سائنس فکشن اور سپر ہیرو فلمیں اور ویب سیریز بنانے والے امریکی ہولی وڈ اسٹوڈیو مارول نے ڈزنی کے اشتراک کے ساتھ آنے والی مختصر ویب سیریز مس مارول کا ٹریلر جاری کردیا جس نے مداحوں کو دیوانہ کردیا۔
مس مارول ویب سیریز کی مرکزی کہانی کمالہ خان نامی سپر ہیرو لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ دراصل ایک پاکستانی نژاد لڑکی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ویب سیریز کی کہانی نہ صرف پاکستانی بلکہ مسلم لڑکی کے گرد گھومے گی۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح سپر ہیروز سے متاثر نوعمر مسلمان لڑکی انہی کے جیسا بننے کی خواہش رکھتی ہے، لیکن ایک موقع پر وہ مایوسی سے کہتی ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ نیو جرسی کی براؤن لڑکیاں دنیا کو بچانے لگیں۔
لیکن جلد ہی اسے غیر معمولی طاقتیں حاصل ہوجاتی ہیں جس کے بعد وہ سپر ہیرو بن جاتی ہے۔
فلم میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ کی جھلک بھی موجود ہے جن کے کردار کا نام نجمہ ہے، علاوہ ازیں کئی مسلمان کردار دکھائے گئے ہیں جبکہ نماز ادا کیے جانے کے مناظر بھی فلم میں شامل ہیں۔
کمالہ خان کا کردار 16 سالہ ایمان ولانی ادا کر رہی ہیں، وہ اس سے قبل بھی امریکی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔
ٹریلر کے مطابق سیریز کو رواں برس جون میں پیش کردیا جائے گا۔
کامک بک کردار اسپائیڈر مین کی نئی فلم اسپائیڈر مین: نو وے ہوم کے ٹریلر نے 24 گھنٹوں میں 35 کروڑ 55 لاکھ ویوز لے کر نیا ریکارڈ قائم کر لیا اور ایونجرز کے تمام ہیروز کو شکست دے دی۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ سنہ 2018 میں سائنس فکشن فلم اوینجرز: اینڈ گیم کے ٹریلر کے پاس تھا، جسے ایک دن میں 29 کروڑ 90 لاکھ بار دیکھا گیا تھا۔
اسپائیڈر مین کی نئی فلم کی جھلکیاں کافی عرصہ قبل ہی جاری کر دی گئی تھیں مگر 24 اگست کو اس کا پہلا ٹریلر جاری کیا گیا ہے، جو مداحوں کو اپنی طرف کھینچنے میں کامیاب ہوگیا۔
اسپائیڈر مین: نو وے ہوم کے ٹریلر کی جانب سے ایونجرز اینڈ گیم کے ٹریلر کا ریکارڈ توڑنے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر مذکورہ فلم کمائی کا بھی نیا ریکارڈ بنائے گی۔
ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم کو دسمبر میں کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔
اسپائیڈر مین سیریز کی پہلی فلم اسپائیڈر مین: ہوم کمنگ سنہ 2017 میں ریلیز کی گی تھی، جس کے بعد اس کے سیکوئل اسپائیڈر مین: فار فرام ہوم کو 2019 میں اور اب سیریز کی تیسری فلم اسپائیڈر مین: نو وے ہوم کو دسمبر 2021 میں ریلیز کیا جائے گا۔
ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے مارول اسٹوڈیو نے پہلی سپر وومن ویب سیریز مس مارول میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ 16 سالہ ایمان ولانی کو آنے والی سائنس فکشن فلم کیپٹن مارول 2 میں کاسٹ کرلیا ہے۔
ایک انٹرٹینمنٹ رپورٹ کے مطابق سیریز کی دوسری فلم میں پاکستانی نژاد اداکارہ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
کیپٹن مارول کی پہلی فلم سنہ 2019 میں عالمی یوم خواتین پر ریلیز کی گئی تھی، جس نے ریکارڈ کمائی کی تھی۔ اس فلم میں کیپٹن مارول کا کردار اداکارہ بری لارسن نے ادا کیا تھا۔
کیپٹن مارول کا سپر ہیرو سائنس فکشن کردار مذکورہ فلم سے قبل متعدد فلموں، ویب سیریز اور کتابوں میں دکھایا جا چکا تھا، تاہم پہلی بار اس کردار پر بنائی گئی فلم کو گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا۔
اب اس کردار کی دوسری فلم کو سنہ 2022 تک ریلیز کیا جائے گا جس میں کئی نئے کردار شامل کیے جائیں گے اور ان کرداروں میں پہلی مسلم سپر ہیرو وومن کا کردار مس مارول بھی شامل ہوگا۔
مس مارول کے کردار کا نام کمالہ خان ہوتا ہے جو ایک پاکستانی نژاد امریکی خاتون ہوتی ہیں، اور جو خصوصی صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں۔
اسی کردار پر مارول اسٹوڈیو نے مس مارول کے نام سے ویب سیریز بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، جسے 2021 کے وسط تک ریلیز کیا جائے گا، جس میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔
مس مارول کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد 16 سالہ ایمان ولانی اب ہولی وڈ فلم کیپٹن مارول میں ایکشن میں دکھائی دیں گی، فلم میں وہ پاکستانی نژاد مسلم سپر ہیرو لڑکی کمالہ خان کا کردار ہی ادا کریں گی۔
مارول اسٹوڈیو کے مطابق 2019 کی مقبول فلم کیپٹن مارول کی سیکوئل فلم کو 2022 میں ریلیز کیا جائے گا اور اس میں کمالہ خان کے کردار سمیت دیگر کردار بھی شامل کیے جائیں گے۔
فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ کیپٹن مارول 2 کی ہدایت کاری پہلی بار ایک سیاہ فام خاتون دیں گی، نیا ڈکوسٹا اس سے قبل متعدد فلم و ٹی وی منصوبوں کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔
کراچی: معروف گلوکار علی ظفر نے سیلف آئسولیشن کے دوران دماغی و جسمانی طور پر فٹ رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر علی ظفر نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے گھر کے جم میں نظر آرہے ہیں۔
اپنی پوسٹ میں علی ظفر نے کہا کہ اپنے گھر میں جو بھی مشین آپ کو میسر ہے اس سے ورزش ضرور کریں، آپ کو آن لائن بہت سے ٹیوٹوریلز مل جائیں گے جو بتائیں گے کہ قرنطینہ یا سیلف آئسولیشن کے دوران فٹ کیسے رہا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس وبا سے کسی سپر ہیرو کی طرح لڑیں گے، آپ کا فیورٹ سپر ہیرو کون سا ہے؟
خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ دنیا بھر میں لوگ گھروں میں بند ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں، ایسے میں فنکاروں سمیت ہر شخص نئے نئے مشغلے اپنا کر اور اپنے مختلف شوق پورے کر کے اپنا وقت گزار رہا ہے۔
2 سال قبل اپنی صلاحیتوں سے سب کو دنگ کردینے والی، تہلکہ مچادینے والی ونڈر وومن ایک بار پھر دھماکے دار انداز میں واپس آرہی ہے، ونڈر وومن 1984 کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔
سنہ 2017 میں ڈی سی کامکس کی ونڈر وومن نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا تھا۔ اب تک تخلیق کیے گئے تمام سپر ہیروز کو ٹکر دیتی اور دشمنوں کو پچھاڑتی ونڈر ویمن نے سپر وومن کے تصور کو نئی جہت دی۔
اس سے پہلے سپر وومن پر بنائی گئی فلمیں اتنی زیادہ مقبول نہ ہوسکیں تاہم ونڈر وومن کی جاندار اداکاری اور اسکرین پلے نے مقبولیت اور پسندیدگی میں تمام سپر ہیروز فلموں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا۔
سپر وومن یا ونڈر وومن کا آئیڈیا سب سے پہلے سنہ 1941 میں سامنے آیا جب ایک امریکی کامک سیریز میں ایک خاتون کو جادوئی اور ماورائی قوتوں کا حامل دکھایا گیا۔
امریکی پرچم سے مشابہہ لباس میں ملبوس اس ونڈر وومن نے نہ صرف اس وقت خواتین کے بارے میں قائم تصورات کو کسی حد تک تبدیل کیا بلکہ اس کی تخلیق خواتین کی خود مختاری کی طرف ایک اہم قدم تھی۔
بعد ازاں ڈی سی کامکس کی فلم ونڈر وومن نے سپر وومن کو ایک نئی شناخت دے دی۔
سنہ 2017 میں ریلیز کی جانے والی ونڈر وومن جنگ عظیم اول کے زمانے کی تھی جس میں ڈیانا (ونڈر وومن) کو اپنی صلاحیتوں کا ادراک ہوتا ہے جس کے بعد وہ دنیا کو بچانے والے افراد کی پہلی صف میں جا کھڑی ہوتی ہے اور اپنی صلاحیتوں سے سب کو دنگ کردیتی ہے۔
اب اگلی فلم سنہ 1984 کے زمانے کی ہے، جہاں دور تو نیا ہے تاہم ونڈر وومن پہلے سے بھی زیادہ مستعد اور حیران کن ہے اور بجلی کی سی تیزی سے اپنی راہ میں آنے والے دشمنوں کو پچھاڑ رہی ہے۔
فلم میں ونڈر وومن کا مرکزی کردار ادا کرنے والی گال گیڈوٹ نے اس بار بھی اس کردار کو بے مثال انداز میں پیش کیا ہے۔
گال گیڈوٹ کا تعلق اسرائیل سے ہونے کی وجہ سے پہلی فلم کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے اس پر کچھ ممالک میں پابندیاں بھی عائد کی گئی تھیں اس کے باوجود فلم نے بزنس میں کئی مشہور فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اب فلم ونڈر وومن 1984 اگلے برس جون 2020 میں ریلیز کی جائے گی۔