Tag: سونے کے زیورات

  • سعودیہ عرب: سونے کے زیورات سے متعلق اہم فیصلہ

    سعودیہ عرب: سونے کے زیورات سے متعلق اہم فیصلہ

    سعودی حکام کی جانب سے سونے کے زیورات سے متعلق اہم اعلان سامنے آیا ہے۔ جبکہ سونے کے زیورات رکھنے والوں کو اس حوالے سے متنبہ کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت فیڈریشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سونے کے زیورات اور برتنوں پر قرآنی آیات تحریر نہ کی جائیں۔

    سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت فیڈریشن کی جانب سے مذکورہ پابندی سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ اور وزیر داخلہ کی جاری کردہ ہدایات کے تناظر میں لگائی ہے۔

    سعودی مفتی اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں قرآنی آیات کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی،قرآن پاک کی آیات انسانوں کی ہدایت کے لیے نازل کی گئی ہیں۔ اس مقصد کے سوا کسی اور کام میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

    سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ نے برتنوں، سونے کے زیورات اور آرائشی اشیا پر قرآن پاک کی آیات تحریر کرنے سے منع کرتے ہوئے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ کچھ افراد قرآنی آیات والے زیورات اور برتنوں کو تعویذ گنڈوں کے لئے استعمال میں لاتے ہیں۔

    دریں اثنا سعودی وزیر داخلہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے تاکید کی گئی ہے کہ (اللہ) کا نام ایسے کسی بھی کاغذ، برتن یا سامان پر تحریر نہ کیا جائے جسے عام طور پر لوگ استعمال کرکے ضائع کردیتے ہوں۔

    واضح رہے کہ 2015 میں سعودی عرب کے دارالافتا نے اللہ تعالی کے نام اور صفات کے موضوع پر فتویٰ جاری کیا تھا۔

    جاری کئے گئے فتویٰ میں پابندی لگائی گئی تھی کہ اللہ کے نام اور صفات ایسی کسی بھی جگہ یا کسی بھی کاغذ یا برتن وغیرہ پر تحریر نہ کریں جن سے ان کی تعظیم نہ ہوپاتی ہو۔

  • سونے کے زیورات گھر میں کیسے صاف کیے جائیں؟

    سونے کے زیورات گھر میں کیسے صاف کیے جائیں؟

    سونے کے زیورات بے حد قیمتی اور حفاظت سے رکھنے کے متقاضی ہوتے ہیں، ان زیورات کی چمک میک اپ، پرفیوم اور گرد و غبار کی وجہ سے مدھم بھی پڑ جاتی ہے جس کے لیے ان کی صفائی ضروری ہے۔

    تاہم سنار سے سونے کے زیورات دھلوانا ایک درد سری کے ساتھ ساتھ نقصان کا باعث بھی بن جاتا ہے کیونکہ اکثر دھلائی کے بعد ان زیورات کا وزن کم ہوجاتا ہے جسے سنار نیچرل پروسس کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

    اس دھوکے بازی سے بچنے کے لیے بہتر ہے کہ گھر میں ہی سونے، چاندی، یا ہیرے کے زیورات کو دھو لیا جائے۔

    اس کے لیے 2 ٹیبل اسپون سرکہ، 1 ٹی اسپون سوڈا، اور 1 چمچ کپڑے دھونے والا عام ڈٹرجنٹ مکس کریں۔

    اس میں زیورات ڈالیں اور آدھے گھنٹے تک بھیگا رہنے دیں۔

    آدھے گھنٹے بعد زیورات کو نکالنے کے بعد ان کی آدھی چمک تو ویسے ہی واپس آچکی ہوگی، مزید صفائی کے لیے ٹوتھ برش سے اس کی صفائی بھی کرلیں۔

    اس کے بعد ململ کے کپڑے سے اسے صاف کریں اور پنکھے کی ہوا کے نیچے خشک کرلیں۔ خشک ہونے کے بعد واپس زیورات کے ڈبے میں حفاظت سے رکھ دیں اور جب بھی پہننے ہوں آرام سے نکال کر پہن لیجیئے۔

  • سونے کے زیورات دیکھ کر دوستوں کا ایمان ڈگمگا گیا، دوست کو ہی دھوکا دے دیا

    سونے کے زیورات دیکھ کر دوستوں کا ایمان ڈگمگا گیا، دوست کو ہی دھوکا دے دیا

    ابو ظہبی: بعض دوست آپ کے لیے جان بھی دے سکتے ہیں، لیکن مال و زر ایسی شے ہے جسے دیکھ کر دوستوں کا ایمان بھی ڈگمگا جاتا ہے، ایسا ہی کچھ عرب شہری کے ساتھ ہوا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات راس الخیمہ میں مقیم ایک عرب شہری کو اپنے دوستوں پر اندھا اعتماد مہنگا پڑ گیا، دوستوں نے اعتماد کا فائدہ اٹھا کر عرب شہری کو مالی نقصان پہنچا دیا۔

    عرب شہری نے اپنے دوستوں کو، جو اس کے ہم وطن بھی تھے 2 قیمتی موبائل، سونے کے زیورات اپنی فیملی کو پہنچانے کے لیے حوالے کیے۔ دونوں کا ٹکٹ بھی دیا تاہم دونوں دوست غائب ہوگئے اور سفر بھی نہیں کیا۔

    عرب شہری نے دوستوں کی دھوکا دہی کے خلاف عدالت سے رجوع کر کے اشیا واپس دلانے کی درخواست کی ہے۔

    متاثرہ شہری کے دوستوں نے عدالت میں اعتراف کیا کہ ان کے دوست نے کچھ اشیا فیملی تک پہنچانے کےلیے دی تھیں تاہم ان کا سفر کا پروگرام ملتوی ہوگیا، انہوں نے یہ اشیا دوسرے دو دوستوں کے حوالے کیں جو سفر کرنے والے تھے تاہم انہوں نے ہمیں دھوکا دیا۔

    عرب شہری نے عدالت میں 1 لاکھ 36 ہزار 838 درہم دلانے کا دعوی دائر کیا تھا۔

    عدالت نے پیش کردہ دستاویز پر عرب شہری کے دوستوں کو 68 ہزار درہم اور عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا تاہم ثبوت نہ ہونے پر دیگر مطالبات مسترد کردیے۔

  • سونے کے زیورات چھیننے کی درجنوں وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار

    سونے کے زیورات چھیننے کی درجنوں وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سونے کے زیورات چھیننے کی 100 سے زائد وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا، ملزمان ہفتے میں 3 سے 4 وارداتیں کرتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی اعجاز احمد اور ایس ایس پی فرخ رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سونے کے زیورات چھیننے کی 100 سے زائد وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کا سرغنہ جبران، اور دیگر ملزمان انیس اور وقاص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان اسلحے کے زور پر خواتین سے سونے کے زیورات چھینتے تھے۔

    ایس ایس پی اعجاز احمد نے بتایا کہ ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے، ملزمان نے کلفٹن اور گذری کے علاقوں میں بھی وارداتیں کیں، گرفتار ملزمان کو مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزمان 2 سال سے وارداتیں کر رہے تھے اور ہفتے میں 3 سے 4 وارداتیں کرتے تھے، ملزمان نے مجموعی طور پر 100 سے زائد وارداتیں کیں۔

    اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم ساؤتھ افریقہ میں رہا ہے، ملزمان سے سونا خریدنے والے سنار کو بھی گرفتار کریں گے۔

  • قیمت ہی نہیں‌ سونے (Gold) کی رنگت بھی بدلتی ہے!

    قیمت ہی نہیں‌ سونے (Gold) کی رنگت بھی بدلتی ہے!

    یہ دھات بھی خوب بہار دکھاتی ہے، گلے کا ہار ہو یا اسے انگلی میں پہنا جائے، ناک کی لونگ یا کانوں میں‌ بالیوں کی صورت چمکے۔ ہم بات کررہے ہیں سونے کی جو زیورات میں‌ ڈھل کر سنہری رنگت اختیار کرلیتا ہے اور یہی زیور عورت کی کم زوری ہوتا ہے۔

    پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور اسے ریکارڈ توڑ قیمت کہا جارہا ہے۔ اور یہ سب عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کا نتیجہ ہے۔

    سونا ایک قیمتی دھات ہے جو دنیا بھر میں مشہور اور تجارت و مالیات کا بنیادی اور لازمی جزو ہے۔ دنیا میں زیادہ تر دھاتیں چاندی یا ایلومینیم کی طرح سفید ہوتی ہیں، لیکن صرف سونے اور سیزیئم کا رنگ ہی پیلا ہوتا ہے۔ تاہم اس میں مختلف دوسری دھاتیں ملائی جائیں‌ تو اس کی رنگت بدل جاتی ہے۔

    آئیے جانتے ہیں‌ کہ سونے جیسی بیش قیمت دھات میں‌ مخصوص مقدار میں ملاوٹ اسے کون کون سے رنگ دے سکتی ہے۔

    جب کیمیا گر سونے میں پلاڈیم چاندی یا نِکل ملاتا ہے تو اس کا رنگ سفید ہو جاتا ہے۔

    سائنسی تجربات بتاتے ہیں کہ سونے میں‌ اگر مخصوص مقدار میں چاندی ملائی جائے تو اس سے سونے کا رنگ ہرا ہو جاتا ہے۔

    کیمیائی تجربات کے دوران سامنے آیا کہ تانبے کی آمیزش کے نتیجے میں سونے کا رنگ کسی قدر سُرخی مائل ہو جاتا ہے۔

    کیمیا گر جب ایلومینیم سے تعامل کرتے ہیں تو سونے کا رنگ جامنی ہو جاتا ہے۔

    اسی طرح ایک دھات انڈیئم سے بیش قیمت سونے کی رنگت میں‌ ہم جو فرق دیکھتے ہیں، اسے کسی قدر نیلا مانا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سونے میں کچھ نیلاہٹ آ جاتی ہے۔

    اگر کوبالٹ کے ساتھ سونے پر تجربہ کیا جائے تو معلوم ہو گاکہ اس بیش قیمت دھات کی رنگت سیاہی مائل ہوگئی ہے۔

  • پی آئی اے کی فضائی میزبان سونے کے زیورات اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی

    پی آئی اے کی فضائی میزبان سونے کے زیورات اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی

    لاہور : قومی ایئرلائن کی فضائی میزبان سونے کے زیورات اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی ، جس کے بعد فضائی میزبان کو 3دن کیلئےمعطل کردیاگیا جبکہ 1ماہ تک بین الاقوامی پرواز پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ائیرپورٹ پر پی آئی اے ویجلنس نے کارروائی کرتے ہوئے قومی ائیرلائن کی فضائی میزبان کو سونے کے زیورات اسمگل کرتے پکڑلیا، بینش سلیم کو لندن جاتے ہوئے پکڑا گیا ، وہ سونے کی چوڑیاں اسمگل کررہی تھی۔

    ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان کوفلائٹ سےآف لوڈکردیاگیا وہ پی آئی اےکی پروازپی کے757پر ڈیوٹی پرتھی ، ڈیوٹی کےدوران فضائی میزبان زیورات نہیں لے جاسکتی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ خاتون اہلکار تین روز کیلئے معطل کر دیا ہے اور بین الاقوامی پروازوں پر ایک ماہ کی پابندی لگا دی گئی ہے، خاتون پیپلز یونٹی کےجوائنٹ سیکرٹری علی عثمان کی اہلیہ ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں پی آئی اے یونیفارم میں ملبوس فضائی میزبانوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے ان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے تینوں فضائی میزبانوں کو بین الاقوامی فلائٹس سے گراونڈ کردیا تھا۔