Tag: سول نافرمانی

  • بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سول نافرمانی کی کال مسترد کر دی

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سول نافرمانی کی کال مسترد کر دی

    لاہور: پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سال 2024 کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زر میں مزید 31 فی صد اضافے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فی صد زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کر دی ہے، اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ فریب اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں ہیں۔

    مار دو، جلا دو، گالی گلوچ، غنڈا گردی، جھوٹ، فراڈ، سول نافرمانی کی کالز سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، 9 مئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی، سنبھلتی ہوئی معیشت، اور عوام کی خوش حالی ہضم نہیں ہو رہی جس کو 4 سال میں تباہ و برباد کر کے گئے تھے، 9 مئی کے مجرم، ملک کو لوٹنے والے چور اور ملک کو جلانے والے بہروپیے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

    اوورسیز پاکستانی سنبھلتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، کبھی دوسروں پہ جھوٹے الزامات، کھبی سائفر کا فراڈ ہر بات پہ جھوٹ، اب کوئی ماننے والا نہیں ہے، ’’امریکا نے میری حکومت گرائی‘‘ سے ’’امریکا مجھے بچالو‘‘ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔

    سول نافرمانی اور بیرونی دنیا میں لابنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا: امیر مقام

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ جو پاکستان کی معیشت مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مبارک باد کی مستحق ہے، 8 ماہ میں مہنگائی کی رفتار 38 سے کم کر کے 4 فی صد اور پالیسی ریٹ 22 سے 13 فی صد پر آنا معجزے سے کم نہیں ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے سول نافرمانی کی کال واپس نہیں ہوگی، علیمہ خان

    بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے سول نافرمانی کی کال واپس نہیں ہوگی، علیمہ خان

    بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بتایا ہے ان کے بھائی کا کہنا ہے کہ سول نا فرمانی کی کال واپس نہیں ہو گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ علیمہ خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے واضح کہا ہے کہ سول نا فرمانی کی کال واپس نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا موقف ہے کہ اوور سیز ہی زرمبادلہ بھیجتے اور سرمایہ کاری کرتے ہیں جب کہ بانی نے یہ بھی کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہمارے دو مطالبات میں سنجیدگی نہیں دکھائی گئی۔

    علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے بے شک جیل میں رکھیں لیکن باقی سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

    ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں کہیں نہیں جاؤں گا اور ہاؤس اریسٹ بالکل قبول نہیں کروں گا۔

    علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا آج بھی یہی کہنا ہے کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے اور اس کا ایک دور ہو چکا ہے۔ تاہم عمران خان نے حکومت کے سامنے دو مطالبات رکھے ہوئے ہیں، جن میں ایک 9 مئی اور 26 نومبر واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے قیام اور دوسرا مطالبہ بے گناہ قیدیوں کی رہائی کا ہے۔ ان مطالبات کے تسلیم نہ کیے جانے پر سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔

    عمران خان مطالبات نہ مانے جانے پر 21 دسمبر کو اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان زرمبادلہ نہ بھیجنے کی کال دے چکے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/imran-khan-overseas-foreign-exchange-21-12-2024/

  • ’’سول نافرمانی کی کال پر 3 فیصد بھی عمل ہوتا ہے تو بہت نقصان ہوگا‘‘

    ’’سول نافرمانی کی کال پر 3 فیصد بھی عمل ہوتا ہے تو بہت نقصان ہوگا‘‘

    سینئر سیاستدان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی کال پر 3 فیصد بھی عمل ہوتا ہے تو بہت نقصان ہوگا، حکومت کو بچنے کیلئے گفتگو کرنی چاہیے۔

    اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میری نظر میں حکومت سول نافرمانی سے بچنے کیلئے گفتگو کرنی چاہیے، پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، جیل میں ڈالا گیا لیکن پارٹی ختم نہ ہوسکی۔

    انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈال دیا گیا لیکن ان کیخلاف کوئی بیانیہ نہ بناسکے، بانی پی ٹی آئی کچھ بھی کہتے ہیں تو وہ بیانیہ بن جاتا ہے، ایسے حالات میں بانی پی ٹی آئی سے بات کرنی چاہیے معاملات طے کرنے چاہئیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپوزیشن جماعتوں کیساتھ الائنس بنانا چاہیے، پی ٹی آئی کو جے یو آئی ف کیساتھ الائنس کو آگے بڑھانا چاہیے۔

    سوشل میڈیا پر جو مہم چلاتے ہیں وہ پی ٹی آئی کا نام استعمال کرتے ہیں، بیرون ملک بیٹھے لوگ پیسے بنانے کیلئے سوشل میڈیا مہم چلاتے ہیں، جو حالات ہیں اس میں نقصان پاکستان، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کو ہورہا ہے۔

    سینئر سیاستدان نے کہا کہ ملک کے جو حالات ہیں اس میں صرف فائدہ ن لیگ کو ہورہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو ویسے ہی اتنی سزائیں سنادی ہیں ایک اور سزا سے کیافرق پڑیگا، پی ٹی آئی اس وقت بیک فٹ پر ہے اور یہ بات چیت کا اہم موقع ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر سیاسی ماحول نہیں بن سکتا، دو سال میں دیکھ بھی لیا، شہبازشریف، مریم نواز چاہتے نہیں کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ سیاسی درجہ حرارت نیچے آنا شہبازشریف کے حق میں نہیں، ن لیگ کی کوشش ہوتی ہے سیاسی درجہ حرارت اوپر ہی رہے۔
    فوادچوہدری نے کہا کہ بانی نے کہا کہ حکومت مثبت رویہ دکھاتی ہے تو سول نافرمانی تحریک آگے کریں، سیاسی مقدمات ہیں اور اسی لیے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھا جارہا ہے، یہ کہنا پی ٹی آئی بند گلی میں آگئی غلط ہے، سیاست میں ہردن نیا دن ہوتا ہے۔

  • وزیراعلیٰ کےپی سے ملاقات میں سول نافرمانی پر بانی پی ٹی آئی نے کیا کہا؟

    وزیراعلیٰ کےپی سے ملاقات میں سول نافرمانی پر بانی پی ٹی آئی نے کیا کہا؟

    بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور نے ملاقات کی، انھوں نے صحافیوں سے غیررسمی بات چیت بھی کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی، علی امین، شاہ محمود قریشی اور سلمان اکرم کے درمیان مشاورت ہوئی۔

    سماعت کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صحافیوں سے غیررسمی بات چیت بھی کی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو حالات بن گئے ہیں ایسے میں سب پاکستان کیلئے سوچنے پر مجبور ہیں، امید کرتا ہوں سیاسی جماعتیں اور اسٹیبلشمنٹ غوروفکر کرکے کوئی حل نکالیں گی۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت جن کی ہے وہ اشارہ دیں گے تو مثبت رسپانس بھی آجائےگا۔

    انھوں نے کہا کہ میری آفیشل میٹنگز بھی ہوتی رہتی ہیں ان میں بھی بات کرتا رہتا ہوں، ہفتے تک دونوں جانب سے مثبت پیش رفت کی امید ہے۔

  • سول نافرمانی شروع کرنے کیلئے بانی کے حکم کا انتظار ہے، علی امین گنڈا پور

    سول نافرمانی شروع کرنے کیلئے بانی کے حکم کا انتظار ہے، علی امین گنڈا پور

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ میں پورے صوبے کا نمائندہ ہوں، مجھے کسی سے کلیئرنس کی ضرورت نہیں۔

    پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جو اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں کیا انکی کلیئرنس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی شروع کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی کے حکم کا انتظار ہے، بانی پی ٹی آئی جب بتائیں گے تب سول نافرمانی تحریک شروع ہوگی

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ مجھے کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی۔

    دوسری جانب گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مذاکرات کرنا ہیں تو پہل بانی پی ٹی آئی کو کرنا ہوگی۔

    نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ لوگوں نے شور مچایا ہوا ہے مجھے کسی مذاکرات کا نہیں پتا، پارٹی میں مذاکرات کرنے والے وزیر بھی لاعلم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کرنا ہوں تو چپ رہتے ہیں زبان نرم کرتے ہیں۔

    ’فیض حمید تنہا نہیں تھا قمر باجوہ بھی ساتھ تھا، ٹرائل ہونا چاہیے‘

    وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو بتائے کہ ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، اسپیکر کے ذریعے مذاکرات کا عمل شروع ہونا چاہیے، پی ٹی آئی پہلے رابطہ کرے گی اس کے بعد ہم کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

  • ’سول نافرمانی کا آغاز بیرون ملک پاکستانی کریں گے‘

    ’سول نافرمانی کا آغاز بیرون ملک پاکستانی کریں گے‘

    پی ٹی آئی رہنماؤں نے حکومت کو سول نافرمانی کی تحریک سے متعلق خبردار کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حکومت نے مذاکرات نہ کیے تو سول نافرمانی تحریک شروع کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کا آغاز بیرون ملک پاکستانی کریں گے، کارکن چارج ہیں، بانی کا حکم آیا تو پھر اسلام آباد آجائیں گے۔

    بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے کہا کہ مطالبہ نہ مانے تو پاکستانیوں کو کال دے چکے ، بیرون ملک سے ڈالر بھیجنا بند کردیں گے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ وہ کہتے آئے ہیں ہم نے چوروں سےبات نہیں کرنی، پہلےپی ٹی آئی سرٹیفکیٹ جاری کرے کہ کیا ہم اب بھی چورہیں یا نہیں۔

    ن لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کر لیں اب چوروں کیساتھ بیٹھیں گے یا اب ہم چور نہیں رہے یا انہوں نےنکتہ نظربدل لیاکہ حالات ناسازگارہوں توچوروں سے ہاتھ ملانےمیں حرج نہیں۔

    انھوں نے واضح کہا کہ شرائط سے بندھی اورسول نافرمانی کی تلوارلٹکی ہو تو بات نہیں ہوگی، سول نافرمانی کی باتیں چھوڑکرکہیں راستےبندہوچکے مذاکرات کریں پھر ہم تیارہیں اور اگر وہ ڈاکوؤں سے ہاتھ ملانےکیلیےتیارہیں توراستے کھُلے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں ایک لاکھ قیدی پڑے ہوئے ہیں، کیا حکومت کے پاس اختیار ہے کہ قانون اور عدالتی عمل کو ایک طرف رکھ کر دروازے کھول دے۔

  • ‘حکومت نے مذاکرات نہ کئے تو سول نافرمانی کا آغاز 14  دسمبر سے ہوجائے گا’

    ‘حکومت نے مذاکرات نہ کئے تو سول نافرمانی کا آغاز 14 دسمبر سے ہوجائے گا’

    پشاور : پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حکومت نے مذاکرات نہ کئے تو سول نافرمانی کا آغاز 14 دسمبر سے ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات نہ کئے تو سول نافرمانی کا آغاز  2روز بعد ہو جائے گا، آغاز سمندر پار پاکستانیوں سے ہوگا۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا مذاکرات کے حوالے سے غیرسنجیدہ بیانات دے رہے ہیں۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ 26 نومبر کے بعد سے پارٹی میں اختلافات نہیں اورنہ ورکرزکےحوصلے پست ہوئے، بانی پی ٹی آئی آج بھی کسی جگہ بھی دھرنے کی کال دیں تو سب لبیک کہیں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے دعویدار دیکھ لیں آج ن لیگ ،پی پی ختم ہورہی ہیں ، وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کو دبانے کیلئے ساری توانائی صرف کردی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پشاور کا گورنر ہاؤس سازشوں کا گڑھ بن چکا ہے، تحریک انصاف نے سول نافرمانی تحریک کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

  • سول نافرمانی کیلئے 2014 اور 2024 کے حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے، پی ٹی آئی رہنما

    سول نافرمانی کیلئے 2014 اور 2024 کے حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے، پی ٹی آئی رہنما

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کیلئے 2014 اور 2024 کے حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

    اے آر وائی کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا رؤف حسن نے کہا کہ بانی نے صرف بتایا کیا بات کرنی ہے کس سے بات کرنی ہے یہ واضح نہیں، میری اپنی رائے یہ ہے کہ انہی سے بات ہوسکتی ہے جن کے پاس طاقت ہے، پہلے بھی محمود اچکزئی کو بات چیت کا مینڈیٹ دیا گیا تھا۔

    رؤف حسن نے کہا کہ محمود اچکزئی کےپاس ابھی تک بات چیت کا مینڈیٹ موجود ہے، پی ٹی آئی کمیٹی ان سے بات کے لیے بنائی گئی ہے جن کے پاس طاقت ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی میں اتفاق ہے کہ آغاز گفتگو ان سے ہونی چاہیے جن کے پاس طاقت ہے، بنیادی مقصد ہے کہ ڈائیلاگ شروع ہوجائے، بات چیت کی جائے، ہمارا مقصد بھی یہی ہے کہ بات چیت شروع ہو۔

    انھوں نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے پی ٹی آئی کی ذمہ داری بنتی ہے، ان کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہمیں سہولتیں دیں، علی امین یا کسی اور کو بتادیں معاملہ تو شروع کریں، خیبرپختونخوا میں امن وامان سے متعلق وزیراعلیٰ نے اقدامات اٹھائے ہیں۔

    رؤف حسن کا کہنا تھا کہ آئینی بینچوں نے مقدمات لگائے ہیں لیکن ہمیں ان پر اعتماد نہیں ہے، پارٹی فیصلہ کرے گی آئینی عدالت میں مقدمات کی پیروی کرنی ہے یا نہیں

    انھوں نے کہا کہ قومی حکومت کا شوشہ صرف ایک شوشہ ہے، قومی حکومتیں ملکی مسائل حل نہیں کرسکتیں، سیاسی جماعتیں پروگرامز کے ساتھ اقتدار میں آتی ہیں، ہماری ان سے ہم آہنگی نہیں ہوگی، آج کل کے حالات میں قومی حکومت بن ہی نہیں سکتی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دیکھنا ہے الیکشن صحیح ہوئے یا نہیں، بانی پی ٹی آئی نے واضح کہا کہ 2 سے 3 ماہ میں انتخابات کا اعلان کردیں، اب لوگوں کی زندگی مشکلات کاشکارہے،دہشت گردی ہورہی ہے۔

  • حسینہ واجد استعفا دو: بنگلادیش میں طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی

    حسینہ واجد استعفا دو: بنگلادیش میں طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی

    ڈھاکا: بنگلادیش میں طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف ملک گیر مظاہروں نے دوبارہ شدت اختیار کرلی ہے، طلبہ نے واضح کر دیا ہے کہ اب مذاکرات نہیں ہوں گے، حسینہ واجد کو استعفا دینا ہوگا۔

    گزشتہ روز احتجاج کے دوران مزید 2 افراد جان سے گئے، اور 100 سے زائد زخمی ہوئے، حکمراں جماعت کی طلبہ تنظیم کے حملوں اور پولیس کے تشدد سے اب تک 200 سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    حکومت نے واٹس ایپ، یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر پابندی لگا دی ہے، اے ایف پی کے مطابق کوٹہ سسٹم کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرنے والے طلبہ کے گروہ نے وزیر اعظم حسینہ واجد سے مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک وزیر اعظم اور ان کی حکومت مستعفی نہیں ہو جاتی۔

    ڈھاکا میں ہزاروں کے اجتماع سے خطاب میں طالب علم رہنما ناہید اسلام نے کہا کہ حسینہ واجد کو ہر صورت مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا، اس بات کی اجتماع نے بھرپور طریقے سے تائید کی۔

    20 سال کے نجم یاسین نے اے ایف پی کو بتایا کہ حسینہ واجد کو ہر صورت حکومت سے دست بردار ہونا پڑے گا، ہم کسی آمرانہ حکومت کو نہیں مانتے، طلبہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیکس دینا بند کر دیں۔

  • عمران خان نے سول نافرمانی ختم کردی

    عمران خان نے سول نافرمانی ختم کردی

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سول نافرمانی ختم کرکے اپنی رہائش گاہ کے بجلی کے بل ادا کردیے۔

    آئیسکو حکام نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے اپنی رہائش گاہ کے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کردی ہے جس کے بعد ان کی بنی گالہ رہائش گاہ کی بجلی بحال کر دی گئی۔ عمران خان نے بجلی کے دو بلوں کی مد میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 36 ہزار745روپے ادا کیے۔

    آزادی مارچ اور دھرنے کے دوران عمران خان نے سول نافرمانی کا اعلان کرتے ہوئے بجلی کے بلوں کی ادائیگی سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ان کی رہائش گاہ کی بجلی منقطع کردی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ سول نا فرمانی کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آج سے نہ بجلی کے بل دیں گے نہ ٹیکس دیں گے،سول نافرمانی کی کال عوام کے لئے دے رہا ہوں۔ جبکہ عمران خان کے جانب سے سول نافرمانی کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج بھی کیا گیا تھا۔