Tag: سپر اوور

  • سپر اوور میں پاکستان کو شکست دینے والا امریکی کھلاڑی کون ہے؟

    سپر اوور میں پاکستان کو شکست دینے والا امریکی کھلاڑی کون ہے؟

    امریکا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا۔

    پاکستان اور امریکا کے درمیان 20 اوورز کا میچ برابر ہونے کے بعد سپر اوور مرحلے میں داخل ہوا، پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے سپر اوور کرایا، امریکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 18 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا۔

    تاہم پاکستان کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر مقررہ 6 گیندوں پر صرف 13 رنز اسکور کرسکی، امریکا کی جانب سے سپر اوور سوربھ نیتراولکر نے گیند کرایا، امریکی بولر نے دوسری ہی گیند پر افتخار احمد کو پویلین بھیج دیا۔

    جس کے بعد شاداب خان کریز میں اترے لیکن وہ بھی کوئی بڑا شاٹ کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے، اس طرح امریکا نے 5 رنز سے میچ جیت کر ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا تاریخی اَپ سیٹ کر دیا۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ: امریکا نے سپر اوور میں‌ پاکستان کو ہرا دیا

    امریکا کو تاریخی فتح دلانے والے سوربھ نیتراولکر بھارتی نژاد امریکی کرکٹر ہیں، پاکستان کے خلاف سپر اوور میں سوربھ نیتراولکر نے اہم کردار ادا کیا، کھلاڑی فل ٹائم سافٹ ویئر انجینیر ہیں اور ایک کارپوریشن کمپنی میں کام کرتے ہیں۔

    سوربھ نیتراولکر نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز 2013 کی رانجی ٹرافی میں ٹیم ممبئی کی جانب سے کیا، 2014 میں انہوں نے لسٹ اے میچز بھی کھیلنا شروع کیے۔

    سوربھ نیتراولکر 2010 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی بھارت کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں، تاہم انہیں انڈیا میں کھیلنے کے زیادہ موقع نہ ملا اور وہ بہتر مواقع کی تلاش میں امریکا آگئے۔

    جنوری 2018 میں سوربھ کی امریکی کرکٹ ٹیم میں سلیکشن ہوئی اور اسی سال اکتوبر میں وہ اپنی ٹیم کے کپتان بن گئے، امریکی ٹیم نے نیتراولکر کی قیادت میں فروری 2019 میں یو اے ای کے خلاف انٹرنیشنل ٹی20 میچز کی سیریز کھیلی اور اپریل 2019 میں ڈویژن 2 انڈر19 ورلڈ کپ میں پہلی 4 ٹیموں میں جگہ بنا کر ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا اسٹیٹس بھی حاصل کرلیا۔

    سوربھ نیتراولکر کو عالمی سطح پر شہرت گزشتہ روز 6 جون 2024 کو حاصل ہوئی جب انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ون میچ میں پاکستان کے خلاف سپر اوور مرحلے میں امریکا کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

  • آئی سی سی نے سپر اوور کا قانون بدل دیا

    آئی سی سی نے سپر اوور کا قانون بدل دیا

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سپر اوور کا قانون بدل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سپر اوور کے قانون میں تبدیلی کردی جس کے بعد زیادہ باؤنڈریز پر ٹیم کو فاتح قرار دینے کا قانون ختم ہوگیا ہے۔

    آئی سی سی رپورٹ کے مطابق سپر اوور میں زیادہ رنز بنانے والی ٹیم اب فاتح ہوگی، سپر اوور میں میچ برابر رہا تو ایک اور سپر اوور کرایا جائے گا۔

    دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمن ایونٹس کی انعامی رقم میں 26 لاکھ ڈالرز کا اضافہ کردیا جس کے مطابق ویمن ورلڈ ٹی ٹوینٹی کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ ڈالرز ملیں گے اور رنر اپ ٹیم کو 5 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

    واضح رہے کہ لارڈز میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے آخری اوور میں انگلینڈ کو 15 رنز درکار تھے، بین اسٹوکس 14 رنز بناسکے اور میچ برابر ہوگیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ فائنل کا سپر اوور جمی نیشم کے کوچ کی جان لے گیا

    اس کے بعد سپر اوور میں میچ کا فیصلہ ہونا تھا، سپر اوور میں انگلینڈ نے 15 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو 16 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی 15 رنز بناسکی اور میچ برابر ہوگیا، جس کے بعدزیادہ باؤنڈریز پر انگلینڈ کو ورلڈ کپ فائنل کا فاتح قرار دیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ زیادہ باؤنڈریز پر انگلینڈ ٹیم کی جیت کو مداحوں کی جانب سے متنازع قرار دیا جارہا تھا اور آئی سی سی پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ 2019 میں بڑی ٹیموں کو ہرانے کے باوجود رن ریٹ کی بنیاد پر 5ویں نمبر پر آئی تھی اور سیمی فائنل کھیلنے سے محروم رہی تھی۔