Tag: سونی پکچرز

  • امریکا کے بعد اسپائیڈرمین نے یورپ میں جال بُـن دیا

    امریکا کے بعد اسپائیڈرمین نے یورپ میں جال بُـن دیا

    کیا آپ کو اسپائیڈرمین پسند ہے ؟، اگر ہاں تو اس کا یہ نیا ٹریلر آپ کے لیے ہی تیار کیا گیا ہے، یہ حالیہ سیریز کی دوسری فلم ہے جو رواں سال ریلیز ہوگی۔

    سونی پکچرز اور مارول کامکس کے اشتراک سے بننے والی اسپائیڈر مین سیریز کی دوسری فلم ’اسپائیڈر مین – فار فرام ہوم‘ کا پہلا ٹریلر گزشتہ روز جاری کیا گیا تو اسے ناظرین کے ملے جلے تاثرات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    سپر ہیرو فلموں کے شائقین جانتے ہیں کہ اسپائیڈر مین نیویار ک کا ہیرو ہے اور آج تک وہ اپنے شہر سے باہر کبھی نہیں گیا تھا لیکن اب کی بار وہ اپنے گھر سے دور ، یعنی یورپ کے اسکول ٹرپ پر ہے۔

    فلم کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح اسپائیڈر مین اپنے دوستوں کے ساتھ چھٹیاں منانے یورپ آتا ہے ، جہاں ا س کے خیال میں اسپائیڈر مین کی کوئی ضرورت نہیں ہے ، یہاں اس کی ملاقات نک فیوری سے ہوتی ہے جو کہ ایک امریکی ملٹری اسٹریٹجسٹ ہے اور مارول کامکس میں یہ سپر ہیروز کو دنیا کے تحفظ کے لیے منظم انداز میں استمعال کرتا نظر آتا ہے۔

    یہی سے شروع ہوتا ہے فلم میں دھماکے دار ایکشن، ایک جانب تو اسپائیڈر مین یعنی ٹام ہالینڈ اپنی اسکول کی چھٹیاں خراب ہونے پر غمگین ہے تو دوسری جانب اسے کندھوں پر یورپ کو بچانے کی ذمہ داری بھی آن پڑی ہے ۔

    فلم میں کچھ بنیادی تبدیلیاں کی گئی ہیں جو کہ ماضی میں اسپائیڈر مین سیریز کا خاصا رہی ہیں۔ سب سے پہلی تو یہی ہے کہ اسپائیڈر مین اپنےگھر بلکہ اپنے ملک سے بھی دور ہے ، دوئم اس فلم میں آنٹ مے کو ایک جواں سال عورت کے روپ میں دکھایا گیا ہے جو کہ جانتی ہے کہ اسپائیڈر مین کون ہے ، ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔
    ٹریلر میں اسپائیڈر مین اینی میٹڈ سیریز کا سگنیچر میوزک بھی سنا جاسکتا ہے جو کہ بلاشبہ اسپائیڈر مین کے چاہنے والوں کی دیرینہ خواہش رہا ہے کہ فلم میں شامل ہو۔

    اسپائیڈر مین فار فرام ہوم درحقیقت تین فلموں پر مبنی سیریز کا حصہ ہے، اس کاپہلا پارٹ اسپائیڈر مین – ہوم کمنگ تھا۔ فلم میں ون کا کردار ’مسٹیریو ‘ادا کر رہا ہے جو کہ اسپائیڈر مین کا ایک پرانا ولن ہے۔

    یاد رہے کہ اسپائیڈر مین کی پہلی فلم سنہ 2002 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں اسپائیڈمیں کردار ٹوبی میگوائر نے ادا کیا تھا ، وہ سیریز بھی تین فلموں پر مشتمل تھی اور اسے اب تک کی سب سے کامیاب اسپائیڈر مین سیریز تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد رواں دہائی کے آغاز میں انڈریو گارفیلڈ کو ’امیزنگ اسپائیڈر مین‘ بنائی گئی تھی، جسےناظرین کی پسندیدگی کے باوجود آگے نہیں بڑھایا گیا اورامیزنگ اسپائیڈر مین ٹو کے بعد اس پر مزید فلمیں نہیں بنائی گئیں۔

    یہ فلم پانچ جولائی کو شائقین کے لیے دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی اور یقیناً اپنا بچپن اسپائیڈر مین اینی میٹڈ سیریز دیکھتے ہوئے گزارنے والے اس کا بے صبری سے انتظار کریں گے۔

  • متنازع فلم دی انٹرویو دیکھنے والوں کو گولی مارنے کا حکم

    متنازع فلم دی انٹرویو دیکھنے والوں کو گولی مارنے کا حکم

    نیویارک: متنازع فلم دی انٹرویو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی ہے، فلم نے اکتیس ملین ڈالرز کا آن لائن بزنس کرکے ریکارڈ قائم کرلیا ہے، شمالی کوریا میں فلم دیکھنے والوں کو فوراََ ہی گولی ماردینے کا حکم دیا گیا ہے۔

    سونی پکچرز کی متنازع فلم دی انٹرویو جسے ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شمالی کوریا اس فلم سے ناراض ہے، فلم کا اسکرپٹ بھی چوری ہوا مگر پھر بھی دی انٹرویو نے ریکارڈز توڑے۔

    فلم نے صرف دس دن میں اکتیس ملین ڈالرز کا شاندار بزنس کیا جبکہ اب تک ساڑھے چار ملین لوگوں سے اسے انٹرنیٹ پر دیکھا ہے، اس متنازع فلم نے اپنی ریلیز کے صرف چار دن بعد ہی آن لائن پر اس اسٹوڈیو کی آج تک کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کا ریکارڈ بھی اپنے پاس محفوظ کیا۔

    یہ فلم شمالی کوریا کے رہنماء کم جونگ ان کے قتل کی فرضی سازش پر مبنی ہے، جسے دیکھنے پر شمالی کوریا میں پابندی عائد ہے اور حکومت نے اس فلم کو دیکھنے والے کو گولی مارنے کا حکم دیا ہے۔

    یہ پہلی بار ہے کہ کوئی بھی فلم سینما گھروں اور آن لائن پر ایک ساتھ دکھائی جا رہی ہے، سونی پکچرز نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان پر بنائی جانے والی اس مزاحیہ فلم کو سائبر حملے کے بعد ملنے والی دھمکیوں کے پیش نظر ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    لیکن بعد میں سونی پکچرز نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے اس کامیڈی فلم کو کرسمس کے دن ریلیز کیا تھا۔

    یہ فلم بنائے جانے پرسونی پکچرز کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی تھی اور گزشتہ دنوں ساڑھے نو گھنٹے تک شمالی کوریا میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل رہی تھی۔