Tag: سپورٹ

  • بابر اعظم کو سپورٹ کرنے فیملی امریکا پہنچ گئی

    بابر اعظم کو سپورٹ کرنے فیملی امریکا پہنچ گئی

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جنہیں پوری قوم کی سپورٹ حاصل ہے اب انہیں حوصلہ دینے کے لیے ان کے والدین اور بھائی بھی امریکا پہنچ گئے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا پہلا راؤنڈ کھیلنے کے لیے اس وقت امریکا میں موجود ہے اور جمعرات 6 جون کو ڈیلاس میں میزبان امریکا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی جس کے بعد نیویارک میں میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا ہوگا جس کا سب کو شدت سے انتظار ہے۔

    میگا ایونٹ میں تیسری بار ٹیم کی قیادت کرنے والے بابر اعظم کو یوں تو پوری پاکستانی عوام کی حمایت حاصل ہے اب ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے کپتان کے والدین اور بھائی بھی امریکا پہنچ گئے ہیں۔

    بابر اعظم جو اپنے کرکٹ کیریئر کے کئی فیصلے اپنے والد کی مشاورت سے کرتے ہیں اور بھائی بھی ان کی کامیابی کو اپنے مختلف اقدامات سے سراہتے رہتے ہیں۔ یہ دورہ انگلینڈ کے دوران بھی بابر اعظم کی سپورٹ کے لیے برطانیہ میں موجود تھے،

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم گروپ اے میں شامل ہے اور وہ 6 جون کو ڈیلاس میں میزبان ٹیم امریکا، 9 جون کو نیویارک میں بھارت، 11 جون کو کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی۔

    گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گے اور ویسٹ انڈیز کے لیے اڑان بھریں گی۔

    https://urdu.arynews.tv/t20-world-cup-rameez-raja-talk-about-babar-azam/

  • سعودی آرامکو کا توانائی کے شعبے میں چین کی مدد کا فیصلہ

    سعودی آرامکو کا توانائی کے شعبے میں چین کی مدد کا فیصلہ

    ریاض: سعودی آئل کمپنی آرامکو نے توانائی کے شعبے میں چین کی معاونت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آرمکو کی مدد سے چین کی توانائی کی سپلائی دگنی ہوجائے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی آرامکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ سعودی عریبین آئل کمپنی نے چین کی طویل مدتی انرجی سیکیورٹی اور ترقی کے لیے اپنی سپورٹ کی تصدیق کی ہے کیونکہ کمپنی پائیدار اہداف کو پورا کرنے کے لیے چینی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔

    26 مارچ کو بیجنگ میں چائنہ ڈویلپمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے امین ناصر کا کہنا تھا کہ آرامکو کی کم کاربن مصنوعات بنانے کے لیے چین کے ساتھ شراکت داری اخراج کو کم کرنے والی ٹیکنالوجیز ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم چین کی طویل مدتی توانائی کی حفاظت اور چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے توانائی اور کیمیکلز کا ایک ہمہ گیر ذریعہ بننا چاہتے ہیں۔

    سعودی آرامکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ ہم چین کی توانائی کی سپلائی کو دگنا کر رہے ہیں، بشمول نئی کم کاربن مصنوعات، کیمیکلز اور جدید مواد جو اخراج کو کم کرنے والی ٹیکنالوجیز سے تعاون یافتہ ہیں۔

    امین ناصر کا مزید کہنا تھا کہ آرامکو کا 2027 تک تیل کی پیداوار کو 13 ملین بیرل یومیہ تک بڑھانے کا منصوبہ چین کی طویل مدتی توانائی کی حفاظت کو مضبوط کرے گا۔

    سعودی آرامکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ توانائی کے مستقبل کے بارے میں آرامکو کا نظریہ چین کے ساتھ ہم آہنگ ہے، ہم چین کی طرح دہائیوں میں سوچتے ہیں۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ آرامکو مائع قدرتی گیس میں عالمی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہی ہے۔

    امین ناصر کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے پورٹ فولیو میں کم کاربن توانائی کو مستقل طور پر شامل کر رہے ہیں خاص طور پر بلیو ہائیڈروجن، بلیو امونیا، الیکٹرو فیول اور قابل تجدید ذرائع، ہم مائع قدرتی گیس میں داخلے کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ مارچ کے شروع میں سعودی آرامکو نے 2022 میں 46.46 فیصد کے ریکارڈ خالص منافع میں 604.01 بلین ریال تک اضافے کی اطلاع دی جو کہ تیل کی بڑھتی قیمتوں، فروخت کے بڑھتے ہوئے حجم اور ریفائنڈ مصنوعات کے مارجن میں بہتری کی وجہ سے ہے۔

    مالیاتی نتائج کا اعلان کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران امین ناصر نے عرب نیوز کو بتایا کہ توانائی کی منتقلی صرف اس صورت میں ہوگی جب استطاعت، فراہمی کی حفاظت اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ توانائی کی منتقلی کے اہداف کو مقررہ وقت کے اندر حاصل کرنے کے لیے تکنیکی ترقی اور جدت کے ذریعے مادی منتقلی بہت ضروری ہے۔

    امین ناصر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں، ہمارے پاس 12 عالمی مراکز ہیں جن میں سے زیادہ تر پائیداری پر کام کرتے ہیں، آرامکو اور دیگر کے لیے مادی منتقلی بہت اہم ہے کیونکہ مادی منتقلی کے بغیر موسمیاتی تبدیلی کی خواہشات کو حاصل کرنا مشکل ہوجائے گا۔

  • خطے کے ممالک میں باہمی تجارت اور تعاون کو مزید بڑھانا ہوگا: چینی سفیر

    خطے کے ممالک میں باہمی تجارت اور تعاون کو مزید بڑھانا ہوگا: چینی سفیر

    اسلام آباد: چین کے سفیر یاؤ ژنگ نے کہا ہے کہ چین خطے میں امن اور ترقی کی حمایت کرتا رہے گا، باہمی رابطوں اور انفرااسٹرکچر سے خطے کے لوگ قریب آسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفیر یاؤ ژنگ کا اسلام آباد میں ترقی اور امن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کی ترجیح لوگوں کی فلاح وبہتری ہونی چاہیے، دوطرفہ تعلقات سے خطے کے لوگ قریب آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کاروباری شراکت داری کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے، علاقائی سطح پر اعتماد سازی کو فروغ دینا ہوگا۔

    چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے ممالک میں باہمی تجارت اور تعاون کو بڑھانا ہوگا، پاکستان خطے کے ممالک کے مابین تعاون کے فروغ میں کردار ادا کرسکتا ہے۔

    عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی منزل ضرور حاصل کرے گا: چینی سفیر یاؤ ژنگ

    خیال رہے کہ رواں سال فروری میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤ ژنگ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ چین پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور چین قریبی دوست اور شراکت دار ہیں، چین کی حکومت پاک چین تعلقات میں مزید فروغ اور استحکام کے لیے کوشاں ہے۔

    یاؤ ژنگ نے یہ بھی کہا تھا کہ چینی حکومت اور بزنس کمیونٹی وزیرِ اعظم کے اقدامات سے مطمئن ہیں، کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے حکومتی ترجیحات اطمینان بخش ہیں، حکومت پاکستان کے اقدامات غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کر رہے ہیں، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، حالیہ اقدامات سے پاکستان کی ایکسپورٹس بڑھیں گی۔

  • امریکی کانگریس کا یمن میں عرب اتحاد کی حمایت ختم کرنے کا فیصلہ

    امریکی کانگریس کا یمن میں عرب اتحاد کی حمایت ختم کرنے کا فیصلہ

    واشنگٹن : امریکی کانگریس نے ایک قرار داد منظور کی ہے جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ یمن میں سرگرم عرب اتحاد کی عسکری سپورٹ روک دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیموکریٹس کی اکثریت والے ایوان نمائندگان میں قرار داد کے حق میں 274 اور مخالفت میں 175 ووٹ آئے، واضح رہے کہ ریپبلکنز کی اکثریت والی سینیٹ سے یہ قرار داد پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کانگریس کی اس قرار داد کی منظوری میں کئی ماہ کا عرصہ لگ گیا۔

    کانگریس کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد اب اس قرار داد کو وہائٹ ہاؤس ارسال کیا جائے گا تاہم وہائٹ ہاؤس کی جانب سے گزشتہ ماہ یہ کہا جا چکا ہے کہ صدر ٹرمپ اس کو مسترد کر دیں گے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ دوسرا موقع ہو گا جب امریکی صدر قانونی سازی کے خلاف اپنا ویٹو کا حق استعمال کریں گے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے ویٹو کے حق کا غیر مؤثر بنانے کے لیے سینیٹ اور ایوان نمائندگان دونوں میں اس قرار داد کے لیے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں : یمن جنگ میں سعودی حمایت ختم کرنے کےلیے امریکی سینیٹ میں قرار داد پیش

    خیال رہے کہ نومبر 2018 میں کئی برسوں سے یمن میں جاری سعودی عرب کی قیادت میں کام کرنے والے عرب اتحاد کی حمایت ختم کرنے کے لیے قرارداد لانے اور اس پر گفتگو کرنے کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی جس میں 63 سینیٹرز حق میں جبکہ صرف 37 مخالفت میں ووٹ دئیے تھے۔

    امریکی سینیٹرز کا جنگ میں حمایت کرنے کی تحریک چلانا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک دھچکا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کانگریس نے یمن جنگ میں سعودی عرب کی حمایت کرنے کے لیے قرار داد منظور کی تو میں بحیثیت صدر اسے ویٹو کردوں گا۔