Tag: سونے کا تمغہ

  • ٹوکیو اولمپکس 2020: جب دو دوستوں نے سونے کا تمغہ شیئر کرلیا

    ٹوکیو اولمپکس 2020: جب دو دوستوں نے سونے کا تمغہ شیئر کرلیا

    ٹوکیو اولمپکس 2020 میں جہاں نئے نئے ریکارڈز بننے کا سلسلہ جاری ہے وہیں ایک جذباتی واقعے نے سب کی آنکھیں نم کردیں۔

    قطر اور اٹلی کے کھلاڑیوں کو ٹوکیو اولمپکس کے ہائی جمپ مقابلوں میں مشترکہ فاتح قرار دیا گیا ہے، مقابلہ برابر ہو جانے کے بعد دونوں نے اضافی جمپ آف کے بجائے تمغہ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا اور انتظامیہ نے دونوں ہی کو سونے کا تمغہ دے دیا۔

    قطر کے معتز عیسیٰ برشم اور اٹلی کے گیانمارکو تامبیری نے مقابلے کے دوران 2.37 میٹرز کی جمپس لگائیں لیکن 2.39 میٹرز کے اولمپک ریکارڈ کو تین، تین مرتبہ کوشش کرنے کے باوجود نہ توڑ پائے۔

    اتنی بار ناکامی کے بعد قطری کھلاڑی نے منتظمین سے پوچھا کہ کیا دونوں کو گول میڈل مل سکتا ہے؟ آفیشل نے اثبات میں جواب دیا، جس کے بعد دونوں نے شاندار جشن منایا۔

    معتز عیسیٰ نے کہا کہ تامبیری میرے بہترین دوستوں میں سے ایک ہیں، میدان ہی میں نہیں بلکہ اس سے باہر بھی۔ یہ ایک خواب کی تعبیر ہے، ایک حقیقی اسپورٹس مین اسپرٹ اور ہم اس پیغام کو پھیلانے کے لیے ہی یہاں آئے ہیں۔

    یہ اولمپکس میں معتز کا تیسرا تمغہ ہے۔ اس سے پہلے وہ 2012 کے لندن اولمپکس میں کانسی اور 2016 کے ریو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں یعنی یہ ان کا بھی پہلا سونے کا تمغہ ہے جبکہ تامبیری کا تو پہلا تمغہ ہے جو انہیں سونے کی صورت میں ملا ہے۔

    دونوں ہی کھلاڑی اولمپکس سے قبل انجری کا شکار تھے اور یہی ان کے درمیان دوستی کی ایک اور وجہ بھی تھی۔ سونے کا تمغہ ملنے پر دونوں کھلاری جذباتی ہوگئے اور معتز اپنے آنسو نہ روک پائے۔

  • پاکستانی طالب علم نے ریاضی کا عالمی مقابلہ جیت لیا

    پاکستانی طالب علم نے ریاضی کا عالمی مقابلہ جیت لیا

    بنکاک : پاکستانی طالب علم نے ’ریاضی کے عالمی مقابلے‘ میں سونے کا تمغہ حاصل کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ہونے والے ’ریاضی کے بین الااقوامی مقابلے ‘ میں 600 امیدواروں کو شکست دے کر پاکستانی ہونہار طالب علم سید جعفر رضا نے سونے کا تمغہ حاصل کرلیا ہے، جعفر رضا اور ان کے دیگر 6 ہم جماعت طالب علموں نے پاک ترک انٹرنیشنل اسکول لاہور کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک سونے اور چاندی و کانسی کے تین تین تمغے اپنے نام کیے۔

    اس مقابلے میں 17 ممالک کی 180 ٹیموں کے 600 طالب علموں نے شرکت کی، یہ مقابلے 22 فروری سے 24 فروری کے درمیان بنکاک میں منعقد ہوئے جس کا مقصد ریاضی جیسے مشکل اور قدرے خشک مضمون کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنا اور طالب علموں کے رجحان کو جانچنا تھا تاکہ طالب علم اپنی ذہانت اور صلاحیتوں سے واقف ہوں سکیں

    واضح رہے کہ پاکستان میں ریاضی کے ماہرین کی کمی ہے جس کی وجہ اس مضمون میں دلچسپی نہ ہونا ہے اس کے باوجود پاکستانی طالب علموں کی کارکردگی لائق تحسین ہے اور امید جاگ اٹھی  ہے کہ اس شعبے میں خصوصی توجہ دی جائے گی جب کہ اس مضمون میں دلچسپی لینے والے ہونہاروں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ریواولمپکس: فٹبال فائنل میں برازیل نے جرمنی کو شکست دے دی

    ریواولمپکس: فٹبال فائنل میں برازیل نے جرمنی کو شکست دے دی

    ریو ڈی جنیرو : ریو اولمپکس میں میزبان برازیل نے جرمنی کو فٹبال میں پنلٹی ککس میں شکست دے کر سونے کا تمغہ جیت لیا.

    تفصیلات کے مطابق اولمپکس فٹبال کے فائنل میں میزبان برازیل اور جرمنی کے درمیان میچ مقررہ وقت اور اضافی وقت میں ایک ایک گول سے برابررہا.

    برازیل کی جانب سے نیمار نے میچ کے 27 ویں منٹ میں شاندار گول کر کے برازیل کو برتری دلوائی.جرمنی کی جانب سے کپتان میکسیمیلین مائر نے گول کر کے اسکور برابر کیا.

    پنلٹی ککس میں برازیل نے جرمنی کو پانچ چار سے شکست دی.آخری اور فیصلہ کن پنلٹی برازیل کے سٹار کھلاڑی نیمار نے لگائی.

    دو سال قبل جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ میں برازیل کو سات ایک سے شکست دی تھی.اگرچہ یہ فیفا ورلڈ کپ تو نہیں لیکن فٹ بال کا جنون رکھنے والے ملک برازیل کے لیے اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنا اور جرمنی کو شکست دینا بہت اہم بات ہے.

    یاد رہے کہ برازیل نے اولمپکس فٹ بال میں تین بار چاندی اور دو بار کانسی کے تمغے جیتے ہیں.لندن میں ہونے والی 2012 کی اولمپکس میں برازیل کو میکسیکو نے فائنل میں شکست دی تھی.

    دوسری جانب جرمنی 1988 کے بعد سے پہلی بار اولمپکس فٹ بال میں حصہ لے رہا تھا۔ 1988 میں جرمنی نے مغربی جرمنی کے طور پر حصہ لیا تھا اور کانسی کا تمغہ جیتا تھا.جرمنی نے کبھی بھی اولمپکس فٹبال میں سونے کا تمغے حاصل نہیں کیا.

    واضح رہے کہ برازیل نے جرمنی کو شکست دے کر اولمپکس میں فٹ بال میں پہلی بار سونے کا تمغہ جیتا ہے.