Tag: سونے کا ذخیرہ

  • افغانستان میں سونے کے سب سے بڑے ذخیرے کی تلاش شروع

    افغانستان میں سونے کے سب سے بڑے ذخیرے کی تلاش شروع

    کابل: افغانستان میں موجود اہم اور دنیا کے سب بڑے سونے کے ذخائر’بیکٹرین ٹریژر‘ کی تلاش کا کام شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے سونے کے سب سے بڑے ذخیرے کی تلاش شروع ہو گئی، افغانستان میں ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمد اللہ واثق کا کہنا ہے کہ اگر اس ذخیرے کو افغانستان سے باہر منتقل کیا گیا ہے، تو یہ ملک کے خلاف غداری ہے۔

    طالبان حکومت کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت سونے کے اس ذخیرے کے سلسلے میں سخت اقدامات کرنے جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا میں سونے کے بڑے ذخائر میں شامل بیکٹرین (bactrian gold) ذخیرہ 40 برس قبل شبرغان سے برآمد ہوا تھا، اور سابقہ حکومت نے اس ذخیرے کو فروری میں صدارتی محل منتقل کر دیا تھا۔

    بیکٹرین ٹریژر افغانستان کا ایک اہم اثاثہ سمجھا جاتا ہے، جسے فروری 2021 میں سابق حکومت صدارتی محل میں لائی تھی اور لوگوں کے لیے نمائش کے لیے رکھا گیا تھا۔

    سوویت اور امریکی سائنس دانوں کا دعویٰ ہے کہ افغانستان میں تانبے، باکسائٹ، خام لوہے کے ساتھ ساتھ سونا اور سنگ مرمر اور لیتھیم جیسی بہت قیمتی معدنیات ہیں، ان سے حاصل ہونے والی کمائی لوگوں کی زندگی بدل سکتی ہے۔

  • حیدرآباد میں سونے کے ذخیرے کی اطلاع پر رینجرز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا

    حیدرآباد میں سونے کے ذخیرے کی اطلاع پر رینجرز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا

    کراچی: محکمہ مائنز اینڈ منرل سندھ نے سوشل میڈیا پر سندھ کے شہر حیدر آباد کے علاقے ٹکر گنجو سے سونا نکلنے کی خبر کا نوٹس لے لیا، محکمے کی درخواست پر پاکستان رینجرز نے متعلقہ علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ مائنز اینڈ منرل عمران حیدر میمن کا کہنا ہے کہ پنہور گاؤں کے قریب سے سونا نکلنے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، گاؤں سے بچوں کو کھیل کے دوران سونے سے مشابہت رکھتی اشیا ملی تھیں، جن کو تحویل میں لے کر لیبارٹری تحقیق کے لیے بھیجا گیا۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق جو اشیا ملی ہیں وہ بہ ظاہر منرل پائرائٹ کی طرح ہیں، گنجو ٹکر میں مذکورہ مقامات سے تلاش کے دوران کوئی سونا نہیں ملا، سونا نکلنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، مقامی افراد نے بھی ان مقامات سے سونا نکلنے کی تردید کی ہے۔

    دریں اثنا، محکمہ معدنیات و معدنی وسائل نے گنجو ٹکر میں سونا دریافت ہونے کی خبر کے سلسلے میں ابتدائی رپورٹ ارسال کر دی ہے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات حیدر آباد نے سیکریٹری محکمہ معدنیات کو خط لکھ کر کہا ہے کہ گنجو ٹکر حیدر آباد سے ملنے والے پتھر سونے کے ذخائر نہیں۔

    محکمہ معدنیات کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گنجو ٹکر میں محکمے کی ٹیم نے سروے کیا، مقامی افراد سے بھی بات کی گئی، انھوں نے قریبی گاؤں پنہور میں سونے کے ذخائر کی بات کی، وہاں بھی محکمہ معدنیات کی ٹیم نے سروے کیا لیکن کوئی معدنی پتھر نہیں ملا، گاؤں سے ملنے والا پتھر مقناطیس دھات کا معلوم ہوتا ہے۔

    تاہم محکمے نے کہا ہے کہ حیدرآباد سے ملنے والی دھات کا ٹیکنیکل تجزیہ لیباریٹری سے کیا جانا چاہیے۔