Tag: سپر ہائی وے کراچی

  • مویشی منڈی سے چوری شدہ مہنگا بچھڑا پولیس نے 3 دن میں تلاش کر لیا

    مویشی منڈی سے چوری شدہ مہنگا بچھڑا پولیس نے 3 دن میں تلاش کر لیا

    کراچی: مویشی منڈی سے چوری شدہ مہنگا بچھڑا پولیس نے 3 دن میں ان تھک محنت کے بعد آخر کار تلاش کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے مویشی منڈی سے چوری کیے جانے والا بچھڑا پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے 3 روز کی اَن تھک محنت کے بعد برآمد کر لیا، گمشدہ بچھڑا ملنے پر تاجر خوشی سے نہال ہو گیا۔

    سپر ہائی وے مویشی منڈی کے بلاک 9 کی پٹی نمبر 43 سکھر کے بیوپاری شعبان کو الاٹ کی گئی تھی، جو تین روز قبل سکھر سے مویشی لے کر منڈی پہنچا تھا۔

    طویل مسافت کے بعد جب وہ منڈی میں مال اتارنے کے بعد سستانے کے لیے لیٹا تو سوتے ہی اس کا جانور نامعلوم افراد چوری کر کے لے گئے، جس کی اطلاع اس نے فوری پر طور سچل پولیس اور منڈی کی انتظامیہ کو دی۔

    منڈی انتظامیہ نے پولیس اور بیوپاری کے ساتھ مل کر مسلسل بھاگ دوڑ کے بعد بچھڑے کا سراغ لگا لیا، جس کے بعد ایس ایچ او اورنگزیب خٹک اور سیکیورٹی اداروں نے لانڈھی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بچھڑا برآمد کروا کر بیوپاری شعبان کے حوالے کر دیا۔

    بیوپاری کا کہنا ہے کہ اس کا بچھڑا ساڑھے 3 لاکھ مالیت کا ہے، جسے برآمد کرانے پر وہ ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک، محکمہ پولیس اور منڈی انتظامیہ کا شکر گزار ہے جن کی مدد سے وہ بڑے نقصان سے بچ گیا۔

  • غیر ملکی باشندوں پر فائرنگ، ویڈیو سامنے آ گئی

    غیر ملکی باشندوں پر فائرنگ، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب غیر ملکی باشندوں پر فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق آج سپر ہائی وے پر جمالی پل کے قریب چینی باشندوں کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، گاڑی میں موجود چینی شہری اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔

    اے آر وائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے، فوٹیج میں غیر ملکی باشندوں کو اپنے ترجمان اور شو روم ملازمین کے ساتھ گاڑی چیک کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان قریب آئے اور نشانہ لگا کر فائرنگ کی، دونوں موٹر سائیکل سوار شلوار قمیض میں ملبوس تھے، فائرنگ ہوتے ہی شو روم کا ایک ملازم اندر کی طرف بھاگا، دوسری طرف ملزمان اطمینان سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    شوروم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی باشندے شو روم پر گاڑی خریدنے آئے تھے، فائرنگ کے بعد بھی انھوں نے گاڑی کی ٹرائی لی۔ چینی باشندہ اپنے ترجمان کے ساتھ ایک آن لائن ٹیکسی میں آیا تھا اور دوسری میں واپس گیا۔

    دوسری طرف واقعے کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں غیر ملکی باشندے محفوظ رہے تھے۔

  • کراچی نوری آباد کے قریب وین میں آتش زدگی، اموات 15 ہو گئیں، وجہ بھی سامنے آ گئی

    کراچی نوری آباد کے قریب وین میں آتش زدگی، اموات 15 ہو گئیں، وجہ بھی سامنے آ گئی

    کراچی: گزشتہ روز سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب حیدرآباد سے کراچی آنے والی وین میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد آج 15 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے آج اپنے بیان میں کہا ہے کہ موٹر وے پر نوری آباد کے قریب وین حادثے کے وقت گاڑی میں بچوں اور خواتین سمیت 25 مسافر سوار تھے، وین سے دوسری گاڑی کا بونٹ اڑ کر ٹکرایا تھا، جس کے بعد وین کو آگ لگ گئی۔

    جس بونٹ سے حادثہ ہوا وہ بھی جائے حادثے سے مل گیا ہے، جس گاڑی سے بونٹ ٹوٹ کر گرا تھا اسے ڈرائیور بھگا کر لے گیا تھا۔

    گزشتہ روز اس حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے، آج ایک اور زخمی دوران علاج چل بسا، جب کہ ایک بچی کی لاش بھی برآمد ہوئی، سول اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 60 سالہ عبدالرشید دوران علاج چل بسا، برنس سینٹر میں اب بھی 6 مریض زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

    بچی کے حوالے سے ریسکیو ذرایع نے بتایا کہ بہ ظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ آگ سے بچانے کے لیے ماں نے بچی کو چادر میں لپیٹ لیاتھا، آج جب خاتون کی لاش سے چادر ہٹائی گئی تو اس میں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی۔

    ادھر ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں تمام میتیں مکمل جھلس چکی ہیں، تمام لاشوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لیے گئے ہیں، ڈی این اے رپورٹس کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی، میتیں عباسی اسپتال سے سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کی جا رہی ہیں۔دوسری طرف حادثے کے 12 زخمی حیدرآباد سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں سے تاحال کسی کی بھی حتمی شناخت نہیں ہو سکی ہے، ورثاگھڑی، انگوٹھی بطور نشانی دکھا کر پیاروں کی لاشیں لے جانا چاہتے ہیں، لیکن مکمل ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔