Tag: سول ایوارڈز

  • شاہد آفریدی سمیت 9 کھلاڑیوں کیلئے سول ایوارڈز کا اعلان

    شاہد آفریدی سمیت 9 کھلاڑیوں کیلئے سول ایوارڈز کا اعلان

    لاہور(16 اگست 2025): حکومت پاکستان نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر کھیلوں کے مختلف شعبوں میں 9 اہم شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ ایوارڈز کھیلوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیے جا رہے ہیں، جن میں قومی مینز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی شامل ہیں۔

    لیجنڈری آل راؤنڈر آفریدی نے 524 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 2009 میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے، سابق آل راؤنڈر کو کرکٹ میں شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔

    معروف کوہ پیما شہروز کاشف، جو 8000 میٹر سے زیادہ کی تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے والے سب سے کم عمر پاکستانی ہیں، اور مرحوم گھڑ سوار ملک محمد عطا کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہال آف فیمر ثنا میر کو بھی ستارہ امتیاز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، تقریباً 15 سال تک پاکستان کی نمائندگی کرنے والی سابق آف اسپنر اس سال جون میں آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں ہیں۔

    اسی طرح پاکستان کے کامیاب ترین پیرا ایتھلیٹ حیدر علی کو بھی ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ حیدر نے پاکستان کے لیے چار تمغے جیتے ہیں، جن میں ان کا سب سے حالیہ تمغہ گزشتہ سال پیرس پیرا اولمپکس میں ڈسکس تھرو میں کانسی کا تمغہ تھا۔

    قومی مکسڈ مارشل آرٹسٹ شاہ زیب رند اور کبڈی کھلاڑی محمد سجاد کو ان کی اپنی کامیابیوں پر صدارتی ایوارڈ برائے پرائیڈ آف پرفارمنس (پی اے پی پی) سے نوازا جائے گا۔

    اس کے علاوہ اسکواش کے کھلاڑی حمزہ خان، شوٹر محسن نواز اور ٹینس کھلاڑی راشد ملک کو تمغہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے، واضح رہے کہ یہ ایوارڈز 23 مارچ 2026 کو یوم پاکستان کے موقع پر پیش کیے جائیں گے۔

  • کرونا میں غیر معمولی خدمات پر حکومت نے سول ایوارڈ کا فیصلہ کیا ہے: فرخ حبیب

    کرونا میں غیر معمولی خدمات پر حکومت نے سول ایوارڈ کا فیصلہ کیا ہے: فرخ حبیب

    فیصل آباد: پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے کہا ہے کہ میں کرونا وبا کے خلاف شہید ڈاکٹروں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، حکومت نے کرونا میں غیر معمولی خدمات انھیں پر سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فرخ حبیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نے تمام صوبوں سے ہیلتھ سے متعلق تفصیلات مانگی ہیں، وبا کے دوران غیر معمولی خدمات پر حکومت نے سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وبا کے دوران میڈیا نے بھی سخت حالات میں فرائض انجام دیے۔

    دریں اثنا، پارلیمانی سیکریٹری ریلوے فرخ حبیب نے ڈی ایچ کیو اسپتال فیصل آباد کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ کرونا وبا میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس نے فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کیا ہے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہیلتھ سیکٹر کو اپ گریڈ کیا جائے۔

    اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شریف فیملی کا علاج صرف لندن کے ایون فیلڈ فلیٹس میں ہو سکتا ہے، 40 سال اقتدار میں رہنے والے 1 اسپتال نہ بنا سکے جس میں ان کا علاج ہو سکے۔

    فرخ حبیب نے کہا کہ پہلے ان لوگوں نے کراچی کا امن تباہ کیا، اب سندھ کے لوگ بارش کے پانی میں ڈوب رہے ہیں، سندھ میں ایک پرچی چیئرمین کی حکومت ہے۔

  • یوم پاکستان پر 141 نامور شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان

    یوم پاکستان پر 141 نامور شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان

    اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے یوم پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی 141 شخصیات کے لیے سول ایوارڈ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کے لیے اعلیٰ سول ایوارڈ کا اعلان کردیا گیا۔ ان شخصیات میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، خدمات عامہ، صحافت، آرٹس اینڈ کلچر اور اسپورٹس سمیت دیگر شعبوں کی شخصیات شامل ہیں۔

    ایوارڈ وصول کرنے والوں میں کئی بین الاقوامی شخصیات بھی شامل ہیں جن میں کیوبا کے آنجہانی صدر فیڈل کاسترو، جاپان کے کیمی ہایڈ، بوسنیا کے حارث سلاجیگ اور کوریا کے ڈاکٹر سونگ جونگ شامل ہیں۔

    کچھ عرصہ قبل انتقال کرجانے والی معروف قانون داں اور سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر کے لیے بھی اعلیٰ ترین نشان امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ان میں سے 22 شخصیات کو ستارہ امتیاز دیا گیا ہے جن میں پروفیسر ڈاکٹر شعیب خان شنواری، ضیا چشتی ، اشعر عزیز، سید ضیا حسن شاہ، ڈاکٹر محمو زاہد، وقار مرتضیٰ بٹ، سید یوسف رضا، محمد خالد اختر، رانا عبدالقیوم، ایاز عزیز، امجد فرید صابری ، امینہ سید، محمد حنیف (کرکٹر)، مصباح الحق (کرکٹر)، یونس خان (کرکٹر)، شاہد آفریدی (کرکٹر)، کمانڈر مخدوم علی چشتی ، جمشید جی خارص، جنید جمشید (مرحوم)، سابق گورنر سندھ جسٹس سید الزاماں صدیقی (مرحوم)، سینیٹر عائشہ رضا، وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ اور زاہد بشیر شامل ہیں۔

    چوالیس (44) شخصیات کے لیے صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کا اعلان کیا گیا ہے جن میں 4 صحافی شامل حنیف خالد، طاہر خلیل، امین حفیظ اور نواز رضا شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں پروفسیر ڈاکٹر بشیر احمد، پروفسیر ڈاکٹر آصف اللہ خان، پروفسیر ڈاکٹر سرمد حسین، ڈاکٹر عبدالصمد، ڈاکٹر کیپٹن رحیم بخش بھٹی، ڈاکٹر محمد فہیم، بشیر احمد خان، سید کلیم انور، محمد اسلم چغتائی، ڈاکٹر محمد سرور، ڈاکٹر حامد ضیغم، محمد الیاس، سہیل اختر، لیفٹینٹ کرنل کلیم اختر، شہزاد احمد، بلقیس خانم (گلوکار)، تاج ملتانی (گلو کار)، اے نیئر (گلوکار،) ماسٹر غلام حیدر، شفیع محمد (اداکار)، زریں سلیمان پنا (اداکارہ)، امان اللہ (آرٹسٹ)، قدسیہ عظمت نثار، اصغر علی، احمد خان، خالد انعم، نگہت بٹ، اسلم پرویز (آرٹسٹ)، نگہت اقبال، سید مرتضیٰ شاہ، حارث خلیق، پروفیسر عثمان علی، ڈاکٹر سید اختر جعفری، استاد بخاری، خالد نور، بریگیڈ جاوید احمد ستی اور رفعت ریحانہ شامل ہیں۔

    افضل خان (برسلز ) کے لیے ستارہ قائد اعظم اور سری لنکا کے ڈاکٹر اے جے اے فرینڈڈ کو ستارہ خدمت کا اعزاز دیا جائے گا۔

    جن شخصیات کے لیے صدر نے تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے ان میں ظہیر احمد ملک، ڈاکٹر سیمی جمالی، مستقیم الٰہی مرزا، ڈاکٹر محمد رشک اللہ بیگ مرزا، نجم ثاقب، فیصل سعود، محمد عمران، سید ظفر حسین کاظمی، غلام حسین زاہد، طارق محمود ملک، کرنل عبد الجبار بھٹی، پروفسیر ڈاکٹر اویا مغیث الدین (ترکی)، اسامہ احمد وڑائچ، مارکر کابر جی، پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر نعیم جان، نزہت فاروقی اور مسعود الملک شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔