Tag: سڈنی

  • آسٹریلیا میں طیارہ حادثے کا شکار، بھارتی کرکٹ ٹیم بال بال بچی

    آسٹریلیا میں طیارہ حادثے کا شکار، بھارتی کرکٹ ٹیم بال بال بچی

    کینبرا: آسٹریلیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کے قریب ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں جس ہوٹل میں بھارتی کرکٹ ٹیم قرنطینہ کے دن گزار رہی ہے، اس سے صرف 30 کلو میٹر دور ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

    بھارتی ٹیم اس وقت سڈنی اولمپک پارک ہوٹل میں موجود ہے، چار روز قبل پیش آنے والے واقعے کے وقت چند کھلاڑی ایک شیڈ میں موجود تھے۔

    وہاں موجود کرومر کرکٹ کلب کے سینئر وائس پریزیڈنٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے طیارے کو تیزی سے قریب آتے دیکھا تو وہ زور سے چلائے بھاگو، بھاگو اور خود بھی بھاگ کھڑے ہوئے۔ انہیں خدشہ تھا کہ طیارہ شیڈ کی چھت سے ٹکرا جائے گا۔

    یہ طیارہ سڈنی فلائنگ اکیڈمی سے اڑا تھا جسے ایک نوجوان پائلٹ اڑا رہا تھا، طیارے میں کو پائلٹ بھی موجود تھا۔

    بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ طیارہ نوجوان پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا جس کے بعد اس نے کریش لینڈنگ کی، حادثے میں دونوں کی جان بچ گئی تاہم دونوں بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔

    اسپتال لے جاتے ہوئے ایک کا چہرہ خون سے تر تھا جبکہ دوسرے کی ٹانگ ٹوٹ چکی تھی۔ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    حادثے میں بھارتی ٹیم بال بال بچی ہے، بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔

    اس دورے میں دونوں ٹیمز 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔ دورے کا آغاز 27 نومبر کو پہلے ون ڈے سے ہوگا۔

  • آسٹریلیا میں عجیب و غریب واقعہ ۔۔۔۔ ویڈیو دیکھنے والے حیران

    آسٹریلیا میں عجیب و غریب واقعہ ۔۔۔۔ ویڈیو دیکھنے والے حیران

    سڈنی: آسٹریلوی شہر سڈنی کے ایک علاقے میں ایک راہ گیر کے ساتھ عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، جس کی فوٹیج دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سڈنی کے مضافاتی علاقے گلیب کی ایک سڑک پر عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، ایک شخص نے دوسرے پر اچانک حملہ کر دیا اور دیکھنے والوں نے اس حملے کو بزدلانہ قرار دے دیا۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد لوگ نوجوان کی حرکت پر حیران رہ گئے، ہوا یوں کہ ایک 60 سالہ شخص نے چلتے چلتے اچانک ایک نوجوان کی پسلی میں چٹکی کاٹی، اتنی سی بات پر نوجوان نے معمر شخص کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔

    معمر شخص آگے بڑھا تو نوجوان پلٹ کر آیا اور پیچھے سے اس کے سر پر زور دار مکا دے مارا، جس سے وہ وہیں پر گر کر بے ہوش ہو گیا، مکے سے اس کے سر کی ہڈی میں فریکچر آیا، پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کو برین ڈیمیج کا بھی خطرہ لاحق ہے۔

    لوگوں نے جب اس ویڈیو کو دیکھا تو پہلے تو وہ حیران ہوئے اور پھر رد عمل میں نوجوان کے مکے کو ’بزدل مکا‘ قرار دے دیا، جب کہ ایک تعداد حملے کو بزدل حملہ کہا۔ پولیس نے بھی اس حملے کو مکروہ، بلا اشتعال، اور سنگ دلانہ حملہ کہا.

    پولیس اس نوجوان کو سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں عوام سے بھی مدد طلب کی گئی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسے واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی عمر اندازاً 20 سال ہے۔

  • اڑن طشتریاں معلوم ہونے والی روشنیاں دراصل کیا تھیں؟

    اڑن طشتریاں معلوم ہونے والی روشنیاں دراصل کیا تھیں؟

    آسٹریلوی شہر سڈنی کے رہائشی آسمان میں چمکتی اجنبی روشنیاں دیکھ کر پریشان ہوگئے اور انہیں اڑن طشتریاں سمجھ بیٹھے، تاہم جلد ہی علم ہوا کہ یہ روشنیاں امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے لانچ کیے جانے والے سیٹلائٹس تھے۔

    سڈنی کے ساؤتھ کوسٹ میں متعدد افراد نے بدھ کی صبح آسمان پر اجنبی نوعیت کی روشنیاں دیکھیں، کچھ افراد نے انہیں دیکھتے ہی کہہ دیا کہ اڑن طشتریاں ہیں۔

    تاہم جلد ہی علم ہوا کہ یہ روشنیاں دراصل امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے لانچ کیے جانے والے سیٹلائٹس تھے۔

    یہ اسپیس ایکس کی 100 ویں کامیاب لانچ تھی اور یہ سیٹلائٹ کمپنی کے اسٹار لنک مشن کا حصہ تھے، یہ پروگرام دنیا بھر میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

    یہ 58 سیٹلائٹس تھے جبکہ اس سے قبل 600 سیٹلائٹس پہلے ہی مدار میں بھیجے جاچکے ہیں۔

    ایک مقامی شخص کا کہنا تھا کہ اس نے دیکھا کہ متعدد روشنیاں ایک قطار سے آسمان کی طرف بڑھ رہی تھیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کچھ افراد نے مذاقاً کہا کہ یہ خلائی مخلوق تھی جو زمین پر آئی تھی لیکن 2020 میں زمین کا حشر نشر دیکھ کر واپس جارہی تھی۔

    یہ روشنیاں انگلینڈ میں بھی دیکھی گئیں جہاں ایک شخص نے ان کی ویڈیو بھی بنا لی۔

    ایک خلائی ماہر ڈاکٹر بریڈ ٹکر کا کہنا ہے کہ زمین کے مدار میں موجود سیٹلائٹس دن بھر میں طلوع آفتاب سے 2 گھنٹے قبل اور غروب آفتاب کے 2 گھنٹے بعد تک دیکھے جاسکتے ہیں، تاہم جب انہیں لانچ کیا جاتا ہے تو یہ دور دور تک دیکھے جاسکتے ہیں۔

    ان کے مطابق ہمارے سیارے پر آسٹریلیا ایسی پوزیشن پر واقع ہے کہ خلا میں بھیجی جانے والی ہر شے آسمان میں بلند ہونے کے بعد یہاں سب سے پہلے دکھائی دیتی ہے۔

  • آسٹریلیا میں بڑی آگ، ایک ہزار فائر انجن آگ بھجانے میں مصروف

    آسٹریلیا میں بڑی آگ، ایک ہزار فائر انجن آگ بھجانے میں مصروف

    میلبرن: آسٹریلیا کی دو مختلف ریاستوں میں 80 مقامات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی، ایک ہزار فائر انجن آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی دو ریاستوں سڈنی اوربرسبن کے درمیان 80 مقامات میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے، 1 ہزار فائر انجن اور 100 سے زیادہ طیارے اور ہیلی کاپٹر بھی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

    آسٹریلین حکام نے مقامی آبادی کے رہائشیوں کو نقل مکانی کے ساتھ علاقہ خالی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

    آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ براہ کرم محفوظ رہیں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات سنیں، اگر آپ کی زندگی خطرے میں ہے تو 000 پر کال کریں میں باقاعدگی سے اپ ڈیٹ حاصل کر رہا ہوں اور ہم کسی بھی قسم کی مدد کی پیشکش کے لیے تیار ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا میں پورٹ اسٹیفنس کے جنگلاتی علاقے میں لگی آگ نے ایک ہزار 5 سو ایکڑ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ فائر بریگیڈ حکام نے آگ پر قابو پانے کے لیے ترمیم شدہ بوئنگ 737 مسافر بردار طیارے کے ذریعے آگ بجھائی تھی، جس میں 15 ہزار لیٹر کیمیکل ملا پانی موجود تھا۔

    آسٹریلیا کے پاس ایسے 9 طیارے موجود ہیں جو جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں جن میں ایک طیارے میں 45 ہزار لیٹر پانی لے جانے کی گنجائش موجود ہے۔

  • پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پریکٹس میچ آج کھیلا جائے گا

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پریکٹس میچ آج کھیلا جائے گا

    سڈنی: پاکستان اور آسٹریلیا الیون کے درمیان پہلا پریکٹس میچ آج سڈنی میں کھیلا جائے گا، قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کا پہلا پریکٹس میچ آج سڈنی میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔

    بابراعظم کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا الیون کے خلاف میدان میں اترے گی، کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز ایس جی سی گراؤنڈ سڈنی میں ہیڈکوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کی زیرنگرانی پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔

    ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کپتان کی بطور کھلاڑی کارکردگی اہم ہوتی ہے، بابراعظم اور اظہر علی کو پہلے اپنی بیٹنگ پر فوکس کرنا چاہیے۔

    مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کو اپنے رول کا علم ہے، آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں کھیلنا ایک چیلنج ہے۔

    ٹی ٹوینٹی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، آصف علی، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوش دل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 5 نومبرکو کنبیرا اور تیسرا 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

    قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوینٹی سیریز کے بعد 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی گی جس کی قیادت اظہر علی کریں گے۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا میں ڈیرے، کینگروز پر جھپٹنے کی تیاریاں

    قومی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا میں ڈیرے، کینگروز پر جھپٹنے کی تیاریاں

    سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا میں ڈیرے ڈال لیے، گرین شرٹس نے کینگروز کو ہرانے کے لیے جم کر پریکٹس کی۔

    تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن میں بھرپور محنت کی، نمبر ون ٹیم کی آسٹریلیا میں کینگروز کو ہرانے کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔

    گرین شرٹس نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن لی، قومی کھلاڑیوں نے ہیڈکوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کی سربراہی میں بیٹنگ اور بولنگ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوشش کی۔

    قومی ٹیم اکتیس اکتوبر کو آسٹریلیا الیون سے پریکٹس میچ کھیلے گی، گرین شرٹس نے آسٹرلیا کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کینگروز ٹیم پر جھپٹنے کے لیے سڈنی میں ہے، ٹی 20 ٹیم کی قیادت بابر اعظم کررہے ہیں، قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔

    پہلا ٹی 20، آسٹریلیا نے سری لنکا کو بھاری مارجن سے شکست دے کر پاکستان کو خبردار کردیا

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 3 نومبر کو کھیلا جائے گا، دوسرا اور تیسرا ٹی 20 میچ 5 اور 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

    ٹی 20 سیریز سے قبل قومی ٹیم کرکٹ آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچ 31 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

  • سڈنی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں 3 افراد گرفتار

    سڈنی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں 3 افراد گرفتار

    کینبرا : آسٹریلیا نے داعش سے وابستگی رکھنے والے گروپ کے تین مبینہ کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے، حکام کو شبہ ہے کہ مذکورہ افراد سڈنی میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی فیڈرل پولیس کے اعلیٰ افسرنے کہاکہ گرفتار ہونے والے تینوں مبینہ جہادیوں کی پلاننگ میں منظم انداز میں سڈنی شہر میں واقع پولیس اور دفاعی عمارتوں کے علاوہ سفارتی مشنز، عدالتوں اور گرجا گھروں کو نشانہ بنانا شامل تھا، ان کو ایسی سازش کو پلان کرنے کی ابتدا میں ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    فیڈرل پولیس کے اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے مشتبہ افراد میں ایک بیس سالہ نوجوان بھی شامل ہے اور یہ ایک سال سے اپنی مشتبہ سرگرمیوں کی وجہ سے پولیس کی مسلسل نگرانی میں تھا۔

    یہ بھی بتایا گیا کہ یہ جہادی آسٹریلیا میں اپنے دہشت گردانہ منصوبوں پر عمل کرنے کے بعد افغانستان پہنچ کر وہاں فعال ہوتی داعش کی مسلح کارروائیوں میں شرکت کا ارادہ رکھتے تھے، ان افراد پر دہشت گرادانہ منصوبوں کی سازش کرنے کی فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔ یہ ایک سال قبل لبنان سے آسٹریلیا پہنچا تھا۔

    آسٹریلوی پولیس کے مطابق بیس سالہ مشتبہ شخص انفرادی سطح پر بھی افغانستان پہنچ کر اپنے منصوبوں پر عمل کرنے کی خواہش رکھتا تھا۔عدالت میں الزام ثابت ہونے کی صورت میں بیس سالہ مشتبہ جہادی کو تو کم از کم عمر قید کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے اور بقیہ دو کو بھی طویل مدتی سزائیں سنائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان گرفتار شدگان میں ایک تیئیس سالہ مبینہ جہادی کو مختلف دہشت گردانہ تنظیموں کے ساتھ رابطے رکھنے کے الزام کا سامنا ہے، آسٹریلوی پولیس نے گرفتار ہونے والے تیسرے شخص کی عمر تیس برس بتائی ۔

    اس کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ بیس اور23سالہ جہادیوں کی پلاننگ میں مالی معاون کے طور پر شریک تھا۔ اس مشتبہ شخص کا دولت اکھٹی کرنے کا طریقہ لوگوں کو نوکریوں کا لالچ دے کر پیسے ہتھیانا بتایا گیا ۔ان تینوں افراد کو امکاناً ابتدائی چھان بین کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    وفاقی پولیس کے مطابق تینوں مشتبہ افراد کی منصوبہ سازی ابتدائی مرحلے میں تھی۔ گزشتہ برس ستمبر کے بعد آسٹریلوی پولیس نے سولہویں دہشت گردانہ سازش کو ناکام بنایا ہے۔

  • بھارتی آف اسپنر امباتی رائیڈو کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار

    بھارتی آف اسپنر امباتی رائیڈو کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار

    سڈنی: بھارت کے پارٹ ٹائم اسپن بولر امباتی رائیڈو کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی آل راؤنڈر امباتی رائیڈو کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا، سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ان کا بولنگ ایکشن امپائرز کی جانب سے رپورٹ کیا گیا۔

    [bs-quote quote=”رائیڈو کو 14 روز میں اپنے ایکشن کے تفصیلی معائنہ کرانے کی ہدایت” style=”style-7″ align=”left”][/bs-quote]

    میچ آفیشلز نے بھارتی ٹیم منیجر کو آف اسپنر رائیڈو کے ایکشن کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق امباتی رائیڈو کو 14 روز میں اپنے ایکشن کے تفصیلی معائنہ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    رپورٹ آنے تک وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ جاری رکھ سکیں گے، 33 سالہ اسپنر نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 2 اوورز میں 13 رنز دئیے تھے جبکہ بیٹنگ میں وہ کوئی رن نہیں بناسکے تھے۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی آف اسپنر بلال آصف کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار

    واضح رہے کہ بھارتی آل راؤنڈر رائیڈو 46 ون ڈے اور 6 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں، انہوں نے اب تک کے ون ڈے کیریئر میں صرف 3 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آئی سی سی کی جانب سے متعدد کرکٹرز کے بولنگ ایکشن مشکوک قرار دئیے جاچکے ہیں جن میں پاکستان کے سعید اجمل، محمد حفیظ اور ونڈیز کے شلنگفورڈ ودیگر شامل ہیں۔

  • ہتک عزت کا کیس جیتنے والے کرس گیل کو 3 لاکھ ڈالرز ادا کردئیے گئے

    ہتک عزت کا کیس جیتنے والے کرس گیل کو 3 لاکھ ڈالرز ادا کردئیے گئے

    سڈنی: آسٹریلین میڈیا گروپ فیئر فیکس کے خلاف ہتک عزت کا کیس جیتنے والے جارح مزاج بلے باز کرس گیل کو زرتلافی کی مد میں تین لاکھ ڈالرز ادا کردئیے گئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ساؤتھ ویلز سپریم کورٹ کی جسٹس لوسی میک کالم کے حکم پر عمل کرتے ہوئے پیر کو گیل کو زرتلافی کی مد میں تین لاکھ آسٹریلین ڈالر ادا کردئیے گئے ہیں۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ الزام سے گیل کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچا ہے اور ہتک عزت کا کیس لڑنے کی وجہ سے انہیں بھاری رقوم بھی خرچ کرنا پڑی اس لیے وہ زرتلافی کے حقدار تھے۔

    واضح رہے کہ پبلشنگ ہاؤس نے 2016 میں کرس گیل کے خلاف خبریں شائع کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے 2015 کے ورلڈ کپ کے دوران ڈریسنگ روم میں خاتون فزیو تھراپسٹ کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا جس کی خاتون نے شکایت کی تھی۔

    کرس گیل کے ساتھ اس وقت ڈریسنگ روم میں موجود ساتھی کھلاڑی ڈیوائن اسمتھ نے ایسے کسی بھی واقعے کی تردید کی تھی۔

    کرس گیل نے اس پر پبلشر کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس کا فیصلہ گزشتہ روز نیو ساؤتھ ویلز سپریم کورٹ نے گیل کے حق میں سناتے ہوئے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • کامن ویلتھ گیمز، پاک بھارت ہاکی ٹیمیں کل صبح مد مقابل ہوں گی

    کامن ویلتھ گیمز، پاک بھارت ہاکی ٹیمیں کل صبح مد مقابل ہوں گی

    سڈنی : اکیسویں کامن ویلتھ گیمز میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کا مقابلہ کل ہوگا، پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ کل صبح ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں ہونے والے اکیسویں کامن ویلتھ گیمز میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں، گزشتہ روز پاکستان اور ویلز کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا جبکہ اس سے قبل ویلز کی ٹیم نے بھارت کو شکست دے دی تھی۔

    گولڈ کوسٹ میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاک بھارت ہاکی ٹاکرا کل بروز ہفتے کو ہوگا، قومی ٹیم کا ایونٹ میں یہ دوسرا معرکہ ہوگا، دونوں ٹیمیں مقابلے کیلئے تیار ہیں۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا معرکہ پاکستانی وقت کے مطابق کل صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا، اس حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری شہباز سینیئر کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں بھارت کو زیر کرنے کی صلاحیت موجود ہے، میچ جیت کر پاکستانی قوم کوتحفہ دیں گے۔

    اس کے علاوہ اولمپئن نوید عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کے پاس بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرکے خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے۔

    علاوہ ازیں کامن ویلتھ گیمز میں جاری مقابلوں میں گزشتہ روز پاکستان نے پہلا میڈل اپنے نام کیا، ویٹ لفٹنگ کی باسٹھ کلو گرام کیٹیگری میں طلحہٰ طالب نے کانسی کا تمغہ جیتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔