Tag: سپریم لیڈر

  • آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال بند کریں، عباس عراقچی کا ٹرمپ کو جواب

    آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال بند کریں، عباس عراقچی کا ٹرمپ کو جواب

    تہران: ایران کے وزیر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال بند کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صدر ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر معاہدہ چاہتے ہیں تو ایرانی رہنما سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنا بند کریں۔

    ایکس پر ایک پوسٹ میں ایرانی وزیر خارجہ نے لکھا کہ اگر صدر ٹرمپ معاہدہ چاہتے ہیں تو انھیں رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کے بارے میں اپنا ہتک آمیز اور ناقابلِ قبول لہجہ ترک کرنا ہوگا، ان کے رویے نے لاکھوں پیرو کاروں کے دلوں کو زخمی کیا ہے۔


    میں جانتا تھا خامنہ ای کہاں چھپے تھے میں نے جان بچائی، ٹرمپ


    گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کیا حالاں کہ ان کے ملک کو تباہ کر دیا گیا، میں جانتا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کہاں چھپے ہیں لیکن میں نے ان کی جان بچائی۔

    امریکی صدر نے کہا میں نے اسرائیل اور امریکی افواج کو خامنہ ای کو ہدف بنانے سے روکا تھا، میں نے حکم دیا کہ اسرائیلی طیارے تہران پر بڑے حملے سے پیچھے ہٹ جائیں، یہ جنگ کا سب سے بڑا حملہ ہوتا جس سے شدید تباہی آتی، ہزاروں ایرانی مارے جاتے۔

  • ایرانی وزیر خارجہ کی روسی صدر سے اہم ملاقات، سپریم لیڈر کا پیغام پہنچایا

    ایرانی وزیر خارجہ کی روسی صدر سے اہم ملاقات، سپریم لیڈر کا پیغام پہنچایا

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی روس کے دورے پر ہیں، اس دوران اُن کی روسی صدر ولادیمیر پوتن سے کریملن میں اہم ملاقات ہوئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اور روسی صدر کی ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات سے متعلق مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر عباس عراقچی نے صدر پوتن کو ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کا پیغام بھی پہنچایا۔

    واضح رہے کہ عباس عراقچی گزشتہ روز ماسکو پہنچے تھے جہاں وہ اعلیٰ روسی حکام سے بات چیت اور مشاورت کریں گے۔

    دوسری جانب سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور ان کے ہمراہ وفد سعودی قیادت کی ہدایت پر سرکاری دورے پر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچے ہیں جہاں ان کا استقبال ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے کیا۔

    غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ شہزادہ خالد بن سلمان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام پہنچایا، تاہم اس پیغام کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہیں۔

    ایران کے سپریم لیڈر نے ایران کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

    ’ایران پر اسرائیلی حملہ منسوخ نہیں کیا بلکہ…‘ صدر ٹرمپ کا نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ پر ردعمل

    واضح رہے کہ سعودی وزیر دفاع کا دورہ امریکا اور ایران کے درمیان رواں ہفتے روم میں ہونے والے جوہری مذاکرات سے قبل ہوا ہے۔

    ایران اور سعودی عرب کے مابین 2023 میں چین کی ثالثی میں ایک معاہدے کے تحت کئی برسوں کی کشیدگی کے بعد سفارتی تعلقات بحال کیے تھے، گزشتہ سال سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے بھی ایران کا دورہ کیا تھا۔

  • صہیونی حکومت کا بتدریج خاتمہ ہو رہا ہے، ایرانی سپریم لیڈر

    صہیونی حکومت کا بتدریج خاتمہ ہو رہا ہے، ایرانی سپریم لیڈر

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ صہیونی حکومت کا بتدریج خاتمہ ہو رہا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق آیت اللّہ سید علی خامنہ ای کا ایرانی انقلاب کے بانی اور سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ روح اللّٰہ خُمینی کی برسی کے موقع پر تہران میں خطاب کے دوران کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ صہیونی حکومت کا بتدریج اختتام ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت نے غزہ جنگ شروع کرکے اپنے آپ کو بند راہداری میں پھنسا لیا ہے، غزہ کی جنگ کے باعث اسرائیل کے عرب دنیا سے تعلقات اور خطے پر حکمرانی کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا ہے۔

    دوسری جانب ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ شام کے شمالی شہر حلب پر اسرائیلی فضائی حملے میں اسلامی انقلابی گارڈ کارپوریشن (IRGC) کے مشیر جاں بحق ہوگئے۔

    ایران کی تسنیم خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ صیہونی حکومت کے حلب پر کل رات کے حملے کے دوران، شام میں آئی آر جی سی کے مشیروں میں سے ایک سعید ابیار شہید ہو گئے۔

    سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے اس سے قبل کہا تھا کہ مغربی حلب صوبے میں حیان میں ایک فیکٹری پر اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے جس میں شامی اور غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔

    جنگ بندی معاہدے پر اسرائیلی وزیر کا نیتن یاہو پر الزام

    2011 میں شام کی خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے اپنے شمالی پڑوسی پر سیکڑوں حملے کیے ہیں جن میں بنیادی طور پر فوج کے ٹھکانوں اور لبنان کے حزب اللہ گروپ سمیت ایران کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

  • آیت اللہ خامنہ ای نے پاسداران انقلاب کو اہم پیغام دیدیا؟

    آیت اللہ خامنہ ای نے پاسداران انقلاب کو اہم پیغام دیدیا؟

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر 13 اپریل کو کیے گئے جوابی حملے پر ایرانی پاسداران انقلاب سے اظہار تشکر کیا ہے۔

    ایرانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملے میں کتنے میزائل داغے اور کتنے ہدف پر لگے یہ بنیادی بات نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسرائیل پر حملے میں ایران نے طاقت کا مظاہرہ کیسے کیا۔

    ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہنا کہ ایرانی مسلح افواج مسلسل عسکری جدت جاری رکھیں اور دشمن کی چالوں کو سمجھیں۔

    واضح رہے کہ دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر یکم اپریل کو کیے گئے اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی وار کیا گیا تھا۔

    ایرانی صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

    ایرانی میڈیا کا کہنا تھا کہ 13 اپریل کے حملے میں ایران نے اسرائیل پر 300 سے زیادہ ڈرونز اور میزائل سے حملہ کیا تھا۔

  • ایران کے سپریم لیڈر نے مظاہرین پر طاقت کا استعمال جائز قرار دے دیا، ہلاکتیں 135

    ایران کے سپریم لیڈر نے مظاہرین پر طاقت کا استعمال جائز قرار دے دیا، ہلاکتیں 135

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر نے مظاہرین پر طاقت کا استعمال جائز قرار دے دیا، پُر تشدد احتجاج میں ہلاکتیں 135 ہو گئی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں 22 سالہ کُرد خاتون مہسا امینی کی پولیس کی حراست میں ہلاکت پر احتجاج رُک نہیں سکا، ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے 18 روز سے جاری ہیں۔

    پُرتشدد مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 135 تک جا پہنچی، ادھر سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے مظاہرین پر طاقت کے استعمال کو جائز قرار دے دیا ہے۔

    ’ایران میں مظاہروں کے پیچھے امریکا اور اسرائیل ہیں‘

    انھوں نے اپنی سیکیورٹی فورسز کی حمایت کرتے ہوئے مزید کریک ڈاؤن کا عندیہ بھی دے دیا، آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ بد امنی ختم کرانے کے لیے اس سے سخت کریک ڈاؤن کرنا پڑا تو کریں گے۔

    دوسری جانب یورپی یونین نے کریک ڈاؤن میں ملوث ایرانی عہدے داروں پر پابندیوں کا عندیہ دے دیا ہے، فرانسیسی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن میں ملوث ایرانی عہدیداروں کے اثاثے منجمد اور سخت سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

    کیتھرین کولونا کا کہنا ہے کہ ایران کی پولیس پر بھی پابندیاں لگائیں گے۔

  • کیا طالبان ایرانی طرز حکومت اپنائیں گے؟

    کیا طالبان ایرانی طرز حکومت اپنائیں گے؟

    کابل: امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان ایرانی طرز حکومت اپناتے ہوئے سپریم لیڈر چنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان نئی حکومت بنانے کی کوششوں میں ہیں، ادھر ایک امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان ایرانی حکومت کی طرح اپنے گروپ کے سربراہ ھبۃ اللہ اخونزادہ کو سپریم لیڈر نامزد کریں گے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق طالبان ایرانی طرز حکومت میں دل چسپی رکھتے ہیں جس میں صدر اور کابینہ تو موجود ہوتے ہیں مگر سپریم لیڈر بطور مذہبی رہنما تمام اختیارات اپنے پاس رکھتے ہیں۔

    سپریم لیڈر صدر کے احکامات کو بھی ناقص العمل قرار دے سکتے ہیں اور وہی تمام فیصلوں میں سب سے طاقت ور آواز رکھتے ہیں۔

    طالبان کے سپریم لیڈر کی نئی تصویر وائرل، سوشل میڈیا پر چرچے

    طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ملا ھبۃ اللہ افغانستان کے صوبے قندھار میں موجود ہیں، اور وہ شروع سے وہیں مقیم ہیں۔

    طالبان رہنما عباس ستنکزئی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کا اعلان آئندہ 24 سے 48 گھنٹے میں متوقع ہے. انھوں نے کہا ہے کہ طالبان حکومت میں پرانے چہرے شامل نہیں ہوں گے، ہر قومیت کے نئے اہل افراد کو نئی حکومت کا حصہ بنایا جائے گا۔

    انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان حکومت میں سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی ہوگی۔

  • آیت اللہ خامنہ ای نے بھارت کو خبردار کردیا

    آیت اللہ خامنہ ای نے بھارت کو خبردار کردیا

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے دہلی میں مسلم کش فسادات پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور معاملے کو سنجیدگی سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایرانی سپریم لیڈر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت ہندو شدت پسندوں کو مسلمانوں کے قتل عام سے روکے۔

    آیت اللہ خامنہ ای نے مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا کہ مسلمانوں کا قتل عام نہ رکا تو اسلامی دنیا سے بھارت کے تعلقات ختم ہوجائیں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا تھا بھارت میں تمام قومیتوں سے اچھا سلوک ہونا چاہیے، بھارت سمجھ سے باہر مجرمانہ ذہنیت کو پنپنے سے روکے۔

    ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا ایران صدیوں سے بھارت کا دوست رہا ہے، بھارت میں تمام قومیتوں سے اچھا سلوک ہونا چاہیے، بھارت سمجھ سے باہر مجرمانہ ذہنیت کو پنپنے سے روکے، آگے کا راستہ پرامن مذاکرات اور قانون کی حکمرانی ہے۔

    واضح رہے کہ دہلی میں مسلم کُش فسادات کے بعد خوف کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ نظام زندگی مفلوج اور لوگ گھروں میں محصور ہیں، نئی دہلی میں ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 50 ریکارڈ کی گئی۔

  • جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ عسکری طریقے سے لیں گے، آیت اللہ خامنہ ای

    جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ عسکری طریقے سے لیں گے، آیت اللہ خامنہ ای

    تہران : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ عسکری طریقے سے لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سیّد علی خامنہ ای نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ عسکری طریقے سے لیں گے۔

    ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ ایران کے شہر قم میں مسجد کے گنبد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ایران جنگ کے لیے تیار ہے، عوام بھی تیار رہیں۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاریخی مسجد جمکران کے گنبد پر سرخ علم لہرایا جانا ایران کی جانب سے انتباہ ہے، ملکی تاریخ میں ایسا پہلی بار کیا گیا ہے، جو آنے والے دنوں میں کسی انتہائی شدید جنگ کی علامت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس اقدام کا ایک مقصد جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرنا بھی ہے۔

    جنرل سلیمانی کی موت کا بدلہ لیں گے، ایرانی صدرحسن روحانی

    اس سے قبل ایرانی صدرحسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اور خطے کے آزادی پسند ممالک جنرل سلیمانی کی موت کا بدلہ لیں گے، جنرل سلیمانی کی شہادت نے ایرانی عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

    یاد رہے 3 جنوری کو بغداد میں امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت نو افرادجاں بحق ہوگئے تھے ، ان کے قافلے کو میزائل سے نشانہ بنایا، پینٹاگون کا کہنا تھا کارروائی صدرٹرمپ کے حکم پرکی گئی۔

  • وزیر اعظم اور ایران کے سپریم لیڈر کی اہم ملاقات

    وزیر اعظم اور ایران کے سپریم لیڈر کی اہم ملاقات

    تہران: وزیراعظم عمران خان نے ایران کے سپریم لیڈر، سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی.

    تفصیلات کے مطابق اس ملاقات میں ایرانی صدر حسن روحانی بھی شریک ہوئے. ملاقات میں پاک ایران تعلقات میں استحکام اور خطے کی مجموعی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا.

    یاد رہے کہ آج ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی، دونوں ممالک کے تعلقات دیرینہ، ثقافتی اور  مذہبی ہیں، وزیر  اعظم پاکستان اور  وفد کی آمد کے مشکور ہیں۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ملاقات میں پاک ایران تعلقات میں مزید وسعت پر تبادلہ خیال ہوا۔ 

    مزید پڑھیں: دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی: مشترکہ پریس کانفرنس

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے دونوں ممالک میں دوریاں پیدا ہوئیں، دونوں ممالک کے درمیان ان فاصلوں کو ختم ہونا چاہیئے۔ پاکستانی عوام اور فورسز نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑی۔ نیٹو اور بھرپور فوجی طاقت کے باوجود افغانستان میں امن قائم نہ ہوسکا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی کے خلاف بھی پاکستانی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے، پاکستانی سرزمین سے متعلق فیصلہ مشترکہ اور ہمارے مفاد میں ہے۔