Tag: سٹیزن پورٹل

  • سٹیزن پورٹل پر شکایت، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین حقدار کو واپس دلوا دی گئی

    سٹیزن پورٹل پر شکایت، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین حقدار کو واپس دلوا دی گئی

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان سٹیزن پورٹل عوام کی آواز بن گیا، سائل کی شکایت پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین اصل حقدار کو واپس دلوا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی سجاد احمد کی داد رسی کرلی گئی، سائل نے خان پور میں زمین پر قبضے کے خلاف سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کی تھی۔

    سجاد احمد کے 15 سال سے پھنسے کیس کو ایک ماہ کے اندر حل کروا دیا گیا، ہری پور کی تحصیل خان پور میں قبضہ مافیا نے ان کی زمین پر قبضہ کر رکھا تھا۔ سائل کا کہنا تھا کہ زمین 15 سال قبل ان کی والدہ نے خریدی تھی۔

    سٹیزن پورٹل پر شکایت کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین واپس دلا دی گئی، مسئلہ فوری حل ہونے پر سجاد احمد نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

  • سٹیزن پورٹل پر شکایت : قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن، اسکول ٹیچر کو زمین واپس مل گئی

    سٹیزن پورٹل پر شکایت : قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن، اسکول ٹیچر کو زمین واپس مل گئی

    اسلام آباد : سٹیزن پورٹل نے قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے خیرپور ٹامیوالی کے رہائشی اسکول ٹیچر کو زرعی زمین واپس دلوادی، سیاسی اثرورسوخ کے حامل قبضہ مافیا نے ٹیچر کی 8 ایکڑ زمین پر قبضہ کر لیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے قبضہ مافیا کے خلاف ایک اور ایکشن لیا اور سٹیزن پورٹل نےخیرپور ٹامیوالی کے رہائشی اسکول ٹیچرامتیازاحمد کی دادرسی کردی۔

    سائل نےوراثتی زمین پر قبضےکےخلاف سٹیزن پورٹل پرشکایت درج کرائی تھی کہ سیاسی اثرورسوخ کے حامل قبضہ مافیا نے ٹیچر کی 8 ایکڑ زمین پر قبضہ کر لیا تھا۔

    سٹیزن پورٹل نے قبضہ مافیا کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے زرعی زمین ٹیچر کوواپس دلوا دی۔

    عوام کے مسائل کا تیزی سے حل پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے ، تحریک انصاف کی حکومت نے انصاف کو شہریوں کی دہلیز پر پہنچایا۔

    انصاف کی فراہمی پر ٹیچر حافظ امتیازاحمد کا وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

  • پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی اندراج شدہ تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا، پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 37 لاکھ سے تجاوز کر گئی جنہوں نے 44 لاکھ شکایات درج کیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی اندراج شدہ تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا، وزیر اعظم آفس ڈیلیوری یونٹ کی جانب سے ماہانہ اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 37 لاکھ سے تجاوز کر گئی، پنجاب سے 22 لاکھ، خیبر پختونخوا سے 6 لاکھ شہری، سندھ سے 5 لاکھ، بلوچستان سے 51 ہزار اور وفاق سے 77 ہزار شہری پورٹل پر رجسٹرڈ ہوئے۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ شہریوں نے سٹیزن پورٹل پر 44 لاکھ شکایات درج کیں، پاکستان سے 42 لاکھ اور اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے 2 لاکھ 15 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل پر اب تک 40 لاکھ شکایات نمٹائی گئیں، پورٹل کی کارکردگی پر 46 فیصد شہریوں نے اظہار اطمینان کیا۔

  • سٹیزن پورٹل: سرکاری افسران کی جعلسازی کا انکشاف

    سٹیزن پورٹل: سرکاری افسران کی جعلسازی کا انکشاف

    اسلام آباد: سٹیزن پورٹل پر عوامی مسائل کے حل میں سرکاری افسران کی جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد جعلسازی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر عوامی مسائل کے حل میں سرکاری افسران کی جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے، جعلسازی پر افسران کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردی گئی۔

    پی ایم ڈی یو نے 254 سرکاری افسران کے ڈیش بورڈز پر جعلسازی پر رپورٹ تیار کی ہے۔

    عوامی شکایات پر کارروائی سے متعلق غلط بیانی پر سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ پنجاب کے 54، پختونخواہ کے 86، سندھ کے 8 اور وفاق کے 11 افسران کے ڈیش بورڈز کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ تحقیقات میں پنجاب کے 44 سرکاری اہلکار جعلسازی کے مرتکب قرار پائے گئے، پختونخواہ کے چیف سیکریٹری نے 39 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی اور جعلسازی ثابت ہونے والے سرکاری ملازمین معطل کردیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق آئی جی پنجاب کی تحقیقات کے بعد 45 سرکاری اہلکاروں، آئی جی کے پی کے کی 10 اہلکاروں اور آئی جی سندھ کی تحقیقات کے بعد 3 اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو ہدایات جاری کردی گئیں جن میں کہا گیا ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، غلط بیانی کرنے والے افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

    وزیر اعظم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کو خود مانیٹر کرتا ہوں، غلط بیانی کرنے والے افسران سے رعایت نہیں کی جائے گی۔

  • بیرون ملک مقیم پاکستانی کی سٹیزن پورٹل پر شکایات، وزیراعظم کا بڑا ایکشن

    بیرون ملک مقیم پاکستانی کی سٹیزن پورٹل پر شکایات، وزیراعظم کا بڑا ایکشن

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کی سٹیزن پورٹل پر شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد لینڈ ریونیوکے افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کی سٹیزن پورٹل پر شکایات پر نوٹس لے لیا ، وزیر اعظم کےحکم پر اسلام آبادلینڈریونیو کے افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

    اسلام آبادسرکل رجسٹرارآفس کے خلاف انکوائری کرتے ہوئے ڈپٹی رجسٹرارکوآپریٹوسوسائٹیزاسلام آبادکو فوری عہدے سےہٹادیاگیا جبکہ چیف کمشنر نے وزارت داخلہ سےسرکلرجسٹرارکو معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔

    انسپکٹرکوآپریٹیوسوسائٹی کوعہدےسےبرطرف کرتے ہوئے متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی کو شوکازجاری کردیا ہے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں جبکہ سرکل رجسٹرار آفس کےمتعلقہ کلرک کوبھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نےپلاٹ منتقلی سےمتعلق شکایات کی تھی، سرکل رجسٹرارآفس نےشکایت پر اس کی داررسی نہیں کی۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کی ہدایت پرچیف کمشنرنےشکایات پر انکوائری کی،چیف کمشنرآفس نے متعلقہ افسران کی معطلی اور برطرفی کے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

  • وزیر اعظم کا سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس، سخت برہمی کا اظہار

    وزیر اعظم کا سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس، سخت برہمی کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سخت احکامات جاری کردیے جس کے بعد متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے موٹر وے ریسٹ ایریاز پر اشیائے خور و نوش کی زائد قیمتوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم آفس کے ڈیلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور آئی جی موٹر وے کو مراسلہ جاری کردیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں، ٹیمیں موٹر وے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں۔ ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سے ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت مدد لے سکتی ہیں۔

    مراسلے کے مطابق ریسٹ ایریاز پر زائد قیمتوں کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جائے، ریسٹ ایریاز پر آگاہی کے لیے بینرز آویزاں کیے جائیں۔ سٹیزن پورٹل پر شکایات کی آگاہی سے متعلق بھی اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر اعظم آفس نے متعلقہ حکام کو 21 دن میں ابتدائی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقدامات کی تکمیل سے پہلے اور بعد کی تقابلی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔

  • وزیر اعظم کی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم ہدایت

    وزیر اعظم کی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی اداروں کے کمپلینٹ سیلز کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی اداروں کے کمپلینٹ سیلز کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ون ونڈو کمپلینٹ سسٹم کی منظوری دے دی۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم آفس نے وفاقی وزارتوں کو مراسلہ جاری کر دیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے کمپلینٹ سیلز کا ایک مرکزی نظام بنانے کی ہدایت کی ہے اور ون ونڈو آپریشن پر 60 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر وزارتوں کے 33 شکایات سیل منسلک کیے جائیں گے، وزیر اعظم کے اقدام سے شکایات درج کروانے کا نظام مستحکم ہوگا۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے کہا گیا کہ مختلف وفاقی اداروں میں کمپلینٹ سیلز کام کر رہے ہیں، باہمی اور مربوط روابط پر مشتمل یونیورسل شکایتی نظام کی ضرورت ہے۔ شہریوں کی ہر قسم کی شکایات میرٹ پر حل کی جائیں گی۔

    مراسلے کے مطابق ون ونڈو آپریشن سے شکایات کے حل پر آگاہی میسر ہوگی، وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ تھرڈ پارٹی آڈٹ نظام مؤثر ثابت ہوگا۔

  • سٹیزن پورٹل، شہری غیر مطمئن، وزیر اعظم نے بڑا فیصلہ کر لیا

    سٹیزن پورٹل، شہری غیر مطمئن، وزیر اعظم نے بڑا فیصلہ کر لیا

    اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کے حل کے سلسلے میں شہریوں کے عدم اطمینان کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے شکایات سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل پر اداروں کی جانب سے شکایات میں کوتاہی برتنے کے معاملے پر وزیر اعظم آفس نے نوٹس لے لیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شہری شکایات کے حل پر غیر مطمئن ہیں۔

    وزیر اعظم کی جانب سے اس صورت حال پر اظہار برہمی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے خلاف شکایات پر تحقیقات کا حکم جاری کر دیا گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شہریوں کی شکایات پر متعقلہ اداروں کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس پر وزیر اعظم کی ہدایت پر 1 لاکھ 6 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی بڑی کامیابی ، ممبران کی تعداد 26 لاکھ سے تجاوز کر گئی

    اس سلسلے میں یکم جنوری سے 30 اپریل تک حل کی جانے والی شکایات کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، وزیر اعظم آفس کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق اداروں نے غلط بیانی کی، شہری اداروں کی جانب سے شکایات کے حل پر مطمئن نہیں تھے، شکایات کو دوبارہ کھول کر ان کا میرٹ پر حل یقینی بنایا جائے گا۔

    ذرایع نے بتایا کہ پنجاب سے 17,661، سندھ سے 3,256 شکایات کھلیں گی، خیبر پختون خوا سے 5,346 شکایات دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاق سے 12,340 جب کہ بلوچستان سے 482 شکایات دوبارہ کھولی جائیں گی۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ویب پورٹل سے متعلق ایک اور خوش خبری

    اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ویب پورٹل سے متعلق ایک اور خوش خبری

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ویب پورٹل سے متعلق ایک اور خوش خبری آ گئی، او سی پی کمیشن کا ویب پورٹل سٹیزن پورٹل سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق او سی پی کے وائس چیئرمین چوہدری وسیم اختر نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے 5 شہروں میں پولیس سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے، او سی پی کا ویب پورٹل بھی سٹیزن پورٹل سے منسلک کر دیا جائے گا۔ اس اقدام سے سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج اور ان پر کارروائی کے عمل میں مزید بہتری اور تیزی آ جائے گی۔

    وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ سہولت مراکز کے لیے جگہوں کی نشان دہی رواں ماہ ہی کر لی جائے گی، یہ سہولت پانچ شہروں میں فراہم کی جا رہی ہے جس سے اوورسیز پاکستانی مستفید ہوں گے۔

    حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے نیا پاکستان کالنگ ویب پورٹل متعارف کرایا تھا، اس پورٹل کا مقصد بیرون ملک ڈاکٹرز، انجینئرز، پروفیسرز اور دیگر ماہرین کا ڈیٹا جمع کرنا اور ان سے رابطے میں آسانی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 17 فروری کو وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ملائیشیا کی سوشل سیکورٹی کے درمیان اہم معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی محنت کشوں کی ملائشین سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا ہے، اب ملائشین ایمپلائرز پاکستانی محنت کشوں کی معلومات ملائشین سوشل سیکورٹی کو دیں گے، حادثے کی صورت میں پاکستانی محنت کشوں کو مفت طبی و مالی امداد ملے گی جب کہ انتقال کی صورت میں اہل خانہ کو تاحیات ماہانہ وظیفہ ملے گا۔

  • سٹیزن پورٹل: وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی مشکل دور کر دی

    سٹیزن پورٹل: وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی مشکل دور کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل کے غیر سنجیدہ استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وزیر اعظم آفس نے سخت نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ نے پاکستان سٹیزن پورٹل کے حوالے سے سرکاری افسران کے خلاف جھوٹی شکایات پر سخت ایکشن لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق اس سلسلے میں وزیر اعظم کو افسران کے خلاف شہریوں کی جھوٹی شکایات پر تحقیقاتی رپورٹ موصول ہوئی تھی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ افسران کے خلاف بیش تر شکایات ذاتی عناد اور دشمنی پر مبنی ہیں۔

    سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر وزیر اعظم برہم ہوگئے

    رپورٹ کے مطابق اداروں میں افسران نے ایک دوسرے کے خلاف شناخت چھپا کر شکایات درج کروائیں، وزیر اعظم آفس نے رپورٹ موصول ہونے کے بعد کسی بغیر ثبوت اور شناخت چھپا کر کی گئی شکایات خارج کرنے کی ہدایت کر دی۔

    وزیر اعظم آفس نے آیندہ ایسے اقدامات کی روک تھام کے قواعد و ضوابط سے بھی اداروں کو آگاہ کر دیا، رپورٹ میں کہا گیا کہ سٹیزن پورٹل پر کرپشن اور غیر قانونی اقدامات کی رپورٹ کے لیے مخصوص سہولت فراہم کر دی گئی ہے، ایسی کسی بھی شکایت کے لیے شناخت اور ثبوت لازمی دینا ہوں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے طرز عمل پر بھی اظہار برہمی کیا تھا، اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایسے افسران کے خلاف باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔