Tag: سولجر بازار

  • کراچی پولیس کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    کراچی پولیس کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں پولیس نے کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چوری کی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کا گروپ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا گروہ 6 افراد پر مشتمل ہے، ملزمان کے 4 ساتھی فرار ہوگئے۔

    دوسری جانب ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ نصرت بھٹو کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص ڈاکو تھا، ملزم عامر ساتھی عدنان کے ساتھ کہیں جا رہا تھا عدنان سے گولی چل گئی، گولی لگنے سےعامر زخمی ہوا۔

    ایس ایس پی عارف اسلم کے مطابق عدنان موقع سے فرار ہوگیا، جس پستول سے گولی چلی وہ زخمی ڈاکو عامر کا ہے، عدنان اپنے ہمراہ پستول بھی لے گیا۔

    کراچی پولیس کی کارروائی، جعلی سیکیورٹی کمپنی بنا کر عوام کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 20 ستمبر کو کراچی پولیس نے نیو ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی سیکیورٹی کمپنی بنا کر عوام کو لوٹنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    پولیس نے جعلی سیکیورٹی کمپنی کے دفتر سے درجنوں موٹر سائیکلیں اور غیرقانونی اسلحہ برآمد کیا تھا، کارروائی کے دوران مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیے گئے تھے۔

  • کراچی، سولجر بازار میں مندر کی کھدائی کے دوران قدیم مورتیاں‌ برآمد

    کراچی، سولجر بازار میں مندر کی کھدائی کے دوران قدیم مورتیاں‌ برآمد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں مندر کی کھدائی کے دوران مورتیاں نکل آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں شری پنچ مکھی ہنومان مندر سے کھدائی کے دوران مورتیاں برآمد ہوئی ہیں، مندر کے پنڈت نے دعویٰ کیا ہے کہ ہنومان اور گنیش کی مورتی پندرہ سو سال پرانی ہے۔

    مورتیوں سے متعلق محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے فی الحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

    پنڈت مہاراج رام ناتھ کا کہنا ہے کہ مندر پر قبضے کے خاتمے کے بعد تزئین و آرائش کے لیے کھدائی کی جارہی تھی۔

    مندر کی کھدائی کے دوران نکلنے والی مورتیوں کو ہندو برادری کی جانب سے پوجا جارہا ہے لیکن یہ مورتیاں کتنی قدیم ہیں اس متعلق محکمہ آثار قدیمہ کی جانب کے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں خیبرپختونخوا پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں سال قدیم مورتی کی اسمگلنگ ناکام بنادی تھی اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    محکمہ آثارِ قدیمہ پشاور کا کہنا تھا کہ یہ نوادرات جن میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل مورتی ہے، بٹ خیلہ سے چرائے گئے تھے اور انہیں ملک سے باہر اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔

    محکمہ آثارِ قدیمہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ یہ مورتی 800 سال قدیم ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت کروڑوں روپے میں بنتی ہے۔

  • کراچی: منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، آئس ڈیلر محسن آفریدی 4 ساتھیوں سمیت گرفتار

    کراچی: منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، آئس ڈیلر محسن آفریدی 4 ساتھیوں سمیت گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کر کے منشیات فروش آئس ڈیلر محسن آفریدی کو 4 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سولجر بازار پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اہل کار سمیت پانچ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ گرفتار پانچوں منشیات فروش خود بھی آئس اور چرس پینے کے عادی اور منشیات کے ڈیلر ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا گروہ 15 مرد اور خواتین پر مشتمل ہے، گرفتار منشیات فروشوں میں پولیس اہل کار مصدق شاہ عرف بابر بھی شامل ہے، جو تھانہ سٹی کورٹ میں تعینات ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار دیگر تین منشیات فروشوں میں آئس اور چرس ڈیلر بدر شجاع عرف بدر کمرشل، ارشد انصاری عرف ببلو، اور احسن آئسی شامل ہیں۔

    ملزمان آئس اور چرس کے بڑے ڈیلر ہیں، اس سے قبل بھی درخشاں، گزری، بہادر آباد، برگیڈ اور فیروز آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزم محسن آفریدی نے واٹس ایپ گروپ بنایا ہوا ہے، جس کے ذریعے وہ اسکول کالج اور یونیورسٹیز کے لڑکے لڑکیوں کو ایڈ کر کے آئس اور چرس کی طرف راغب کرتا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ مختلف گیسٹ ہاؤسز بھی ملزمان کے زیر استعمال تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے گیسٹ ہاؤسز کے خلاف بھی ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔

    ملزمان کے قبضے سے 6 کلو چرس، بڑی تعداد میں آئس، 5 ٹی ٹی پستول اور آئس استعمال کرنے کی چیزیں برآمد ہوئیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس پی ایسٹ کی جانب سے پولیس پارٹی کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔