Tag: سولر سسٹم

  • تھرکول کے بدلے تھر کے رہنے والوں کے لیے سولر سسٹم

    تھرکول کے بدلے تھر کے رہنے والوں کے لیے سولر سسٹم

    کراچی: تھر کے رہنے والوں کو تھرکول کے بدلے سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ تھرکول بلا ک 2 سے حاصل ہونے والی رائلٹی کی رقم تھر کے رہنے والوں کے گھروں پر سولر سسٹم کی تنصیب پر خرچ کی جائے گی۔

    وزیر توانائی سندھ کی زیر صدارت پندرہویں تھر فاؤنڈیشن کی بورڈ میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس میں تھر فاؤنڈیشن کے تحت قائم عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر تھرکول بلا ک 2 سے حاصل ہونے والی رائلٹی کی رقم تھر کے رہنے والوں کے گھروں پر سولر سسٹم کی تنصیب پر خرچ کی جائے گی تا کہ تھر میں عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی سمیت پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

    میٹنگ میں بتایا گیا کہ ٹی سی ایف کے تحت 28 اسکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس میں سے 23 اسکول مکمل طور پر فعال ہیں، جب کہ اسکولوں کے اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے بھی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔

    اسکولوں میں بچوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے کھیلوں کی سہولیات بالخصوص کرکٹ کے حوالے سے بھی انتظامات موجود ہیں، اسکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے پتھم کے تعاون سے ہوٹل مینجمنٹ کے کورسز، ٹورازم کے حوالے سے ٹریننگ پروگرام، خواتین کی ووکیشنل ٹریننگ اور آئی ٹی کے حوالے سے بھی ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے۔

    دماغی صحت کے حوالے سے ایک اسپتال کے قیام کا عمل بھی جاری ہے، میٹنگ میں بتایا گیا کہ تھرکول پلانٹ کے مقام سے رہائشیوں کی منتقلی کے حوالے سے فنانشل سپورٹ بھی فراہم کی گئی ہے۔

  • پنجاب میں مراکز صحت اور پرائمری اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ

    پنجاب میں مراکز صحت اور پرائمری اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں بنیادی مراکز صحت اور پرائمری اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ، 15 ہزار پرائمری اسکولوں کو دسمبر تک شمسی توانائی پر منتقل کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر توانائی اختر ملک کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بنیادی مراکز صحت اور پرائمری اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک اور محکمہ توانائی 86 ملین ڈالر سے منصوبہ مکمل کریں گے۔

    اختر ملک کا کہنا تھا کہ دورہ چین میں چینی کمپنیز کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں، ماحول دوست اور سستی بجلی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ 15 ہزار پرائمری اسکولوں کو دسمبر تک شمسی توانائی پر منتقل کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 24 سو بنیادی مراکز صحت کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائے گا، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

    اس سے قبل گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ تمام جامعات کو شمسی توانائی پر لے جانے کا پروگرام ہے اس کے علاوہ فائلوں کی ٹریکنگ کا نظام بھی متعارف کرائیں گے۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ تمام جامعات کو مثالی بنائیں گے اور کسی وائس چانسلر کی تعیناتی سیاسی بنیادوں پرنہیں ہوگی۔ تمام جامعات میں صاف پانی اور پانی کا ضیاع روکنے کا پروگرام بھی بنائیں گے۔