Tag: سویابین

  • کوکنگ آئل مہنگا ہونے پر سویابین آئل کے استعمال میں اضافہ

    کوکنگ آئل مہنگا ہونے پر سویابین آئل کے استعمال میں اضافہ

    ممبئی : پام آئل کے سب سے بڑے برآمد کنندہ ملک انڈونیشیا میں پام آئل کی ترسیل پر پابندی کے بعد سویابین آئل کی خریداری میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے۔

    اس صورتحال کے بعد پام، سویا اور سورج مکھی آئل کے سب سے بڑے درآمد کنندہ بھارت میں رواں مالی سال پام آئل کی درآمدات میں نمایاں طور کمی سامنے آئی ہے۔

    اس حوالے سے ایک تجارتی ادارے نے بتایا ہے کہ رواں مالی سال 2021/22 میں بھارت کی پام آئل کی درآمدات پچھلے ایک سال پہلے کے مقابلے میں4.8 فیصد کم ہوئی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ انڈونیشیا کی جانب سے پام آئل کی ترسیل پر پابندی کے بعد سویا آئل کی بیرون ملک خریداری 45.3 فیصد بڑھ کر ریکارڈ بلندی تک پہنچ گئی ہے۔

    ممبئی میں واقع سالوینٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 31 اکتوبر کو ملک کی پام آئل کی درآمدات ایک سال پہلے8.3 ملین ٹن سے کم ہو کر7.9 ملین ٹن رہ گئیں۔

    ایس ای اے کے مطابق پام آئل برآمد کرنے والے سرفہرست ملک انڈونیشیا نے رواں سال 2022 کی پہلی ششماہی میں مقامی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے ملکی برآمدات پر مختلف پابندیاں عائد کی تھیں۔

    مذکورہ پابندیوں نے پام آئل کو سویا آئل اور سورج مکھی کے تیل کی طرح مہنگا کردیا، جس سے بھارتی ریفائنریز پام آئل کی خریداری کم کرنے پر مجبور ہوئیں۔

    مزید پڑھیں : پام آئل کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان

    واضح رہے کہ بھارت میں کوکنگ آئل خوراک کا بنیادی حصہ ہے، دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ کوکنگ آئل اور پہلے نمبر پر سب سے زیادہ ویجیٹیبل آئل بھارت درآمد کرتا ہے، اس کی ضرورت کا تقریباً 56 فیصد کوکنگ آئل سات سے زیادہ ممالک سے درآمد کیا جاتا ہے۔

    بھارت میں عام طور پر پام، سویا بین یا سن فلاور آئل میں کھانا بنتا ہے، پام آئل کی 90 فیصد ضروریات انڈونیشیا اور ملائیشیا سے پوری کی جاتی ہیں جبکہ اس کا تقریباً نصف فیصد صرف انڈونیشیا سے درآمد کیا جاتا ہے۔

  • کراچی پورٹ پر مزدوروں کے جاں بحق ہونے کی وجہ سامنے آ گئی

    کراچی پورٹ پر مزدوروں کے جاں بحق ہونے کی وجہ سامنے آ گئی

    کراچی: وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہ فیصل سبزواری کراچی پورٹ پر حادثے کے بعد ہنگامی طور پر متاثرہ جہاز پر پہنچے، جہاں چیئرمین کے پی ٹی نادر ممتاز نے وفاقی وزیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری کو متاثرہ جہاز پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاں بحق ہونے والے مزدور ہیچ میں چلے گئے تھے جہان انھیں نہیں جانا چاہیے تھا، ہیچ میں جانے پر دونوں مزدور دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔

    بد قسمت جاں بحق مزدوروں میں بدین کے حبیب اللہ اور اسلم سمون شامل ہیں، جن میں سے ایک کی لاش ہیچ سے نکال لی گئی ہے۔

    اس دوران فیصل سبزواری نے جہاز سے خود ویڈیو بنائی اور اس میں حادثے کی تفصیل سے آگاہی دی، جہاز پر چیئرمین کے پی ٹی نادر ممتاز اور دیگر اداروں کے حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    وفاقی وزیر فیصل سبزواری نے ویڈیو میں بتایا کہ یہ درآمدی سویا بین ہے، جسے منتقل کیا جا رہا ہے، ہم یہاں پر موجود ہیں، یہاں کوئی گیس کا ایشو نہیں ہے، سارا عملہ کھڑا ہے، چیئرمین کے پی ٹی بھی موجود ہیں۔

    فیصل سبزواری نے کہا یہ سامنے وہ ہیچ ہے جہاں بدقسمتی سے مزدور جاں بحق ہوئے، ہیچ میں جانے کے بعد ڈسٹ پارٹیکلز سانس کے ذریعے اندر جانے سے مزدوروں کا دم گھٹا۔

    کراچی پورٹ پر سویابین کی منتلقی کے دوران حادثہ، 2 مزدور جاں بحق

    وزیر پورٹس اینڈ شپنگ نے کہا کہ انھوں نے واقعے کے سلسلے میں اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی ہدایت دے دی ہے، انکوائری رپورٹ ملتے ہی 24 گھنٹے میں اسے پبلک کر دیا جائے گا۔

  • سویا بین سے لدا ہرکولیس جہاز پورٹ قاسم پر برتھ ہو گیا

    سویا بین سے لدا ہرکولیس جہاز پورٹ قاسم پر برتھ ہو گیا

    کراچی: کیماڑی میں زہریلی گیس کا ذمہ دار قرار دیا گیا سویا بین سے لدا ہرکولیس جہاز پورٹ قاسم پر برتھ ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکا سے سویا بین لانے والے بحری جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے ہٹائے جانے کے بعد پورٹ قاسم پر فوجی فرٹلائزر پر برتھ کر دیا گیا۔

    پورٹ قاسم اتھارٹی کے ٹگ کے ذریعے بحری جہاز کو ایف اے پی برتھ پر لگایا گیا، جہاز سے سویا بین ڈسچارج کرنے سے پہلے نمونے لیے جائیں گے، نمونوں کے سیمپل لینے کے بعد لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ کی روشنی مین ڈسچارجنگ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    سویابین لانے والے ہرکولیس جہاز کو کس نے کلیئر کیا تھا؟

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سویا بین کی ڈسچارجنگ سے قبل جہاز کا کورگو سیل رہے گا، لیبارٹری رپورٹ کے بعد فیومیگیشن بھی کی جائی گی۔ قبل ازیں زہریلی گیس کے ذمہ دار جہاز کو لنگر انداز کرنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، ملازمین کو ماسک بھی پہنائے گئے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے 14 اموات دراصل سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئی تھیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوا تھا جسے اب پورٹ قاسم منتقل کر دیا گیا۔

  • کیماڑی واقعہ: عدالت نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا

    کیماڑی واقعہ: عدالت نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں سویابین کے ذرات کے باعث اموات کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے کیماڑی واقعے پر صوبائی و وفاقی حکومتوں سمیت سندھ انوائرنمنٹل ایجنسی، چیئرمین کے پی ٹی و دیگر کو نوٹسز جاری کر دیے، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں کہا گیا تھا کہ زہریلی گیس سے اموات واقع ہوئیں لیکن کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا۔

    درخواست گزار نے کیماڑی واقعے پر عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اور تعین کیا جائے کہ واقعے کا ذمہ دار کون ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    عدالت نے درخواست پر کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے، صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا جواب آنے دیں۔ بعد ازاں عدالت نے تمام فریقین سے 11 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔ خیال رہے کہ کیماڑی واقعے پر آئینی درخواستیں مختلف شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی ہیں، جن میں صوبائی حکومت، کے پی ٹی، آئی جی و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، سیپا نے تحقیقات کے بعد ایک مقام پر ہائیڈروجن سلفائیڈ کا سراغ لگایا تاہم، ریسرچ آف کیمسٹری جامعہ کراچی نے ہلاک افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ میں کہا کہ نمونوں میں سویابین ڈسٹ پایا گیا ہے، جو کہ انسانی صحت کے لیے خطرناک ہوتا ہے۔

    بعد ازاں معلوم ہوا کہ کراچی پورٹ پر لنگر انداز سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے اموات ہوئیں۔

  • سویابین سے لدے جہاز کی پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف لیبر یونین کا احتجاج

    سویابین سے لدے جہاز کی پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف لیبر یونین کا احتجاج

    کراچی: سویا بین سے لدے جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے بن قاسم منتقل کرنے خلاف کراچی ہاربر اینڈ ڈاک لیبر یونین نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پورٹ پر کام کرنے والے مزدور کے پی ٹی سے سویابین کے جہاز کی منتقلی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ہیں، مظاہرین نے بندرگاہ تک جانے والا راستہ بند کر کے بندرگاہ کی جانب مارچ شروع کر دیا۔

    خیال رہے کہ سویا بین کو بن قاسم پر ڈسچارج کروانے کے لیے ہرکولیس جہاز روانہ کر دیا گیا ہے، جس کے خلاف کے پی ٹی کی مزدور یونیز نے احتجاج شروع کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی میں سویا بین کے جہاز صرف بن قاسم پر جانے سے کراچی پورٹ کی لیبر بے روزگار ہو جائے گی۔

    سویابین لانے والے جہاز کو کراچی پورٹ سے نکال دیا گیا

    لیبر یونین کا کہنا ہے کہ کیماڑی سانحے کی حتمی رپورٹ آنے سے قبل جہاز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کے پی ٹی لیبر کو بے روزگار کرنے کی سازش ہے، وزار ت پورٹ اینڈ شپنگ کیماڑی سانحے کے اصل حقائق جانے بغیر اپنا بزنس پوٹ قاسم منتقل کیوں کر رہی ہے؟ آج کا احتجاج کراچی پورٹ کے مزدوروں کے معاشی قتل اور پورٹ پر بے بنیاد الزامات کے خلاف ہے۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ سویا بین میں اگر خرابی ہے تو اسے پورٹ قاسم کیوں منتقل کیا جا رہا ہے، پورٹ قاسم کے اطراف بھی انسانی بستیاں آباد ہیں، پورٹ قاسم پر اگر سویا بین ڈسچارج کیا جائے گا تو ادھر کی آبادی کیا متاثر نہیں ہوگی۔

    خیال رہے کہ ڈاک لیبر بورڈ کی ہڑتال کے فیصلے سے پورٹ کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • سویابین لانے والے جہاز کو کراچی پورٹ سے نکال دیا گیا

    سویابین لانے والے جہاز کو کراچی پورٹ سے نکال دیا گیا

    کراچی: سویابین لانے والےجہاز کو کراچی پورٹ سے نکال دیا گیا، جہاز نے پورٹ کی برتھ نمبر 10کو چھوڑ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کو آوئٹرچینل پر پہنچانے کے لیے ٹگ بورڈ نے جہاز کو کھینچنا شروع کردیا۔ گزشتہ رات جہاز کا بیلنس آؤٹ ہونے پر منتقلی روک دی گئی تھی۔

    ذرائع نے بتایا کہ جہاز کو بیلنس کرنے کے بعد جہاز کو پورٹ قاسم پر منتقل کیا جارہا ہے۔ سویابین لانے والےجہاز کو آؤٹر اینکریج کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

    شہر قائد کے علاقے کیماڑی کے اطراف سویابین ذرات سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے سویابین سے لدے بحری جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے ہٹایا دیا گیا، اس جہاز کو وفاقی وزیر علی زیدی نے پورٹ قاسم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے 14 اموات دراصل سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئی ہیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوا تھا جسے اب پورٹ قاسم منتقل کیا جارہا ہے۔

  • سویابین لانے والے ہرکولیس جہاز کو کس نے کلیئر کیا تھا؟

    سویابین لانے والے ہرکولیس جہاز کو کس نے کلیئر کیا تھا؟

    کراچی: سویا بین لانے والے ہرکولیس جہاز کو کس نے کلیئر کیا تھا، انویسٹی گیشن ٹیم نے پتا لگا لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انویسٹی گیشن ٹیم نے اس بات کا پتا لگا لیا کہ امریکا سے سویا بین لانے والے بحری جہاز کو کس نے کلیئر کیا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے پلانٹ پروٹیکشن محکمے نے درآمدی سویا بین کو آف لوڈ کرنے کی اجازت دی تھی، اس محکمے کی جانب سے سویا بین صرف تیل بنانے کے استعمال کے لیے اجازت دی گئی، پلانٹ پروٹیکشن محکمہ اس خدمت کی فیس بھی وصول کرتا ہے۔

    سویابین لانے والا بحری جہاز کراچی پورٹ سے ہٹایا جائے گا

    رپورٹس کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی 8 کمپنوں نے سویا بین درآمد کیا تھا، یہ کمپنیاں گھی اور تیل بناتی ہیں، ان کمپنیوں کے آرڈر پر ہرکولیس جہاز میں 14500 میٹرک ٹن سویا بین لایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا سے سویابین لے کر آنے والا ہرکولیس بحری جہاز تاحال بندرگاہ پر لنگر انداز ہے، تاہم جہاز کو بندرگاہ سے نکالنے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں، برتھ نمبر 10 پر لنگر انداز جہاز سے سویا بین پمپ کرنے والی مشینیں اتاری جا چکی ہیں، جہاز کو گزشتہ رات روانہ کیا جانا تھا لیکن سمندر میں لو ٹائیڈ کی وجہ سے نہیں نکالا جا سکا، جہاز کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز کرنے کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے 14 اموات دراصل سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئی تھیں۔

  • سویابین لانے والا بحری جہاز کراچی پورٹ سے ہٹایا جائے گا

    سویابین لانے والا بحری جہاز کراچی پورٹ سے ہٹایا جائے گا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی کے اطراف سویابین ذرات سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے سویابین سے لدے بحری جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے ہٹایا جا رہا ہے، اس جہاز کو وفاقی وزیر علی زیدی نے پورٹ قاسم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ سویابین سے لدے ہرکولیس جہاز کو کراچی پورٹ کی برتھ نمبر 10 سے ہٹا کر آؤٹر انکرج پر کھڑا کیا جا رہا ہے، پہلے 11 بجے تک جہاز کو منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا تاہم اب سمندر کی لو ٹائیڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاز کو منتقل کیا جائے گا۔ قبل ازیں، کیماڑی واقعے کی تشویش ناک صورت حال کے تناظر میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں اجلاس بلایا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر علی زیدی اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کی، اجلاس میں ماحولیات کے ماہرین ، سائنس دانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمایندوں نے بحران کے حل کے لیے مختلف آپشنز پیش کیے۔

    اجلاس میں حفاظتی اقدامات کے تحت سویابین لانے والے بحری جہاز ہرکولیس کو پورٹ قاسم منتقل کرنے اور باقی کارگو آف لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کرے گی، یہ کمیٹی ماہرین اور تکنیکی افراد کی خدمات بھی لے سکے گی۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    کے پی ٹی ذرایع کا کہنا ہے کہ سویا بین لانے والے جہاز کو حفاظتی اقدمات کے تحت بندرہ گاہ سے ہٹایا جا رہا ہے، اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ہر کولیس نامی جہاز کو کے پی ٹی سے ہٹانے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے 14 اموات دراصل سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئی ہیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہے۔

  • سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا جا رہا تھا: قادر پٹیل

    سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا جا رہا تھا: قادر پٹیل

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے قادر پٹیل نے کہا ہے کہ سویابین کے ذرات ہوا کے ذریعے علاقے میں پھیل رہے تھے، سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے اس کے ذرات پھیلے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ کے پی ٹی کا کہنا ہے ذرات سے مزدور کیوں متاثر نہیں ہوئے، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ جہاز بہت اونچا تھا اس لیے سویابین ذرات دور آبادی تک پھیل گئے، اور مزدور متاثر نہیں ہوئے۔

    انھوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی انسپکٹر کا 19 سال کا بیٹا اسپتال پہنچنے سے پہلے چل بسا، علاقے میں خوف کی فضا ہے، لوگ گھر چھوڑ کر جا رہے ہیں، ہم شروع سے کہہ رہے تھے واقعے کی انکوائری کرائیں، ہم نے یہ شک بھی ظاہر کیا تھا کہ واقعے کا تعلق کے پی ٹی سے ہو سکتا ہے، جہاز کو خالی کرانے سے روکا گیا تو آج صورت حال کچھ بہتر ہوئی ہے۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    قادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پہلے دن کے پی ٹی اسپتال میں متاثرہ افراد کو داخل نہیں ہونے دیا گیا، کراچی پورٹ اور ریلوے کالونی کی بیچ آبادی میں بھی اموات ہوئی ہیں، ایک کوتاہی ہوئی ہے اس کو تسلیم کرنے میں کیا حرج ہے، لوگ سمجھے کہ انھیں منصوبہ بندی کے تحت بے دخل کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے ضیا الدین اسپتال میں متاثرین کا فری علاج کرایا، جناح اسپتال میں 2 وارڈز متاثرین کے لیے مختص کرائے، سول اسپتال میں فوری ایمرجنسی نافذ کرائی، رینجرز کا شکر گزار ہوں علاقے میں لوگوں میں ماسک تقسیم کیے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے اموات سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہے۔