے والی اس کمپنی کے مطابق اس نے کشتیوں اور بحری جہازوں کے باہر لگی ہوئی ان موٹروں پر توجہ مرکوز کی جو انجن کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ٹنوں کے حساب سے پانی پمپ کرتی ہیں۔

    سوزوکی کا بنایا جانے والا یہ نیا آلہ ان پمپس سے خارج ہونے والے پانی کو فلٹر کرے گا اور پانی میں موجود کچرے کو جمع کرے گا۔ کمپنی کے مطابق، محض کشتی چلانے سے ارد گرد پانی کی سطح پر موجود مائیکرو پلاسٹک جمع کیا جا سکے گا۔

    منگل کے روز سوزوکی کے عملے نے شزواوکا پریفیکچر میں واقع جھیل ہامانا میں نئے آلے کی آزمائش کی۔ آلے نے مائیکرو پلاسٹک باور کیے جانے والے اجزا کے علاوہ کائی اور ریت بھی جمع کی۔

    سوزوکی کمپنی، اس نئے آلے کو اگلے سال کے اندر اندر فروخت کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔