Tag: سپریم کورٹ سے رجوع

  • آئی پی پیز معاہدوں سے متعلق سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، گوہر اعجاز

    آئی پی پیز معاہدوں سے متعلق سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، گوہر اعجاز

    سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ آئی پی پیز معاہدوں سے متعلق سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، عدالت میں پورا ڈرافٹ، ڈیٹا پیش کرینگے۔

    اے آر وائی کے پروگرام اعتراض میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ سپریم کورٹ سے یہی درخواست کریں گے معاہدوں کا فارنزک آڈٹ کیا جائے، سپریم کورٹ میں پورا ڈرافٹ اور ڈیٹا پیش کریں گے، چاہتے ہیں کہ آئی پی پیز معاہدوں کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔

    گوہر اعجاز نے کہا کہ دنیا کی بہترین کمپنیوں سے آڈٹ کرائیں، اخراجات ہم ادا کریں گے، آئی پی پیز کی گزشتہ 20 سال کی کارکردگی کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔

    سابق وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ 2020 میں آئی پی پیز معاہدوں پر انکوائری کمیٹی بیٹھی تھی، 2020 میں آئی پی پیز معاہدوں کا آڈٹ ہوجاتا تو آج قوم تکلیف میں نہ ہوتی۔

    انھوں نے کہا کہ وزیرخزانہ کو کہوں گا لوگوں کی ناراضگی کی پرواہ کیے بغیر مسئلہ حل کریں، لوگ کہتے ہیں ہمارے بند پلانٹ سے مہنگی بجلی نہ خریدی تو اعتماد مجروح ہوگا۔

    ڈاکٹرگوہراعجاز نے کہا کہ آج حالات ایسے ہیں کوئی بجلی کا بل دینے کو تیار نہیں ہے، لوگ کہتے ہیں کہ اپنے لیے ادویات خریدیں یا بجلی کے بل دیں۔

    انھوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے 40 خاندانوں میں اپٹما کے ممبران بھی ہیں، میں نے اپٹما کے پیٹرن کے عہدے سےاستعفیٰ دینے کے بعد آواز اٹھائی۔

  • سائفر کیس: شاہ محمود قریشی کا ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

    سائفر کیس: شاہ محمود قریشی کا ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

    اسلام آباد : سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، جس میں کہا ہے کہ سائفر کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے ضمانت مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا۔

    درخواست شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر علی بخاری کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ماتحت عدالتوں نے حقائق کا درست جائرہ نہیں لیا، سائفر کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ سائفر کیس میں درج ایف آئی آر قانون کے تقاضوں کو مد نظر نہیں رکھا گیا، سائفر کیس میں درج ایف ائی ار میں ملزم کا براہ راست تعلق نہیں بتایا گیا، میرا کردار مرکزی ملزم کے ساتھ نہیں ملایا جا سکتا۔

    دائر درخواست میں کہنا تھا کہ درخواست گزار وزیر خارجہ ہونے کی بنیاد پر 248 کے تحت استثنیٰ رکھتا ہے۔

    یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر لگی دفعات میں عمر قید یا سزائے موت ہے، شاہ محمود کو اسی تناظر میں دیکھا جائے گا۔

  • الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی ،  وفاقی حکومت کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی ، وفاقی حکومت کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا، نعیم الحق کا کہنا ہے مبران کی تعیناتی سےمتعلق پارلیمانی کمیٹی ڈیڈ لاک کا شکارہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کےارکان کی تعیناتی کے معاملے پر وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا ممبران کی تعیناتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی ڈیڈ لاک کا شکار ہے، ڈیڈلاک کے بعد کیا کیا جائے؟ آئین مکمل خاموش ہے، معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کررہے ہیں، سپریم کورٹ بتائے نشستوں کو کیسے پُر کیا جائے۔

    یاد رہے چند روز قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے الیکشن کمیشن کی سندھ اور بلوچستان سے نشستوں کےلئے اپنے چھ نام وزیراعظم کو بھجوائے تھے اور کہا تھا انتخاب کیلئے ہر امیدوار پر تفصیلی باہمی مشاورت ضروری ہے۔

    مزید پڑھیں : الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری ، شہبازشریف نےاپنے 6 نام وزیراعظم کو بھجوادئیے

    خط میں سندھ سے سابق صدر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن خالد جاوید، سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس (ر) عبدالرسول میمن اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے نورالحق قریشی کے نام شامل ہیں ، بلوچستان سے سابق ایڈووکیٹ جنرلز صلاح الدین مینگل اور محمد روف عطاءکے علاوہ سینئر ایڈووکیٹ شاہ محمود جتوئی کے نام تجویز کئے گئے تھے۔

    اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما خورشیدشاہ نے الیکشن کمیشن ارکان پر خطوط سے معاملہ بڑھانے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا ہم نے واضح طور پر اس طرح آگے بڑھنے سے انکار کردیا ہے، عمران خان مودی کےساتھ بیٹھ سکتےہیں ،اپوزیشن کےساتھ کیوں نہیں؟ وزیراعظم اختلافات کودور رکھ کر براہ راست رابطہ کریں۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھا تھا، جس میں شہباز شریف کے قانونی نکات کو مسترد کردیئے تھے۔

  • اورنج لائن منصوبہ، پنجاب حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی

    اورنج لائن منصوبہ، پنجاب حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی

    لاہور : وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے اورنج لائن منصوبے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کیخلاف پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے رائے ونڈ میں فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن منصوبے پرعدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ فیصلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا کیونکہ یہ عوامی مفاد کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے منصوبے کو عوامی مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یومیہ تین لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

    مزید پڑھیں : اورنج لائن منصوبہ: لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارتوں کے قریب تعمیرات سے روک دیا

    واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارات متاثر ہونے کی وجہ سے ان سے 200 فٹ دور تعمیرات روکنے کا حکم دیا تھا جس کی وجہ سے اس منصوبے کو شالامار باغ اور چوبرجی کے نزدیک روک دیا گیا ہے۔

    عدالت نے محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام این او سی کالعدم قرار دے دیئے، عدالت نے منصوبے سے ہونے والی ممکنہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف دائر تمام درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔