Tag: سونے کے ذخائر

  • پاکستان میں مزید مقامات پر سونے کے ذخائر

    پاکستان میں مزید مقامات پر سونے کے ذخائر

    پاکستان کے طول و عرض میں سونے کے ذخائر نکلنے کا سلسلہ جاری ہے، مزید 3 مقامات سونے کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں مزید 3 مقامات پر سونے کے ذخائر کی موجودگی کا دعویٰ سامنے آیا ہے، حکومتی ذرائع نے بتایا کہ اٹک کے بعد میانوالی، تربیلا اور ستلج کے مقام پر بھی سونے کے ذخائر ہیں۔

     

    پاکستان پر قدرت مہربان! لاکھوں تولے سونے کے ذخائر مل گئے

     

    ذرائع نے بتایا کہ مزید مقامات پر سونے کی موجودگی کے بعد نیسپاک کو سروے کا ٹاسک دیدیا گیا ہے، تینوں مقامات پر موجود سونے کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کئی سو ارب ہوسکتی ہے۔

    حکومتی ذرائع نے مزید بتایا کہ محکمہ معدنیات کے حکام مزید مقامات پر سونا نکلنے سے متعلق جلد وزیراعلیٰ کو بریفنگ دینگے، اٹک کی طرز پر دیگر مقامات سے سونا نکالنے کےلیے بھی بین الاقوامی آکشن ہوگی۔

  • چین اور امریکا کے ذخائر سے زیادہ سونا کس ملک کی خواتین کے پاس ہے؟

    چین اور امریکا کے ذخائر سے زیادہ سونا کس ملک کی خواتین کے پاس ہے؟

    سونا ایک ٹھوس اثاثہ ہے کئی ملک اسے اپنے ذخائر میں شامل کرکے اپنے ملک کو مالی طور پر مستحکم بناتے ہیں کیونکہ سونے کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے، سونا کسی بھی ملک کے دیگر اثاثوں کی قدر میں اتار چڑھاؤ سے وابستہ خطرات کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

    تاہم آج ہم ایسی ملک کی خواتین کی بات کررہے ہیں جن کے پاس دنیا میں سب سے زیادہ سونا موجود ہے جو کہ 5 ممالک کے مشترکہ سونے سے بھی زیادہ ہے۔

    ورلڈ گولڈ کونسل(ڈبلیو جی سی) کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی خواتین مجموعی طور پر حیران کن 24 ملین کلو گرام سونے کی مالک ہیں، جس نے امریکا اور چین جیسی بڑی معیشتوں سمیت کئی ممالک کے سونے کے ذخائر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    ڈبلیو جی سی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی خواتین کی ملکیت میں موجود سونا دنیا کے سونے کے کل ذخائر کا تقریباً 11 فیصد ہے جو کہ 24,000 میٹرک ٹن بنتا ہے۔

    پاکستان میں آج سونے کی قیمت

    ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان سونے کی ملکیت سے متعلق ایک مرکز کے طور پر ابھرا ہے جس کی خواتین کے پاس ہندوستان کے سونے کے کُل ذخائر کا 40 فیصد حصہ موجود ہے۔

    رپورٹس کے مطابق امریکا کے پاس 8,133 ٹن، جرمنی کے پاس 3,362 ٹن، اٹلی کے پاس2,451 ٹن، فرانس کے پاس 2,436 ٹن اور روس کے پاس 2,298 ٹن سونا ہے۔

    ان سب ممالک کا سونا ملا کر بھی اگر دیکھا جائے تو بھارتی خواتین ان ممالک کے مشترکہ سونے سے بھی کئی گنا زیادہ سونے کی ملکیت رکھتی ہیں۔

    واضح رہے کہ ہندوستان میں سونا بہت زیادہ ثقافتی اور روایتی قدر رکھتا ہے، کسی بھی تہوار یا شادی میں سونا خریدنا اچھا سمجھا جاتا ہے، ہندوستانی خواتین نہ صرف سونے کے زیورات پہننے کو پسند کرتی ہیں بلکہ اس میں سرمایہ کاری بھی کرتی ہیں۔

  • مکہ میں بڑے پیمانے پر سونے کے ذخائر کا انکشاف

    مکہ میں بڑے پیمانے پر سونے کے ذخائر کا انکشاف

    سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں بڑے پیمانے پر سونے کے ذخائر موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے، قیمتی دھاتوں کے ادارے ’معادن‘ کے مطابق بڑے پیمانے پر سونے کی موجودگی کے امکانات پائے گئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق قیمتی دھاتوں سے متعلق سعودی کمپنی ’معادن‘ نے اس حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ ماہرین کی جانب سے مکہ ریجن کے 100 کلو میٹر کے علاقے میں قیمتی دھات سونے کی بڑی مقدار موجود ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

    جیالوجیکل سروے ٹیم کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں 100 کلو میٹر کے رقبے میں سونے کی بڑی مقدار کا سراغ ملا ہے۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ماہرین اس حوالے سے سرگرم ہوگئے ہیں تاکہ اس حوالے سے یہ معلوم ہوسکے کہ کہاں کہاں سونے کے ذخائر موجود ہیں۔

    سعودی کمپنی ’معادن‘ کے مطابق گزشتہ برس 2022 میں معادن کی جانب سے قیمتی دھاتوں کی تلاش کا منصوبہ سامنے آیا تھا۔

    بارش کے دوران زائرین کا طواف، روح پرور مناظر کیمرے میں محفوظ

    منصوبے کا مقصد مملکت کے مختلف علاقوں میں سونا اور دیگر قیمتی دھاتوں کی تلاش کے لیے ماہرین کی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جن کے ذمہ مختلف میدانی اور پہاڑی علاقوں کا سروے کر کے یہ معلوم کرنا ہے کہ کن علاقوں میں قیمتی دھاتیں پائی جاتی ہیں۔

  • پاکستان اپنے سونے کے ذخائر فروخت نہیں کررہا، گورنر اسٹیٹ بینک

    کراچی: گورنر استیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سونے کے ذخائر ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کا حصہ نہیں ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے سونے کے ذخائر فروخت نہیں کررہا ہم روپے کی قدر میں سٹے بازی پر بینکوں کے خلاف کارروائی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس پر حکومت اضافی ٹیکس لگائے گی یا اسٹیٹ بینک جرمانہ عائد کرے گا۔

    گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بینکوں نے 100 ارب روپے زرمبادلہ لین دین میں کمائے ہیں زرمبادلہ کے غیرقانونی لین دین میں ملوث بینکوں کے خلاف رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایکسچینج کمپنیوں کی آؤٹ لیٹس کے اجازت نامے معطل کر دیے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اجازت نامے 7 سے 15 دن کیلئے معطل کیےگئے ہیں اجازت نامے کی منسوخی فوری طور پر نافذالعمل ہے ایکسچینج کمپنیوں کےآؤٹ لیٹس سے خفیہ شاپنگ کی گئی۔

    معطلی کے دوران کسی بھی قسم کی کاروباری سرگرمیاں انجام دینے پر پابندی عائد کی گئی۔ آؤٹ لیٹس کاؤنٹر پر دستیابی کے باوجود غیرملکی کرنسی فروخت سے انکار کیا جا رہا تھا۔

  • پاکستان کے سونے کے ذخائر کتنے ارب ڈالر؟

    پاکستان کے سونے کے ذخائر کتنے ارب ڈالر؟

    کراچی: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک عنایت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے سونے کے ذخائر 3 ارب 80 کروڑ ڈالر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سونے کے ذخائر کے حوالے سے ڈپٹی گورنر ایس بی پی عنایت حسین کا کہنا ہے کہ یہ ذخائر غیر ملکی زر مبادلہ 9.3 ارب ڈالر کے علاوہ ہیں، ابھی وہ حالات نہیں کہ ہم سونے کے ذخائر کو کیش کرا لیں۔

    انھوں نے کہا پاکستان کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 9 ارب 30 کروڑ ڈالر کے ہیں، یہ ذخائر بہت اچھے نہیں، انھیں 3 ماہ کی درآمدت کے برابر ہونا چاہیے، مگر یہ اتنے برے بھی نہیں کہ ہم پریشان ہوں۔

    ان کا کہنا تھا رواں سال ہمیں جتنے ڈالرز کی ضرورت ہے وہ ہم آسانی سے پورا کر لیں گے۔

    ’معاشی سطح پر پاکستان اتنا کمزور ملک نہیں جتنا لوگ سمجھ رہے ہیں‘

    ڈپٹی گورنر کے مطابق دسمبر سے تاحال روپے کی قدر میں 18 فی صد کمی ہوئی، جب کہ 12 فی صد کمی عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں اضافے سے ہوئی ہے، ملک کے سیاسی حالات کی وجہ سے بھی روپے کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔

    عنایت حسین نے کہا گیس اور آئل کی ایل سیز کنفرم نہ ہونے کی شکایت آئیں تھی مگراب وہ ختم ہو چکی ہیں، نیز آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے کے بعد انٹرنیشنل بینکوں کی طرف سے کوئی شکایت نہیں آئی۔

  • حیدرآباد میں سونے کے ذخیرے کی اطلاع پر رینجرز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا

    حیدرآباد میں سونے کے ذخیرے کی اطلاع پر رینجرز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا

    کراچی: محکمہ مائنز اینڈ منرل سندھ نے سوشل میڈیا پر سندھ کے شہر حیدر آباد کے علاقے ٹکر گنجو سے سونا نکلنے کی خبر کا نوٹس لے لیا، محکمے کی درخواست پر پاکستان رینجرز نے متعلقہ علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ مائنز اینڈ منرل عمران حیدر میمن کا کہنا ہے کہ پنہور گاؤں کے قریب سے سونا نکلنے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، گاؤں سے بچوں کو کھیل کے دوران سونے سے مشابہت رکھتی اشیا ملی تھیں، جن کو تحویل میں لے کر لیبارٹری تحقیق کے لیے بھیجا گیا۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق جو اشیا ملی ہیں وہ بہ ظاہر منرل پائرائٹ کی طرح ہیں، گنجو ٹکر میں مذکورہ مقامات سے تلاش کے دوران کوئی سونا نہیں ملا، سونا نکلنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، مقامی افراد نے بھی ان مقامات سے سونا نکلنے کی تردید کی ہے۔

    دریں اثنا، محکمہ معدنیات و معدنی وسائل نے گنجو ٹکر میں سونا دریافت ہونے کی خبر کے سلسلے میں ابتدائی رپورٹ ارسال کر دی ہے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات حیدر آباد نے سیکریٹری محکمہ معدنیات کو خط لکھ کر کہا ہے کہ گنجو ٹکر حیدر آباد سے ملنے والے پتھر سونے کے ذخائر نہیں۔

    محکمہ معدنیات کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گنجو ٹکر میں محکمے کی ٹیم نے سروے کیا، مقامی افراد سے بھی بات کی گئی، انھوں نے قریبی گاؤں پنہور میں سونے کے ذخائر کی بات کی، وہاں بھی محکمہ معدنیات کی ٹیم نے سروے کیا لیکن کوئی معدنی پتھر نہیں ملا، گاؤں سے ملنے والا پتھر مقناطیس دھات کا معلوم ہوتا ہے۔

    تاہم محکمے نے کہا ہے کہ حیدرآباد سے ملنے والی دھات کا ٹیکنیکل تجزیہ لیباریٹری سے کیا جانا چاہیے۔