Tag: سوشل میڈیا پر دوستی

  • سوشل میڈیا پر دوستی، لڑکی نے سکھر کے نوجوان کو کراچی بلا کر لوٹ لیا

    سوشل میڈیا پر دوستی، لڑکی نے سکھر کے نوجوان کو کراچی بلا کر لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک جعل ساز لڑکی نے سوشل میڈیا پر دوستی کر کے سکھر سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر کئی گئی دوستی کا عبرت ناک انجام سامنے آ گیا، ایک جعل ساز لڑکی نے سکھر کے نوجوان کو کراچی بلا کر لوٹ لیا۔

    اس سلسلے میں پولیس نے بتایا کہ سکھر کا 17 سالہ نوجوان 5 روز قبل لڑکی کے بلانے پر کراچی چلا آیا تھا، نوجوان کے اہل خانہ کو شبہ ہوا کہ ان کے بیٹے کو کسی نے اغوا کر لیا ہے، اور وہ اس کی تلاش میں کراچی پہنچ گئے۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ سترہ سالہ لڑکا اپنی گرل فرینڈ کو طارق روڈ پر شاپنگ کرا رہا تھا، جب اس کے اہل خانہ نے اسے زبردستی گاڑی میں بٹھانا چاہا تو لوگ اس کو اغوا کی واردات سمجھ بیٹھے، جس پر وہاں شہریوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔

    پولیس کا بیان ہے کہ سکھر کے نوجوان کو دوستی کے جال میں پھانس کر لڑکی نے 70 ہزار روپے بٹورے اور موقع سے فرار ہو گئی، اس دوران پولیس متاثرہ لڑکے اور اس کے اہل خانہ کو شہریوں سے بچا کر فیروز آباد اسٹیشن لے آئی۔

    پولیس نے بتایا کہ مبینہ جعل ساز لڑکی نوجوان سے مزید 30 ہزار روپے کا تقاضا کر رہی تھی، جب کہ وہ ستر ہزار کی شاپنگ پہلے ہی کرا چکا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان سے معلومات حاصل کر کے جعل ساز لڑکی کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

  • گوجرانوالہ : سوشل میڈیا پر چلنے والی دوستی ، امریکی حسینہ نے اسلام قبول کرلیا

    گوجرانوالہ : سوشل میڈیا پر چلنے والی دوستی ، امریکی حسینہ نے اسلام قبول کرلیا

    گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں سوشل میڈیا پر چلنے والی دوستی پیار کے رنگ میں بدل گئی، امریکن حسینہ اسلام قبول کرنے کے بعد اپنے خوابوں کے شہزادے کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ۔

    ڈی سی کالونی کے رہائشی اڑ تیس سالہ انجم ریاض کی سوشل میڈیا (فیس بک) پر فلوریڈا کی رہائشی انتالیس سالہ امریکن خاتون لیا سموکس کے ساتھ دوستی ہو گئی جو کئی سال چلی، جس کے بعد امریکن عیسائی حسینہ لیا سموکس اپنے خوابوں کے شہزادے انجم ریاض سے ملنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔

    جہاں لیا سموکس نے اسلام قبول کرنے کے بعد شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا، اسی مقصد کے لیے دونوں پیار کے پنچھی گوجرانوالہ کچہری میں پہنچے، جہاں پر نکاح خواں قاری اسد اللہ نے امریکن خاتون لیا سموکس کو کلمہ پڑھوایا اور بعد ازاں دونوں کا نکاح بھی کروا دیا۔

    اس موقع پر انجم ریاض تو میڈیا سے چھپتے ہوئے روپوش رہا جبکہ لیا سموکس خوشی خوشی ضلع کچہری میں ٹہلتی ہوئی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گھر کو رخصت ہوگئی۔