Tag: سولجر بازار

  • سولجر بازار چھینا جھپٹی کے ہلاکت خیز واقعے کی ہولناک ویڈیو سامنے آ گئی

    سولجر بازار چھینا جھپٹی کے ہلاکت خیز واقعے کی ہولناک ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں جماعت خانے کے قریب فائرنگ سے ایک ڈاکو کی ہلاکت اور ایک شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی ہولناک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

    فائرنگ کے اس واقعے میں طاہر بزنجو نامی شہری گولی لگنے کے بعد اسپتال میں جاں بحق ہوا تھا، جب کہ اس کا دوسرا ساتھی صدام گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

    لوٹ مار کرنے والے ڈاکو عبداللہ کو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگی تھی، جس سے وہ موقع ہی پر ہلاک ہوا، فوٹیج میں 2 موٹر سائیکلوں پر 4 لٹیروں کو دیکھا جا سکتا ہے، جنھوں نے موٹر سائیکل پر جاتے طاہر اور اس کے ساتھی کو سائیڈ دے کر روکا۔

    تاہم موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے شہری نے جھپٹ کر مسلح لٹیرے کو اچانک پیچھے سے دبوچ لیا، یہ ماجرہ دیکھ کر دوسرے ڈاکو کی جانب سے گولیاں چلائی گئیں، تاہم لٹیرے کو دبوچنے والے شہری نے ڈاکو کے پستول کا رخ اس کے ساتھی ڈاکو کی جانب کر دیا اور گولیاں چلیں۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈاکو نے اپنے ہی ساتھی کو گولی مار دی، تاہم ایک گولی شہری کو بھی لگی، جو بعد میں اس کے لیے جان لیوا ثابت ہو گئی۔

    ویڈیو میں تینوں افراد کو زخمی ہو کر زمین پر گرتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ باقی 3 لٹیرے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ کراچی کی سڑکوں پر آئے دن شہریوں کو اس طرح گھیر گھار کر لوٹ لیا جاتا ہے، اور مزاحمت پر شہریوں کی قیمتی جانیں بھی تلف ہو رہی ہیں، تاہم جرائم پر قابو پانے کے دعوے کرنے والی پولیس انھیں روکنے میں ناکام ہے۔

  • کراچی : شہری نے فائرنگ کرکے ڈاکو ہلاک کر ڈالا

    کراچی : شہری نے فائرنگ کرکے ڈاکو ہلاک کر ڈالا

    کراچی کے علاقے سولجر بازار میں لوٹ مار کرنے والے ڈاکو کو شہری نے فائرنگ کرکے موقع پر ہی مار ڈالا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اہلیان شہر قائد آئے روز کی چھینا جھپٹی اور لوٹ مار کی وارداتوں سے تنگ آچکے ہیں اور ان بے رحم ڈاکوؤں سے نمٹنے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت ان کو سبق سکھانے کا فیصلہ بھی کرلیا۔

     ایسے ہی کراچی کے ایک شہری نے سولجر بازار میں فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا، افراتفری کا فائدہ اٹھا کر اس کا ساتھی جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو ڈاکو لوٹ مار کررہے تھے کہ مذکورہ شہری نے ان پر فائرنگ کردی، جس سے ایک ڈاکو زمین پر گرتے ہی مرگیا۔

    ہلاک ہونے والے ڈاکو سے ایک عدد پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر مزید کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم واقعہ کی تفتیش کی جارہی ہے، بہت جلد دوسرے ملزم کو بھی قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔

     شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری

    واضح رہے کہ کراچی کی ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلیے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کررہی ہے۔

    پولیس کے مطابق جن علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے ان میں شارع فیصل، بلوچ کالونی، سہراب گوٹھ شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن جرائم پیشہ افراد کی تلاش اور منشیات فروشوں کیخلاف کیا جارہا ہے، علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے گھرگھر تلاشی کاعمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ بائیومیٹرک سرچ ڈیوائس کی مدد سے مشتبہ افراد کی تصدیق کی جارہی ہے۔

  • سولجر بازار میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کو مار کر جلانے والے بیٹے نکلے

    سولجر بازار میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کو مار کر جلانے والے بیٹے نکلے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار سلیم انصاری کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے واقعے میں پولیس نے سرکار کی مدعیت میں تھانہ سولجر بازار میں بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سولجر بازار میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کو مار کر جلانے والے بیٹے نکلے، قتل میں ملوث ریٹائرڈ اہلکار کے ایک بیٹے سلمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، سلمان نے پولیس کے سامنے باپ کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ اہلکار کا ایک بیٹا عمران فرار ہو گیا ہے، عمران محکمہ پولیس کا حاضر سروس اہلکار ہے۔ سلیم انصاری کے بیٹے پوسٹ مارٹم کرانے سے منع کر رہے تھے، جس پر شک کی بنیاد پر پوسٹ مارٹم کرایا گیا تو رپورٹ میں قتل کا انکشاف ہوا۔

    سولجر بازار میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کی جھلسنے سے موت مشکوک نکلی

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ریٹائرڈ اہلکار کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا، قتل کے بعد واقعے کو حادثے کا رنگ دینے کے لیے لاش جلائی گئی، بیٹوں نے جائیداد کے تنازع پر والد کو قتل کیا۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ مقتول کی اپنی بیوی سے علیحدگی ہو گئی تھی، جس کے بعد ایک بیٹا والدہ اور دوسرا والد کے گھر میں رہتا تھا۔

  • سولجر بازار میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کی جھلسنے سے موت مشکوک نکلی

    سولجر بازار میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کی جھلسنے سے موت مشکوک نکلی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار، گل رانا کالونی میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق ہو گیا ہے، جس کی شناخت ایک ریٹائرڈ پولیس اہلکار کے طور پر ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سولجر بازار کے علاقے گل رانا کالونی میں ایک گھر سے ایک ریٹائرڈ پولیس اہلکار کی جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت سلیم انصاری کے نام سے ہوئی ہے۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گیا اور تحقیقات شروع کر دی، ابتدائی طور پر پولیس نے ریٹائرڈ پولیس اہلکار کی جھلسنے سے موت مشکوک قرار دے دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر سے ملنے والے شواہد کے مطابق واقعہ مشکوک ہے۔

    پولیس بیان کے مطابق متوفی گھر میں اکیلا رہتا تھا، 2 بیٹے ہیں جو الگ رہتے ہیں، جس گھر سے لاش برآمد ہوئی وہ اندر سے بند تھا، جاں بحق شخص کا ایک بیٹا بھی پولیس اہلکار ہے، ایک بیٹا اور بہو نیچے والے پورشن میں رہائش پذیر ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کمرے میں شارٹ سرکٹ کے آثار نہیں ملے، صرف بستر جلا ہوا ہے، آگ لگنے پر کسی نے چیخ و پکار بھی نہیں سنی، حقائق سامنے لانے کے لیے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، پولیس نے یہ بھی کہا کہ متوفی کا بیٹا پوسٹ مارٹم سے انکار کر رہا ہے۔

  • بزرگ شہری کو گھر میں گلا دبا کر قتل کرنے والے چاروں ملزمان گرفتار

    بزرگ شہری کو گھر میں گلا دبا کر قتل کرنے والے چاروں ملزمان گرفتار

    کراچی: سولجر بازار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بزرگ شہری کو گھر میں گلا دبا کر قتل کرنے والے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ 18 جنوری کو سولجر بازار کے فلیٹ سے بزرگ شہری کی لاش ملی تھی۔ ملزمان نے بزرگ شہری کا گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد گھر میں لوٹ مار کی تھی۔

    مقتول عبد الستار فلیٹ میں اکیلا تھا جب کہ اس کی فیملی بیرون ملک مقیم تھی۔ ملزمان نے واردات سے ایک روز قبل فورسیلنگ کے کام کیلئے گھر کا وزٹ کیا تھا۔

    ملزمان کام کے بہانے مقتول کے گھر آئے اور لوٹ مار کی۔ سولجر بازار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے لوٹے گئے موبائل فونز، ملکی و غیرملکی کرنسی اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

  • سولجر بازار سے لاپتا خاتون اور مرد کی پر اسرار موت، پولیس تحقیقات شروع

    سولجر بازار سے لاپتا خاتون اور مرد کی پر اسرار موت، پولیس تحقیقات شروع

    کراچی: ستمبر میں کراچی کے علاقے سولجر بازار سے لاپتا خاتون اور مرد کی پر اسرار موت ہو گئی، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سولجر بازار سے 9 ستمبر کو لاپتا ہونے والی شادی شدہ خاتون سائرہ اور رضوان نامی شادی شدہ مرد نے مبینہ طور پر زہریلی شے پی کر خود کشی کر لی، سولجر بازار پولیس نے جناح اسپتال پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اور مرد نے مبینہ طور پر کلفٹن کے ایک مال کے قریب کوئی زہریلی شے پی لی تھی، مرنے والی خاتون اور مرد دونوں شادی شدہ ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق سائرہ اور رضوان دونوں اپنے اپنے گھر سے لا پتا ہو گئے تھے، سائرہ کے شوہر کے مطابق ہلاک خاتون 9 ستمبر سے لاپتا تھی، اور ان کی جانب سے بیگم کی گمشدگی کی اطلاع سولجر بازار تھانے میں دی گئی تھی۔

    ہلاک مرد رضوان بھی شادی شدہ ہے اور وہ بھی گھر سے غائب تھا، اہل خانہ کو مبینہ زہر خورانی کی اطلاع ملی تو وہ دونوں کو گھر لے کر آ گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ سائرہ اور رضوان کی تلاش میں دونوں کے اہل خانہ ساتھ تھے، ابتدائی بیان کے مطابق دونوں کو جب گھر لایا گیا تو اس کے بعد جب ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی تو انھیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسپتال پہنچنے پر پتا چلا دونوں مر چکے ہیں۔

    سائرہ اور رضوان نامی شخص کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، پولیس کی جانب سے ابتدائی بیان کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ اگر ان کی طبیعت زیادہ خراب تھی تو کلفٹن سے اسپتال لے جانے کی بجائے انھیں گھر کیوں منتقل کیا گیا اور مزید تحقیقات بھی کی جائیں گی۔

    میڈیکو لیگل افسر کا بیان

    ایس ایچ او سولجر بازار وقار عظیم نے بتایا کہ مرنے سے پہلے رضوان نے میڈیکو لیگل افسر عبدالباسط سے بات کی تھی، رضوان نے ایم ایل او کو بتایا کہ ہم سی ویو پر موجود تھے جہاں ہم دونوں نے زہر پیا، زہر پینے کے بعد ہم دونوں کو گھر والے سولجر بازار گھر لے کر گئے، ہلاک شخص نے ایم ایل او کو یہ بھی بتایا کہ انھیں سولجر بازار سے پھر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • کراچی :سولجر بازار میں سابق پولیس اہلکار جاوید بلوچ  کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج

    کراچی :سولجر بازار میں سابق پولیس اہلکار جاوید بلوچ کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج

    کراچی : پولیس نے سولجر بازار میں سابق پولیس اہلکار جاوید بلوچ سمیت دو شہریوں کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ مقتول جاوید بلوچ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجربازارمیں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں قتل ہونے والے جاوید بلوچ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمہ قتل کی دفعہ302 کے تحت درج کیا گیا۔

    مدعی خالد حسین کا کہنا ہے کہ میں سرکاری ملازمت کرتاہوں، بھائی آج ارشد پپو کیس کی شہادت کیلئے سینٹرل جیل گیا تھا، انسداد دہشت گردی عدالت سے واپسی پر نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا۔

    مدعی مقدمے نے بتایا کہ دوست نےفون پرجاویدبھائی کوگولی لگنےکی اطلاع دی بتایاگیاکزن مصدق کو بھی گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیاہے، سول اسپتال پہنچ کر میں نے لاشوں کوشناخت کیا۔

    دوسری جانب سولجربازارمیں سابق پولیس افسرسمیت 2 افراد کے قتل کی تفتیش جاری ہے ، پولیس نےمقتولین کےتعاقب کی تفصیلات بھی حاصل کرلیں۔

    پولیس نے بتایا کہ جاویدبلوچ کا تعاقب ملزمان نےسینٹرل جیل سےشروع کیا، عدالتی پیشی کےبعدجاوید بلوچ اپنےدوست کےہمراہ 10بجکر8منٹ پر نکلاتھا۔

    پولیس کے مطابق فوٹیجز میں ملزمان کو گرومندر کے قریب تعاقب کرتےدیکھا جاسکتا ہے اور فائرنگ کے بعد ملزمان تھانے والی گلی سے دھوبی گھاٹ کیجانب فرارہوئے۔

  • پولیس تشہیری مہم سے آگاہی کے باوجود پڑھے لکھے نوجوانوں نے قانون ہاتھ میں لے کر اپنا مستقبل برباد کر دیا

    پولیس تشہیری مہم سے آگاہی کے باوجود پڑھے لکھے نوجوانوں نے قانون ہاتھ میں لے کر اپنا مستقبل برباد کر دیا

    کراچی: سال نو پر سولجر بازار میں 3 طالب علموں کی ہوائی فائرنگ کے واقعے کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابقپولیس تشہیری مہم سے آگاہی کے باوجود پڑھے لکھے نوجوانوں نے قانون ہاتھ میں لے کر اپنا مستقبل برباد کر دیا، سال نو پر پولیس نے سولجر بازار میں تین طالب علموں کو گزشتہ رات فائرنگ کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا، گرفتاری کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    گرفتار ملزمان میں ایک گریجویٹ اور 2 میٹرک کے طلبہ ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی وجہ سے تینوں طالب علموں کا کرمنل ریکارڈ بن گیا ہے، اب یہ نوجوان بیرون ملک بھی آسانی سے سفر نہیں کر پائیں گے۔

    ادھر گرفتار ملزمان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شدید پشیمانی کا اظہار کیا، استفسار پر طلبہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس کی تشہیری مہم دیکھی تھی لیکن ہم سے بڑی غلطی ہوگئی، ہمیں اس پر بڑا پچھتاوا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار طالب علموں کے خلاف اقدام قتل اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا ہے، ملزمان سرکاری یا پرائیویٹ نوکری بھی مشکل سے حاصل کر سکیں گے ، جہاں جائیں گے یہ کرمنل ریکارڈ ان کا پیچھا کرے گا۔

  • کراچی: بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ والد اور اسپتال کے مابین 4 لاکھ روپے میں طے

    کراچی: بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ والد اور اسپتال کے مابین 4 لاکھ روپے میں طے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں واقع نجی اسپتال میں ڈاکٹر کی غفلت سے بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ بچے کے والد اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان 4 لاکھ روپے میں طے ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 6 ماہ کے بچے منہاج کی گزشتہ رات پٹی کاٹنے کے دوران ڈاکٹر نے انگلی ہی کاٹ دی تھی، بچے کے والد نے اسپتال اور تھانے کے باہر سخت احتجاج بھی کیا تھا، آج اسپتال انتظامیہ اور بچے کے والد کے درمیان مبینہ طور پر معاملہ 4 لاکھ روپے میں طے ہو گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اسپتال اور متاثرہ فیملی میں بھاری رقم کے عوض معاملہ طے پایا ہے، معاوضے کے علاوہ زندگی بھر مفت علاج کی سہولت کا بھی وعدہ کیا گیا۔ دوسری طرف متاثرہ بچے کو علاج کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  ڈاکٹر کی سنگین غفلت، 6 ماہ کے بچے کو انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے سولجر بازار میں نجی اسپتال کی انتظامیہ کی سنگین غفلت کے باعث گزشتہ رات ایک چھ سالہ بچے کو اپنی انگلی سے محروم ہونا پڑا تھا، اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق چھ ماہ کے بچے منہاج کو اس کے والدین بیمار ہونے پر اسپتال لائے تھے، بچے کو کینولہ لگایا گیا تھا، جسے سپورٹ دینے کے لیے ایک اسٹک ہاتھ پر باندھی گئی تھی۔

    بچے کے والد نے بتایا کہ بچہ ڈسچارج ہونے لگا تو ڈاکٹر اس کے ہاتھ پر بندھی پٹی کاٹ کر ہٹانے لگی، اس دوران ڈاکٹر نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کی انگلی ہی کاٹ ڈالی۔ ڈاکٹر نے ہمیں بتایا بھی نہیں، ہمیں بعد میں پتا چلا، انھوں نے کٹی انگلی بھی پھینک دی تھی۔

  • ڈاکٹر کی سنگین غفلت، 6 ماہ کے بچے کو انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا

    ڈاکٹر کی سنگین غفلت، 6 ماہ کے بچے کو انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا

    کراچی: سولجر بازار میں نجی اسپتال کی انتظامیہ کی سنگین غفلت کے باعث ایک چھ سالہ بچے کو اپنی انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ایک نجی اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر نے پٹی کاٹ کر ہٹانے کی بجائے 6 ماہ کے بچے کی انگلی کاٹ ڈالی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق چھ ماہ کے بچے منہاج کو اس کے والدین بیمار ہونے پر اسپتال لائے تھے، بچے کو کینولہ لگایا گیا تھا، جسے سپورٹ دینے کے لیے ایک اسٹک ہاتھ پر باندھی گئی تھی۔

    والدین نے بتایا کہ بچہ ڈسچارج ہونے لگا تو ڈاکٹر اس کے ہاتھ پر بندھی پٹی کاٹ کر ہٹانے لگی، اس دوران ڈاکٹر نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کی انگلی ہی کاٹ ڈالی۔

    واقعے کے بعد بچے کے اہل خانہ نے اسپتال اور ڈاکٹر کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے لگائے، بچے کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی ذمہ دار ڈاکٹر کو گرفتار کیا جائے۔ اہل خانہ نے اسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے پلے کارڈز بھی اٹھائے، جن پر لکھا ہوا تھا کہ اسپتال قصاب خانے بن چکے ہیں، معصوم بچوں کی صحت سے کھیلنا بند کیا جائے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں بھی لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب ایک نجی اسپتال میں غلط انجکشن لگانے کے سبب 13 سالہ حمزہ معذور ہو گیا تھا، لڑکے کو بخار کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، غلط انجکشن لگنے کے سبب اس کا ہاتھ کالا پڑ گیا، جس کی وجہ سے جسم میں زہر پھیلنے لگا تو اس کا سیدھا ہاتھ کاٹنا پڑ گیا۔