Tag: سوشل میڈیا

  • سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی مواد شیئر کرنے پر خاتون کو سزائے موت کا حکم

    سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی مواد شیئر کرنے پر خاتون کو سزائے موت کا حکم

    اسلام آباد : سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی مواد شیئر کرنے پر خاتون کو سزائے موت کا حکم دے دیا اور کہا کہ خاتون کو تامرگ پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر توہین رسالت سے متعلق مواد شیئر کرنے پر خاتون کو سزائے موت سنا دی گئی ، پیکا ایکٹ خصوصی عدالت کے جج افضل مجوکا نے سزائے موت کا فیصلہ سنایا۔

    شگفتہ کرن کو تعزیرات پاکستان 295 سی کے تحت سزائے موت اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی ، خاتون کو پیکا کی سیکشن 11 کے تحت سات سال قید، ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔

    پیکا عدالت نے فیصلے میں کہا کہ خاتون کو تامرگ پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے تاہم مجرم خاتون 30 روز کے اندر سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حق رکھتی ہے۔

    عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو خاتون کو حراست میں رکھنے کے وارنٹ جاری کردیئے۔

  • پیغمبر اسلامﷺ نے صبر کے ساتھ سچائی کے راستے پر چلنے کا درس دیا: نریندر مودی کا پیغام

    پیغمبر اسلامﷺ نے صبر کے ساتھ سچائی کے راستے پر چلنے کا درس دیا: نریندر مودی کا پیغام

    بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے مسلمانوں کو بارہ ربیع الاول کے موقع پر مبارک باد کا پیغام دیا ہے۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ہم آہنگی، اتحاد اور خوشحالی کی دعا بھی کی، مودی نے لکھا پیغمبر اسلامﷺ کے یوم ولادت کے پر مسرت موقع پر، میں اپنے تمام ہم وطنوں بالخصوص اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

    مودی نے لکھا کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے مساوات پر مبنی انسانی معاشرے کا عملی نمونہ پیش کیا اور صبر کے ساتھ سچائی کے راستے پر چلنے کا درس دیا۔

    بھارتی وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ آئیے ہم سب ان تعلیمات کو اپنانے اور ملک کی ترقی کے لیے مسلسل کام کرنے کا عہد کریں، چاروں سمت خوشیاں اور خوشحالی ہو، سب کو عید میلاد النبی ﷺ مبارک۔

  • سوشل میڈیا پر یتیم بچے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیرتعلیم کا متاثرکُن اقدام

    سوشل میڈیا پر یتیم بچے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیرتعلیم کا متاثرکُن اقدام

    سوشل میڈیا پر یتیم بچے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیرتعلیم پنجاب سے بچوں کے تمام تر تعلیمی اخراجات برداشت کرنیکا اعلان کردیا۔

    وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندرحیات نے سوشل میڈیا پر 10 سالہ یتیم بچےعلی حمزہ کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لےلیا، پرانی منڈی کے رہائشی علی حمزہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صوبائی وزیر نے اس یتیم بچے کو اپنے پاس طلب کرلیا۔

    سڑکوں پر مختلف اشیا بیچنے والے بچے نے ویڈیو میں وزیرتعلیم سے پڑھنے کی خواہش ظاہر کی تھی، وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بچے، اس کے بھائی اور والدہ کو اپنے گھر بلوالیا۔

    وزیرتعلیم پنجاب نے فوری طور پر بچوں کو یونیفارم، کتابیں اور اسکول بیگ دلوا دیا، رانا سکندر نے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے اور ماہانہ خرچ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر نے بچوں کیساتھ لنچ کیا اور کہا کہ یہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، صوبائی وزیر نے بچوں کی والدہ کو نقد امداد دی اور گھر میں بجلی کا میٹرلگوانے کا اعلان کیا۔

    اس موقع پر محنت کش بیوہ خاتون نے وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے اس اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

  • بچے سوشل میڈیا استعمال نہیں کر سکیں گے، آسٹریلیا بڑا قدم اٹھانے جا رہا ہے

    بچے سوشل میڈیا استعمال نہیں کر سکیں گے، آسٹریلیا بڑا قدم اٹھانے جا رہا ہے

    کینبرا: آسٹریلیا ایک بڑا قدم اٹھانے جا رہا ہے جس کے بعد بچے سوشل میڈیا استعمال نہیں کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا ہے، آسٹریلوی وزیر اعظم اینتھنی البانیز نے ایک بیان میں کہا کہ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی لگائی جائے گی۔

    روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا نے دماغی اور جسمانی صحت کے بارے میں خدشات کے پیش نظر بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرنے کے لیے کم از کم عمر کی حد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ڈیجیٹل حقوق کے حامیوں نے خبردار کیا ہے کہ اس قدم کے نتیجے میں چوری چھپے خطرناک آن لائن سرگرمیاں شروع ہو سکتی ہیں۔

    آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ بس اب بہت ہو گیا، بچوں کو ان آلات سے ہٹ کر فٹ بال کے میدانوں، سوئمنگ پولز اور ٹینس کورٹس پر دیکھنا چاہتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ جلد بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی لگائی جائے گی، سوشل میڈیا استعمال کرنے کے لیے 14 یا 16 سال کی حد مقرر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

    آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام اور ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارم نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔

    اینتھنی البانیز کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بچے حقیقی لوگوں کے ساتھ حقیقی تجربات کریں، کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا سماجی نقصان کا باعث بن رہا ہے۔ اگر یہ قانون بنتا ہے تو آسٹریلیا سوشل میڈیا پر عمر کی پابندی لگانے والے دنیا کے پہلے ممالک میں شامل ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ یورپی یونین سمیت کئی ممالک اس کی کوششیں کر چکے ہیں لیکن وہ ناکام ہو گئے تھے۔

  • اے پی ڈھلون نے گھر پر فائرنگ کے بعد خاموشی توڑ دی

    اے پی ڈھلون نے گھر پر فائرنگ کے بعد خاموشی توڑ دی

    بھارتی نژاد کینیڈین گلوکار امرت پال سنگھ ڈھلون عرف اے پی ڈھلون نے کینیڈا میں اپنے گھر پر فائرنگ کے واقعے پر خاموشی توڑ دی ہے۔

    بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے ساتھ میوزک ویڈیو ریلیز کرنے کے بعد گزشتہ روز بھارتی نژاد کینیڈین گلوکار اے پی ڈھلون کی رہائشگاہ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے شہر وینکوور میں پنجابی گلوکار امرت پال سنگھ کے گھر کے باہر فائرنگ کی گئی تھی اس واقعے کے بعد کینیڈا میں مقامی حکام نے اس سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کی۔

     تاہم بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جیل میں بند لارنس بشنوئی اور گینگسٹر روہت گودھرا نے گلوکار کے گھر پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

    سلمان خان کے ساتھ گانے کے بعد اے پی ڈھلون کے گھر پر حملہ

    اب فائرنگ کے واقعے کے بعد بھارتی نژاد کینیڈین گلوکار اے پی ڈھلون نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ کی اسٹوری پر کینیڈا میں اپنے گھر پر فائرنگ کے واقعے پر خاموشی توڑ دی ہے۔

    اے پی نے اسٹوری میں لکھا کہ ’ میں محفوظ ہوں، میرے لوگ بھی محفوظ ہیں، ہر ایک کا شکریہ جنہوں نے مجھ سے رابطہ کیا، آپ کا تعاون سب کچھ ہے۔

    اے پی ڈھلون نے پیغام کے آخری میں لکھا ’’سب کے لیے امن اور محبت‘‘۔

    واضح رہے کہ اتوار یکم اگست کو کینیڈا کے شہر وینکوور میں اے پی ڈھلن کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، لارنس بشنوئی گینگ کے رکن روہت گودارا نے مبینہ طور پر اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ایک میسج میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یکم ستمبر کی رات اے پی ڈھلوں کے دو مقامات پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، ایک حملہ وکٹوریہ آئی لینڈ میں گلوکار کے گھر پر ہوا، جب کہ دوسرا حملہ ٹورنٹو کے ووڈ برج میں واقع ان کے گھر پر ہوا۔

    بشنوئی گینگ نے کہا کہ فائرنگ پنجابی گلوکار کی سلمان خان سے دوستی کی وجہ سے کی گئی، پیغام میں اے پی ڈھلون کو دھمکی دی گئی ہے کہ وہ سلمان خان سے دور رہیں اور اپنی حدود میں رہیں، ورنہ انہیں بھی کتے کی مو ت مارا جائے گا۔

    یہ بھی واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اے پی ڈھلون نے اپنی نئی میوزک ویڈیو Old Money کو ریلیز کیا تھا جس میں سلمان خان اور سنجے دت بھی شامل تھے۔اس گانے کو فینز کی جانب سے کافی پسند بھی کیا گیا۔

  • ’چین ٹپاک ڈم ڈم ‘ کیا ہے اور یہ سوشل میڈیا پر اتنا مشہور کیوں ہوا؟

    ’چین ٹپاک ڈم ڈم ‘ کیا ہے اور یہ سوشل میڈیا پر اتنا مشہور کیوں ہوا؟

    آج کل سوشل میڈیا پر فیس بک، ٹوئٹر یا انسٹاگرام جہاں دیکھیں ہر جگہ ’چین ٹپاک ڈم ڈم ‘کے چرچے ہیں جس پر صارفین کی جانب سے نئی میمز بھی بنائی گئی ہیں۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بے معنی سے لگنے والا یہ الفاظ کہاں سے آیا، اس کی پیچھے کی کہانی کیا ہے، اس کو سب سے پہلے کس نے سوشل میڈیا پر متعارف کرایا؟ اور یہ سوشل میڈیا پر اتنا مشہور کیسے ہوگیا؟

    میڈیا رپوٹس کے مطابق ’چین ٹپاک ڈم ڈم‘ مشہور و معروف اور مقبول ترین کارٹون چھوٹا بھیم کے ایک منفی کردار ’ٹاکیا ‘ کا عام بول چال کا زبان ہوتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by @pagalkhana___

    تاہم کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اس جملے کو لے کر اس بات کی بھی نشاندھی کی ہے کہ سال 1966 میں ریلیز ہوئی فلم لڑکا لڑکی میں کشور کمار نے بھی ’چین ٹپاک ڈم ڈم‘ سے ملتا جلتا جملہ استعمال کیا تھا۔

    قابل ذکر ہے کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی فلم کی ایک کلپس میں بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار کشور کمار کو ’چین پٹاخ ڈم ڈم‘ کہتے ہوئے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔

    یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ پر کئی طرح کی میمز کی بھرمار ہے اس کے علاوہ ہر زبان پر یہ فقرہ مشہور ہے۔

  • بھارت میں شدت پسندوں نے ایک اور مسلمان کی جان لے لی

    بھارت میں شدت پسندوں نے ایک اور مسلمان کی جان لے لی

    بھارت میں شدت پسندوں کے جتھے نے ایک اور مسلمان کی جان لے لی۔

     بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 27 اگست کو چرخی دادری ضلع میں پیش آیا، بھارتی ریاست ہریانہ میں شدت پسند ہندو ٹولے نے مسلمان نوجوان کو گائے ذبح کرنے کے شک میں موت کے گھاٹ اتار دیا۔

     بھارتی میڈیا کے مطابق تشدد سے جاں بحق 22 سالہ کے لڑکے کی شناخت صابر ملک کے نام سے ہوئی، وہ بھارت کے مغربی بنگال میں کچرا چنتا تھا۔

    سوشل میڈیا پر مسلمان لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تو پولیس نے کارروائی کی اور پانچ افراد کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں ابھیشیک، موہت، رویندر، کملجیت، اور ساحل شامل ہیں۔

    ملزمان نے گائے کا گوشت کھانے کے شک میں صابر کو پلاسٹک کی خالی بوتلیں بیچنے کے بہانے ایک دکان پر بلایا جہاں پانچوں نے مل کر متاثرہ کو تشدد کا نشانہ بنایا، جب کچھ لوگوں نے تشدد کرنے سے روکا تو شدت پسند گروہ نے دوسری جگہ لے جاکر اسے دوبارہ مارا پیٹا، جس کے نتیجے میں صابر کی موت ہو گئی۔

    بھارتی پولیس کے مطابق اس واقعے میں ملوث پانچ ملزمان کے علاوہ دو نابالغوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ان کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • امام الحق کا اہلیہ انمول محمود کے لیے سوشل میڈیا پر پیار بھرا پیغام

    امام الحق کا اہلیہ انمول محمود کے لیے سوشل میڈیا پر پیار بھرا پیغام

    قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق نے اپنی اہلیہ انمول محمود کے لیے سوشل میڈیا پر پیار بھرا پیغام جاری کیا ہے۔

    فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر قومی کھلاڑی امام الحق نے تصاویر شیئر کی ہے جس میں انہیں اہلیہ انمول محمود کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Imam Ul Haq (@imamulhaqofficial)

    امام الحق نے تصویریں شیئرکر کے لکھا کہ ’ میرے پہلو میں موجود خاتون ہر مشکل کو آسان اور خوبصورت بنادیتی ہے، یہ میری چٹان اور سہارا ہے‘۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے، قومی کرکٹ ٹہیم کے اوپنر امام الحق بنگلادیش کیخلاف سیریز میں ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکے، امام کے علاوہ کئی دیگر کھلاڑی بھی فارم اور فٹنس کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکے۔

    خیال رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچز پنڈی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے، گزشتہ روز پاکستان کپتان شان مسعود اور بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شنتو نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی اور میڈیا سے گفتگو میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرکے جیت کے عزم کا اظہار کیا۔

    مذکورہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 سائیکل کا حصہ ہے جس کی ٹاپ دو ٹیمیں اگلے سال فائنل کھیلیں گی، پوائنٹ ٹیبل پر بھارت سر فہرست، آسٹریلیا دوسرے نمبر پر جب کہ پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

  • موبائل اور سوشل میڈیا سروس میں تعطل پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کانوٹس

    موبائل اور سوشل میڈیا سروس میں تعطل پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کانوٹس

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ملک بھر میں کمزور موبائل سروس اور سوشل میڈیا سروس میں تعطل کے معاملے پر نوٹس لے لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیئرمین سید امین الحق نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمنٰ کو طلب کرلیا ہے۔

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیئرمین سید امین الحق نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمنٰ کو سوشل میڈیا سروس میں رکاوٹ کی وجوہات پیش کرنے کی ہدایت کردیں ہیں۔

    علاوہ ازیں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین امین الحق کی جانب سے واٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام اور ایکس کی بندش کی وجوہات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے اور موبائل سگنلز کمزور ہونے کی بھی تفصیلات فراہم کرنے کا کہا ہے۔

    قوم کو جلد بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی، وزیر اعظم

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی طلب کیا گیا ہے، قائمہ کمیٹی کا اجلاس 21 اگست بروز بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

  • سوشل میڈیا بدترین نشہ، نوجوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا

    سوشل میڈیا بدترین نشہ، نوجوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا

    مونٹریال: کینیڈا میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف ایک نوجوان نے مقدمہ درج کرایا ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک بدترین نشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے 24 سالہ شہری نے ایک مقدمہ درج کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا بدترین نشہ ہے، اور دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔ کینیڈا کے شہر مونٹریال کے نوجوان نے قانونی فرم لیمبرٹ ایووکیٹس کے ذریعے اپنی درخواست میں فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک، یوٹیوب اور ریڈیٹ کو فریق بنایا ہے۔

    نوجوان کا کہنا ہے کہ اُس نے 2015 میں سوشل میڈیا کا استعمال شروع کیا، جس کے بعد اسے تخلیقی کام میں دشواری کا سامنا ہے اور جسمانی ساخت خراب ہو گئی ہے۔

    قانونی فرم کے مطابق ان پلیٹ فارمز کے مالکان ذمہ دار ہیں کہ وہ صارفین کی صحت اور سلامتی اوّلین ترجیح کے طور پر یقینی بنائیں، خاص طور پر بچوں کا خیال رکھیں، فلپ براؤلٹ کے مطابق کینیڈا میں 7 سے 11 سال کے 52 فی صد بچے سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔

    قانونی فرم کے مطابق اس کیس کے پیچھے موجود نوجوان نے اپنے سوشل میڈیا کے استعمال کو دن میں صرف 2 گھنٹے تک محدود کر دیا، لیکن اس کا کہنا ہے کہ یہ ایپس اس کی نیند اور پیداواری صلاحیت کو پھر بھی متاثر کرتی رہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب میٹا پلیٹ فارمز کے فیس بک اور انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا چینلز کا بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے، تو یہ ایک حد تک ذہنی صحت پر اثرات مرتب کرنے میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں، جیسا کہ بے چینی، ڈپریشن، کھانا کھانے کے مسائل، کم خود اعتمادی، خود کو نقصان پہنچانا، خودکشی وغیرہ۔

    افسوس کی بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا کی لت کے نقصانات سے بچے اور نوعمر سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بہت سے نوجوان اور خاندان اس لت سے متعلق مقدمات دائر کر رہے ہیں، ان مقدمات کو جمع کرنے والے ایک لاسوئٹ انفارمیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ جولائی میں سوشل میڈیا کی لت (MDL) میں 18 نئے کیسز شامل ہو گئے ہیں، جس سے زیر التوا مقدمات کی کل تعداد 517 ہو گئی ہے۔