کراچی : پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق صرافہ ایسوسی ایشن نے سونے کے نرخوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی اور کہا انٹرنیشنل کرنٹ گولڈ ریٹ کے 20 ڈالر پریمیم کو سونے کے نوخوں میں شامل کیا جائے گا، انٹرنیشنل ریٹ پلس پریمیم کے بعد ڈالر کے انٹر بینک کرنٹ ریٹ سے سونے کا بھاؤ جاری ہوگا۔
ایسوسی ایشن حاجی ہارون چاند نے اعتراف کیا کہ 20 ڈالر پریمیم سے 20 تولے سونے کی قیمت میں 20 ہزار کا فرق پڑے گا، اگر 20 ڈالر پریمیم نہیں لگاتے تو مافیا ریٹ چلنے نہیں دے گا۔
صرافہ انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ گولڈ کے بڑے ڈیلرز کو بھاری نقصان سے بچانے کیلئے سونے کے ریٹ کا فارمولہ بدلا گیا ہے۔
ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، بلین مارکیٹ کھلنے سے پہلے دعوی کیا گیا تھا کہ سٹہ مافیا کے خلاف کاروائی کرکے گولڈ کے ریٹ نیچے لایا جائے گا تاہم چند دن ریٹ کم رکھنے کے بعد مستقل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔