Tag: سونا چوری

  • کراچی میں بڑی مقدار میں سونا چوری

    کراچی میں بڑی مقدار میں سونا چوری

    کراچی: شہر قائد کے علاقے میمن گوٹھ میں 48 گھنٹوں کے دوران 2 گھروں میں وارداتیں ہوئی ہیں، اور مبینہ طور پر بڑی مقدار میں سونا چوری کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میمن گوٹھ میں ڈاکوؤں نے اڑتالیس گھنٹے کے دوران دو گھروں کا صفایا کر دیا، ملزمان 50 تولہ سونا اور 21 لاکھ سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    وارداتوں کے مقدمات ملیر میمن گوٹھ تھانے میں درج کر دی گئی ہیں، جس کے مطابق ایک واردات گزشتہ روز بلوچ محلے اور دوسری قاضی محلہ میں ہوئی، گزشتہ روز 8 ڈاکوؤں نے بلوچ محلہ میں زبیر نامی شہری کے گھر لوٹ مار کی، جہاں سے 50 تولہ سے زائد سونا اور 21 لاکھ سے زائدرقم لوٹی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر 8 ڈاکو رات گئے گھر میں داخل ہوئے اور خاتون خانہ کو یرغمال بنایا، اہلخانہ کو باندھ کر ڈاکو سونا، نقدی اور موبائل فون لوٹ لے گئے۔


    ملک میں سونے کی قیمت میں اضافہ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا ؟


    پولیس کے مطابق دوسری واردات میں 21 جون کی رات 6 ڈاکو شہری ہارون کے گھر میں گھسے، ڈاکو اہلخانہ کو باندھ کر 6 موبائل فون، نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوئے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں ان دنوں ایک اور بڑی واردات کی خبریں سرخیوں میں ہے، جس میں ڈیفنس کے ایک بنگلے سے 5 کروڑ چوری کر کے ملازمہ نے جائیدادیں بنائیں، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، پولیس کے مطابق ملازمہ 2013 سے ڈیفنس فیز 5 کے بنگلے میں کام کر رہی تھی، ملزمہ نے چوری کا اعتراف بھی کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمہ نے چوری کے پیسوں سے گزری میں 50 لاکھ روپے کا فلیٹ خریدا، پنجاب میں 36 لاکھ مالیت کے 2 پلاٹ خریدے، جب کہ ایک کروڑ کی گاڑیاں اور 70 لاکھ کی دکان بھی خریدی، ملزمہ سے گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور 46 لاکھ نقدی برآمد کی گئی، دکانوں اور فلیٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ گھر کے مالک کو لندن میں نامعلوم نمبر سے کال کی گئی تھی، نامعلوم شخص نے بتایا کہ ان کی ملازمہ پیسے چوری کر کے جائیدادیں بنا رہی ہے، جب مالک کی اہلیہ نے اکاؤنٹنٹ سے پوچھا تو پتا چلا پانچ کروڑ روپے کم ہیں۔

  • مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار کو چوروں نے لوٹ لیا

    مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار کو چوروں نے لوٹ لیا

    لاہور: مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار کو چوروں نے لوٹ لیا جس کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار کو چوروں نے لوٹ لیا، چور پانچ لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری کرکے فرار ہوگیا جس کا مقدمہ درج درج کرلیا گیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ کاردار نے کہا کہ زیورات چوری کی واردات گزشتہ روز سوئمنگ کے دوران ہوئی میں اسمبلی سیشن کے بعد کلب میں سوئمنگ کیلئے گئی تھی اور زیورات پرس میں تھے۔

    عظمیٰ کاردار نے بتایا کہ اس کلب کی دو انسٹرکٹر اور ملازمین مشکوک ہیں ان سے تفتیش کی جائے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

  • کراچی: پڑوسن نے 25 لاکھ روپے کا سونا کیسے چوری کیا؟ (ویڈیو)

    کراچی: پڑوسن نے 25 لاکھ روپے کا سونا کیسے چوری کیا؟ (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں گھروں میں منظم ڈکیتیوں اور راستوں میں لوٹ مار کے ساتھ ساتھ گھروں میں چوریوں کی وارداتیں بھی کم نہ ہو سکی ہیں، گلشن معمار میں ہونے والی ایک ایسی ہی چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دو دن قبل کراچی کے علاقے گلشن معمار بلاک زیڈ ٹو میں ایک گھر سے 25 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری کیے گئے، کمرے میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ چوری کرنے والی خاتون پڑوسن ہے۔

    گھر کے مالک کی جانب سے گلشن معمار تھانے میں نور سحر نامی خاتون کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، جس میں چرائے گئے زیورات کی تفصیل بھی درج کی گئی ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق پڑوسن نے ہیرے کی انگوٹھی، ہیرے کے بندے، ہیرے کا لاکٹ، سونے کے 10 عدد بندے، 5 سونے کی انگوٹھیاں، 3 سونے کے لاکٹ، سونے کا ایک بریسلٹ اور سونے کی 3 چین چرائیں۔

    معلوم ہوا کہ مسلسل چوریوں کی وارداتوں کے بعد گھر کی مالکن نے سی سی ٹی وی کیمرے لگوائے تھے، جن سے معلوم ہوا کہ واردات میں گھر آنے والی پڑوسن ملوث تھی، جو اکثر ملنے کے لیے گھر آتی رہتی تھی، اور اس سے پہلے بھی اسی گھر میں چوریاں کر چکی ہے۔

    مالکن کا کہنا تھا کہ وہ بچے کو لینے جیسے ہی بالائی منزل سے نیچے آئی، اسی دوران ملزمہ نے چوری کی واردات کر ڈالی، سی سی ٹی وی کیمروں میں نور سحر کی چوری کی واردات سامنے آنے کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔

    گرفتار ملزمہ کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • شادی میں بچوں کے گینگ کی فلمی کارروائی، لاکھوں کا سونا چوری کر لیا

    شادی میں بچوں کے گینگ کی فلمی کارروائی، لاکھوں کا سونا چوری کر لیا

    لاہور: لاہور میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں بچوں کے گینگ نے فلمی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا سونا چوری کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سبزہ زار میں شادی کی ایک تقریب میں بچو‍ں کے ایک گینگ نے مہمانوں کو لوٹ لیا، چور بچوں نے مہمانوں کو نہ صرف نقد رقم بلکہ زیورات سے بھی محروم کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب میں منظم بچوں کا گینگ تیار ہو کر داخل ہوا تھا، گینگ نے نہایت شاطرانہ انداز میں مہمانوں کو نشانہ بنایا اور مجموعی طور پر 21 تولہ سونا اور ایک لاکھ نقدی چوری کر کے فرار ہو گئے۔

    شادی میں شریک متاثرین نے پولیس کو درخواست دی ہے کہ انھیں تقریب میں لوٹا گیا۔