Tag: سپریم کورٹ بار انتخابات

  • سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ جاری

    سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ جاری

    اسلام آباد : سپریم کورٹ بارکے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے ، وکلا سیاست کے دو بڑے حریف گروپ حامدخان اور عاصمہ جہانگیر گروپ الیکشن میں میدان میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وکلا کی سب سے بڑی اور طاقتور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج ہو رہے ہیں، سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

    کلا سیاست کے دو بڑے حریف گروپ حامدخان اور عاصمہ جہانگیر گروپ سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں میدان میں ہیں، صدر کے لئے حامد خان گروپ کے میاں عبدالقدوس کا شہزاد شوکت سے مقابلہ ہیں جبکہ سیکرٹری کے لئے سلمان منصور اورعلی عمران سید مدمقابل ہیں۔

    انتخابات میں حامد خان گروپ کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہے ، تاہم امیدواروں کی کامیابی کا حتمی اعلان تین نومبرکو کیا جائے گا۔

    حامد خان کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن دوبیانیوں کا مقابلہ ہے، آئین کی سربلندی کے لئے کام کرتے رہیں گے جبکہ عابد زبیری کا کہنا تھا کہ میاں عبدالقدوس کے ساتھ کھڑے ہونے والے ہی قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہوں گے، سوچ سمجھ کے ووٹ ڈالیں۔

    سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کااصل مقابلہ تو روایتی طور پر لاہورمیں ہوگا ، جہاں سب سے زیادہ ووٹر ہیں، سندھ کے 6 سو57 وکلا ووٹر کراچی،حیدرآباد اور سکھرمیں اپناووٹ کاسٹ کریں گے۔

    سندھ سے ناٸب صدرکی ایک نشست ہے، جس پرتین خواتین عابدہ پروین چنڑ، سیفی علی خان، سمیہ فیض درانی اور صفدرکھوکھرکے درمیان مقابلہ ہے جبکہ ایگزیکٹوکمیٹی کی دو نشستوں پر4 امیدوار عبدالقارر لغاری، دلبر خان لغاری، منہاج السلام فاروقی اور محمدوسیم شاہ میدان میں ہیں۔

    سپریم کورٹ رجسٹری کے اردگرد سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں ، غیر متعلقہ افراد کو سپریم کورٹ رجسٹری کی جانب جانے کی اجازت نہیں۔

  • سپریم کورٹ بارانتخابات: عاصمہ جہانگیرکے حمایت یافتہ پیرکلیم احمد صدرمنتخب

    سپریم کورٹ بارانتخابات: عاصمہ جہانگیرکے حمایت یافتہ پیرکلیم احمد صدرمنتخب

    اسلام آباد : سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں عاصمہ جہانگیر کے حمایت یافتہ پیر کلیم احمد خورشید صدر اور صفدر حسین تارڑ سیکرٹری منتخب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے نتائج کے مطابق پیر کلیم خورشید نومنتخب صدر اور صفدر حسین تارڑ نومنتخب سیکرٹری قرار پائے ہیں۔

    انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ کے کلیم خورشید اور حامد خان گروپ کے عبدالرحمن انصاری کے درمیان مقابلہ تھا، ووٹوں کی گنتی کے بعد پیر کلیم احمد خورشید نے گیارہ سو پینتالیس ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل حافظ عبدالرحمٰن انصاری ایک ہزار باسٹھ ووٹ حاصل کر پائے۔

    سیکرٹری کی نشست پر صفدر تارڑ نے ایک ہزار اٹھانوے ووٹ حاصل کر کے برتری حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار میاں اسلم چھ سو اڑتیس ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

    قمرالزمان قریشی پنجاب سے نائب صدر کی نشست جیت گئے، انتخابی نتائج کا اعلان ہوتے ہی جیتنے والے عہدیداروں کے حامیوں نے خوب جشن منایا، نو مبتخب عہدیداروں کو پھولوں کے ہار پہنانے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

    اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے نو منتخب صدر پیر کلیم احمد خورشید کا کہنا تھا کہ وہ وکلاء سے کئے وعدوں کو پورا کریں گے اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالا دستی کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، قبل ازیں سپریم کورٹ میں پولنگ کا عمل صبح نو بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک کسی وقفہ کے بغیر جاری رہا۔

    چاروں صوبوں کے نائب صدورکی نشست پر8امیدواروں میں مقابلہ تھا جبکہ چاروں صوبوں سے ایگزیکٹو ممبران کی نشست پر27امیدوارمیدان میں تھے۔