Tag: سونے کی دکان میں ڈکیتی

  • سونے کی دکان کے مالک کی اپنی ہی دکان میں ڈکیتی

    سونے کی دکان کے مالک کی اپنی ہی دکان میں ڈکیتی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں سونے کی دکان میں مبینہ ڈکیتی کا ڈراپ سین ہو گیا، دکان کا مالک چوری میں خود ہی ملوث نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کو حاصل ہونے والی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں چور کا پتا چل گیا، گلف شاپنگ مال میں سنار کی دکان میں نقب زنی کی واردات پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے مدعی آصف کو اس کے ساتھی وسیم سمیت گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع تجارتی مرکز میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے چوری شدہ 3 کلو سونا بھی برآمد کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم آصف نے خود اپنی دکان سے سونا غائب کر کے نقب زنی کا ڈراما رچایا تھا۔

    ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس کا کہنا ہے کہ 3 کلو سونا آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع تجارتی مرکز سے چھاپے کے دوران ملا۔

    واضح رہے کہ ابتدائی رپورٹ تھی کہ کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوار سے نامعلوم ملزمان سنار کی دکان سے 12 کلو کے قریب سونا لوٹ کر فرار ہوگئے، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا۔

    یہ کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی چوری قرار دی گئی، جس میں مبینہ طور پر ملزمان سنار کی دکان سے 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا بارہ کلو سونا لے اڑے تھے، رپورٹ کے مطابق یہ واردات گزشتہ روز ملزمان نے سنار کی دکان کے تالے توڑ کر کی تھی۔

    متاثرہ سنار کا کہنا تھا وہ دکان پر تیار شدہ زیورات فروخت کرتے ہیں، دکان کے مالک نے بتایا کہ 3 مئی کو وہ دکان بند کر کے چلے گئے تھے، 4 مئی کی صبح دکان پر پہنچے تو 4 تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور 12 کلو کے قریب طلائی زیورات چوری ہوگئے تھے۔

    مارکیٹ کے صدر کے مطابق جس دکان میں نقب زنی کی واردات ہوئی وہ سامنے کی دکانوں میں سے ایک ہے، اگر کٹر یا آری سے تالے کاٹے گئے تو گارڈ کو آواز آنی چاہیے تھی، جس دکان میں واردات ہوئی اس کی اندر کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز رات سے بند تھیں۔

    تاہم، جب پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو کچھ چیزیں مشکوک پائی گئیں، متاثرہ صراف نے بعد میں مقدمے میں بیان زیورات کی مقدار کو بھی غلط قرار دیا، واردات میں دکان پر نصب شیشے کے دروازے کے لاک توڑے نہیں بلکہ کھولے گئے تھے، جب کہ شٹر کے تالے کاٹے گئے، پولیس نے متعدد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کر لیں، جن سے آخر کار اصل چور کا پتا چل گیا۔

    ایس پی کلفٹن توحید میمن نے بتایا کہ ساؤتھ پولیس نے 2 دن میں سب سے بڑی چوری کا کیس حل کیا، ملزم آصف میمن کو سی سی ٹی وی اور دیگر شواہد کی مدد سے گرفتار کیا گیا، 3 تاریخ کو آصف کو دکان میں مشکوک حرکات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    توحید میمن کا کہنا تھا کہ ملزم آصف نے پہلے کاؤنٹر پر موجود چادر کو ہٹایا، دکان کی بینچ اور کاؤنٹر پر کھڑے ہو کر ڈی وی آر کی وائرنگ نکالی، پھر ملزم ایک ایک کر کے سارے کیمرے بند کرتا چلا گیا، ملزم نے 10 سے 12 کلو سونا چوری کا مقدمہ درج کروایا تھا، ساؤتھ پولیس نے 15 دکانوں کی فوٹیجز اور 23 افراد کے بیانات لیے، جب کہ 15 مشکوک افراد کو سی ڈی آر اور دیگر طریقے سے چیک کیا گیا۔

  • لاہور کے علاقے ساندہ میں چوروں نے جیولر شاپ کا صفایا کر دیا

    لاہور کے علاقے ساندہ میں چوروں نے جیولر شاپ کا صفایا کر دیا

    لاہور : ساندہ کے چاندنی چوک پر واقع جیولر شاپ میں رات گئے نامعلوم افراد تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور5 کروڑ روپے مالیت کا سونا چوری کرکے باآسانی فرارہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد دکان کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گیس کٹر سے تجوریوں کوکاٹ کر5 کروڑ روپے مالیت کا سونا اور23 لاکھ روپے کی نقدی لے اڑے۔

    دکان کے مالک حاجی تنویر کے مطابق 5 کلو سونا چوری کیا گیا ہے جس کی مالیت 5 کروڑ سے زائد بنتی ہے جب کہ چور دکان کی تجوریوں میں رکھی نقدی بھی لے اُڑے۔

    ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ابتدائی شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے جب کہ موثر تحقیقات کے لیے فرانزک لیب کے اہلکار کو بھی طلب کر لیا گیا ہے،فرانزک لیب اہلکار جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرنے اور تحقیقات میں پولیس کی سائینسی بنیاد پرمدد کرنے میں مصروف ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اکھٹے کیے گئے شواہد کی روشنی میں جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے اس حوالے سے تاجر برادری سے بھی تعاون کی درخواست ہے تا کہ پولیس مجرموں کا قلع قمع کر سکے۔

    اس موقع پر مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا تھا کہ آئے دن کی چوریوں اور ڈکیتیوں نے کاروبار کرنا مشکل کردیا ہے اور حکومت کاروباری حضرات کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔