Tag: سپریم کورٹ

  • بھارت: راجیوگاندھی کے قاتلوں کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

    بھارت: راجیوگاندھی کے قاتلوں کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

    بھارت کی سپریم کورٹ نے آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کے قاتلوں کی سزائے موت کو عمرقید میں تبدیل کردیا، راجیو گاندھی انیس سو اکیانوے میں ایک خود کش حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مئی انیس سو اکیانوے میں ریاست تامل ناڈو میں ایک جلسے کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل میں ملوث پندرہ افراد کو دی گئی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا گیا۔

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سزائے موت کے خلاف کی جانے والی رحم کی اپیل مسترد کئے جانے کے بعد چودہ دن کے اندر مجرموں کو سزائے موت دینا لازمی ہے، راجیو گاندھی کے قاتلوں کی سزائے موت کو عمر قید میں بدلنے کی وجہ مقدمات میں تاخیر اور ذہنی بیماری ہے۔

    راجیوگاندھی کے ملوث پندرہ میں سے چار افراد نے دوہزارچار میں رحم کی اپیل دائرکی تھی جسے نوسال بعد مسترد کردیا گیا تھا۔

  • لاپتہ افراد کیس:وزارت دفاع کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار

    لاپتہ افراد کیس:وزارت دفاع کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار

    سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں وزارت دفاع کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے دی، عدالت نےکہا ہے کہ سات ماہ سے ایک ہی رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔

    مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو لاپتہ افراد سے متعلق وزارت دفاع کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، جس پرجسٹس جواد نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سات ماہ سے ایک ہی رپورٹ پیش کی جا رہی ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا۔

    وزیراعظم اور اور وزیراعلی خیبر پختو نخوا سے جواب طلب کیا جائے گا، جسٹس جواد نے کہا کہ  عدالت کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا، حکومت لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے میں ناکام ہو چکی ہے، پینتیس میں سے اب تک صرف سات افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے۔

    عدالت کے طلب کرنے پر اٹارنی جنرل سلمان اکرم بٹ بھی عدالت میں پیش ہوئے، سماعت بائیس جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

  • جمہوری نظام میں آزاد عدلیہ کا انتہائی اہم مقام ہے،چیف جسٹس

    جمہوری نظام میں آزاد عدلیہ کا انتہائی اہم مقام ہے،چیف جسٹس

    چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ آئین میں عدلیہ کی آزادی کو مکمل تحفظ دیا گیا ہے، جہاں بھی آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہوگی، عدلیہ مداخلت کرے گی۔

    لاہور رجسٹری میں سپریم کورٹ کا لائسنس حاصل کرنے والے وکلا میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں آزاد عدلیہ کا انتہائی اہم مقام ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عدلیہ آزادی کی جدوجہد میں عوام کا کردار عدلیہ پر اعتماد کا مظہر ہے، عدلیہ معاشرے میں امن کی ضامن ہے، مذہب کے نام پہ قتل وغارت گری قرآن و سنت کے منافی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب صرف انتخابات کروانا نہیں بلکہ ایسا نظام وضع کرنا ہے، جس میں شہریوں کو برابر حقوق حاصل ہوں، اس سے قبل چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کا لائسنس حاصل کرنے والے وکلا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔
           

  • بلوچستان بدامنی کیس: چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن طلب

    بلوچستان بدامنی کیس: چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن طلب

    سپریم کورٹ نے بلوچستان بدامنی کیس میں چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن کوطلب کرلیا، عدالت نے آئی جی ایف سی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی نقل بھی دراخوست گزار کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔

    بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت جسٹس ناصرالملک اور جسٹس ثاقب نثار پر مشتمل بینچ نے کی، بلوچستان حکومت کے وکیل شاہد حامد نے عدالت کو بتایا کہ تیرہ افراد کو لاپتہ کرنے کا الزام ایف سی پر ہے۔

    آٹھ افراد کے بارے میں ایم آئی کو مدد کا الزام دیا جارہا ہے جبکہ چھ افراد کے بارے میں دعوی ہے کہ انہیں پولیس لے گئی، دیگر تئیس افراد کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کہاں گئے۔

    اعلیٰ عدالت نے چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن نصراللہ بلوچ کو طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام لاپتہ افراد سے متعلق تفصیلات تحریری طور پر فراہم کریں تاکہ مناسب کاروائی کی جائے۔

    عدالت نے آئی جی ایف سی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی نقل دراخوست گزار کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت تیس جنوری تک ملتوی کردی۔
           

  • اسلام آباد:لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہورہی ہے

    اسلام آباد:لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہورہی ہے

    سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہورہی ہے۔

    گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے لاپتہ مسعود جنجوعہ کی بازیابی کے حوالے سے مقدمے کی سماعت ملتوی کی تھی جبکہ وزارت دفاع اور حکومت پنجاب سے تین ہفتوں میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

    عدالت نے وزارت دفاع کی جانب سے 11 میں سے 4 ذمہ داروں کے جمع کرائے گئے بیانات حلفی کو خفیہ رکھنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے باقی ذمہ داروں کے بیان حلفی بھی داخل کرانے کی ہدایت کی تھی۔
       

  • سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت

    سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت

    سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں آمنہ مسعود جنجوعہ کو سرکار کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لینے کی اجازت دیدی۔

    لاپتا افراد کیس کی سماعت کے دوران مسعود جنجوعہ کی گمشدگی کے حوالے سے اسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل عرفان احمد نے رپورٹ پیش کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے سپریم کورٹ سےاستدعا کی کہ رپورٹ خفیہ رکھی جائے۔

    جس پر جسٹس جواد نے کہا کہ رپورٹ میں ایسی کوئی بات نہیں جو خفیہ رکھی جائے اور عدالت نے آمنہ مسعود جنجوعہ کو رپورٹ کا جائزہ لینے کی اجازت دیتے ہوئے حکم دیا کہ بریگیڈئیر سید اطہر کا بیان حلفی تصدیق شدہ نہیں، دوبارہ جمع کرایا جائے۔

    اعلیٰ عدالت نے حکومت پنجاب اور پولیس سے بھی رپورٹ اور گمشدگی کی ایف آئی آر کی نقل طلب کرتے ہوئے سماعت تین ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔

  • سپریم کورٹ میں اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت

    سپریم کورٹ میں اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت

    سپریم کورٹ میں اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر نیب کے آغا نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نہیں ہیں، جس کی وجہ سے مشکلات ہو رہی ہیں وقت دیا جائے۔

    جسٹس جواد نے استفسار کیا کہ توقیر صادق کے بارے میں کیا تحقیقات کی گئیں، جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں توقیر صادق کے نام پر لاہور میں دو زمینیں ہیں، اس کی بھی تحقیقات جاری ہیں جبکہ توقیرصادق کو باہر سے لانے میں اڑتیس لاکھ  کے اخراجات آئے، عدالت نے مزید سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کردی۔
       

  • سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے نیا شیڈول بنانے کی اجازت

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے نیا شیڈول بنانے کی اجازت

    سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا درد سر کم کر دیا، الیکشن کمیشن کو سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تبدیل کرنے کی اجازت مل گئی۔

    سندھ اور پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول دوسری بار منسوخ کر دیا گیا، سندھ اور لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے حلقہ بندیاں غیر قانونی قرار دیئے جانے اور پرنٹنگ کارپوریشن کی جانب سے بیلٹ پیپر مقررہ وقت میں چھاپ کر دینے سے معذرت کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

    عدالت کو اپنی مشکلات بتائیں اور بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں میں توسیع کی درخواست کر ڈالی، سپریم کورٹ نے درخواست کو باوقار طریقے سے سنا اور الیکشن کمیشن کو اسکی سہولت کے مطابق نیا شیڈول جاری کرنے کی اجازت دے دی۔

    درخواست کی سماعت جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی، اب بلدیاتی امیدواروں کو نئے شیڈیول کا انتظار کرنا ہوگا۔
           

  • لاپتا افراد کیس:حکومت سے17جنوری تک تفصیلی رپورٹ طلب

    لاپتا افراد کیس:حکومت سے17جنوری تک تفصیلی رپورٹ طلب

    سپریم کورٹ نے لاپتا افراد کیس میں وفاقی حکومت سے سترہ جنوری تک تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، جسٹس جواد کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں کہ لاپتا افراد کے لئے قائم کمیٹی کب کام کرے گی۔

    سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی، وزارت دفاع کی جانب سے انیس دسمبر دو ہزار کو رجسٹرار کو جمع کرائی گئی لاپتہ افراد سے متعلق رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کر دی گئی۔

    جسٹس جواد خواجہ نے کہا کہ خفیہ رپورٹ میں کوئی نئی بات نہیں، حکومت ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرے، ملک دشمن عناصر آئین توڑ رہے ہیں، حکومت بتائے کہ کیا وہ خود آئین کی پاسداری کر رہی ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی کے حکم پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا۔

    رپورٹ میں نہیں بتایا گیا کہ لاپتہ افراد کے غیر آئینی احکامات کا ذمہ دار کون ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ان کے پاس کوئی جواب نہیں، حکومت نے لاپتہ افراد کے لئے کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے، جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں کہ کمیٹی کب بیٹھے گی اور کب کام کرے گی، عدالت نے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
        
        
        
        

       

  • کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات ، سپریم کورٹ نے تاریخ مانگ لی

    کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات ، سپریم کورٹ نے تاریخ مانگ لی

    سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے لئے حکومت سے حتمی تاریخ مانگ لی، چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت میں سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

    کنٹونمٹ بورڈز میں انتخابات کیس کی سماعت چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حکومت کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات کی حتمی تاریخ دے، عدالت غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کرے گی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ سماعت میں سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت معاملے کو بھی سماعت میں شامل کیا جائے گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ لاء، ترمیمی بل پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے موجود ہے، بل منظور ہوتے ہی انتخابات کروا دیے جائیں گے۔

    جس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ بل پاس ہونا ضروری نہیں آپ انتخابات کروائیں ، بل پاس ہوتا رہے گا، مقدمے کی سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو انتخابات کی حتمی تاریخ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔