Tag: سپر ہائی وے

  • ویڈیو: سپر ہائی وے پر خونی ریس لگانے والے ہوائی فائرنگ بھی کرنے لگے

    ویڈیو: سپر ہائی وے پر خونی ریس لگانے والے ہوائی فائرنگ بھی کرنے لگے

    کراچی: سپر ہائی وے پر موٹر سائیکل پر خونی ریس لگانے والے کھلے عام ہوائی فائرنگ بھی کرنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز کراچی میں سپر ہائی وے، ناردرن بائی پاس پل کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی کھلے عام خطرناک موٹر سائیکل ریس کا سلسلہ جاری ہے۔

    ریس کے ساتھ ساتھ اب شہریوں کی جانب سے کھلے عام فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ریسرز نے ریس کے دوران سپر ہائی وے کو جام کر دیا ہے۔

    ریس جیتنے والے کے لیے 50 ہزار روپے انعام مقرر کیا گیا تھا، موٹر سائیکل ریسرز کے علاوہ ان کے حامی بھی بڑی تعداد میں سپر ہائی وے پر موجود تھے، اور ریسرز بے خوف ہو کر خطرناک طریقے سے موٹر سائیکل چلاتے رہے۔

    ریس کے دوران ریس میں حصہ لینے والے اور وہاں موجود ان کے حامیوں نے ہوائی فائرنگ بھی کی، تاہم فائرنگ کے باوجود پولیس سمیت کوئی بھی ادارہ ملزمان کو گرفتار کرنے یا روکنے نہیں آیا۔

    اس واقعے سے متعلق پولیس محکمے نے روایتی لا علمی کا اظہار کر دیا ہے۔

  • این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار، پولیس

    این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار، پولیس

    کراچی: پولیس نے این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم بلال ناصر کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے ملز م نظام کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم بلال کے قتل میں ملوث ملزم نظام کو سپر ہائی وے  کے قریب گوٹھ سے گرفتار کیاگیا جبکہ  دوسرے ملزم کی نشاندہی بھی ہوچکی جلد گرفتار کرینگے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نظام سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، ملزم نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق  ملزم اس سے قبل پولیس مقابلوں میں زخمی بھی ہوچکا ہے، ملزم ایک مقدمے میں جیل بھی گیا لیکن 8 روز بعد ضمانت پر رہا ہوگیا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں ڈاکوؤں نے این ای ڈی یونیورسٹی گیٹ کے قریب ہوٹل پر لوٹ مار کی ، اکیس سالہ بلال ہوٹل پردوستوں کےساتھ چائے پی رہا تھا۔

    موبائل فون چھیننے کی کوشش پر این ای ڈی میں پٹرولیم انجینئرنگ کے تھرڈ سمیسٹر کے طالبعلم نے مزاحمت کی اور ڈاکو پرقابو پالیا لیکن ڈاکو نے انتہائی قریب سے گولی چلادی، بلال کوسینے اور پاؤں پرگولی لگی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

  • سپر ہائی وے کے اطراف ملک اور سماج دشمن عناصر کی موجودگی کے ثبوت مل گئے

    سپر ہائی وے کے اطراف ملک اور سماج دشمن عناصر کی موجودگی کے ثبوت مل گئے

    کراچی: شہر قائد میں سپر ہائی وے کے اطراف ملک اور سماج دشمن عناصر کی موجودگی کے ثبوت مل گئے ہیں، ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے اس سلسلے میں رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو بھیج دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز انڈیا سے اپ لوڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے اس سلسلے میں رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ پولیس حکام کو خط لکھ کر انکشاف کیا ہے کہ سہراب گوٹھ سے ویڈیوز پہلے افغانستان بھیجی گئی تھیں۔

    15 جولائی کو حیدر آباد واقعے کے رد عمل کی آڑ میں سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر مشتعل مظاہرین نے سڑک بلاک کر کے شدید ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کی تھی، پولیس تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ہنگامہ آرائی میں افغان شہری ملوث تھے، پولیس کے ہاتھوں گرفتار 25 ملزمان افغان شہری نکل آئے تھے۔

    کراچی: پولیس کے ہاتھوں گرفتار 25 ملزمان افغان شہری نکلے

    ڈی ایس پی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سہراب گوٹھ میں ہنگامہ آرائی سے متعلق ویڈیوز بھارت میں فیس بک، ٹویٹر اور ٹک ٹاک پر شئیر کی گئیں، تفتیش کے دوران ویڈیو افغانستان بھیجنے اور انڈیا سے اپ لوڈ کیے جانے کا انکشاف ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق سپرہائی وے پر 7 سے 8 ہزار افراد جمع ہوئے اور سڑک بند کی، مظاہرین نے اپنی منزل کو جانے والے شہریوں کو لوٹا، پولیس موبائل، گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور بس کو نظرآتش کیا، احتجاج کے دوران سماج دشمن عناصر نے شدید فائرنگ بھی کی، اور پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، پتھر لگنے سے کئی پولیس افسران و اہل کار زخمی ہوئے۔

    ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس آپریشن میں ڈھائی سو کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، تفتیش کے دوران پتا چلا کہ 70 سے زائد افغان مہاجرین ہیں، رپورٹ کے مطابق افغان مہاجرین غیر قانونی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

    رپورٹ میں ایسی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کچھ مثبت اقدامات کی ضرورت کی طرف اشارہ بھی کیا گیا ہے، مشتبہ عناصر سے متعلق یہ مشاہدہ بھی کیا گیا کہ ہنگامہ آرائی کی صورت حال میں افغان مہاجر اور دیگر افراد سڑک پر جمع ہو جاتے ہیں، قبضہ مافیا، منشیات فروش اور جرائم پیشہ عناصر بھی ان میں گھل مل جاتے ہیں۔

    کراچی: سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز بھارت سے اپلوڈ ہونے کا انکشاف

    ماضی میں افغان مہاجرین پر فارن ایکٹ کا استعمال کیا جاتا تھا، فارن ایکٹ کی دفعہ 13 اور 14 کے تحت انھیں ڈی پورٹ کیا جاتا تھا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات اب دوبارہ اٹھانے کی ضرورت ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ افغان قونصلیٹ کے سامنے اٹھایا جائے۔

    رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ افغان مہاجرین کو گڈاپ سٹی ملیر کے کیمپوں میں پابند کیا جائے، اور عوامی اور حکومتی مفاد میں قونصلیٹ کے ذریعے سخت تنبہہ کی جائے۔

  • کراچی کی مویشی منڈی میں خوبصورت بیلوں کی جوڑی مرکز نگاہ بن گئی

    کراچی کی مویشی منڈی میں خوبصورت بیلوں کی جوڑی مرکز نگاہ بن گئی

    عید قرباں کی آمد آمد ہے اور ملک بھر میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، ایسے میں بیلوں کی ایک جوڑی نے خریداروں کو حیران کر رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں یوں تو 1 لاکھ کے قریب جانور موجود ہیں لیکن ان میں دو بیلوں کی جوڑی سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

    پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے لائے گئے بیل شیزی اور شہزادی کا وزن بالترتیب 10 اور ساڑھے 9 من ہے۔

    مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان بیلوں کا خاص خیال رکھا ہے اور سارا سال انہیں گھی، بادام اور مکھن کھلاتے رہے ہیں۔

    ان بیلوں کی قیمت 11 لاکھ رکھی گئی ہے جس نے شہریوں کو پریشان بھی کیا ہے تاہم شاندار بیل خریداروں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

  • جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    کراچی: رات ایک بجے مویشی منڈی کے دروازے اچانک بند کر دیے گئے، جس کی وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان منڈی کے اندر جانے کے لیے دیر تک تلخ کلامی ہوتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے گزشتہ روز کراچی سپر ہائی وے مویشی منڈی شام 7 بجے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، تاہم گزشتہ رات ایک بجے اچانک منڈی کر دی گئی جس سے علاقے میں شدید ٹریفک جام ہو گیا اور مویشی خریدنے کے لیے آنے والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔

    بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ کراچی کی مویشی منڈی میں جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا پہنچے گا، دو چار روز ہی باقی رہ گئے ہیں، 24 گھنٹے بھی خریداری کے لیے کم ہیں۔

    منڈی کے ترجمان نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پریشانی میں ڈالنے کی بجائے وقت میں نرمی کی جائے، شہریوں کی اکثریت آخری دنوں میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کرتی ہے، صبح کے اوقات میں لوگ اپنے روزگار پر جاتے ہیں اور رات میں جانور پسند کرتے ہیں۔

    مویشی منڈی کو شام 7 بجے کے بعد خریداری کے لیے بند کرنے کا اعلان

    دوسری طرف مویشی منڈی انتظامیہ نے حکومتی اعلان پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے مویشی منڈی میں خریداری بند کر دی جائے گی، حکومتی اعلانات کی روشنی میں منڈی کے دروازے شام سات شہریوں کے لیے بند کر دیے جائیں گے، بیوپاری حضرات کے مویشی فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے نمائندے بھی شام سات بجے کے بعد منڈی میں تشریف نہ لائیں، مویشی منڈی انتظامیہ حکومتی فیصلوں پر ہر صورت عمل کرے گی۔

  • کراچی سپر ہائی وے پر قبضہ مافیا اور پولیس آمنے سامنے، تین ملزمان گرفتار

    کراچی سپر ہائی وے پر قبضہ مافیا اور پولیس آمنے سامنے، تین ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سپر ہائی وے پر قبضہ مافیا اور پولیس آمنے سامنے آگئے.

    تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے کے علاقے سے قصبہ چھڑانے کی کوشش میں پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا.

    نوری آباد کے زمینوں پر قابض مافیا نے پویس پر فائرنگ کر دی. پولیس اور قبضہ مافیا میں شدید مقابلہ ہوا.

    اس دوران فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے، پولیس کا تین ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس کے مطابق ملک مزمل عرف بھیدی نامی شخص زمینوں پر قبضےمیں ملوث ہے.

    مزید پڑھیں: کراچی، کلفٹن کے علاقے میں پارک سے تشدد زدہ 3 لاشیں برآمد، مقدمہ درج

    خیال رہے کہ آج شہر قائد کے علاقے بیچ ویو پارک کلفٹن سے 3 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ لاشوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ایک شخص کی شناخت علی حسن کے نام سے ہوئی ہے، تینوں افراد بے گھر تھے، پارک میں سو رہے تھے۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ گھنٹہ پہلے پہلی لاش کی اطلاع ملی تھی، سرچ آپریشن کرنے آئے تو مزید 2 لاشیں ملیں۔

  • کراچی: نیو سبزی منڈی کے قریب 2 گروہوں میں جھگڑا، ایک شخص ہلاک 4 زخمی

    کراچی: نیو سبزی منڈی کے قریب 2 گروہوں میں جھگڑا، ایک شخص ہلاک 4 زخمی

    کراچی: سائٹ سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب 2 گروہوں میں جھگڑا ہو گیا، جھگڑے میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جب کہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے پر نیو سبزی منڈی کے قریب جھگڑے میں ایک شخص ہلاک جب کہ چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ 2 افراد کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، دوسری طرف جھگڑے کے بعد سبزی منڈی کو بند کر دیا گیا۔

    ادھر سبزی منڈی میں کام کرنے والے مزدور نے الزام عائد کیا ہے کہ فائرنگ میں پولیس اہل کار بھی ملوث ہیں، انھوں نے بسم اللہ گروپ کے لوگوں سے رشوت لی۔

    نیو سبزی منڈی پرفائرنگ کے تبادلے کے بعد تاجروں نے احتجاج شروع کر دیا، اور سبزی منڈی کے اندر جمع ہو گئے، مظاہرین نے پولیس چوکی کا گھیراؤ کیا، اور احتجاج کے دوران بکتر بند گاڑی پر پتھراؤ کر کے اس کے شیشے توڑ دیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں پولیس کا کومبنگ آپریشن، 8 مشتبہ افراد گرفتار

    پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، بتایا گیا ہے کہ بکتر بند گرفتار ملزمان کو پولیس چوکی سے تھانے منتقل کرنے آئی تھی۔

    دوسری طرف سپر ہائی وے پر سبزی منڈی کے تاجروں کا احتجاج ختم کرانے کے لیے رینجرز پہنچ گئی، تاجروں نے رینجرز کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر دیا، تاجروں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی ہوگی، تاہم تاجروں کا کہنا تھا کہ اگر 2 دن تک کارروائی نہیں ہوئی تو دوبارہ احتجاج کریں گے۔

    ادھر سبزی منڈی میں فائرنگ کے بعد سے پولیس چوکی پر کشیدگی برقرار ہے، پولیس چوکی پر مشتعل مظاہرین نے دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی تھی، مظاہرین نے پولیس موبائل کے شیشے بھی توڑ دیے اور گاڑی الٹا دی۔

  • سپرہائی وے : بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

    سپرہائی وے : بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

    کراچی : بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف شہری، رہائشی ،بلڈرز اور ملازمین سراپا احتجاج ہیں، سپر ہائی وے پر ہونے والے مظاہرے میں مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کےخلاف سپر ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے، احتجاج میں عام شہری، پروجیکٹس کے رہائشی، بلڈرز اور ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہے، ہائی وے پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جب کہ کراچی کا اندرون سندھ سے رابطہ منقطع ہوگیاہے۔

    اس کے علاوہاوورسیز پاکستانیوں کے اہل خانہ اور سرمایہ کار بھی احتجاج میں شریک ہیں، اس سے قبل شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں، ریلیوں کے شرکاء اسٹار گیٹ پہنچ کر جمع ہوئے اور  اپنے مطالبات کے حق  میں نعرے بازی کی۔

    بعد ازاں ریلی کے شرکا بحریہ ٹاؤن سپرہائی وے کی جانب روانہ ہوئے، احتجاج کے باعث سپرہائی کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہوگئے، مظاہرین نے میڈیا کو اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث بچوں کی اسکول فیسیں، یوٹیلیٹی بلز کی بروقت ادائیگی ممکن نہیں رہی اور گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔

    سپرہائی وے پر احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے متعلقہ حکام سے بحریہ ٹاؤن کی بجلی کے کنکشن اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے اکاؤنٹس بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

    علاوہ ازیں بحریہ ٹاؤن کے اسٹیٹ ایجنٹس اور سرمایہ کار بھی سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے ڈیفینس کے علاقے میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سال سے اقساط کی ادائیگی کررہے ہیں ہماری رقوم کا کیا ہوگا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہمارے سرمائے کا تحفظ کرے۔

  • سپر ہائی وے : نیوسبزی منڈی کے قریب تیسرے درجے کی آگ پر قابو پالیا گیا

    سپر ہائی وے : نیوسبزی منڈی کے قریب تیسرے درجے کی آگ پر قابو پالیا گیا

    کراچی : سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب بھڑک اٹھنے والی آگ سے لکڑی کی پیٹیوں کے پچیس گودام جل کر راکھ ہوگئے، کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد تیسرے درجے کی آگ پر قابو پالیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی نیوسبزی منڈی میں پیٹیوں کے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، آگ دیکھتے ہی دیکھتے پھیلتی چلی گئی، آتشزدگی کے باعث25گوداموں میں رکھی لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی کی پیٹیاں جل کر راکھ ہوگئیں، تاہم آگ لگنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    فائر بریگیڈ کے عملے نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد تیسرے درجے کی آگ پر قابو پالیا۔ اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ دیر سے پہنچا اور جو گاڑیاں آئیں ان میں پانی کے پائپ پھٹے ہوئے تھے۔

    ہوا کے باعث آگ کے شعلوں نے پھیلتے پھیلتے بیس سے پچیس گودام راکھ کردیئے ۔ فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں نے فائر فائٹنگ آپریشن کیا، بحریہ ٹاؤن کے دو فائر ٹینڈر بھی مدد کو پہنچے, کئی گھنٹوں کی سخت محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

  • گڈاپ مقابلہ : مقتول بلال کو بڑے ہتھیار کی دو گولیاں لگیں،رپورٹ، نماز جنازہ ادا

    گڈاپ مقابلہ : مقتول بلال کو بڑے ہتھیار کی دو گولیاں لگیں،رپورٹ، نماز جنازہ ادا

    کراچی : سپر ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران جاں بحق ہونے والے نوجوان بلال کو بڑے ہتھیار کی دو گولیاں لگیں، مقتول کی نماز جنازہ خلجی گوٹھ میں ادا کردی گئی، کوئی ملزم نامزد نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر گزشتہ روز ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کی ابتدائی رپورٹ آگئی، رپورٹ کے مطابق مقتول بلال کو دو گولیاں لگیں جو بڑے ہتھیار سے فائر کی گئی تھیں، اور دونوں فائر بائیں جانب سے کیے گئے۔

    دوسری گولی بائیں بازو سے آر پار ہوکر سینے میں پیوست ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے چھوٹے ہتھیار کی گولی اس شدت سے آرپار نہیں ہوسکتی، بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پیر کو جاری کی جائے گی۔

    گڈاپ پولیس نے مقتول کی والدہ کی مدعیت میں ایف آئی آر تو درج کرلی ہے لیکن ابھی تک کسی ملزم کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل پولیس اس واقعہ پر مقابلے، منشیات فروشی اور بلال کی ہلاکت کے تین الگ الگ مقدمات بھی درج کر چکی ہے۔

    علاوہ ازیں مقتول بلال کی نماز جنازہ ادا خلجی گوٹھ گڈاپ ٹاؤن میں ادا کر دی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز گڈاپ میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے دوران ایک نوجوان ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

    واقعے کے خلاف مظاہرین نے شدید احتجاج کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خلجی گوٹھ میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مار کر دس ملزمان کو حراست میں لیا تھا۔

    کارروائی کے بعد علاقے سے واپس جاتے ہوئے پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آکر ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

    ہلاک نوجوان کی شناخت17سالہ بلال خان کے نام سے ہوئی جب کہ18سالہ زخمی لڑکے کا نام شکیل ہے جو ذہنی طور پر معذور ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مقتول بلال خان کس کی گولی کا نشانہ بنا۔