Tag: سونے کی بالیاں

  • کراچی: بزرگ خاتون سے سونے کی بالیاں چھین کر ملزم فرار، سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی: بزرگ خاتون سے سونے کی بالیاں چھین کر ملزم فرار، سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی (26 اگست 2025): لوٹ مار کی نئی واردات میں موٹر سائیکل سوار ملزم بزرگ خاتون سے سونے کی بالیاں چھین کر فرار ہو گیا۔

    شہر قائد میں لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ تاہم اب لٹیروں سے بزرگ خواتین بھی محفوظ نہیں رہیں۔ بلدیہ مدینہ کالونی میں بزرگ خاتون سے لوٹ مار کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    یہ واردات منگل کی صبح رونما ہوئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بزرگ خاتون گلی سے گزر رہی ہیں کہ اچانک موٹر سائیکل سوار ملزم ان کے قریب آ کر رکتا ہے، جس کے باعث وہ خاتون خوفزدہ ہو جاتی ہیں۔

    ملزم اپنی موٹر سائیکل سے اتر کر خاتون کے کان سے زبردستی سونے کی بالیاں اتار لیتا ہے۔ اس موقع پر وہ مزاحمت کرتی ہیں ، لین ناکام رہتی ہیں اور ملزم با آسانی فرار ہو جاتا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق متعلقہ تھانہ پولیس پہلے تو اس واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہی تھی کہ انہیں ایسی کسی واردات کی اطلاع نہیں اور نہ ہی کسی نے شکایت درج کرائی ہے۔

    تاہم جب واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تو پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور متاثرہ خاتون کی تلاش شروع کر دی ، جب کہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

     

  • سیالکوٹ : ڈاکوؤں نے تشدد کے بعد بزرگ خاتون کے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ لیں

    سیالکوٹ : ڈاکوؤں نے تشدد کے بعد بزرگ خاتون کے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ لیں

    سیالکوٹ : ڈاکوؤں نے بربریت کی انتہا کردی، بزرگ خاتون پر بدترین تشدد کرتے ہوئے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ لیں، پولیس روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حدود کے تنازع پر ہی لڑتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے اقبال ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد نے گلی سے گزرنے والی ایک عمررسیدہ خاتون کو لوٹنے کی کوشش کی ۔

    خاتون کی جانب سے معمولی مزاحمت پر ڈاکو طیش میں آگئے اور تنہا بزرگ خاتون کو زمین پر گرا کر بری طرح مارا پیٹا اور کانوں سے بالیاں نوچ لیں، جس سے بزرگ خاتون زخمی ہوگئی۔

    مسلح افراد لوٹ مار کے بعد موقع واردات سے باآسانی فرار ہوگئے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ پولیس اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور اپنی حدود کا مسئلہ قرار دے کر دوسرے علاقےکی پولیس کو مطلع کیا گیا لیکن پولیس کی روایتی ہٹ دھرمی  اور حدود کے تنازع کی وجہ سے  چوبیس گھنٹے گزرنے تک واردات کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بعد ازاں اے آر وائی نیوز کی خبر پر ڈی پی اوسیالکوٹ نے واقعے کا نوٹس لیا اور تھانہ حاجی پورہ میں دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کیخلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔