Tag: سٹیزن پورٹل

  • سٹیزن پورٹل پر بھائی کی شکایت پر 29 سال بعد بہن کی پاکستان واپسی

    سٹیزن پورٹل پر بھائی کی شکایت پر 29 سال بعد بہن کی پاکستان واپسی

    اسلام آباد: سٹیزن پورٹل پر وزیر اعظم آفس کے بر وقت ایکشن کی وجہ سے 29 سال بعد خاتون کی پاکستان واپسی ممکن ہو سکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر شہری کی شکایت پر وزیراعظم آفس نے بر وقت ایکشن لے لیا، جس کی وجہ سے جرمنی میں رہنے والی پاکستان کی بیٹی کی 29 سال بعد وطن واپسی ممکن ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہد نامی شہری اپنی بہن کے لیے 29 سال تک ویزے کے حصول کی کوشش کرتا رہا، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکا، شاہد کو ویزے کے حصول میں مشکلات آڑے آتی رہیں اور کسی بھی حکومت میں ان کی داد رسی نہیں ہوئی۔

    شہری شاہد حسین کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل میں درخواست دی تو سالوں کا کام دنوں میں ہو گیا، رشوت دینا پڑی نہ دفتروں کے چکر کاٹنا پڑے، ایک درخواست ہی پر کام ہو گیا، پورٹل انتظامیہ خود رابطہ کر کے دستاویزات مانگتی رہی، ویزا بھی دلوایا۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل پرعوامی شکایات کا ازالہ، پانچ ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی بازیاب

    شاہد حسین نے کہا کہ ان کی بہن نے 29 سال بعد ارض پاک پر قدم رکھا، ہم بہت خوش ہیں، اور وزیر اعظم عمران خان اور سٹیزن پورٹل ٹیم کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ان کی بہن جرمنی سے ہر ملک کا سفر کر سکتی تھیں لیکن پاکستان نہیں آ سکتی تھیں، کسی تکنیکی وجہ سے ان کا ویزا روکا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت کے بعد 5 ماہ سے اغوا کی گئی لڑکی بھی بازیاب کرائی گئی تھی، پورٹل پر لڑکی کی والدہ نے شکایت درج کرائی تھی، شکایت کے بعد لڑکی بازیاب کرائی گئی اور دو سال تک لڑکی کو بلیک میل کرنے والا نوجوان بھی گرفتار کر لیا گیا۔

  • اے ٹی ایم سے متعلق شکایت پر وزیر اعظم آفس کا بڑا ایکشن

    اے ٹی ایم سے متعلق شکایت پر وزیر اعظم آفس کا بڑا ایکشن

    اسلام آباد: شہری کا اے ٹی ایم کارڈ بینک مشین میں پھنسنے کے معاملے پر وزیر اعظم آفس نے بڑا ایکشن لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے ٹی ایم کارڈ پھنسنے سے متعلق اسلام آباد کے شہری کی شکایت پر وزیر اعظم آفس نے ایکشن لے لیا، 3 ماہ تک صارف کی بات نہ سننے والے بینک حکام 30 منٹ میں لائن پر آ گئے۔

    متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ تین ماہ قبل انھوں نے اے ٹی ایم استعمال کیا تو بینک کی اے ٹی ایم مشین سے کارڈ واپس نکلا نہ پیسے، پیسے نہ ملنے کے باوجود بینک نے اکاؤنٹ سے رقم کاٹ لی، متعدد بار بینک حکام سے رابطہ کیا لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔

    شہری کے بیان کے مطابق 3 ماہ تک معاملے کی شنوائی نہ ہونے کے بعد آخر کار انھوں نے وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرائی، شکایت کے اندراج کے ڈیڑھ گھنٹے میں اسٹیٹ بینک سے کال آ گئی، اور بینک حکام نے 30 منٹ میں پیسے واپس کر دیے۔

    وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی بڑی کامیابی ، 91 فیصد سے زائد شکایات کا ازالہ

    شہری کا کہنا تھا کہ مذکورہ بینک نے ان سے سٹیزن پورٹل سے شکایت واپس لینے کی درخواست بھی کی۔

    خیال رہے سال 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو زبردست کام یابی ملی، اس سلسلے میں مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں 91 فی صد سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔

  • 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم کی زبردست کامیابی

    2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم کی زبردست کامیابی

    اسلام آباد: 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو زبردست کامیابی ملی، اس سلسلے میں مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل کی سال 2019 کی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران سولہ لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن میں ملک سے موصول ہونے والی شکایات کی تعداد 15 لاکھ جب کہ بیرون ملک سے تعداد 93 ہزار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل نے 14 لاکھ 60 ہزار شکایات کا ازالہ کیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب سے 7 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، خیبر پختون خوا سے 1 لاکھ 95 ہزار، سندھ سے 1 لاکھ 36 ہزار، بلوچستان سے 15 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے

    سب سے زیادہ شکایات میونسپلٹی، توانائی اور تعلیم کے شعبے سے متعلق موصول ہوئیں، پاکستان سٹیزن پورٹل کی کارکردگی پر 40 فی صد لوگوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 28 اکتوبر 2018 کو پاکستان سٹیزن پورٹل کا افتتاح کیا تھا، وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی، اس نظام کے تحت صوبوں کے معاملات پر بھی نظر رکھی جا سکے گی۔

  • سٹیزن پوررٹل پر پی آئی اے عملے کی 2 مسافر خواتین سے بدتمیزی کی شکایت

    سٹیزن پوررٹل پر پی آئی اے عملے کی 2 مسافر خواتین سے بدتمیزی کی شکایت

    کراچی: اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پرواز میں مسافروں نے سٹیزن پورٹل پر پی آئی اے کے عملے کی بدتمیزی کی شکایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی غیر ملکی پرواز میں دو مسافر خواتین نے عملے کی بدتمیزی کی شکایت کی ہے، خواتین کا کہنا تھا کہ اضافی گنجائش والی سیٹوں پر 60 پاؤنڈز کی ادائیگی کے باوجود جہاز کے عملے نے انھیں بیٹھنے نہیں دیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے عملے نے بیمار معمر خاتون یاسمین عارف اور ان کی بھتیجی سے غیر مناسب سلوک روا رکھا، خواتین نے شکایت کی کہ اضافی ادائیگی کے باوجود عملے نے انھیں ہراساں کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے کے ٹشو پیپرز کی فروخت کا انکشاف

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ کیپٹن انور زیدی اور دیگر عملے نے گراؤنڈ اسٹاف سے کنفرمیشن کی بہ جائے خواتین کو ناحق ہراساں کیا۔ خواتین کو آف لوڈ کرنے کی دھمکی دے کر زائد ادائیگی کے باوجود ان کی سیٹوں سے اٹھایا گیا، اور سیٹیں سفارشی لوگوں کو دے دی گئیں۔ دوسری طرف ضعیف العمر خاتون کمر کی تکلیف سے دہائیاں دیتی رہی۔

    خواتین کے ساتھ عملے کی بد تمیزی کی تحریری شکایت پی آئی اے کی ویب سائٹ اور وزیر اعظم پورٹل پر بھی کر دی گئی ہے، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، شکایت درست ہوئی تو سخت ایکشن ہوگا، پی آئی اے اپنے کسٹمرز کی عزت نفس پر کوئی سمجھوتا نہیں کرتی۔

  • سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر وزیر اعظم برہم ہوگئے

    سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر وزیر اعظم برہم ہوگئے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے طرز عمل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزارتوں اور محکموں میں 5 رکنی کمیٹی بنائی جائے گی، جس کی سربراہی 20 گریڈ کاا فسر یا جوائنٹ سیکریٹری کرے گا۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ کمیٹی متعین افسران کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال کر کے رپورٹ جمع کرائے گی، یہ کمیٹی بہترین اور بدترین کارکردگی کے ذمہ داران کے تعین کے ساتھ ساتھ حل، غیر حل شدہ شکایات میں خامیوں کی نشان دہی بھی کرے گی۔

    وزارتوں اور محکموں میں قائم کمیٹیاں 30 یوم میں وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کریں گی، وزیر اعظم آفس کی جانب سے تمام وزارتوں اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ شکایات گائیڈ لائن کے مطابق حل کیے بغیر بند کی جا رہی ہیں، شکایات کا حل افسران بالا کی بجائے ماتحت اہل کاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے، افسران کے پاس شکایات کے حل کا دستاویزی ثبوت بھی نہیں ہوتا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سٹیزن پورٹل آئندہ سماعت تک نامعلوم درخواستوں پر کارروائی نہ کرے: عدالت

    وزیر اعظم آفس کے مطابق شکایات کے حل کا فیصلہ غیر متعلقہ افراد کرتے ہیں، شہریوں کو ردعمل دینے میں غیر ضروری وقت ضائع کیا جاتا ہے، ریلیف نہ دیے جانے کی ٹھوس وجوہ نہیں بتائی جاتیں، جن شکایات پر ریلیف دیا گیا وہاں بھی صورت حال مختلف تھی، منفی فیڈ بیک کی روشنی میں سپروائزری سطح پر شکایات دوبارہ نہیں کھولی جاتیں، شکایات کے حل کا بیان اکثر گمراہ کن ہوتا ہے۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم نے تمام وزارتوں، محکموں اور اداروں کو اس سلسلے میں جائزہ رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔

  • سٹیزن پورٹل آئندہ سماعت تک نامعلوم درخواستوں پر کارروائی نہ کرے: عدالت

    سٹیزن پورٹل آئندہ سماعت تک نامعلوم درخواستوں پر کارروائی نہ کرے: عدالت

    لاہور: وزیر اعظم سٹیزن پورٹل میں نامعلوم درخواستوں پر کارروائی کے معاملے پر عدالت کا فیصلہ آ گیا، ہائی کورٹ نے پورٹل کو نامعلوم درخواستوں پر کارروائی سے تا حکم ثانی روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے سٹیزن پورٹل کو نامعلوم درخواستوں پر کارروائی سے تا حکم ثانی روک دیا ہے، عدالت نے 20 نومبر کو وزیر اعظم سیکرٹریٹ سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

    عدالت نے کہا کہ سٹیزن پورٹل آیندہ سماعت تک نامعلوم درخواستوں پر کارروائی نہ کرے، یہ معاملہ عوامی مفاد کا ہے لہٰذا اس پر فریقین تفصیلی جواب جمع کرائیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق درخواست ڈاکٹر فاروق احمد رانا کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز کے خلاف انکوائری شروع کر رکھی ہے، سٹیزن پورٹل پر میرے خلاف نامعلوم افراد کی جانب سے متعدد درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جن پر مجھے انکوائریز بھگتنا پڑ گئیں، اور ساکھ کو نقصان پہنچا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات

    یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر درج کروائی جانے والی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں، وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ کر کہا تھا کہ آفس کو شکایت موصول ہوئی کہ غیر مجاز اہل کار شہریوں کی شکایات کو بغیر حل کیے نمٹا رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلے سے مشروط کر دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماتحت افسران، شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتے۔

    وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کوئی بھی شکایت نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہوگی، شہریوں کی شکایات کے حل میں کوتاہی قبول نہیں۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر قیمتی بلی غائب، شہری کی سٹیزن پورٹل پر شکایت

    لاہور ایئرپورٹ پر قیمتی بلی غائب، شہری کی سٹیزن پورٹل پر شکایت

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے قیمتی بلی غائب ہونے کا معاملہ وزیر اعظم سٹیزن پورٹل تک جا پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ پر بلی غائب ہونے کی شکایت پر سیٹزن پورٹل نے لاہور ائیر پورٹ مینجر کو واقعے کی تحقیقات کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر مسافر کی بلی ڈھونڈ کر شہری کے حوالے کی جائے۔

    سعودی عرب سے آنے والے مسافر نے اپنی بلی چوری ہونے پر وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر شکایت کی تھی، مسافر سعودی عرب سے 3 لاکھ روپے مالیت کی دو بلیاں لایا تھا، اس کا الزام تھا کہ لاہور ائیرپورٹ پہنچنے پر عملے نے مبینہ طور پر پنجرہ توڑ کر ایک بلی غائب کر دی ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ مسافر نے پہلے ائیر پورٹ حکام سے بلی غائب ہونے کی شکایت کی تھی لیکن شنوائی نہ ہونے پر اس نے سیٹزن پورٹل سے رجوع کر لیا جس پر سیٹزن پورٹل نے لاہور ائیر پورٹ مینجر کو فوری مسافر کی بلی ڈھونڈنے کے احکامات جاری کیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق مسافر سعودی عرب سے سفید اور سیاہ رنگ کی دو قیمتی بلیاں لایا تھا جن کی مالیت تین لاکھ روپے بتائی گئی۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل ملتان کے انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے 2 جیب کتروں کو گرفتار کیا گیا تھا، جو بیرون ملک سے آنے والوں کی جیبوں کا صفایا کرتے تھے، اے ایس ایف حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

  • سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات

    سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات

    اسلام آباد: وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر درج کروائی جانے والی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کردی، وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سٹیزن پورٹل کے حوالے سے وزیر اعظم آفس کو شکایت موصول ہوئی کہ غیر مجاز اہلکار شہریوں کی شکایات کو بغیر حل کیے نمٹا رہے ہیں جس کے بعد مذکورہ شکایات کے ازالے سے متعلق احتساب شروع کردیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماتحت افسران، شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شکایت نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہوگی، شہریوں کی شکایات کے حل میں کوتاہی قبول نہیں۔ شہریوں کی شکایات کو حل یا ختم کرنے کا فیصلہ مجاز افسر ہی کرے گا۔

    وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد وزیر اعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا گیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ شہری کی شکایات سے متعلق غلط بیانی یا کوتاہی کا ذمہ دار ادارے کا مجاز افسر ہوگا۔ غیر مجاز افسران کی شہریوں کی شکایات کے حل کی رپورٹ بدنیتی یا غفلت تصور ہوگی۔

    اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ پورٹل پر آنے والی شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سر فہرست رہے، وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 5 لاکھ 9 ہزار 153 سے زائد شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 92 فیصد شکایات حل کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی، سندھ کے صوبائی محکمے صرف 40 فیصد شکایات حل کر سکے، 37 ہزار میں سے 84 فیصد زیر التوا شکایات سندھ حکومت کی ہیں۔

    اسی طرح خیبر پختونخواہ حکومت نے 87 فیصد اور پنجاب نے 88 فیصد شکایات حل کیں، بلوچستان نے 79 فیصد جب کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے 74 فیصد شکایات حل کیں۔

  • پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی

    پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی

    اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبوں کی کارکردگی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی، شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس نے کابینہ میں پیش کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار جاری کر دیے، شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سر فہرست رہے۔

    وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 5 لاکھ 9 ہزار 153 سے زاید شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 92 فی صد شکایات حل کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی، سندھ کے صوبائی محکمے صرف 40 فی صد شکایات حل کر سکے، 37 ہزار میں سے 84 فی صد زیر التوا شکایات سندھ حکومت کی ہیں۔

    تازہ ترین:  سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل

    خیبر پختون خوا حکومت نے 87 فی صد اور پنجاب نے 88 فی صد شکایات حل کیں، بلوچستان 79 فی صد جب کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے 74 فی صد شکایات حل کیں۔

    دوسری طرف شہریوں کی شکایات پر متعدد سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی گئی، سٹیزن پورٹل کے ذریعے شکایت پر سی ڈی اے (کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی) کے ڈی جی کو معطل کیا گیا، پنجاب میں پولیس افسران کی معطلی سمیت 2 ڈی سیز کو شو کاز دیے گئے، پنجاب کے 3 ڈپٹی کمشنرز اور 3 اسسٹنٹ کمشنرز کو معطل کیا گیا، 3 اسسٹنٹ کمشنرز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق کمپنی دیوالیہ ہونے پر سعودی عرب میں پھنسنے والی لڑکی کو بھی واپس لایا گیا، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے سٹیزن پورٹل کی کارکردگی کو سراہا۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سٹیزن پورٹل سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے، اس پورٹل کا مقصد عوام اور حکومت کا براہ راست رابطہ قایم کرنا ہے۔

  • سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر  خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل

    سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کے سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر کو خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل کرلیا گیا ، اب شہری سٹیزن پورٹل پرایف بی آر سے متعلق شکایات درج کرا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی شکایات کے حل سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سٹیزن پورٹل پرایف بی آرکوخصوصی کیٹیگری کےطور پرشامل کر لیا گیا۔

    ایف بی آر سے متعلق شہری شکایات سٹیزن پورٹل پر درج کرا سکیں گے، فیصلہ چیئرمین ایف بی آر کی خصوصی بریفنگ کے بعد کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے ایف بی آر کو مراسلہ جاری کیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے ایف بی آر خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل کرلیا گیا ہے ، ٹیکس دہندگان اورشہریوں کی شکایات کاجلد حل ممکن ہو گا، ایف بی آر کیٹیگری سے شہریوں کو اصلاحات پالیسی سے آگاہی ہو گی۔

    ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل میں ایف بی آربھی شامل ہے، ایف بی آرنےخودسٹیزن پورٹل میں شامل ہونےکی درخواست دی تھی۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ وزیر اعظم نے پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی تھی، وزیر اعظم آفس کی جانب سے وزارتوں، محکموں اور ڈویژن کو مراسلہ جاری کر کے کہا گیا تھا کہ سٹیزن پورٹل کی سہولت سے لوگوں کی بڑی تعداد ناواقف ہے، اس لیے عوام کو اس سلسلے میں بہتر طور پر آگاہ کیا جائے۔