Tag: سوڈان

  • فوج اور باغی فورسز میں لڑائی، سوڈانی والدین بچوں کو کیڑے کھلانے پرمجبور

    فوج اور باغی فورسز میں لڑائی، سوڈانی والدین بچوں کو کیڑے کھلانے پرمجبور

    فوج اور باغی ’ریپڈ سپورٹ فورسز‘ کے درمیان ہونے والی لڑائی نے سوڈان کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، بات یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ لوگ بچوں کو کیڑے مکوڑے کھلانے پر مجبور ہیں۔

    سوڈان میں کئی ماہ سے شدید لڑائی جاری ہے، تباہی اور بربادی نے ایک نئی داستان رقم کی ہے، بے گھر ہونے والے سوڈانی عوام کو پناہ تو دور خوراک ملنا مشکل ہوگئی ہے۔ ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی جانب سے جاری رپورٹ ہوشربا انکشاف نے دل دہلا دیے ہیں کہ لوگ بچوں کو کیڑے کھلا رہے ہیں۔

    سوزانا برجیس جو کہ تنظیم کی رکن ہیں انھوں نے بتایا کہ جو لوگ چاڈ میں بے گھر ہوئے ان میں سے کچھ لوگوں کو پانچ ہفتوں سے کھانا نہیں ملا۔

    عوام اپنے بچوں کو کیڑے مکوڑے، گھاس اور پتے کھلاتے ہیں۔ یہ صورتحال بچوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور ان میں صحت کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔

    انسانی امدادی اداروں کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ملیریا، اسہال اور غذائی قلت کے بہت سے کیسز کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر اور ہارن آف افریقہ اور بحیرات الکبریٰ کے ریجنل ڈائریکٹر ماما ڈو ڈیان نے کا کہنا ہے کہ ان بیماریوں سے بچوں کے مرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انھیں مکمل طور پر روکا جا سکتا ہے مگر ہمیں وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔

    جنگ کے نتیجے میں کم از کم پانچ ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ ملک کے اندر 3.6 ملین افراد بے گھر ہوئے۔ سوڈان میں 60 لاکھ لوگ قحط کے دہانے پر ہیں وہاں 48 ملین لوگوں میں سے آدھے لوگوں کو امداد کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ چاڈ سب سے نمایاں پڑوسیوں میں سے ایک ہے جس نے بے گھر ہونے والے سوڈانی باشندوں کو بڑی تعداد میں پناہ دی ہے۔ چاڈ میں پناہ لینے والے سوڈانی مہاجرین کی تعداد چار لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

  • سوڈان، فوجی کمانڈروں کا 24 گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق

    سوڈان، فوجی کمانڈروں کا 24 گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق

    سوڈان میں فوجی دھڑوں نے 24 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے امریکا اور سعودی عرب کے ثالثی میں نئی جنگ بندی آج سے شروع ہو گی۔

    معاہدےکے تحت فریقین فوجی دستوں کی نقل وحرکت، طیاروں یا ڈرونز کے استعمال، توپ خانے اور فضائی حملوں سے گریز کریں گے، جنگ بندی کے دوران عسکری امتیاز حاصل کرنے کی کوشش "نہ "کرنے پر "بھی” اتفاق کیا گیا ہے۔

    امریکہ اور سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اگر سوڈان کے متحارب فریقوں نے نئی جنگ بندی کی پابندی نہ کی تو سہولت کار جدہ مذاکرات ملتوی کردیں گے۔

    واضح رہے سوڈان میں متحارب فریقوں کے درمیان جنگ سے اب تک 19 لاکھ افراد بے گھر اور 4 لاکھ سے زائد ملک سے جا چکے ہیں۔

    دوسری جانب خبر رساں ایجنسی کے مطابق مغربی علاقے دارفر میں بھی بدامنی پھیل گئی ہے اور لوٹ مار کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

  • سوڈان میں جنگ بندی کے حوالے سے بری خبر

    سوڈان میں جنگ بندی کے حوالے سے بری خبر

    خرطوم: سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ معطل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کی فوج نے بدھ کو جدہ جنگ بندی مذاکرات میں شرکت معطل کر دی، اس اقدام سے فوج اور پیرا ملٹری گروپ ’ریپڈ سپورٹ فورسز‘ کے درمیان دوبارہ لڑائی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق سوڈان کی فوج نے حریف نیم فوجی دستوں کے ساتھ جنگ بندی اور امداد تک رسائی پر بات چیت معطل کر دی ہے، جس سے خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ چھ ہفتے پرانی یہ لڑائی افریقہ کے اس تیسرے سب سے بڑے ملک کو انسانی بحران کی طرف دھکیل دے گا۔

    سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان ایک ہفتے سے جاری جنگ بندی معاہدے کا خاتمہ پیر کو ہو رہا تھا، تاہم فریقین نے اسے مزید 5 دن بڑھانے پر اتفاق کر لیا تھا۔

    دارالحکومت خرطوم اور دیگر علاقوں میں جھڑپیں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں، فریقین کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی پر علاقے دھماکوں ا ور فائرنگ کی آوازوں سے گونج اٹھے۔

    خرطوم میں اقتدار کی لڑائی نے 50 سے زائد بچوں کی جان لے لی ہے، شہر کے سب سے بڑے یتیم خانے میں ہونے والے حملے میں 24 سے زائد شیرخوار بچے بھی جاں بحق ہوئے۔

    مسلح افواج کی جنرل کمان نے بدھ کے روز ایک بیان میں دوسرے فریق پر شرائط پر عمل درآمد نہ کرنے اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کا الزام لگایا، اور بات چیت معطل کر دی۔

  • سعودی عرب اور امریکا کی ثالثی، سوڈان میں جنگ بندی پر اتفاق

    سعودی عرب اور امریکا کی ثالثی، سوڈان میں جنگ بندی پر اتفاق

    جدہ: سعودی عرب اور امریکا کی ثالثی کے بعد سوڈان میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان کے متحارب فوجی دھڑوں کے درمیان قلیل مدتی جنگ بندی معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

    سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز نے جدہ میں ہونے والی بات چیت کے بعد مختصر مدت کے لیے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں فوجی گروپس جنگ بندی معاہدے کی تکمیل کے لیے پُرعزم ہیں۔

    جنگ بندی معاہدہ سعودی عرب اور امریکا کی ثالثی میں ہوا، سوڈانی دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت جدہ معاہدے کی تمام دفعات کی پابند ہے اور جنگ بندی کے حوالے سے کیا جانے والا جدہ معاہدہ تمام مطلوبہ اہداف حاصل کر لے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس جنگ بندی کے نتیجے میں سوڈانی عوام کو درپیش مشکلات کم ہوں گی۔

    عرب نیوز کے مطابق سعودی شہر جدہ میں بات چیت کے بعد فوج اور حریف پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان دستخط ہفتے کے روز کیے گئے ہیں، جب کہ معاہدے پر عمل درآمد پیر کی شام سے بین الاقوامی طریقہ کار کے تحت شروع ہوگا۔ اتوار کو بھی دارالحکومت خرطوم میں سوڈان کے متحارب دھڑوں کے درمیان فضائی حملوں اور جھڑپوں کی آوازیں سنی گئیں۔ تاہم شہریوں کا کہنا تھا کہ سعودی اور امریکی ثالثی میں ایک ہفتے کی جنگ بندی کے معاہدے کے بعد پانچ ہفتوں سے جاری تنازعے میں توقف کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

  • سوڈان میں پھنسے مزید 149 پاکستانی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے

    سوڈان میں پھنسے مزید 149 پاکستانی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے

    اسلام آباد: سوڈان میں پھنسے مزید 149 پاکستانی اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں خانہ جنگی اور دو افواج میں کشیدگی کے باعث پاکستانیوں کا انخلا جاری ہے، مزید ایک سو انچاس پاکستانی وطن بہ حفاظت پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل اب تک 636 پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس سے پہلے پاکستانی پاک فضائیہ کی 5 پروازوں کے ذریعے سوڈان سے براستہ جدہ کراچی پہنچے تھے، آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں سوڈان سے مزید تقریباً 1000 پاکستانیوں کو لایا جائے گا۔

    آج سعودی دفترِ خارجہ نے بھی ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ رائل سعودی طیارہ 45 سعودی اور 36 پاکستانی شہریوں کو لے کر آج جدہ پہنچا، طیارے میں برادر اور دوست ممالک کے 52 شہری سوار تھے، دفتر خارجہ پاکستان نے ٹوئٹ میں کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانیوں کی مدد پر برادر ملک سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے آج ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بتایا کہ آج صبح 149 پاکستانیوں کو لے کر طیارہ اسلام آباد پہنچا، سوڈان سے جدہ پہنچنے والے پاکستانیوں کو بھی پاکستان لایا جا رہا ہے، دو مزید طیارے 200 پاکستانیوں کو لے کر آج سوڈان سے پہنچیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانیوں کو محفوظ طریقے سے پاکستان لانے کا ہمارا منصوبہ کام کر رہا ہے، خرطوم میں پاکستانی سفیر اور سفارتی عملہ پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے ان تھک محنت کر رہا ہے۔

    پاکستان کا دیرینہ دوست چین بھی پاکستانی شہریوں کے انخلا میں پیش پیش ہے، ترجمان نے بتایا کہ چین کی بحریہ نے پورٹ سوڈان پر موجود 216 پاکستانیوں کو بہ حفاظت سعودی عرب پہنچا دیا ہے، چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے بحری جہاز ویشنہو نے پاکستانیوں کو جدہ پہنچایا، ہم اس دوستی اور تعاون کے جذبے پر چینی دوستوں کے شکر گزار ہیں۔

  • سوڈان میں خانہ جنگی تیسرے ہفتے میں داخل، کروڑوں افراد مشکل میں پڑ گئے

    سوڈان میں خانہ جنگی تیسرے ہفتے میں داخل، کروڑوں افراد مشکل میں پڑ گئے

    خرطوم: سوڈان میں خانہ جنگی تیسرے ہفتے میں داخل ہو گئی، دو فورسز کے درمیان جنگ نے کروڑوں افراد کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں دو فورسز کے درمیان لڑائی کی وجہ سے اشیائے خورد و نوش اور دوائیوں کی قلت پیدا ہو گئی ہے، دارالحکومت خرطوم سمیت دیگر شہروں میں لوگ جان بچانے کے لیے بڑی تعداد میں نقل مکانی کر رہے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق جنگ بندی کے دوران سوڈان سے غیر ملکیوں کا انخلا تیزی سے جاری ہے، سعودی سرکاری میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ سوڈان سے فرار ہونے والے سینکڑوں غیر ملکی سعودی عرب کے بندرگاہی شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔

    سوڈان میں جنگ بندی کے باوجود حریف فوجی دستوں کے درمیان لڑائی تیسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے۔

    ہفتے کے روز سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے خبر دی کہ پورٹ سوڈان سے بحیرہ احمر کو عبور کرنے کے بعد تقریباً 1,900 غیر ملکی انخلا کر کے ایک کشتی میں جدہ میں سعودی بحریہ کے اڈے پر پہنچے۔ اس گروپ میں سوڈان سے جان بچا کر نکلنے والے پہلے ایرانی بھی شامل تھے۔

    گزشتہ روز چین کا بحری جہاز سوڈان سے دو سو پاکستانیوں کو لے کر جدہ پہنچا تھا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے چین کی مدد کا شکریہ ادا کیا، دفتر خارجہ کے مطابق اب تک 300 سے زیادہ شہریوں کو پاکستان واپس پہنچا دیا گیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق سوڈان میں ایک کے بعد ایک جنگ بندی ناکام ہو رہی ہے، حریف جرنیل الزام تراشی کا کھیل کھیل رہے ہیں، اور ایک دوسرے پر شہری محلوں، اسپتالوں اور ملک چھوڑنے کی کوشش کرنے والوں کو نشانہ بنانے کا الزام لگا رہے ہیں۔ اس صورت حال میں تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ پردے کے پیچھے طاقت ور علاقائی کھلاڑی ملوث ہو سکتے ہیں، جو جان بوجھ کر تشدد کو طول دے رہے ہیں، کچھ نے اس صورت حال کو ہمسایہ ملک لیبیا کی صورت حال سے مماثل قرار دیا۔

  • حکومت کی جانب سے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے لئے پلان تیار

    حکومت کی جانب سے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے لئے پلان تیار

    اسلام آباد : حکومت نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے لئے پلان تیار کرلیا اور متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے لئے حکومت کی جانب سے پلان تیار کرلیا گیا۔

    وزارت خارجہ نے کراچی ایئرپورٹ پر پی آئی اے، سی اے اے، اے ایس ایف، ایف آئی اے کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر سوڈان سے آنے والے پاکستانیوں کے لئے ہدایات جاری کی گئی ، جس میں پاکستانیوں سے سی اے اے، اے ایس ایف، ایف آئی اے امیگریشن اور پی آئی اے کو تعاون کی ہدایت کی ہے۔

    وزارت خارجہ نے کراچی ایئرپورٹ پر سوڈان سے انخلا کیے گئے ہم وطنوں کی کنسیلی ٹیشن ڈیسک بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سی اےاےسوڈان سے آئےطیاروں کوپارکنگ،ری فیولنگ، میڈیکل سروسز فراہم کرے گا۔

    ایف آئی اے کو بھی سوڈان سے انخلا کرکے کراچی ایئرپورٹ لائے گئے ہم وطن کی امیگریشن کی ہدایت کی ہے، آج بھی مزید 2 خصوصی پروازیں سوڈان سے پاکستانیوں کو کراچی پہنچیں گی۔

    یومیہ 2 پروازیں چلاکر پاکستانیوں کو سوڈان سے انخلا کیا جائے گا ، سوڈان سے انخلا کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن پاک فضائیہ کی نگرانی میں ہوگا ، پی آئی اے، سی اے اے، ایف آئی اے، اے ایس ایف، اوورسیز پاکستانی فاونڈیشن مدد فراہم کریں گے۔

  • سوڈان خانہ جنگی؛ انخلا کیے گئے پاکستانیوں کا پہلا گروپ پاکستان پہنچ گیا

    سوڈان خانہ جنگی؛ انخلا کیے گئے پاکستانیوں کا پہلا گروپ پاکستان پہنچ گیا

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ خانہ جنگی کا شکار سوڈان سے انخلا کیے گئے پاکستانیوں کا پہلا گروپ پاکستان پہنچ گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بتایا کہ آج صبح 149 پاکستانیوں کا پہلا گروپ بحفاظت اسلام آباد  پہنچ گیا ہے، سوڈان سے جدہ پہنچنے والے پاکستانیوں کو بھی پاکستان لایا جارہا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دو مزید طیارے 200 پاکستانیوں کو لیکر آج سوڈان سے پہنچیں گے، پاکستانیوں کو محفوظ طریقے سے پاکستان لانے کا ہمارا منصوبہ کام کررہا ہے۔

     ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں مزید بتایا کہ پاکستان کے خرطوم میں سفیر اور سفارتی عملہ پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے انتھک محنت کررہا ہے۔

    واضح رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیراملٹری گروپ کے درمیان جاری لڑائی میں اب تک سیکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

    سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں آرمی چیف عبدالفتح البرہان کی فورسز اور ان کے نائب محمد ہمدان داغلو کی زیر کمان پیراملٹری کے درمیان 15 اپریل کو جھڑپیں شروع ہوئی تھیں، محمد ہمدان آر ایس ایف کے کمانڈر ہیں۔

    دونوں متحارب کمانڈروں نے 2021 میں مل کر سول حکومت کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا لیکن ماضی کے اتحادی جلد ہی حکومت کے حصول میں بدترین دشمن بن چکے ہیں۔

  • فورسز کا خرطوم میں بائیولوجیکل لیب پر حملہ، خطرناک وائرس پھیلنے کا خدشہ

    فورسز کا خرطوم میں بائیولوجیکل لیب پر حملہ، خطرناک وائرس پھیلنے کا خدشہ

    خرطوم: سوڈان میں ریپڈ فورسز نے بائیولوجیکل لیب پر حملہ کر دیا ہے، عالمی ادارہ صحت نے اس حملے کے نتیجے میں خطرناک وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان میں خانہ جنگی کے دوران جراثیمی ہتھیار کے استعمال کا خطرہ بڑھ گیا ہے، ریپڈ فورسز نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خرطوم میں بائیولوجیکل لیب پردھاوا بولا۔

    ریپڈ فورسز نے لیبارٹری پر قبضہ کر کے وہاں تعینات عملے سے لیب تک رسائی بھی چھین لی، اور بجلی بھی بند کر دی۔

    ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ لیب سے خطرناک وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے، خرطوم میں ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ نیما سعید کا کہنا ہے کہ لیب میں مختلف ویکسین موجود ہیں، جنھیں مخصوص درجہ حرارت پر رکھا جاتا ہے، اگر فوری بجلی بحال نہ کی گئی تو صورت حال بے قابو ہو جائے گی۔

    رپورٹس کے مطابق لیب سے وائرس کا اخراج روکنے کے لیے ڈاکٹروں نے بین الاقوامی برادری سے فوری مدد کی اپیل کر دی ہے۔

    ادھر بی بی سی کے مطابق فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی سے شہر خرطوم تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ لیبارٹری میں حیاتیاتی اور کیمیائی مواد کی ایک وسیع رینج محفوظ ہے، اس عمارت میں خسرہ اور ہیضے کے پیتھوجینز کے ساتھ ساتھ دیگر خطرناک مواد بھی موجود ہے۔

  • خرطوم: 400 سے زائد پاکستانی سوڈان پورٹ پہنچ گئے

    خرطوم: 400 سے زائد پاکستانی سوڈان پورٹ پہنچ گئے

    اسلام آباد: سوڈان مین خانہ جنگی کے بعد غیر ملکیوں کا انخلا جاری ہے، سوڈان میں موجود 427 پاکستانی سوڈان پورٹ پہنچ چکے ہیں جہاں سے وہ آگے کا سفر کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سوڈان میں ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تاحال 427 پاکستانی بحفاظت سوڈان پورٹ پہنچ گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سوڈان میں پاکستانیوں کو ریلیف دینے کے لیے اپنے مشنز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، پاکستانیوں کے اگلے سفر کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ سوڈان میں اس وقت 15 سو پاکستانی خاندان مقیم ہیں جنہیں خوراک، ادویات اور دیگر اشیا کی قلت کا سامنا ہے۔

    دارالحکومت خرطوم اور دیگر شہروں کے ہوائی اڈے بند ہوچکے ہیں جبکہ زمینی راستوں سے بھی گزرنا مشکل ہوگیا ہے۔

    پاکستانی سفارتی مشن خرطوم ہم وطنوں کے انخلا کے لیے مشاورت کر رہا ہے، مصر اور ایتھوپیا میں پاکستانی سفارتی مشنز بھی متعلقہ حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔