Tag: سپر اسٹور

  • کینیڈین وزیر اعظم نے سپر مارکیٹوں اور اسٹورز کو قیمتوں کے حوالے سے وارننگ دے دی

    کینیڈین وزیر اعظم نے سپر مارکیٹوں اور اسٹورز کو قیمتوں کے حوالے سے وارننگ دے دی

    اوٹاوا: کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سپر مارکیٹوں اور سپر اسٹورز کو قیمتوں کے حوالے سے وارننگ دے دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے گروسری چینز کو خبردار کیا ہے کہ اگر انھوں نے اشیائے خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات نہ کیے تو ان پر نئے ٹیکس لگ سکتے ہیں۔

    ٹروڈو نے کہا کہ والمارٹ اور کوسٹکو سمیت پانچ سب سے بڑی سپر مارکیٹ چینز کے سربراہوں سے کہا جائے گا کہ وہ تھینکس گیونگ سے قبل بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کریں۔

    انھوں نے دو ٹوک کہہ دیا ہے کہ سپر مارکیٹیں اور اسٹورز بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کریں، ورنہ بھاری ٹیکس عائد کیے جائیں گے، وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا پیٹ پالنے کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی کمر توڑ کر منافع کمانے نہیں دیں گے، سپر اسٹورز لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے جلد پلان پیش کریں۔

    واضح رہے کہ کینیڈا میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے لوگ پریشان ہیں، روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں میں ساڑھے ا8 فی صد اضافہ ہوا ہے، لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے کینیڈین وزیر اعظم نے قرضوں کی ادائیگیوں میں مزید ایک سال چھوٹ دے دی ہے۔ اس فیصلے سے 7 لاکھ سے زائد چھوٹے کاروباروں کو فائدہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ جسٹن ٹرڈو کی عوامی مقبولیت میں خاصی کمی آ چکی ہے جس کی وجہ سے ان کی قیادت سوالات کی زد پر رہنے لگی ہے، ایسے میں انھوں نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ مصارف زندگی سے متعلق خدشات دور کرنے کے لیے کرائے کے نئے اپارٹمنٹس کی تعمیر پر سیلز ٹیکس معاف کر دیا جائے گا۔

  • سپر اسٹور میں دھڑلے سے چیزیں لوٹنے والے لٹیرے کے ساتھ کیا ہوا؟ سنسنی خیز ویڈیو

    سپر اسٹور میں دھڑلے سے چیزیں لوٹنے والے لٹیرے کے ساتھ کیا ہوا؟ سنسنی خیز ویڈیو

    نیو یارک: امریکا میں سپر اسٹور میں دھڑلے سے چیزیں لوٹنے والے ڈاکو کی اسٹور میں موجود ملازم اور سکھ شخص نے درگت بنادی۔

    رپورٹ کے مطابق امریکا میں دکانوں پر چوری اور مسلح ڈکیتیوں کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جو دکانوں کے مالکان اور خوردہ فروشوں کے لیے تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔

    اس طرح کے واقعات کی سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز سامنے آچکی ہیں جن میں صارفین، عملہ اور دکان کے مالکان کو اس طرح کے حملوں کا نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

     تاہم اس بار ڈاکو اسٹور میں موجود لوگوں کے ہاتھ آگیا، رپورٹ کے مطابق  ایک چور نے کیلیفورنیا میں 7 الیون اسٹور پر حملہ کیا تو ایک سکھ شخص نے موقع دیکھتے ہی چور کی ڈنڈے سے پٹائی کردی۔

    اس واقعے کی ایک ویڈیو جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک نقاب پوش چور کو اسٹور سے مصنوعات کو ایک بڑے کوڑے دان میں پھینکنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چور نے اسٹور کے مالک کو کئی بار ہتھیار سے دھمکایا اور ایک ملازم کو پیچھے ہٹنے کا کہا۔

    اسٹور میں موجود سکھ شخص کو مالک کی جانب سے پیچھے ہٹنے کا کہتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے، تاہم ملازم نے ڈاکو کو بازوؤں سے دبوچ لیا جس کے بعد سکھ شخص نے چور کو موٹے ڈنڈے سے متعدد بار مارا۔

    وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں بہت سے لوگوں نے سکھ آدمی کی بہادری کی تعریف کی  ایک اور  صارف نے کہا یہ بہترین ویڈیو ہے کبھی بھی پنجابی کے ساتھ کوئی گڑ بڑ نا کریں، تمام ہیرو ٹوپیاں نہیں پہنتے کچھ پگڑیاں باندھتے ہیں۔

  • عرب امارات: رمضان میں کھانے پینے کی اشیا پر 75 فیصد رعایت کا اعلان

    عرب امارات: رمضان میں کھانے پینے کی اشیا پر 75 فیصد رعایت کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی گئی۔

    متحدہ عرب امارات کے اسٹورز نے رمضان المبارک کے لیے 10 ہزار اشیا کی قیمتوں میں 75 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

    رمضان میں سپر مارکیٹس لوگوں کو کھانے پینے کی اشیا سمیت روز مرہ استعمال کی چیزوں کی قیمت پر 75 فیصد رعایت دیں گے، بچت اسکیموں سے آن لائن بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

    ماہ مبارک میں اشیا کی طلب میں اضافے کو پورا کرنے کے لیے اسٹاک کو بھی 15 فیصد بڑھا دیا گیا ہے۔

    صارفین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے مختلف بچت اسکیمز اور خصوصی ڈسکاؤنٹس متعارف کروائے گئے ہیں۔

  • چور نے بوڑھے کو کمزور سمجھ کر پستول تانی، لینے کے دینے پڑ گئے

    چور نے بوڑھے کو کمزور سمجھ کر پستول تانی، لینے کے دینے پڑ گئے

    کبھی اچانک کہیں راہ چلتے یا کسی جگہ موجود ہوتے ہوئے چور ڈاکو آ دھمکیں، تو ہوش و حواس گم ہوجاتے ہیں اور لوگ بے بسی سے لٹ جاتے ہیں، تاہم کچھ لوگ اس موقع پر بھی اپنے حواس قائم رکھتے ہوئے چوروں کو ہی دھول چٹا دیتے ہیں۔

    حال ہی میں ایسے ہی ایک کارنامے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بوڑھے شخص نے اپنے اوپر پستول تاننے والے چور کو دھول چٹا دی۔

    ویڈیو ایک سپر اسٹور کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح شخص کیش کاؤنٹر پر موجود کیشیئر کو دھمکا رہا ہے جبکہ قریب کھڑے بوڑھے پر بھی پستول تان لیتا ہے۔

    بوڑھا اس کی حرکت پہ گھبرائے بغیر بے حد سکون سے اپنا چشمہ اتار کر کاؤنٹر پر رکھتا ہے۔

    اتنے میں چور کے پیچھے ایک شخص نمودار ہوتا ہے اور چور اسے بھی دھمکانے کے لیے پلٹ جاتا ہے، اس کے پلٹتے ہی بوڑھا اس پر جھپٹتا ہے اور اسے دبوچ لیتا ہے، کھینچا تانی میں چور کی بندوق بھی نیچے گر جاتی ہے۔

    بوڑھے کی جرات دیکھ کر اسٹور کے ملازمین بھی حرکت میں آتے ہیں، ایک ملازم نیچے گری بندوق اٹھاتا ہے۔ اس اثنا میں چور دوسری طرف سے نکل کر دروازے کی طرف بھاگتا ہے لیکن دروازے پہ ایک ملازم اسے چھاپ لیتا ہے۔

    اس کے بعد بوڑھا اور ایک اور ملازم وہاں پہنچ کر چور کو قابو کرتے ہیں۔

  • برطانیہ میں سبزیوں کی خریداری پر حد مقرر

    برطانیہ میں سبزیوں کی خریداری پر حد مقرر

    لندن: برطانوی سپر مارکیٹس نے سبزیوں کی خریداری پر حد مقرر کر دی ہے، اس کی وجہ بدلتے ہوئے موسمی حالات کی وجہ سے غذائی پیداوار متاثر ہونا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹس کے مطابق برطانوی سپر مارکیٹس کی کئی شاخوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ بعض سبزیوں اور پھلوں کی خریداری کی حد مقرر کر رہی ہیں۔

    کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی دیگر اشیا فروخت کرنے والی ان مارکیٹس نے سبزیوں کی خریداری پر حد کی وجہ جنوبی یورپی اور شمالی افریقی ممالک میں ان اشیا کے پیداواری سلسلے میں خلل کو قرار دیا۔

    برطانیہ کی سب سے بڑی سپر مارکیٹ چین ٹیسکو نے فی گاہک تین ٹماٹر، تین بڑی مرچوں اور تین کھیروں کی فروخت کی حد مقرر کی ہے۔

    جرمن مارکیٹ چین آلڈی کی برطانوی شاخ نے بھی اسی طرح کے اقدامات کا اعلان کیا ہے جبکہ موریسنز نے ان اشیا کے ساتھ ساتھ سلاد پتہ کی فروخت کی بھی حد مقرر کر دی، اس سے ایک روز قبل ہی ایسڈا سپر مارکیٹ نے مجموعی طور پر 8 سبزیوں اور پھلوں کی فروخت پر حد مقرر کی تھی۔

    برطانیہ کی طرف سے یورپی یونین چھوڑ دینے کے ناقدین کھانے پینے کی اشیا کی اس قلت کو بریگزٹ کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں جو کہ یورپ کے باقی حصے میں کہیں موجود نہیں، تاہم صنعت سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قلت کی وجہ موسم کی خرابی ہے۔

    برطانوی ریٹیل کنسورشیم میں خوراک اور پائیداری کے معاملات کے ڈائریکٹر اینڈریو اوپی کے بقول، جنوبی یورپ اور شمالی افریقی ممالک میں مشکل موسمی حالات نے کچھ پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کو متاثر کیا ہے، جن میں ٹماٹر اور مرچیں بھی شامل ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سپر مارکیٹس اشیا کی فراہمی کے سلسلے سے جڑے مسائل پر قابو پانے میں ماہر ہوتی ہیں اور وہ کسانوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں تاکہ گاہکوں کو تازہ پیداوار تک رسائی حاصل رہے۔

    او پی کا مزید کہنا تھا کہ یہ قلت مزید کچھ ہفتوں تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

    گزشتہ ماہ اسپین کو غیر معمولی سرد موسم کا سامنا رہا، جنوبی اسپین سے سامان لے جانے والے سمندری بحری جہازوں کی روانگی بھی معطل ہوتی رہی جس کی وجہ سے اشیا کی فراہمی کا یہ سلسلہ مزید متاثر ہوا۔

    اسی طرح مراکش میں کسانوں نے سرد موسم، تیز بارشوں اور سیلاب کے سبب پیداواری حجم میں کمی کے بارے میں بتایا ہے۔

  • کراچی کے سپر اسٹور میں آتشزدگی کا واقعہ ، سندھ حکومت نے  تحقیقاتی کمیٹی قائم  کردی

    کراچی کے سپر اسٹور میں آتشزدگی کا واقعہ ، سندھ حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی

    کراچی : سندھ حکومت نے جیل چورنگی پر سپر اسٹور میں آتشزدگی کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا بلڈنگ میں آگ لگنے کا واقعہ افسوسناک ہے، بلڈرز جب پزیشن لیتے ہیں نقشے میں فائر فائٹنگ کے آپشن دیتے ہیں ، کچھ بلڈرز ریکوائرمنٹ پوری نہیں کرتے۔

    ،شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات پر وزیراعلیٰ سندھ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے پر انکوائری کمیٹی بنادی ہے ، رپورٹ کی روشنی میں ایسے واقعات سے بچنے کےاقدامات کیےجائیں گے۔

    آگ لگنے کی وجہ سے جن کا نقصان ہوا ان کا ازالہ بھی کیاجائے گا اور بلڈنگ کو دوبارہ چیک کیاجائےگا کہ رہنےکےقابل ہے یا نہیں۔

    خیال رہے کراچی کی جیل چورنگی پر سپر اسٹور میں چوبیس گھنٹے بعد بھی آگ پر مکمل قابونہ پایا جا سکا، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عمارت کو مخدوش قرار دے دیا۔

    فائربریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ ابھی تک بیسمنٹ میں لگی آگ کوبجھانے کی کوشش جاری ہے، آگ کی شدت سے گراؤنڈ فلور کا کچھ حصہ بھی متاثرہوا ہے، دھویں کی وجہ سےسخت مشکلات کا سامنا ہے۔

    حکام نے کہا تھا کہ بلڈنگ کےچوتھے فلورتک آگ پہنچنےکی اطلاعات غلط ہیں، بیسمنٹ میں لگنےوالی آگ کی وجہ سے دھواں کئی منزلوں تک پہنچ چکا ہے۔

    دوسری جانب ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ اطراف کی اہم سڑکوں کورکاوٹیں کھڑی کرکےبندکردیاگیا، کشمیر روڈ سے جیل چورنگی آنے والی سڑک اور شاہراہ قائدین سےجیل چورنگی جانیوالی سڑک بند کردی گئی ہے۔

    چیف فائرآفیسربولےراستےتنگ ہونےکےباعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آئیں ،شہرمیں پانچ اسنارکل ہیں،صرف دوکام کررہی ہیں،تین ایک سال سےخراب ہیں، کورنگی صنعتی ایریامیں گارمنٹس فیکٹری میں بھی آتشزدگ

  • سپر اسٹور میں خاتون کی عجیب و غریب حرکت، ویڈیو وائرل

    سپر اسٹور میں خاتون کی عجیب و غریب حرکت، ویڈیو وائرل

     سپر اسٹور میں ایک خاتون کی نامناسب اور کراہیت آمیز حرکت نے سوشل میڈیا صارفین کو غم و غصے میں مبتلا کردیا، لوگوں کا کہنا ہے کہ خاتون کو اس کی سزا دی جانی چاہیئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو صارفین کو غصے اور بے چینی میں مبتلا کرنے کا سبب بن رہی ہے، ویڈیو میں یہ واضح نہیں کہ واقعہ کس ملک یا شہر کا ہے۔

    ویڈیو میں ایک خاتون موجود ہیں جو ایک سپر مارکیٹ میں خریداری کرنے آئی ہیں۔ خریداری کرتے ہوئے انہیں فریج میں آئسکریم نظر آتی ہے تو اسے کھول کر ایک پیکٹ نکال لیتی ہیں۔

    اگلے ہی لمحے وہ پیکٹ کھول کر اسے زبان سے چکھتی ہیں اور اس کے بعد اس کی پیکنگ بند کر کے واپس فریج میں رکھ دیتی ہیں۔

    ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوجانے کے بعد صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا، ایک صارف کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا کے زمانے میں یہ ایسا خطرہ ہے جس کا کسی کو علم نہیں۔

    ایک صارف نے کہا کہ اب سپر اسٹور کی اشیا ان کے لیے ناقابل بھروسہ ہوگئیں۔

    صارفین کا کہنا تھا کہ ان خاتون کو تلاش کر کے انہیں سخت سزا دی جائے کیونکہ انہوں نے بہت سے لوگوں کی جان خطرے میں ڈال دی۔

  • ماسک نہیں پہنوں گا، خریدار نے سپر اسٹور کے سیکورٹی گارڈ کو گولی مار دی

    ماسک نہیں پہنوں گا، خریدار نے سپر اسٹور کے سیکورٹی گارڈ کو گولی مار دی

    مشی گن: امریکا میں خریدار نے بغیر ماسک لگائے سپر اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران تلخ کلامی پر سیکورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مشی گن کے شہر فلنٹ میں ڈالر سپر اسٹور پر کسٹمر کی فائرنگ سے 43 سالہ سیکورٹی گارڈ جان کی بازی ہار گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سپراسٹور کے دروازے پر کھڑے سیکورٹی گارڈ اور خریدار کے درمیان تلخ کلامی جاری ہے اور اسی دوران کسٹمر نے گارڈ پر فائرنگ کر دی۔

    عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکورٹی گارڈ نے شہری کو ماسک لگائے بغیر اسٹور میں داخل ہونے سے منع کیا تھا جس پر تلخ کلامی ہوئی۔ پولیس نے گارڈ کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم فی الحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد بھی 2 لاکھ 48 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

    امریکا میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 11لاکھ 88 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ ہلاک افراد کی تعداد ساڑھے 68 ہزار سے اوپر ہوچکی ہے۔

  • کراچی کے 2 علاقوں میں سپر اسٹور سیل کر دیے گئے

    کراچی کے 2 علاقوں میں سپر اسٹور سیل کر دیے گئے

    کراچی: شہر قائد کے 2 علاقوں گلشن اقبال اور کلفٹن میں 2 سپر اسٹورز سیل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انتظامیہ نے کرونا وائرس وبا کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گلشن اقبال اور کلفٹن میں قائم دو سپر اسٹورز سیل کر دیے۔

    دونوں سپر اسٹورز سماجی فاصلے کی پابندی کی خلاف ورزی پر سیل کیے گئے، سپر اسٹورز کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں سندھ حکومت کی ہدایات کو بالکل نظر انداز کیا، گلشن اقبال میں سپر اسٹور اس ماہ دوسری بار سیل کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ان سپر اسٹورز پر عوام کا رش لگا رہتا تھا، تاہم ان کے علاوہ کراچی کی دیگر مارکیٹوں میں بھی سندھ حکومت کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے، رش کی صورت حال ہر جگہ دکھائی دیتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے جوڑیا بازار میں بھی ہر وقت لوگوں کا ہجوم دکھائی دیتا ہے تاہم سندھ حکومت نے ابھی تک وہاں کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا کے تیز رفتار پھیلاؤ کے پیش نظر سندھ حکومت کو تمام مارکیٹوں کی سخت نگرانی کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

    سندھ میں آج مزید 4 مریض جاں بحق، 298 نئے کرونا کیسز رپورٹ

    خیال رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو قابو کرنے کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، کیوں کہ آج بھی صوبہ سندھ میں کو وِڈ نائنٹین کے مزید 4 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ صوبے میں 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں مریضوں کی تعداد 3671 ہو گئی ہے۔