Tag: سونا

  • معاشی بحران کے دنوں میں سعودی شہری کس شے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں؟

    معاشی بحران کے دنوں میں سعودی شہری کس شے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں ٹیکس میں اضافے کے باوجود سونے میں سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی سعودی شہریوں کی بڑی تعداد نے سونا خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے معاشی بحران کے دنوں میں اور سعودی عرب میں ٹیکس میں اضافے کے باوجود محفوظ سرمایہ کاری کے لیے سونے کو ترجیح دی جارہی ہے۔

    سعودی عرب میں سونے کے کاروباری صلاح سالم العماری کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے رواں سال سونے کی عالمی منڈی نمایاں طور پر متاثر ہوئی تاہم اس دوران سعودی عرب میں ہماری حکومت اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور مختلف انشورنس پروگراموں کے ذریعے مدد کی۔

    صلاح سالم کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں سونے کی فروخت میں کمی آئی تھی تاہم پابندیوں میں نرمی آنے کے بعد عوام نے سونا خریدنے میں انتہائی دلچسپی ظاہر کی اور بہت سارے لوگوں نے سرمایہ کاری کے لیے خالص سونے کے ساتھ سونے کے سکے بھی خریدے۔

    ان کا کہنا ہے کہ میرا تجربہ یہ کہتا ہے کہ سونے کی قیمت میں اضافے کے باوجود لوگوں کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونا خریدنا چاہیئے۔

    صلاح کے مطابق چین اور امریکا کے مابین تجارتی تنازعات عالمی معیشت کو کمزور کردیں گے جس سے بین الاقوامی اسٹاک میں کرنسی کی قدر میں کمی اور سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بحران کے دنوں کے لیے لوگوں میں اسٹاک مارکیٹ کے شیئرز اور بانڈز کے مقابلے میں سونے کو ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھنے کا رحجان پایا جاتا ہے۔

    صلاح کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں ایک اونس سونے کی قیمت 1 ہزار 810 ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور سنہ 2020 کے اختتام سے قبل یہ قیمت 2 ہزار ڈالر فی اونس ہوجانے کا امکان ہے۔

  • سعودی عرب میں سونے اور چاندی کی پیداوار میں اضافہ

    سعودی عرب میں سونے اور چاندی کی پیداوار میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت سونے، چاندی اور تانبے کی پیداوار میں اضافہ کیا جارہا ہے، سعودی ولی عہد چاہتے ہیں کہ سعودی عرب میں معدنیات کو پیٹرول کا متبادل بنا دیا جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں وژن 2030 کے باعث سونے کی پیداوار 143 فیصد بڑھ گئی ہے۔ سنہ 2016 میں سونے کی پیداوار 7.3 ہزار کلو گرام تھی جو 2019 میں بڑھ کر 12.35 ہزار کلو گرام تک پہنچ گئی۔

    سعودی وژن میں کان کنی کے شعبے کے فروغ اور قومی معیشت میں اس کا حصہ بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، ولی عہد چاہتے ہیں کہ سعودی عرب میں معدنیات کو پیٹرول کا متبادل بنا دیا جائے۔

    وزارت توانائی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سنہ 2019 کے دوران سعودی عرب میں سونے کی پیداوار 5 فیصد بڑھ گئی، گزشتہ 10 برس کے دوران سعودی عرب میں سونے کی پیداوار میں 176 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    سنہ 2009 میں سعودی عرب 4.86 ہزار کلو گرام سونا نکال رہا تھا، اب یہ پیداوار بڑھ کر 7.88 ہزار کلو گرام تک پہنچ گئی ہے۔

    سعودی عرب نے 2019 کے دوران چاندی کی پیداوار میں بھی 5 فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ سعودی وژن 2030 کے بعد سے سعودی عرب میں چاندی کی پیداوار 24 فیصد بڑھی ہے، 2015 میں چاندی کی پیداوار 4.5 ہزار کلو گرام تھی۔

    مملکت میں 2019 میں تانبے کی پیداوار میں بھی 5 فیصد اضافہ ہوا ہے، سعودی وژن کے بعد سے مملکت میں تانبے کی پیداوار 37 فیصد بڑھ گئی۔

    سعودی عرب میں زنک کی پیداوار میں 2019 میں 5 فیصد (900 ٹن) کا اضافہ ہوا، سنہ 2018 میں زنک کی پیداوار 18 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی تھی جو سنہ 2019 میں بڑھ کر 18.9 ہزار ٹن ہوگئی تھی۔

  • سعودی عرب: سونے کی خریداری میں اچانک اضافہ، مگر کیوں؟

    سعودی عرب: سونے کی خریداری میں اچانک اضافہ، مگر کیوں؟

    ریاض: مملکت سعودی عربیہ میں سونے کی خریداری میں اچانک اضافہ سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں سونے کے تاجروں نے کہا ہے کہ مملکت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 15 فی صد اضافہ کیا گیا ہے جس کے اطلاق سے قبل سونے کی خریداری میں تیزی آ گئی ہے۔

    بعض جیولرز کا کہنا ہے کہ وبا سے قبل جتنے لوگ سونے کی مارکیٹ کا رخ کرتے تھے، وہ سطح اب واپس آ گئی ہے، ریاض کے شمال مغربی مضافات میں واقع شہر درعیہ میں حال ہی میں سونے کی مارکیٹ بحال کی گئی ہے۔

    مارکیٹ کے ایک سنار کا کہنا تھا کہ اس ہفتے اتنی زیادہ فروخت کی توقع نہیں تھی، ہو سکتا ہے کہ مارکیٹ کی بحالی میں کرفیو کے ختم ہونے اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 15 فی صد اضافے، جس کا اطلاق جولائی سے ہوگا، کا بڑا عمل دخل ہو۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا بھر کے ری ٹیل کاروبار کرنے والوں کو شدید متاثر کیا، وہیں زیورات کی خرید و فروخت کے کاروبار کو بھی بڑا دھچکا لگا ہے، ورلڈ گولڈ کونسل کا کہنا تھا کہ وبا کی وجہ سے سونے کے زیورات کی طلب میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 39 فی صد کمی واقع ہوئی ہے، کیوں کہ شادی بیاہ و دیگر تقریبات معطل ہوئیں۔

    اگرچہ سونے کی خریداری میں رواں ہفتے اچانک اضافہ ہوا ہے تاہم جیولرز کا کہنا ہے کہ ابھی بھی خرید و فروخت لاک ڈاؤن سے قبل کی نسبت کم ہے، کرفیو کے خاتمے کے بعد توقع تھی کہ آئندہ ہفتوں میں شادی کی تقریبات منعقد ہوں گی جس سے سونے اور زیورات کی مانگ میں اضافہ ہوگا تاہم ایسا نہ ہو سکا اور پابندی نہیں اٹھائی گئی۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی مارکیٹ میں تمام سامان اور خدمات پر 5 فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کے نفاذ کو بڑھا کر 15 فی صد کرنے کے نظام کا اطلاق یکم جولائی 2020 سے ہوگا۔

  • حیدرآباد میں سونے کے ذخیرے کی اطلاع پر رینجرز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا

    حیدرآباد میں سونے کے ذخیرے کی اطلاع پر رینجرز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا

    کراچی: محکمہ مائنز اینڈ منرل سندھ نے سوشل میڈیا پر سندھ کے شہر حیدر آباد کے علاقے ٹکر گنجو سے سونا نکلنے کی خبر کا نوٹس لے لیا، محکمے کی درخواست پر پاکستان رینجرز نے متعلقہ علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ مائنز اینڈ منرل عمران حیدر میمن کا کہنا ہے کہ پنہور گاؤں کے قریب سے سونا نکلنے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، گاؤں سے بچوں کو کھیل کے دوران سونے سے مشابہت رکھتی اشیا ملی تھیں، جن کو تحویل میں لے کر لیبارٹری تحقیق کے لیے بھیجا گیا۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق جو اشیا ملی ہیں وہ بہ ظاہر منرل پائرائٹ کی طرح ہیں، گنجو ٹکر میں مذکورہ مقامات سے تلاش کے دوران کوئی سونا نہیں ملا، سونا نکلنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، مقامی افراد نے بھی ان مقامات سے سونا نکلنے کی تردید کی ہے۔

    دریں اثنا، محکمہ معدنیات و معدنی وسائل نے گنجو ٹکر میں سونا دریافت ہونے کی خبر کے سلسلے میں ابتدائی رپورٹ ارسال کر دی ہے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات حیدر آباد نے سیکریٹری محکمہ معدنیات کو خط لکھ کر کہا ہے کہ گنجو ٹکر حیدر آباد سے ملنے والے پتھر سونے کے ذخائر نہیں۔

    محکمہ معدنیات کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گنجو ٹکر میں محکمے کی ٹیم نے سروے کیا، مقامی افراد سے بھی بات کی گئی، انھوں نے قریبی گاؤں پنہور میں سونے کے ذخائر کی بات کی، وہاں بھی محکمہ معدنیات کی ٹیم نے سروے کیا لیکن کوئی معدنی پتھر نہیں ملا، گاؤں سے ملنے والا پتھر مقناطیس دھات کا معلوم ہوتا ہے۔

    تاہم محکمے نے کہا ہے کہ حیدرآباد سے ملنے والی دھات کا ٹیکنیکل تجزیہ لیباریٹری سے کیا جانا چاہیے۔

  • سونے کی فی تولہ قیمت میں ہوشربا اضافہ

    سونے کی فی تولہ قیمت میں ہوشربا اضافہ

    کراچی: سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگا، فی تولہ قیمت 400 روپے اضافے سے97ہزار 600 روپے ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 10گرام سونے کی قیمت 343 روپے اضافے سے 83ہزار676روپے ہوگئی۔

    عالمی مارکیٹ میں سونا 15 ڈالر اضافہ سے 1697ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہورہا ہے۔

    پانچ جون کو بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں فی اونس 4ڈالر کی کمی ہوئی تھی جس کے مثبت اثرات پاکستانی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے تھے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران عالمی سطح پر قیمتیں بڑھنے کے بعد صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 650 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

  • سونا پھر مہنگا، فی تولہ قیمت میں650 روپے اضافہ

    سونا پھر مہنگا، فی تولہ قیمت میں650 روپے اضافہ

    کراچی: ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران عالمی سطح پر قیمتیں بڑھنے کے بعد صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 650 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ڈالر کے اضافے سے 1736 ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی، جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو بھی فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 650 روپے اور 557 روپے کا مزید اضافہ ہوگیا۔

    جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت میں 650 روپے اضافے کے بعد فی تولہ سونا 98200 روپے کا ہوگیا،جبکہ 10گرام سونا 557 روپے اضافے سے 84190 روپے کا ہوگیا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل فی تولہ سونا 800 روپے اضافے سے 97500 روپے اور 10گرام سونا 686 روپے اضافے کے بعد 83590روپے تک پہنچ گیا تھا۔

  • سونا پھر مہنگا ہوگیا

    سونا پھر مہنگا ہوگیا

    کراچی: سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق فی تولہ سونا 800 روپے اضافے سے 97500 روپے کا ہوگیا ہے۔ جبکہ 10گرام سونا 686روپے اضافے کے بعد 83590روپے تک پہنچ چکا ہے۔

    عالمی مارکیٹ میں سونا 4ڈالر اضافے سے 1728ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

    دوسری جانب فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 12 پیسے مہنگا ہوگیا، انٹر بینک میں ڈالر 163.10روپے پر بند ہوا، کرونا کے باعث عالمی سطح پر کاروبار کی بندش کے باعث سونے اور ڈالر پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

  • عالمی منڈی: خام تیل اور سونے کی قیمت میں کمی

    عالمی منڈی: خام تیل اور سونے کی قیمت میں کمی

    واشنگٹن: عالمی منڈی میں خال تیل اور سونی کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 19ڈالر کی کمی کے بعد قیمت 18سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت 18ڈالر18سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.82فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 28ڈٖالر34سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔

    ادھر عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت میں37ڈالر کی کمی دیکھی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 3روپے38پیسے سستا ہونے کے بعد 163روپے 50پیسے پر فروخت ہورہا تھا۔ 10روز میں انٹربینک میں ڈالر 4روپے 32پیسےکم ہوکر 163.57 کا ہوگیا ہے۔

  • سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، عوام کے ہوش اڑ گئے

    سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، عوام کے ہوش اڑ گئے

    کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگا ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، رواں کاروباری ہفتے میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا دیکھا گیا۔

    کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 1500روپے اضافہ کے بعد 95700 روپے ہوگئی۔

    چئیرمین آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن محمد ارشد کے مطابق پاکستان میں 10گرام سونے کی قیمت میں 1287روپے اضافہ ہوا جس کے بعد 10 گرام سونا 82047 روپے ہو گیا۔

    واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونا 36ڈالر اضافہ کے بعد 1683 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا ہے۔

    دو روز قبل عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمتیں 1950 روپے اضافے کے بعد 94 ہزار 100 روپے ہوگئی تھیں۔

  • سونا مزید سستا ہو گیا

    سونا مزید سستا ہو گیا

    کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں 400 روپے کمی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بڑھتے بھاؤ کو بریک لگ گیا اور قیمتیں کم ہوگئیں۔

    سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 90200 روپے ہوگئی۔

    اسی طرح 10 گرام سونا 342 روپے کی کمی کے بعد 77331 روپے کا ہوگیا، عالمی مارکیٹ میں سونا کمی کے بعد 1567 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگیا۔

    واضح رہے کہ یکم فروری کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں 9 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد فی اونس قیمت 1589 تک پہنچ گئی تھیں۔

    جیولرز ایسوسی ایشن کا کہا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اضافے کے منفی نتائج مقامی صرافہ بازاروں پر بھی دیکھے گئے اور قیمتوں میں پچاس روپے فی تولہ اضافہ ہوا۔ جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت91550 روپے ہوگئی، جبکہ10گرام سونا43 روپے اضافے کے بعد 78489 روپے کا ہوگیا تھا۔