Tag: سویڈن کی اداکارہ

  • سویڈن کے جزیرے پر صرف ایک فلم بین کے لیے فلمی میلے کا انعقاد

    سویڈن کے جزیرے پر صرف ایک فلم بین کے لیے فلمی میلے کا انعقاد

    سویڈن کا چھوٹا سا جزیرہ ہامنیس کار 250 میٹر طویل اور 150 میٹر چوڑا ہے جہاں ان دنوں لیزا اینروتھ اور ان کا ایک مددگار عارضی طور پر مقیم ہیں۔ لیزا اینروتھ اس جزیرے پر خاص مہمان ہیں۔

    پیشے کے لحاظ سے لیزا اینروتھ نرس ہیں، ان کی عمر 41 برس ہے اور تعلق سویڈن سے ہے، لیکن اس جزیرے پر وہ‌ کسی مریض کی دیکھ بھال یا مرہم پٹّی کرنے کے لیے نہیں‌ آئی ہیں بلکہ وہ اپنا تمام وقت فلم بینی اور سیر و تفریح کرتے ہوئے گزار سکتی ہیں۔ وہ ایک ہفتے تک جزیرے پر‌ رہیں‌ گی اور وہاں ان کے ساتھ موجود دوسرے شخص کا کام صرف اتنا ہے کہ لیزا کی خواہش پر ان کے لیے فلم دیکھنا یقینی بنائے۔

    اس جزیرے پر دراصل "گوتھن برگ فلم فیسٹیول” کا انعقاد کیا گیا ہے جو گیارہ روز تک جاری رہے گا اور دل چسپ بات یہ ہے کہ اس پورے میلے کی واحد فلم بین لیزا اینروتھ ہیں۔

    جزیرے کی یہ خاص مہمان اور فیسٹیول کی واحد فلم بین سویڈن میں اپنے ہم وطنوں کے لیے کرونا کی وبا کے دوران ایمرجینسی میں پیشہ وارانہ خدمات انجام دیتی رہی ہیں، جس کی اہمیت کے اعتراف کے طور پر انھیں اس فلم فیسٹیول کا خاص مہمان بنایا گیا ہے۔

    شمالی یورپ کا اسکینڈے نیویا کہلانے والا حصہ اور اسکینڈے نیویا کی ریاستیں بھی وبا کی ہلاکت خیزی سے نہیں بچ سکیں، اور ہزارہا ہلاکتوں‌ کے ساتھ وہاں‌ بھی لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ان حالات میں اسکینڈے نیویا کے سب سے بڑے فیسٹیول کو منسوخ کرنے کے بجائے ایک دور دراز جزیرے پر انعقاد کا فیصلہ کیا گیا، جس کے لیے 45 ممالک کے 12 ہزار سے زائد درخواست دہندگان میں سے لیزا کو منتخب کیا گیا‌۔

  • سویڈن کی اداکارہ بالی ووڈ کی چکا چوند نگری کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے لے آئیں

    سویڈن کی اداکارہ بالی ووڈ کی چکا چوند نگری کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے لے آئیں

    ممبئی : سویڈن کی اداکارہ ایلی اورم نے بالی ووڈ کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے بیان کرتے ہوئے کہا بالی ووڈ میں کام کے دوران مجھے بھی دیگر کئی اداکاراؤں کی طرح جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق سویڈن سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ایلی اورم نے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ کی چکا چوند نگری کی اصل حقیقت پوری دنیا کے سامنے بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ میں کام کے دوران انہیں بھی دیگر کئی اداکاراؤں کی طرح جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    اداکارہ ایلی اورم نے بتایا کہ ایک بار وہ ایک ڈائریکٹر سے ملنے کے بعد ہاتھ ملاکر باہر جانے لگیں تو ڈائریکٹر نے انگلی سے ان کی ہتھیلی پر خارش کی۔ ’میں کچھ سمجھ نہیں پائی، میں نے اپنی ایک سہیلی سے پوچھا کہ کیا ہندوستان میں ہاتھ ملانے کا یہ کوئی نیا طریقہ ہے؟ اس پر میری سہیلی نے کہا کیا اس نے سچ میں ایسا کیا؟ تب اس نے بتایا کہ اس کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ تمہارے ساتھ سونا چاہتا ہے۔

    اداکارہ نے بتایا کہ یہ واقعہ پیش آنے کے بعد انہیں بہت حیرت ہوئی اور وہ ہر انسان کو یاد کرنے لگیں، جن کے ساتھ انہوں نے ہاتھ ملایا تھا۔

    ایلی اورم کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں انہیں غیر ملکی ہونے کے باعث امتیازی سلوک کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث انہیں بہت زیادہ پریشانیاں اٹھانا پڑیں۔

    اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ میں اپنے قد کاٹھ، دانتوں اور لمبے بالوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا، انہیں اپنا وزن کم کرنے کیلئے بھی کہا گیا، ’مجھے اپنے بالوں سے بہت زیادہ پیار تھا لیکن مجھے کہا گیا کہ انہیں کٹوا دوں کیونکہ ان بالوں کے ساتھ میں آنٹی لگتی ہوں۔

    خیال رہے کہ بالی ووڈ کی رنگین دنیا میں نوجوان لڑکیوں اور اداکاراؤں کا جنسی استحصال کوئی نئی بات نہیں ہے، اس طرح کے واقعات متعدد اداکاراؤں کے ساتھ پیش آچکے ہیں او روہ مختلف مواقع پر ان کا اظہار بھی کرچکی ہیں۔