Tag: سونا

  • ’جعلی سونے‘ میں اصلی سونا چھپا ہوتا ہے، سائنس دانوں کا انکشاف

    ’جعلی سونے‘ میں اصلی سونا چھپا ہوتا ہے، سائنس دانوں کا انکشاف

    سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ جعلی سونے پائرائٹ میں بھی اصلی سونا چھپا ہوتا ہے، اس انکشاف کے بعد اب پائرائٹ سے بھی سونے کے حصول کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

    پائرائٹ (Pyrite) ایک ایسی معدنیات ہے جسے ’احمقوں کا سونا‘ (fool’s gold) کہا جاتا ہے کیوں کہ اس کے زرد رنگ کے کرسٹل سے کان کنوں کو یہ دھوکا ہو جاتا تھا کہ شاید انھیں سونا مل گیا ہے۔

    پائرائٹ ایک ایسی دھات ہے جو فولاد کے ساتھ رگڑ کھانے پر چنگاری پیدا کرتا ہے اور اسے آگ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ اپنی رنگت سے قریب تر دھات، یعنی سونے، کے مقابلے میں اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

    تاہم اب سائنس دانوں نے دریافت کیا ہے کہ لوہے اور گندھک سے مل کر بننے والے پائرائٹ کے کرسٹل ڈھانچے میں سونے کی ایک قسم چھپی ہوتی ہے، لیکن اسے سمجھنا ایک پیچیدہ عمل ہے۔

    محققین کے مطابق پائرائٹ زمین کی سطح کے نیچے پتھروں کے اندر پایا جاتا ہے اور بعض اوقات سونے کے اصلی ذخائر کے قریب ہی ہوتا ہے، اس کی ساخت کرسٹل صورت میں ہوتی ہے، جو پتھر کے اندر بڑھتی اور پھیلتی جاتی ہے، جب بھی کرسٹل میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ قریب موجود ایٹم کے بندھن توڑ دیتے ہیں، یہ ایٹمی بندھن جب دوبارہ بنتے ہیں تو ان میں تھوڑے بہت نقص رہ جاتے ہیں، جنھیں dislocations کہتے ہیں۔ اور ہر ڈِس لوکیشن انسانی بال کی چوڑائی سے ایک لاکھ گنا چھوٹی ہوتی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق ان ڈِس لوکیشنز میں واقعی سونے کے ذرات ہو سکتے ہیں۔

    اسے ’خفیہ سونا‘ کہا جا رہا ہے کیوں کہ یہ اتنی معمولی مقدار میں ہوتا ہے کہ اسے خورد بین (مائیکرو اسکوپ) سے بھی نہیں دیکھا جا سکتا بلکہ اسے ایٹم پروب کہلانے والے ایک آلے سے دیکھا جاتا ہے، جو پائرائٹ کے کرسٹل ڈھانچے میں موجود سونے کی مقدار کا تجزیہ کرنے کے لیے ضروری ہے۔

    گو کہ یہ عام سونے جتنا قیمتی اور ’آسانی‘ سے حاصل ہونے والا نہیں، لیکن سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگر درست طریقہ کار اختیار کیا جائے تو یہ بھی اتنا ہی منافع بخش اور قیمتی ہے، جتنا کہ عام سونا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا بالکل ممکن ہے کہ مستقبل میں زیورات میں استعمال ہونے والا سونا بھی دراصل پائرائٹ سے نکالا جائے، گو کہ یہ کافی مشکل کام ہوگا، تاہم اس وقت ماہرین ایسے طریقے دریافت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ماحول دوست ہوں اور پائرائٹ میں چھپے اس سونے کو نکال سکیں۔

    پائرائٹ بہت عام پائی جانے والی معدنیات ہے، صرف کرسٹل صورت میں موجود پائرائٹ ہی میں کوئی قابلِ ذکر سونا ہوگا۔

  • زیادہ سونا نکالنے والے ممالک میں 3 عرب ملک شامل

    زیادہ سونا نکالنے والے ممالک میں 3 عرب ملک شامل

    لندن: ایک عالمی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں زیادہ سونا نکالنے والے ممالک میں 3 عرب ملک بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ گولڈ کونسل کی جانب سے 2020 کے دوران دنیا بھر میں سونے کی کانوں کی پیداوار سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں زیادہ سونا نکالنے والے ممالک کی فہرست دی گئی ہے جو 43 ممالک پر مشتمل ہے، ان ممالک نے مجموعی طور پر 3 ہزار 478 ٹن سے زیادہ سونا نکالا۔

    رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ سونا پیدا کرنے والے ممالک میں 3 عرب ملک بھی شامل ہیں، تاہم یہ عرب ملک اب بھی مقدار کے لحاظ سے بہت سارے ممالک سے بہت پیچھے ہیں۔

    ان عرب ممالک میں سوڈان پہلے نمبر پر ہے، جب کہ سب سے زیادہ سونا پیدا کرنے والے 20 ممالک میں سوڈان کا شمار ہے، عرب مالک میں دوسرے نمبر پر ماریطانیہ ہے جو عالمی فہرست میں 35 ویں نمبر پر ہے، جب کہ تیسرے نمبر ہے عرب ملک مصر ہے جو عالمی سطح پر 36 ویں نمبر پر ہے۔

    ماریطانیہ نے 15.6 ٹن اور مصر نے 14.1 ٹن سونا نکالا، جب کہ چین وہ ملک ہے جو عالمی سطح پر سر فہرست ہے، چین نے 2020 کے دوران سب سے زیادہ سونا نکالا، اور کل عالمی پیداوار کا 11 فی صد چین کے حصے میں آیا، اس نے 368.3 ٹن سونا نکالا۔

    عالمی سطح پر روس دوسرے نمبر پر ہے، جس نے 331.1 ٹن سونا نکالا، آسٹریلیا 327.8 ٹن کے ساتھ تیسرے، امریکا 190.2 ٹن کے ساتھ چوتھے، کینیڈا 170.6 ٹن کے ساتھ پانچویں، گھانا 138.7 ٹن سے چھٹے، برازیل 107 ٹن سے ساتویں، ازبکستان 101.7 ٹن سے آٹھویں، میکسیکو 101.6 ٹن سے نویں اور انڈونیشیا 100.9 ٹن سے دسویں نمبر پر ہے۔

  • لاک ڈاؤن میں نرمی: بھارت اور چین میں سونے کی طلب میں اضافہ

    لاک ڈاؤن میں نرمی: بھارت اور چین میں سونے کی طلب میں اضافہ

    نئی دہلی / بیجنگ: بھارت اور چین میں کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن میں نرمی آنے کے بعد سونے کی خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بھارت اور چین میں رواں ہفتے سونے کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم ڈیلروں کو اب بھی ڈسکاؤنٹ دینے پر مجبور کیا گیا تھا۔

    بھارت میں کووڈ 19 کی پابندیوں میں نرمی کے بعد کاروبار میں کچھ بہتری کے آثار نظر آئے ہیں۔ بھارت کی کچھ ریاستوں میں کرونا انفیکشن کی شرح کم ہونے کے بعد پابندیوں میں نرمی آنا شروع ہو گئی ہے۔

    ممبئی بلین ڈیلر کے ریڈھی سیدھی بلینز کے ڈائریکٹر مکیش کوٹھاری نے کہا کہ کچھ ریاستوں میں بتدریج کاروبار کھل رہے ہیں، چونکہ کرونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی آرہی ہے، توقعات یہ ہیں کہ زیادہ تر ریاستیں اگلے چند ہفتوں میں پابندیوں میں نرمی کر دیں گی۔

    سونے کے ڈیلروں نے سرکاری ڈومیسٹک قیمتوں پر 12 ڈالر فی اونس تک کی چھوٹ کی پیشکش کی جس میں 10.75 فیصد درآمد اور 3 فیصد سیلز لیویز شامل ہیں۔

    پچھلے ہفتے سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وسط ستمبر 2020 کے بعد سے اس سطح پر رعایت نہیں دیکھی گئی۔

    ممبئی میں سونے کے ایک دوسرے ڈیلر نے کہا کہ جیولرز شک میں تھے، وہ نہیں جانتے کہ ڈیمانڈ کتنی جلدی بحال ہوگی۔ اسی وجہ سے وہ اعلیٰ سطح پر خریداری کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے۔

    بھارت میں جمعے کو مقامی سونے کے نرخ 49 ہزار 200 روپے فی 10 گرام رہے، بھارت میں مئی میں سونے کی درآمدات دگنی بڑھ کر 12 ٹن ہو گئی ہیں۔

    چین میں کووڈ 19 کی سخت پابندیوں کے درمیان سونے کی رعایتی قیمت عالمی قیمت کے مقابلے میں 7 سے 12 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

    ایم کے ایس میں گریٹر چین کے ریجنل ڈائریکٹر برنارڈ سین نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ طلب جاری رہے گی اگرچہ فراہمی کم ہو جائے گی، چین پریمیم کی سطح پر دوبارہ تجارت کرے گا۔

    سنگاپور کے ڈیلر گولڈ سلور سینٹرل کے منیجنگ ڈائریکٹر برائن لین نے کہا کہ ہم نے ریٹیل اور یہاں تک کہ ہول سیل سے بھی کم طلب دیکھی ہے۔

    ڈیلرز کو اگلے ہفتے سے پابندیوں میں نرمی آنے کے بعد بہتر کاروبار کی امید ہے۔

  • سعودی عرب: سونے کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب: سونے کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سونے کے نرخوں میں اضافہ ہوگیا، منگل کو 1 گرام سونے کی قیمت 182.82 ریال تک جا پہنچی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی گولڈ مارکیٹ میں منگل کو سونے کے نرخ بڑھ گئے، عالمی سطح پر سونے کے نرخوں سے سعودی مارکیٹ بھی متاثر ہوئی ہے۔

    سعودی عرب میں سب سے زیادہ 21 قیراط سونے کی مانگ رہتی ہے، خلیج کے علاقے میں بھی یہی صورتحال ہے۔

    منگل کو 21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 182.82 ریال رہی جبکہ 24 قیراط ایک گرام سونا 208.94 ریال میں دستیاب رہا۔

    18 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 156.71 ریال ریکارڈ کی گئی جبکہ 14 قیراط سونے کی قیمت 121.88 ریال رہی۔

    سعودی مارکیٹ میں ایک اونس سونا 6 ہزار 502.50 ریال میں فروخت ہوتا رہا جبکہ 21 قیراط 8 گرام سونے کا بسکٹ 1 ہزار 462.58 ریال میں فروخت ہوا۔

    عالمی مارکیٹ میں پیر کو سونے کے نرخوں میں اضافہ ہوا تھا۔ اس کی وجہ امریکی قانون کی منظوری کے بعد افراط زر میں اضافے کو بتایا جارہا ہے تاہم امریکی بانڈز کے منافع میں اضافے کا سونے پر اثر امریکی سینٹرل بینک کی وفاقی کونسل کی میٹنگ سے قبل ہی پڑ گیا تھا۔

  • کیا 2021 میں بھی سونے میں سرمایہ کاری فائدہ مند رہے گی؟

    کیا 2021 میں بھی سونے میں سرمایہ کاری فائدہ مند رہے گی؟

    ریاض: ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس وبا کے دوران سونا واحد ایسی دھات رہی جو منافع بخش ثابت ہوئی، سنہ 2021 میں بھی سونا سرمایہ کاری کے لیے بہترین رہے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس وبا کے بحران کے دوران رواں برس سونے کے سکوں کی قیمت میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے اور سنہ 2010 کے بعد اسے سب سے زیادہ سالانہ نفع بخش دھات سمجھا جا رہا ہے۔

    ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق اس کی قدر ذرائع طلب کے باعث ہے، اسے سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، یہ محفوظ اثاثہ اور پرتعیش دھات ہے، ٹیکنالوجی کا جزو ہے جبکہ تاریخی اعتبار سے بھی سونا یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ وقت کے ساتھ اپنی قدر و منزلت محفوظ رکھتا ہے۔

    گولڈ کونسل کے مطابق سونا کسی بھی سرمایہ کاری پورٹ فولیو کو چار اہم طریقوں سے وسیع کر سکتا ہے، یہ طویل مدتی نفع دیتا ہے، جب مارکیٹ بحران کا شکار ہو تو ایسے میں نقصانات کو کم کرتا ہے۔

    یہ کسی بھی قرض کے خطرے کے بغیر لیکویڈٹی فراہم کرتا ہے اور آخر کار پورٹ فولیو کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے، اگست کے مہینے میں سونے کے نرخ ریکارڈ سطح تک بلند ہو گئے تھے جب فی اونس سونے کی قیمت 2 ہزار 75 ڈالرتک جا پہنچی تھی۔

    جمعرات کو اسپاٹ گولڈ فی اونس 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1 ہزار 877 ڈالر 43 سینٹس ڈالر رہا جبکہ امریکی سونے کے فیچرز 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1 ہزار 882 ڈالر 90 سینٹس رہے۔

    یو بی ایس کے تجزیہ نگار جیووانی کا کہنا ہے کہ قدرے کمزور ڈالر، منفی حقیقی شرح، کم پیداوار اور ساتھ کرونا وائرس کی نئی قسم کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے مجموعی اثرات سونے کی قدر و اہمیت میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

    تجزیہ نگاروں کا سوال ہے کہ کیا سونا جو آخری محفوظ ٹھکانہ ہے سرمایہ کاروں کو سنہ 2021 میں نفع فراہم کر سکتا ہے؟

    ریاض میں قائم مالیاتی خدمات کی کمپنی الرجحی کیپٹل میں تحقیق کے سربراہ مازن السدیری کا کہنا ہے کہ گزشتہ دہائی میں سونے کی عالمی کھپت 4 ہزار 500 ٹن سالانہ رہی ہے۔

    اسی وجہ سے مارچ 2020 کے بعد سے سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا، سونے کے نرخ اگست میں ریکارڈ اضافے کی سطح سے نیچے آئے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں سینٹرل بینکوں کی جانب سے زائد کرنسی چھاپنے کے باعث پیدا ہونے والے خطرات اور سونے کی سرمایہ کاری کے معاملات بہتر بنا سکتے ہیں۔

    ان کے مطابق ایک مرتبہ سونے کے نرخوں میں کمی کا رجحان رک جائے اور اس کی سمت بدل جائے، افراط زر میں اضافے اور کم شرح سود کا ماحول بھی سونے کے نرخوں کی مدد کرے گا۔

    دبئی میں قائم سنچری فنانشل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر وجے ولیشا نے کہا کہ سنہ 2020 میں سونے کے نرخوں میں تیزی سے اضافہ ہوا، یہ اب بھی اگست میں ہونے والے ریکارڈ اضافے سے 10 فیصد کم رہا ہے۔

    سونے کی طلب کرونا وائرس وبا کی ویکسین کی تیاری کی جانب مثبت پیشرفت اور اقتصادی بہتری کی امیدوں پر بھی منحصر ہے۔

    بحرحال طویل عرصے سے اب بھی سونے کے سکوں کی طرفدار کی جا رہی ہے جیسا کہ سرکردہ سینٹرل بینکس معیشتوں کو سنبھالا دینے کے لیے پیشکشوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    بٹ کوائن کاروباری برادری میں گزشتہ چند برسوں سے ایک مقام رکھتا ہے، بعض کا کہنا ہے کہ اسے مستقبل کے سونے کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    ماہر معاشیات کورنیلیا میئر نے کہا کہ میں اس بات سے متفق نہیں ہوں، فی الوقت بٹ کوائن سونے جیسی اہمیت اور اعتبار کا حامل نہیں تاہم رواں سال نے کرپٹو کرنسی میں انسٹی ٹیوشنل رقم کا پہلا عارضی بہاؤ دیکھا ہے۔

  • سونے کی قیمتیں‌ پھر آسمان کو چھونے لگیں، ڈالر بھی مہنگا ہوگیا

    سونے کی قیمتیں‌ پھر آسمان کو چھونے لگیں، ڈالر بھی مہنگا ہوگیا

    کراچی : ملک میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں 1600 روپے کا حیران کن اضافہ ہوگیا، جبکہ ڈالر بھی 64 پیسے مہنگا ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن محمد ارشد کا کہنا ہے کہ ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 1600 روپے اضافے کے بعد 110700 روپے ہوگئی۔

    فی تولہ قیمت میں اضافے کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 1372 روپے اضافے کے بعد 94907 روپے ہوگئی۔

    عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت آسمان کو چھونے لگی، جس کے باعث سونے کی قیمتوں میں 33 ڈالر اضافے کے بعد 1831 ڈالر فی اونس پر ٹریڈنگ جاری رہی۔

    ڈالر کی قدر میں اضافہ

    دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کو پھر پَر لگ گئے جس کے باعث ڈالر 64 پیسے مہنگا ہوگیا۔

    فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹر بینک میں ڈالر 159.82 سے بڑھ کر 160.46 روپے پر بند ہوا۔

    اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی کا رجحان رہا، آج 100 انڈیکس میں 362 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 0.87 اضافے سے 42027 کی سطح پر بند ہوا۔

  • سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، 24 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 233.18 ریال تک پہنچ گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں سونے کے نرخ بڑھ گئے، 24 قیراط 233.18 ریال تک پہنچ گیا۔ اس سے ایک روز قبل تک 24 قیراط کا ایک گرام سونا 232.93 میں دستیاب تھا۔

    21 قیراط کا ایک گرام سونا 203.82 ریال سے بڑھ کر جمعے کو 204.03 ریال ہوگیا۔

    18 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 174.89 ریال رہی جبکہ جمعرات کو یہ 174.7 ریال میں دستیاب تھا۔

    16 قیراط کا ایک گرام سونا 155.45 ریال تک پہنچ گیا، 14 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 136.02 ریال رہی۔ اسی طرح 12 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 116.59 ریال جبکہ 10 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 97.16 ریال ریکارڈ کی گئی۔

    سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی منڈی میں جمعے کو سونے کی قیمتیں بڑھنے سے ہوا ہے، عالمی حصص اور امریکی بانڈز کے منافع کی قیمتیں بھی گر گئی ہیں۔

  • سعودی سیکیورٹی اہلکار کی ایمانداری، سونے کے زیورات واپس مالک تک پہنچا دیے

    سعودی سیکیورٹی اہلکار کی ایمانداری، سونے کے زیورات واپس مالک تک پہنچا دیے

    ریاض: سعودی عرب میں سیکیورٹی اہلکار نے سونے کے زیورات سے بھرا بیگ اس کے مالک تک پہنچا دیا، قیمتی سامان واپس مل جانے پر مالک شکر گزاری اور خوشی سے نہال ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں سیکیورٹی اہلکار نے ایمانداری کا ثبوت دیتے ہوئے سونے کے زیورات سے بھرا بیگ مالک تک پہنچا دیا، زیورات سے بھرا بیگ سڑک کے کنارے ڈیوٹی پر موجود اہلکار کو ملا تھا۔

    مذکورہ واقعہ بلقرن کمشنری کے شہر سبت العلایہ میں پیش آیا جہاں پیٹرولنگ کے دوران پولیس اہلکار کو سڑک کے کنارے سیاہ رنگ کا بیگ دکھائی دیا، جس پر اہلکار نے فوری طور پر تھانے کو مطلع کیا۔

    اہلکار کی اطلاع پر علاقے کے تھانے سے تفتیشی ٹیم موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے بیگ تحویل میں لے کر اسے کھولا تو اس میں سے کپڑے اور سونے کے زیوارت برآمد ہوئے۔

    بیگ میں اس کے مالک کا ٹیلی فون نمبر اور ایڈرس بھی برآمد ہوا جس پر بیگ کے مالک سے رابطہ کر کے اس بارے میں اطلاع دی گئی۔

    پولیس کی کال موصول ہوتے ہی بیگ کے مالک فوری طور پر تھانے پہنچ گئے جنہوں نے بتایا کہ سفر کے دوران ان کا بیگ گر گیا تھا اور جب سے وہ اسے تلاش کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

  • ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی، تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ

    ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی، تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ

    ٹوکیو / بیجنگ: ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں گزشتہ ہفتے مندی کے بعد اب تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، دوسری جانب تیل اور سونے کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، جاپان کے نکئی انڈیکس میں 380 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

    ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 513 پوائنٹس بڑھ گئے جبکہ شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 18 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی 42 ڈالرز 21 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈنگ جاری ہے، عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت بھی 45 ڈالر سے تجاوز کرگئی۔

    علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2 ہزار 15 ڈالر فی اونس ہوگیا۔

    اس سے قبل ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں منفی رجحان دیکھا جارہا تھا، ٹوکیو کے نکئی انڈیکس میں 74 پوائنٹس، ہینگ سینگ انڈیکس میں 347 پوائنٹس جبکہ شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 15 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی۔

  • عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی

    کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2 ہزار ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی، پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونا 2 ہزار ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گیا، چند روز قبل تک عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1784 ڈالر تھی۔

    17 سو ڈالر کی قیمت پر پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 11 سو روپے اضافے کے بعد 1 لاکھ 6 ہزار روپے ہوگئی تھی جو ملکی تاریخ میں سونے کی بلند ترین قیمت ہے۔

    اسی طرح پاکستان میں 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے اضافہ کے بعد 90 ہزار 877 روپے ہوگئی۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مالی سال 20-2019 کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 26 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

    ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ برس جون کی تیس تاریخ تک پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 78 ہزار 500 روپے تھی۔